Sunday, 15 November 2026
  1.  Home
  2. Nai Baat
  3. Najam Wali Khan
  4. Madaniyat Na Nikalein

Madaniyat Na Nikalein

کہیں کوئی ماہ رنگ بلوچ اٹھتی ہے اور کہیں کوئی شوکت نواز میر، کہتے ہیں معدنیات نہ نکالیں، یہ ہماری دولت ہیں، آپ کا ان سے کیا تعلق۔ حد تو یہ ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہوتے ہیں اور معدنیات نکالنے کے مخالف اور اس حد سے بھی آگے مولانا ہوتے ہیں جو کہتے ہیں کہ گورنر راج لگایا ہی معدنیات نکالنے(بلکہ ان پر قبضہ کرنے) کے لئے ہے اور یوں لوگوں کو بھڑکایا جاتا ہے، ایک ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا جا تا ہے کہ تمہارے وسائل لوٹے جا رہے ہیں۔ وہ اس ٹرک کے پیچھے پتھر لے کر بھاگتے ہیں اور پھر وہ ٹرک بھی نہیں رہتا اور مسائل وہیں کے وہیں رہ جاتے ہیں۔ میں یہ سوچتا ہوں کیا اس قسم کے نمونے ہمارے ہاں ہی ہوتے ہیں یا باقی دنیا میں بھی ہیں تو مجھے پتا چلتا ہے کہ ہر وہ قوم جس نے ترقی کی، اپنے قدرتی وسائل کو اپنی خوشحالی کے لئے استعمال کیا انہوں نے ایسے نمونوں کو گذشتہ صدی میں ہی متروک کر دیا اور ہم ابھی تک اس سوچ کو سر پراٹھائے پھر رہے ہیں بالکل ایسے جیسے کوئی کچرے کی ٹوکری اٹھائے پھر رہا ہو۔

کہتے ہیں معدنیات نہ نکالیں کہ یہ ہماری آنے والی نسلوں کی امانت ہیں اور یہ ایسے ہی ہے جیسے آپ دادی کے سونے کے کنگن اس وقت بھی سنبھال کے رکھیں جب آپ کی اولاد کو صحت، تعلیم اور گھر کی ضرورت ہو مگر آپ اپنے بچوں کو تعلیم سے محروم رکھیں یعنی ایک اچھے مستقبل سے، انہیں گھرسے محروم رکھیں یعنی تحفظ سے، انہیں صحت سے محروم رکھیں یعنی مرنے دیں تو اس کے بعد دادی کے کنگن کیا آپ نے ان بیچاروں کی قبروں پر عرس کروانے کے لئے رکھنے ہیں۔ کہتے ہیں کہ کسی کنجوس نے ساری زندگی کی جمع پونچی سے سونے کی چار اینٹیں خرید کے دبا رکھی تھیں۔ نہ وہ ان کا خود کوئی فائدہ اٹھاتا تھا اور نہ ہی اپنے بال بچوں کو ان کی ہوا لگنے دیتا تھا۔ اسی طرح کئی برس گزر گئے اور وہ سونے کی اینٹیں وہیں کی وہیں دبی رہیں۔ ایک روز کسی چور کو علم ہوا، اس نے زمین کھودی اور اینٹیں لے اڑا۔ کنجوس نے جب دیکھا کہ اس کی سونے کی اینٹیں نہیں رہیں تو اسے غش پڑنے لگے۔ پاس ہی کوئی سیانا بیٹھا ہوا تھا اس نے کنجوس سے کہا کہ سونے کی چار اینٹوں کی جگہ تم بھٹے سے لا کرکے چار اینٹیں رکھ دو اور سمجھو کہ یہ وہی سونے کی اینٹیں ہیں کیونکہ فائدہ تمہیں ان سے بھی کوئی نہیں ہونا تھا اور فائدہ تمہیں ا ن سے بھی کوئی نہیں ہونا ہے۔

ابھی ایک سوشل میڈیا ایکٹیویسٹ نے کہا، معدنیات کیوں نکالنے دیں کہ اس سے تو اشرافیہ فائدہ اٹھالے جائے گی۔ عوام کو کیا ملے گا تو مجھے حیرت ہوئی کہ ایسے سوشل میڈیا اور پولیٹیکل ایکٹیویسٹ آسٹریلیا، چلی اور انڈونیشیا وغیرہ میں کیوں نہیں تھے۔ اس وقت ہماری جی ڈی پی میں معدنیات کا حصہ دو فیصد سے بھی کم ہے جبکہ ہم چھ ٹریلین ڈالر کی یہ نعمتیں رکھتے ہیں مگر ہمارے لئے یہ سب ان اینٹوں کی طرح ہیں جنہیں ایک کنجوس نے دبا کے رکھا ہوا ہے اور دوسری طرف ہمارے سامنے آسٹریلیا ہے جو لوہے، سونے، لیتھیم، کوئلے اور یورینیم کے بڑے معدنی برآمد کنندگان میں شامل ہے۔ چلی کا تانبے کی عالمی پیداوار میں تقریباً ایک چوتھائی حصہ ہے۔

دنیا کی نِکل کی تقریباً دو تہائی کان کنی انڈونیشیا میں ہو رہی ہے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ وہ خام معدنیات کی بجائے ملک میں اسمبلنگ اور پراسیسنگ کو فروغ دے رہے ہیں اوریہی وہ طریقہ کار ہے جس کے بارے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بتا رہے تھے۔ ہم ان ملکوں کے مقابلے میں یہاں کان کنی کے لئے آنے والے غیر ملکیوں پر بموں سے حملے کرتے ہیں اور اس کو اپنی قوم کے مفادات کا دفاع بلکہ عین حب الوطنی قرار دیتے ہیں۔ میں اس سوال کے جواب میں سوچتا ہوں کہ اگر اس سے ملک کی جی ڈی پی بڑھے گی، لوگوں کو روزگار اور کاروبار ملیں گے تو یہ عوام کی خدمت نہیں ہوگی؟ اس سے سڑکیں بنیں گی سکول بنیں گے یا ہسپتال تو کیا یہ عوام کے مفاد میں نہیں ہوگا؟

ایک اور دوست نے کہا (حالانکہ میں ایسی سوچ رکھنے والوں کو دشمن ہی سمجھتا ہوں) کہ غیر ملکی کمپنیاں آئیں گی اور ہمارے معدنی وسائل لوٹ کر لے جائیں گی تو میں نے کہا میں تیرے صدقے۔ میں وینزویلا کی بات نہیں کرتا مگر میں ایران، سعودی عرب اور یو اے ای وغیرہ کی بات تو کر سکتا ہوں۔ اگر تیرے جیسے سیانے وہاں ہوتے تو 1933 میں سعودی عرب قائم کرنے والے شاہ عبدالعزیزامریکی کمپنی سٹینڈرڈ آئل آف کیلی فورنیا کے ساتھ تیل کی تلاش کا معاہدہ نہ کرتے اور ٹھیک چھ برس کے بعد تیل ایکسپورٹ کرنا شروع نہ کر دیتے اور ان کے فوراً بعد یو اے ای نے یہی کام برٹش پٹرولیم اور فرانسیسی کمپنیوں کی تکنیکی معاونت کے ساتھ شروع کیا۔

سب سے پہلے نمبرپر ایران والے رہے جہاں 1901ءمیں ایرانی شاہ مظفرالدین نے برطانوی سرمایہ کار ولیم ناکس ڈی آر سی کے ساتھ تیل کی تلاش کا ساٹھ سالہ معاہدہ کیا اور پھر1905ءبرطانوی کمپنی برما آئل نے اس کے لئے مالی معاونت دی اور اب کسی کے پاس اپنی آرامکو ہے اور کسی کے پاس اپنی آبادان ریفائنری یعنی جب بہت ہی مشکل اور تکنیکی مراحل سے تیل نکل آیا تو ان ریاستوں کے وارے نیارے ہو گئے۔ آج جو ہم کویت، بحرین، قطر وغیرہ وغیرہ دوڑ دوڑ کے جاتے ہیں اگر وہ بھی اپنے قدرتی وسائل اپنی نسلوں کے لئے سنبھال کے رکھتے تو یقین کریں آج سے بیس سے تیس سال کے بعد ان کے تیل ٹکا ٹوکری ہوچکاہوگا کیونکہ دنیا تیزی کے ساتھ رینیو ایبل انرجی کی طرف جا رہی ہے۔ تیل سے جنہوں نے کمانا تھا وہ اس کی آخری دیہاڑیاں لگا رہے ہیں اور ترقی کی منازل طے کر رہے ہیں، اپنے عوام کو سہولتیں دے رہے ہیں۔

ایک اورمغالطہ پیدا کیا جاتا ہے کہ اگر معدنیات نکلیں تو وفاق لے جائے گا تو اس کا پہلا جواب یہ ہے کہ وفاق بھی تو تمہارا ہی ہے مگر تم اس جواب کو نہیں مانتے تو آئین کے آرٹیکل 142,161,172 پڑ ھ لو، آئین صوبائی حقوق کامحافظ ہے اور دلچسپ یہ ہے کہ جو معدنیات کے حوالے سے شور مچا رہے ہیں جب ان کی تیرہ چودہ سال خیبرپختونخوا میں حکومت رہی توانہوں نے من پسند لوگوں کو لائسنسوں ہی نہیں بلکہ غیر قانونی کان کنی کے ذریعے جو لوٹ مار مچا رکھی تھی اس کی ہوش ربا کہانیاں اب کھل کے سامنے آ رہی ہیں۔

سونے کی غیر قانونی کان کنی کو روکنے کے لئے جب ٹیم جانے لگی تو اس پر اسی فتنہ الخوارج نے حملہ کر دیا اور ایک ڈی ایس پی سمیت گیارہ شہید کر دئیے اور مجھے کہنے میں عار نہیں کہ جو یہ کہتے ہیں کہ معدنیات نہ نکالو وہی ہمارے اصل دشمن اور ہماری آنے والی نسلوں کے اصل مجرم ہیں۔ قرآن پاک پڑھ کے دیکھیں وہ بار بار سمجھاتاہے کہ اللہ کی زمین سے رزق تلاش کرو، قدرتی وسائل کو اپنی خوشحالی کے لئے استعمال کرو۔ سورة رعد میں ہے کہ اللہ تعالیٰ اس قوم کی حالت تب تک نہیں بدلتے جب تک وہ خود کو نہ بدلے اور سورة نجم میں ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ انسان کو ہی کچھ ملتا ہے جس کے لئے وہ سعی کرتا ہے سو سعی کرو، تعمیر کے لئے، ترقی کے لئے، خوشحالی کے لئے، ا پنے بچوں کی بہتر تعلیم، صحت اور مستقبل کے لئے!