Thursday, 19 November 2026
  1.  Home
  2. Guest
  3. Nusrat Javed
  4. Bilawal: Aatish e Namrood Mein Be Khatar Nahi Koode

Bilawal: Aatish e Namrood Mein Be Khatar Nahi Koode

"اندر کی خبر" لانے کے دعوے دار ساتھی کئی دنوں سے مجھے نہایت اعتماد سے اطلاع دے رہے تھے کہ آصف علی زرداری نئے صوبوں کے قیام کو رضا مند ہوچکے ہیں اور اس تناظر میں سندھ کے لیے استثناء کا تقاضا نہیں کررہے۔ یہ مگر طے نہیں ہوپارہا کہ کراچی کو وفاقی حکومت کی نگرانی کے سپرد کردیا جائے یا سندھ کی ساحلی پٹی پر تشکیل ہوئے "نئے صوبے" کا حصہ۔ صدر زرداری سے عرصہ ہوا رسمی یا غیر رسمی ملاقات نہ ہونے کے باوجود ان کے مزاج شناسا ہونے کے زعم میں مصر رہا کہ سندھ کی تقسیم پر وہ کسی صورت رضا مند نہیں ہوں گے۔ منگل کے روز بلاول بھٹو زرداری کی کراچی پریس کلب میں ہوئی طولانی تقریر نے میرے خیالات کو تصدیق فراہم کردی ہے۔ انا کا اسیر کمینہ دل اگرچہ اس تصدیق پر سینہ پھلانے کو رضا مند نہیں ہورہا۔

پیپلزپارٹی کے جواں سال چیئرمین نے اپنی تقریر کے دوران مولانا فضل الرحمن کا ذکر بھی کیا۔ چند دن قبل انہوں نے حکومتی بندوبست کی ترجیحات کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ مولانا کی تنقید کو حقائق ودلائل سے رد کرنے کے بجائے انہیں بیٹوں سمیت میڈیا پر چلائی مہم کے ذریعے کرپشن کے سنگین الزامات لگاتے ہوئے دیوار سے لگانے کی کوشش ہوئی۔ منگل کے روز ہوئے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے عمران کو بھی "سیاسی قیدی" پکارا۔ شدت سے اصرار کرتے رہے کہ حکومتی بندوبست کے لیے اقدامات پر سیاست دان سوال اٹھائیں تو کرپشن کے خلاف قائم ہوانیب ان کے خلاف "اچانک" متحرک ہوجاتا ہے۔

مولانا، عمران خان اور نیب کا ذکر کر تے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین درحقیقت یہ پیغام دے رہے تھے کہ منگل کے روزہوئی تقریر کے بعد وہ میڈیا میں اپنے خلاف کردار کشی کی مہم ہی نہیں بلکہ کرپشن کے سنگین الزامات کے تحت بنائے مقدمات کے طومار کا سامنا بھی کرسکتے ہیں۔ ان کی ذات ہی نہیں بلکہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت بھی منگل کے روز ہوئے خطاب کی وجہ سے مفلوج بنائی جاسکتی ہے۔ سادہ ترین الفاظ میں یہ بیان کرنا ہوگا کہ بلاول بھٹو زرداری اقبال کی بیان کردہ "آتشِ نمرود" میں "بے خطر" نہیں کودے۔

بلاول بھٹو زرداری بنیادی طورپر تنہائی پسند ہیں۔ سماجی میل ملاپ کے دوران ان کی عاجزی اور انکساری پرخلوص ہوتی ہے۔ ان کے اسلام آباد والے گھر کے لان میں سردیوں کی ایک دوپہر اکیلے میں ان کے ساتھ ہوئی طویل گفتگو کے بعد رئیس امروہوی کا ایک شعر یاد آتا رہا جو کسی شخص کی خاموشی یا مختصر الفاظ کو "گہرے سمندروں میں سفر" کا اظہار بتاتا ہے۔ ٹھوس اطلاعات تک عدم رسائی کے باوجود صدر زرداری کے اپنے بچوں کے ساتھ رشتے کا مشاہدہ مجھے یہ اصرار کرنے کو بھی اُکسارہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے منگل کے روز ہوئی تقریر کے اہم نکات اپنے والد کے ساتھ تفصیل سے شیئر کیے ہوں گے۔ زرداری اگر رضامند نہ ہوتے تو شاید بلاول مذکورہ خطاب سے گریز کرتے۔ میراقیافہ درست ہے تو منگل کے روزہوئے خطاب کے ممکنہ طورپر سنگین مضمرات کا سامنا کرنے کے لئے فقط بلاول ہی نہیں ان کے والد بھی پوری طرح تیار ہوچکے ہیں۔

آصف علی زرداری کے متعصب ترین ناقدین بھی یہ حقیقت تسلیم کرتے ہیں کہ موصوف نے گیارہ برس جیل کی نذر کیے۔ کرپشن کے سنگین ترین الزامات کے تحت قائم ہوئے کئی مقدمات کا سامنا کیا۔ محترمہ کی المناک شہادت کے باوجود انتقامی رویہ اختیار کرنے کے بجائے "پاکستان کھپے" کا نعرہ لگاتے ہوئے وسیع تر سیاسی و قومی مفاہمت کے حصول کے لئے حیران کن حد تک لچک کا مظاہرہ کرتے رہے۔ اپنے قریبی دوست تو دور کی بات ہے سرسری شناساؤں کی مشکلات کے ذکر سے بھی وہ پریشان ہوجاتے ہیں۔ مشکلات کی گھڑی میں ان کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔

اپنے اکلوتے بیٹے کو مذکورہ تناظر میں صدر زرداری نے مشکلات کے پہاڑ کے سامنے سینہ تان کر کھڑے ہونے سے روکنے کی ہر ممکن کوشش کی ہوگی۔ وہ خطاب ہوجانے کے بعد ذہنی طورپر اب وہ اپنی ذات، خاندان اور جماعت کے خلاف آفتوں کا طوفان برداشت کرنے کو تیار ہیں۔ سوال اٹھتا ہے کہ کیوں؟

جو سوال اٹھایا ہے کہ وہ منگل کی شام سے میرے ذہن میں اٹکا ہوا ہے۔ وجہ اس کی 2008ء کے اکتوبر یا نومبر میں آصف زرداری سے ایوانِ صدر میں ہوئی ایک ملاقات ہے۔ مجھے اکیلے میں دوپہر کے کھانے کے لئے بلایا گیا تھا۔ کھانے کے دوران اور اس کے بعد معمول کی گپ شپ ہوتی رہی۔ اس کے دوران اچانک مجھے یاد آگیا کہ ہماری ملاقات سے ایک ہی دن قبل صدر زرداری نواز شریف سے ملنے لاہور گئے تھے۔ بے تکلفی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پوچھ لیا کہ ذات کے رپورٹر کو اس ملاقات کی تفصیل تو بتائیں۔ وہ بخوبی جانتے ہیں کہ "آف دی ریکارڈ" گفتگو میں "آف دی ریکارڈ" ہی رکھتا ہوں۔ اس کے باوجود تفصیلات کے ذ کر سے گریز کو ترجیح دیتے نظر آئے۔ میں کھوجنے کو بضد رہا تو بتایاکہ مذکورہ ملاقات کے دوران نواز شریف پنجابی میں گلہ کرتے رہے کہ صدر زرداری نے مشرف کے خلاف کوئی مقدمہ بنائے بغیر اسے استعفیٰ دے کر بیرون ملک کیوں جانے دیا۔

چوتھی بار جب نواز شریف اسی سوال پر لوٹے تو بقول آصف علی زرداری انہوں نے اپنے سرپر اشارہ کیا۔ (مذکورہ ملاقات کے دوران آصف صاحب نے سندھی ٹوپی پہن رکھی تھی)۔ سر کی طرف اشارے کے بعد زرداری صاحب نے عاجزانہ برجستگی سے یہ کہا کہ "ہم (سندھیوں) نے بہت لاشیں وصول کرلی ہیں۔ مزید وصول کرنے کی ہمت نہیں رہی"۔

یہ کہنے کے بعد نواز شریف کو یہ بتاتے ہوئے اطمینان دلانے کی کوشش کی کہ پیپلز پارٹی کی حکومت ختم ہونے کے بعد مسلم لیگ (نون) وفاق اور پنجاب میں طاقتور حکومتیں بناسکتی ہے۔ اعلیٰ عدلیہ کا رویہ اس جماعت کے ساتھ ان دنوں دوستانہ تھا۔ وزیر اعظم منتخب ہوجانے کے بعد عوام میں ازخود نوٹس لینے کی وجہ سے مسیحا مشہور ہوئی اعلیٰ عدالتوں کی مدد سے نواز شریف جنرل مشرف کے خلاف آرٹیکل (6)کے تحت مقدمات چلاسکتے ہیں۔

جو واقعہ آپ کو سنایا ہے مقصد اس کا یہ سمجھانا تھا کہ 2008ء کے ستمبر میں پاکستان کا صدر منتخب ہوجانے کے بعد آصف علی زرداری ہماری ریاست کے دائمی اداروں کی قوت واختیار کو بخوبی جان چکے تھے اور انہیں اشتعال دلانے کو کسی صورت تیار نہیں تھے۔ 2008ء سے 2026ء تک پہنچتے ہوئے انہوں نے مذکورہ اداروں کی قوت واختیار میں مزید وسعت اور گہرائی ہی دریافت کی ہوگی۔ اسے دریافت کیے بغیر وہ ایوانِ صدر لوٹ نہیں سکتے تھے۔ سوال اٹھتا ہے کہ ریاست کے دائمی اداروں کی قوت واختیار کو بے تحاشہ عملی تجربات ومشاہدات کی بدولت دریافت کرلینے کے باوجود انہوں نے اپنے اکلوتے بیٹے کو منگل کے روز ایک جارحانہ خطاب کی اجازت کیوں دی ہے۔

About Nusrat Javed

Nusrat Javed

Nusrat Javed, is a Pakistani columnist, journalist and news anchor. He also writes columns in Urdu for Express News, Nawa e Waqt and in English for The Express Tribune.