Thursday, 19 November 2026
  1.  Home
  2. Guest
  3. Saadia Bashir
  4. Tani Hui Rassi Par Tawazun Ka Hunar

Tani Hui Rassi Par Tawazun Ka Hunar

بھرے ہیں تجھ میں وہ لاکھوں ہنر اے مجمع خوبی
ملاقاتی ترا گویا بھری محفل سے ملتا ہے

(داغ دہلوی)

توازن صرف زمین پر پاؤں جما کر کھڑے رہنے کا نام نہیں، بلکہ تنی ہوئی رسی پر چلتے ہوئے اپنے قدموں، اعصاب اور اعتماد کو متوازن رکھنے کا ہنر بھی ہے۔ سیاست بھی کچھ ایسی ہی تنی ہوئی رسی ہے۔ جہاں ہر قدم ایک نیا امتحان اور ہر جملہ کئی مفہوم رکھتا ہے۔ ہمارے سیاسی ماحول میں جہاں اختلاف اکثر تلخی، مکالمہ الزام تراشی میں اور سیاسی مؤقف ذاتی حملوں میں بدل جاتا ہے۔ وہاں بعض شخصیات اپنے طرزِ گفتگو اور وضع داری سے الگ پہچان بناتی ہیں۔

ملک محمد احمد خان بھی ان میں شامل ہیں۔ ان کی شخصیت کا نمایاں پہلو نفیس طرزِ گفتگو ہے۔ سیاسی گرما گرمی میں بھی لہجے کا اعتدال، اختلاف کے باوجود مخاطب کا احترام اور شائستگی سے اپنی بات بیان کرنا ایسے اوصاف ہیں جو محض الفاظ کے انتخاب سے نہیں بلکہ شخصیت کے اندرونی رکھ رکھاؤ سے جنم لیتے ہیں۔ بطور اسپیکر پنجاب اسمبلی ان کا منصب محض اجلاس کی کارروائی چلانا نہیں بلکہ ایک ایسے ایوان میں نظم و ضبط برقرار رکھنا بھی ہے۔ جہاں حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے اختلافات اپنی پوری شدت کے ساتھ موجود ہوتے ہیں۔ اس ذمہ داری کے لئے صبر، برداشت، غیر جانب داری اور اعصابی توازن ناگزیر ہیں۔

ان کا مضمون "Rulebook for Rational Dialogue" بھی اسی پارلیمانی تہذیب کی یاد دہانی ہے، جس کی ہمارے ایوانوں کو ضرورت ہے۔ اس میں انہوں نے بامعنی بحث کے لئے باہمی احترام، دلیل اور مہذب پارلیمانی رویے کی اہمیت اُجاگر کی۔ اسی طرح خاندانی شادیوں اور ان سے وابستہ موروثی بیماریوں جیسے حساس موضوع کو طبی آگاہی اور دلیل کے تناظر میں بیان کرنا اس بات کی مثال ہے کہ مشکل معاملات بھی شائستگی سے زیرِ بحث لائے جا سکتے ہیں۔

ان کے سیاسی مزاج کا ایک قابلِ ذکر پہلو یہ ہے کہ وہ شخصیات کے بجائے معاملات اور اداروں پر گفتگو کو اہمیت دیتے ہیں۔ ان کے نزدیک مکالمہ سیاسی مسائل کے حل اور تعمیری سیاست کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔ یہ سوچ ایسے ماحول میں خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔ جہاں سیاسی فریق ایک دوسرے کو سننے کے بجائے شکست دینے میں زیادہ دلچسپی لیتے ہیں۔

پنجاب کی ترقی کے حوالے سے مضبوط بلدیاتی نظام، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور مقامی حکومتوں کے کردار پر ان کی گفتگو بھی توجہ طلب ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ صوبے کی ترقی صرف بڑے منصوبوں اور اعلانات سے نہیں بلکہ بنیادی سطح پر اداروں کو مضبوط بنانے سے ممکن ہے۔ سڑکیں، صحت، تعلیم، صفائی اور بنیادی سہولیات کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ عوام کا اجتماعی مسئلہ ہیں۔ سب سے بڑھ کر سرکاری ملازمین کی پنشن، گریجویٹی اور لیو اِن کیشمنٹ کے معاملات پر جس اعتماد، جرأت اور مثبت انداز میں وہ ملازمین کے ساتھ کھڑے نظر آئے، وہ قابلِ تحسین ہے۔ اس حوالے سے سرکاری ملازمین کے حقوق اور احساسات کو اہمیت دینے پر ان کے لئے خصوصی شکریہ۔

یہاں ایک خیال ذہن میں آتا ہے کہ ملک محمد احمد خان جیسے پارلیمانی تجربہ رکھنے والے افراد کی سرپرستی میں سیاست دانوں کی تربیت کے لئے ایک باقاعدہ اکیڈمی کیوں قائم نہیں ہونی چاہئے؟ ایسی اکیڈمی جہاں نئے سیاست دانوں کو آئینی شعور، پارلیمانی روایات، جمہوری اقدار، اختلافِ رائے کے آداب اور مکالمے کا سلیقہ سکھایا جائے۔ انہیں یہ سمجھایا جائے کہ دلیل اور تضحیک میں کیا فرق ہے۔ مخالف کی بات کیسے سنی جاتی ہے اور اختلاف کو ذاتی دشمنی بننے سے کیسے روکا جاتا ہے۔

ہم سیاست دانوں کو انتخابی مہم چلانا، جلسوں سے خطاب کرنا اور سیاسی مخالفین کا جواب دینا تو سکھاتے ہیں، لیکن شکست قبول کرنے، اختلاف برداشت کرنے اور اقتدار میں مخالف کی عزت برقرار رکھنے کی تربیت بھی اتنی ہی ضروری ہے۔ اگر سیاست میں وضع داری، برداشت اور تدبر کو باقاعدہ اہمیت دی جائے تو پارلیمانی ماحول میں مثبت تبدیلی آ سکتی ہے۔ ادھر سیاسی حلقوں میں ملک محمد احمد خان کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں بھی سننے کو مل رہی ہیں اور بعض ممکنہ تبدیلیوں کا ذکر کیا جا رہا ہے۔ تاہم باضابطہ اعلان تک ان باتوں کو محض قیاس آرائی ہی سمجھنا چاہئے۔ خوش کن احساس ہے کہ تبدیلی کا حقیقی حسن تب سامنے آتا ہے جب اس کے ساتھ رویوں میں نفاست، فیصلوں میں تدبر اور اداروں میں بہتری بھی شامل ہو۔ یہ ضروری نہیں کہ ہر شخص ملک احمد خان کے ہر فیصلے یا سیاسی مؤقف سے اتفاق کرے۔ نہ ہی کوئی منصب دار تنقید سے بالاتر ہوتا ہے۔ تاہم اختلاف کے باوجود کسی کے مثبت اوصاف کا اعتراف کرنا بھی سیاسی اور سماجی بلوغت کی علامت ہے۔

یہ بات اہم ہے کہ ملک محمد احمد خان کی شخصیت کا قابلِ ذکر پہلو ان کے طرزِ گفتگو اور پارلیمانی رویے میں شائستگی، تدبر اور مکالمے کی اہمیت ہے۔ ایسے اوصاف کسی ایک فرد تک محدود رہنے کے بجائے ہمارے مجموعی سیاسی کلچر کا حصہ بننے چاہئیں۔ سیاست میں اصل کامیابی صرف یہ نہیں کہ آپ کتنی بلند آواز میں اپنی بات کہتے ہیں، بلکہ یہ بھی ہے کہ آپ کے مخالف کو آپ کی بات سننے کے بعد آپ کے احترام میں کمی محسوس نہ ہو۔ یہ بھی اہم ہے کہ سیاست کو اس وقت صرف نئے چہروں کی نہیں، نئے سلیقوں و تدبر کی بھی ضرورت ہے۔