Thursday, 19 November 2026
  1.  Home
  2. Nai Baat
  3. Najam Wali Khan
  4. Fatabiru Ya Aulil Absar

Fatabiru Ya Aulil Absar

خان صاحب کا خط ان کی بے چارگی اور بے بسی کی کہانی چیخ چیخ کے بیان کر رہا ہے کہ ان کی پارٹی مفاہمت اور مزاحمت دونوں میں ہی ناکام ہوچکی ہے۔ اب وہ برین ہیمبرج اور ہارٹ اٹیک جیسی بیماریوں کے نام لے کر مقتدرہ، حکومت اور عدالتوں کو ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ خدانخواستہ ذوالفقار علی بھٹو بن سکتے ہیں۔ تکلف برطرف، آپ جذباتی ہوسکتے ہیں مگر مجھے یہاں ایک لطیفہ یاد آ گیا کہ ایک شخص ڈاکٹر کے پاس گیا، بولا، ڈاکٹر صاحب میرا مکمل چیک آپ کیجئے اور مجھے جو بھی سنگین بیماریاں ہیں ان کے ٹیکنیکل ادھر ادھر کے نام بتانے کی بجائے ان کے بارے سیدھا سادا کھل کے بتا دیجئے۔

ڈاکٹر نے اس کا چیک آپ کیا اور بولا، آپ کوکاہلی اور ہڈحرامی کے سوا کوئی بیماری نہیں۔ وہ شخص چونکاا ور بولا، ٹھیک ہے پھر مجھے ان کے مشکل اور ٹیکنیکل نام بتا دیجئے مجھے اپنی بیوی کو بتانے ہیں۔ بات یہاں تک محدودنہیں بلکہ کچھ عرصہ پہلے شور مچا تھا کہ خانصاحب کو جیل میں شدید ذہنی دباؤ کا سامنا ہے اور پھر خبر آ ئی کہ ان کی اہلیہ بھی ان کے ساتھ باقاعدگی سے ملاقاتیں کرتی ہیں حالانکہ یہ الگ الگ خبریں تھیں مگر ستم ظریفوں نے انہیں بھی ایک ساتھ بیان کر دیا۔

کہتے ہیں کہ کسی ڈاکٹر کے پاس ایک مریض اپنی بیوی کے ساتھ گیا۔ ڈاکٹر نے اس کامکمل چیک آپ کیا اور تجویز کیا کہ تم سخت ڈپریشن کا شکار ہو، تمہیں آرام کی سخت ضرورت ہے اور ہر قسم کے ذہنی دباو سے دور رہنے کی ضرورت، تمہارے لئے خاموشی اور سکون ضروری ہے۔ یہ دوائیں لکھ رہا ہوں جو نیند لائیں گی۔ مریض نے پوچھا، ڈاکٹر صاحب میں نے دوائیں کس وقت کھانی ہیں تو ڈاکٹر نے چونک کے کہا، نہیں نہیں، تم نے نہیں کھانی، یہ تمہاری بیوی نے کھانی ہیں۔ کسی نے کہا کہ حکومت نے خانصاحب کی اہلیہ کو بھی خانصاحب کے ساتھ ہی بند کر رکھا ہے او ر ان کے لئے قید کو مزید سخت کر دیا ہے۔

مجھے علم ہے کہ بہت سارے لوگ اس پر اخلاقیات کے لیکچر دیں گے کہ بے چارہ عمران خان ڈاکٹروں کے خدشات بیان کر رہا ہے کہ اسے برین ہیمبرج یا ہارٹ اٹیک ہوسکتا ہے اور تمہیں لطیفے سوجھ رہے ہیں تواس کا جواب یہ ہے کہ کم از کم وہ ہمیں اخلاقیات نہ سکھائیں جو اہلیہ کی وفات پرسابق وزیراعظم کی تصویریں جلسوں میں دکھا کے ان پر ٹھٹھے اڑایا کرتے تھے اور یہاں بنیادی سوال انسانی حقوق یا علاج معالجے کا نہیں ہے کیونکہ ملک ریاض سے زمینیں لینے کے مقدمے میں سزایافتہ ہمارا یہ سیاستدان پاکستان کی تاریخ کی پرتعیش ترین جیل کاٹ رہا ہے۔

اس ایک قیدی کے لئے سات بیرکیں مختص ہیں۔ اس کے پاس خاطر مدارات اور مالش وغیرہ کروانے کے لئے مشقتی بھی موجود ہے۔ جیل میں اس کے اپنے شیڈول کے مطابق اس کی اپنی پسند کے کھانے پکا کے کھلائے جاتے ہیں اور یہاں بنیادی سوال یہ ہے کہ موصوف کو حقیقت میں بیماریاں کیا ہیں۔ ان کے کچھ ہی عرصے میں بڑے ہسپتالوں سے جامع طبی معائنے ہوئے ہیں اور ان کے مطابق وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں، ہاں، ان کی آنکھ کا مسئلہ ہوا تھا مگر اس کا ماہرین کی زیر نگرانی مکمل علاج ہوا اوروہ آنکھ درست ہوگئی۔

اب تک کی کسی میڈیکل رپورٹ میں عمران خان کے کسی ایک مرض کی بھی نشاندہی نہیں ہوئی اور سوچنے والی بات یہ ہے کہ پھرانہیں جیل میں کون سے ڈاکٹروں نے کون سی میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر برین ہیمبرج یا ہارٹ اٹیک کی پیشین گوئی کر دی۔ میں ایک بات یہاں واضح کر دوں کہ موجودہ حکومت اور مقتدرہ عمران خان کو ہرگز مارنانہیں چاہتی کیونکہ اس کے اپنے سیاسی اثرات اور نتائج ہوتے ہیں۔ پاکستان کی سیاست اس سے پہلے سیاستدانوں کی ہلاکتوں کے نتائج بھگت چکی ہے۔ پاکستان کی حکومت اور مقتدرہ عمران خان کے ساتھ وہی سلوک کرنا چاہتی ہے جو آئین، قانون اور ضوابط میں درج ہے۔ اگر انہیں عمران خان کی زندگی اور صحت کے بارے پریشانی نہ ہوتی تو وہ اسے آدھی آدھی رات کو ہسپتال لے کرنہ بھاگتے۔

اب سوال یہ آگیا کہ اگر حکومت اتنی ہی اچھی ہے تو پھر وہ عمران خان کو الشفا انٹرنیشنل منتقل کیوں نہیں کردیتی تو اس کا جواب ہے کہ ابھی عمران خان سے صرف دو وکلا کی ملاقاتیں ہوئیں اور ان کی دوغیر سیاسی بہنوں کو رہا کیا گیا تو اس کے جواب میں سازشی تھیوریوں کا طوفان آ گیا اور اگر عمران خان کو ایک نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا توا س کے نتیجے میں میڈیا جو کرتب دکھائے گا اور اس کے نتیجے میں جو سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں کی جائیں گی اس کا ذمے دار کون ہوگا۔ ابھی چند روز پہلے ہمارے کچھ سیاسی تجزیہ نگار ایک پروگرام میں میرے ساتھ پکا سا منہ بنا کے کہہ رہے تھے کہ تبدیلیوں کے یہی اشارے ہوتے ہیں۔

میں ان کے جواب میں کہنا چاہتا تھا کہ اب تک تو کوئی تبدیلی نہیں ا ٓ رہی اور آگے کے بارے میں میرے پاس نہ کوئی طوطا فال ہے اور نہ ہی میں ستاروں کی چال دیکھ کے پیشین گوئیاں کرتا ہوں۔ میں تو دستیاب معلومات اور سیاسی حالات کا تجزیہ ہی کرتا ہوں اور میری نظر میں پی ٹی آئی کے لئے ابھی تک کوئی اچھی خبر نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کے لئے پہلی اچھی خبر تب ہوگی جب ان کی خیبرپختونخوا کی حکومت بحال کر دی جائے گی اور میں یہ سمجھوں گا کہ جن کانفیڈنس بلڈنگ مئیرز پر کام ہو رہا تھا ان میں کچھ واقعی کام کر گئے ہیں اور دوسری علامت یہ ہوگی کہ عمران خان کوالشفا انٹرنیشنل، بنی گالہ اسلام آباد یا زمان پارک لاہور شفٹ کردیا جائے گا۔ میں تب بھی مان لوں گا کہ ریلیف مل رہا ہے مگر ابھی تو بے چارے کی ملاقاتیں تک نہیں کھلیں اور وکلا کی جو ملاقاتیں ہوئی ہیں وہ ایک سو نوے ملین پاونڈ کیس کے سلسلے میں ہوئی ہیں کہ وہ اس میں مسلسل تاخیر کر رہے تھے مگر جیسے ہی ایک سو نوے ملین پونڈ کیس اپیل کا فیصلہ قریب آ رہا ہے، خانصاحب کا بلڈ پریشرخود ان کے مطابق ایک سونوے سے اوپرجا رہا ہے۔

کیا کہا کہ خان صاحب کا خط کوئی لطیفہ نہیں ہے تو میرا کہنا ہے کہ جب تک ڈاکٹروں کی باقاعدہ رپورٹس اور تصدیق نہ ہو مریض کا خود یہ کہنا ایک لطیفہ ہی ہے۔ ہم نے ایف اے کی انگریزی میں ایک کہانی پڑھی تھی جس میں ایک شخص کو اپنے تئیں دنیا بھر کی بیماریاں ہوتی ہیں، چلیں، بیماریوں کو ایک طرف چھوڑیں کہ میں کوئی ڈاکٹرنہیں اور اس بارے ڈاکٹر ہی بتائے گا، عمران خان کا چیف جسٹس کو یہ خط اس کی بے بسی اوربے چارگی کی بدترین مثال ہے، وہ ہر طرف سے امید ہار چکا ہے اور اب مدد کے لئے پکار رہا ہے مگر کیا یہ نے اس وقت سوچا تھا جب اس نے نواز شریف، مریم نواز، رانا ثناءاللہ، خواجہ سعد رفیق سمیت نجانے کس کس کو جیل میں ڈال دیا تھا اور ان کے مذاق اڑاتا تھا، فاعتبرو یا اولی الابصار!