جب سے موبائل، انٹرنیٹ، کیبل اورسوشل میڈیاکاسیلاب وعذاب آیاہے تب سے ہمارے بچے بادشاہ بادشاہ سے لگنے لگے ہیں، بادشاہ کے پاس پھربھی عوام سے ملنے اوربات کرنے کاٹائم ہوتاہے مگر ہمارے ان بادشاہوں کے پاس کسی سے ملنے اوربات کرنے کاکیا؟ کھاناکھانے کاوقت بھی نہیں ہوتا۔ موبائل پرگیم اورٹی وی پرڈرامے وفلمیں دیکھتے ہوئے انہیں یہ بھی یادنہیں رہتاکہ کھاناکھایاہے یانہیں۔
ہمارے سٹوڈنٹ میں علیشاکے تین چارمہینے بعد بورڈپیپرزہیں جبکہ مشائم عرف مشی کاوقت اورعمر بھی دل لگاکر پڑھنے کاہے مگرکچھ پڑھنے اورآگے بڑھنے کاان کوکوئی فکرہے اورنہ کوئی پرواہ۔ بے چاری ان کی ماں سالوں سے روزان کوعلیشاپڑھو، مشی پڑھوکہہ کرتھک گئی ہیں پرجب بھی دیکھیں یہ دونوں شہزادیاں موبائل یاٹی وی کے ریموٹ پر آپس میں ایسے لڑتی دکھائی دیں گی جیسے یہ اقتداراورکرسی کے حصول کاکوئی کھیل ہو۔ ویسے یہ صرف اس ایک گھراوران دوبچیوں کامسئلہ نہیں آج ہمارے سارے گھراورپورامعاشرہ اس وباء کی لپیٹ میں ہے، مستقبل کی فکراورتمیزیہ توآج کے بچوں کے کسی کھاتے میں ہے نہیں۔
موبائل، انٹرنیٹ، کیبل اورسوشل میڈیانے ہمارے بچوں کواس طرح جکڑلیاہے جس طرح کرونانے دنیاکواپنے پنجوں میں دبوچ لیاتھا۔ وہ بھی توایک وقت تھاجب شام ڈھلتے ہی ہمارے گھروں میں کتابوں کے اوراق پلٹنے کی آواز سنائی دیتی تھی، بچے سکول سے واپس آتے تو بستے کھول کر کتابیں نکالتے۔ بزرگ قرآن پڑھتے یادودن کاپرانااخبار۔ نوجوانوں کے ہاتھوں میں قرآن پاک، تاریخ اسلام، سیاست اورمعیشت، طب وسائنس جیسی علمی کتابیں ہوتی تھیں۔ اس وقت مطالعہ صرف ایک مشغلہ نہیں بلکہ شخصیت سازی، شعور کی بیداری اور ذہنی تربیت کا ذریعہ سمجھا جاتا تھا مگر آج منظر یکسر بدل چکا ہے۔ جس گھرمیں بھی جھانکیں، دیوارچین جتنے بڑے ٹی وی سکرین اوررنگ برنگے موبائلوں کے جمعہ بازارکے سواکچھ دکھائی نہیں دیتا۔
آج کتابوں کی جگہ موبائل فون نے لے لی ہے، مطالعے کی جگہ ڈراموں نے اور سوچنے سمجھنے کاٹائم چند سیکنڈ کی وائرل ویڈیوزکے کھاتے میں چلاگیاہے۔ آج کا نوجوان دنیا بھر کی معلومات اپنی ہتھیلی پر رکھتا ہے لیکن افسوس کہ اس معلوماتی سمندر میں علم کی گہرائی تلاش کرنے کے بجائے یہ فضول میں ادھرادھرغوطے لگائے جا رہاہے۔ گھنٹوں موبائل سکرین کے سامنے گزارنے والے نوجوان کے پاس چند صفحات پڑھنے کا وقت نہیں۔ صبح آنکھ کھلتے ہی موبائل ہاتھ میں آ جاتا ہے اور رات کو سونے تک سکرین سے نظریں ہٹانا مشکل محسوس ہوتا ہے۔ سوشل میڈیا کی رنگین دنیا نے تعلیم، تربیت، توجہ، یکسوئی اور مطالعے کے ذوق کونہ صرف متاثربلکہ تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔
سوال یہ نہیں کہ موبائل اورانٹرنیٹ سمیت جدیدذرائع وسہولیات ہماری زندگی میں آئی کیوں؟ بلکہ اصل معاملہ یہ ہے کہ ہم نے انہیں اپنی زندگی پر اتنا حاوی کیوں کیا؟ بلاشبہ موبائل، انٹرنیٹ، کیبل اورسوشل میڈیایہ کوئی غلط شئے اوربری ایجاد نہیں۔ ہم مانیں یانہ پرحقیقت یہ ہے کہ ان ذرائع نے ہم پر تعلیم، تحقیق، فوری رابطے، خبر اور معلومات تک رسائی کے بے شمار دروازے واکردیئے ہیں۔ انہی ذرائع کے ذریعے آج ایک طالب علم گھربیٹھے دنیا کی بہترین جامعات کے لیکچرز سن سکتا ہے، علمی کتابیں پڑھ سکتا ہے اور گھر بیٹھے نئی مہارتیں سیکھ سکتا ہے لیکن مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب یہی سہولیات وقت کا سب سے بڑا ضیاع بن جائے اور نوجوان اپنی ترجیحات بھول بیٹھے۔
جب کئی گھنٹے غیر ضروری ویڈیوز دیکھنے میں گزر جائیں اور ایک سبق پڑھنے کے لئے وقت نہ ملے تو پھرہمیں اپنی ترجیحات پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔ ہمارے تعلیمی اداروں میں بھی تعلیم وتربیت اور مطالعے کا کلچر کمزور پڑتا دکھائی دے رہا ہے۔ امتحان پاس کرنا توتعلیم کا مقصد بن گیا ہے مگر علم حاصل کرنا، سوال اٹھانا، تحقیق کرنا اور تنقیدی انداز میں سوچنا پس منظر میں چلا گیا ہے۔ طالب علم کتاب صرف امتحان کے دنوں میں کھولتا ہے اور امتحان ختم ہوتے ہی اسے دوبارہ بند کر دیتا ہے۔
نتیجہ یہ ہے کہ ڈگریاں تو حاصل ہو رہی ہیں پر مطالعے اور تحقیق کی عادت کو وہ فروغ نہیں مل رہا جس کی ایک باشعور معاشرے کو ضرورت ہے۔ کتاب انسان کو صرف معلومات فراہم نہیں کرتی بلکہ اسے سوچنے، سمجھنے، برداشت کرنے اور دوسروں کے نقطہ نظر کا احترام کرنے کا سلیقہ بھی سکھاتی ہے۔ مطالعہ کرنے والا نوجوان الفاظ کی خوب صورتی، دلیل کی اہمیت اور اختلاف رائے کی حدود کو بہتر طور پر سمجھ سکتا ہے۔ اس کے برعکس جب توجہ مسلسل مختصر ویڈیوز اور سطحی مواد تک محدود ہو جائے تو گہرائی سے سوچنے اور کسی موضوع کو مکمل طور پر سمجھنے کی عادت متاثر ہو تی ہے۔
نوجوان نسل کے روشن مستقبل کوتباہ کرنے میں ہم سب کاہاتھ ہے۔ والدین تواس معاملے میں باالکل بھی بری الذمہ نہیں۔ اکثروالدین گھروں میں بچوں کو خاموش رکھنے یا مصروف کرنے کیلئے کم عمری ہی سے موبائل تھما ناشروع کردیتے ہیں، پھر جب یہی بچہ بڑا ہو کر گھنٹوں موبائل استعمال کرتا ہے تو والدین پریشان ہوتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ بچوں میں کتاب سے محبت پیدا کرنے کیلئے سب سے پہلے گھر میں مطالعے کا ماحول پیدا کرنا ہوگا۔ جس گھر میں والدین خود کتاب نہیں پڑھتے وہاں بچوں سے مطالعے کی توقع کرنا آسان نہیں۔
والدین اگر روزانہ کچھ وقت بچوں کے ساتھ بیٹھ کر کتاب پڑھیں تو یہ عادت ان کی شخصیت کا حصہ بن سکتی ہے۔ ہمارے معاشرے میں اب کتاب خریدنے اور پڑھنے کو وہ اہمیت نہیں دی جارہی جو اسے ملنی چاہیے۔ کتابوں کی دکانیں، لائبریریاں اور علمی سرگرمیاں معاشرتی زندگی کا لازمی حصہ بننی چاہئیں۔ سکولوں میں لائبریری پیریڈ، کالجوں میں مطالعاتی نشستیں اور محلوں میں عوامی کتب خانے قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کتاب میلوں اور ادبی تقریبات کو بھی فروغ دینا چاہیے تاکہ نوجوانوں کا کتاب سے تعلق مضبوط ہو۔ اساتذہ کی ذمہ داری بھی محض نصاب مکمل کروانا نہیں بلکہ طلبہ میں علم کی پیاس پیدا کرنا ہے۔ اگر ہر استاد اپنے مضمون سے متعلق اچھی کتابیں تجویز کرے، طلبہ کو مطالعے کے بعد اپنی رائے لکھنے کا موقع دے اور کلاس روم میں سوال و جواب کی حوصلہ افزائی کرے تو تعلیمی ماحول میں مثبت تبدیلی آ سکتی ہے۔
نوجوانوں کو یہ سمجھانا ہوگا کہ کامیابی صرف ڈگری حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ مسلسل سیکھتے رہنے کا نام ہے۔ ہمیں نوجوان نسل کو موبائل، انٹرنیٹ، کیبل اورسوشل میڈیا سے مکمل طور پر دور کرنے کی نہیں بلکہ ان کے مثبت اور تعمیری استعمال کی تربیت دینے کی ضرورت ہے۔ روزانہ کچھ وقت کتاب کیلئے مخصوص کیا جائے، سوشل میڈیا کے استعمال کی حدود مقرر کی جائیں اور ڈیجیٹل دنیا کو تفریح کے ساتھ ساتھ تعلیم و تحقیق کا ذریعہ بنایا جائے۔ موبائل پر بھی معیاری مضامین، علمی لیکچرز اور الیکٹرانک کتابوں سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
یاد رکھیں موبائل فون ہمارے بچوں کو دنیا دکھا سکتا ہے لیکن کتاب ان کو دنیا سمجھاناسکھاتی ہے۔ موبائل معلومات دے سکتا ہے مگر کتاب ان معلومات کو شعور، فہم اور بصیرت میں ڈھالنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ ٹیکنالوجی سے فرار ممکن بھی نہیں اور ضروری بھی نہیں لیکن ٹیکنالوجی کو بربادی کاذریعہ بنانا دانش مندی بھی نہیں۔ ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم اپنی آنے والی نسل کو صرف سکرین پر انگلیاں چلانے والا نوجوان بنانا چاہتے ہیں یا ایسا باشعور انسان جو اپنے ذہن سے سوچے، دلیل سے بات کرے، سوال اٹھائے اور معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرے۔