Thursday, 19 November 2026
  1.  Home
  2. Nai Baat
  3. Syed Badar Saeed
  4. China Ka Youtube Aur Pakistani Naujawan

China Ka Youtube Aur Pakistani Naujawan

اس میں دو رائے نہیں کہ دور حاضر کی تیز رفتار ڈیجیٹل دنیا میں روزگار اور اظہارِ رائے کے پیمانے بدل چکے ہیں۔ ماضی میں نوجوان سرکاری نوکریوں یا روایتی کاروبار کے حصول کے لیے برسوں دھکے کھاتے تھے لیکن اب انٹرنیٹ نے اسمارٹ فون رکھنے والے ہر فرد کو عالمی منڈی تک رسائی دے دی ہے۔ پاکستان میں یوٹیوب، فیس بک اور ٹک ٹاک سے پیسے کمانے کا رجحان کافی پرانا ہے اس لیے ان پلیٹ فارمز پر مقابلہ ہر گزرتے دن کے ساتھ سخت ہوتا جا رہا ہے۔

یوٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز کی بھرمار نے اس میدان کو اس حد تک سیر کر دیا ہے کہ اب نئے آئیڈیاز کے ساتھ نیا کانٹنٹ سامنے لانا اور ناظرین کی توجہ حاصل کرنا کٹھن مرحلہ بن چکا ہے۔ ان حالات میں ڈیجیٹل میڈیا کے افق پر ایک نیا، منفرد اور طاقتور پلیٹ فارم ابھر کر سامنے آ رہا ہے جسے دنیا بھر میں "چین کا یوٹیوب" کہا جاتا ہے۔ اس کا نام بلی بلی (Bilibili) ہے۔ یہ پلیٹ فارم تفریح اور معلومات کا بڑا ذریعہ ہے لیکن اس کا ایک اہم پہلو بھی موجود ہے۔ یہ پلیٹ فارم پاکستانی نوجوانوں کے لیے ایک ایسی ڈیجیٹل منڈی ثابت ہو سکتا ہے جہاں ابھی مقابلہ نہ ہونے کے برابر ہے اور ترقی کے امکانات بے پناہ ہیں۔

سب سے پہلا سوال تو یہی ہے کہ Bilibili دراصل ہے کیا اور یہ دیگر ویڈیو ایپس سے کس طرح مختلف ہے۔ یاد رہے کہ چین میں گوگل اور یوٹیوب سمیت مغربی سوشل میڈیا ایپس پر پابندی عائد ہے لیکن چین کی اپنی آبادی ڈیرھ ارب کے لگ بھگ ہے۔ ڈیرھ ارب کی اس ویورز منڈی نے اپنی ضروریات کے تحت اپنا ایک الگ اور انتہائی مضبوط ڈیجیٹل نظام تشکیل دیا ہے۔ Bilibili اسی نظام کا ایک روشن ستارہ ہے جو چین کا سب سے بڑا ویڈیو شیئرنگ اور لائیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم بن چکا ہے۔

ابتدا میں یہ ایپ صرف اینیمی کارٹونز اور ویڈیو گیمز کے شوقین نوجوانوں تک محدود تھی لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کا دائرہ کار وسیع ہوتا چلا گیا۔ آج اس پلیٹ فارم پر ٹیکنالوجی، سائنس، تعلیم، سیاحت، کھانوں کی تراکیب، دستاویزی فلمیں اور روزمرہ زندگی کے وی لاگز کروڑوں کی تعداد میں دیکھے جاتے ہیں۔ اس کی سب سے منفرد خصوصیت اس کا "Danmu" یعنی بلٹ کمنٹس سسٹم ہے۔ عام ویڈیو ایپس میں ناظرین کے تبصرے ویڈیو کے نیچے نظر آتے ہیں لیکن "بلی بلی" پر دیکھنے والوں کے کمنٹس چلتی ہوئی ویڈیو اسکرین کے اوپر دائیں سے بائیں تیرتے ہوئے گزرتے ہیں۔ اس فیچر کی بدولت ویڈیو دیکھنے والے کو تنہائی کا احساس نہیں ہوتا بلکہ یوں لگتا ہے جیسے وہ ہزاروں دوستوں کے ساتھ ایک ہی محفل میں بیٹھ کر وہ منظر دیکھ رہا ہو اور ہر لمحہ سب کے ردعمل سے لطف اندوز ہو رہا ہو۔

اگر ہم پاکستان میں اس ایپ کے اسکوپ اور مستقبل کا جائزہ لیں تو منظر نامہ بہت حوصلہ افزا نظر آتا ہے۔ پاک چین دوستی اور سی پیک جیسے عظیم منصوبوں کی وجہ سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ایک دوسرے کی ثقافت، تاریخ اور طرزِ زندگی کو جاننے کا تجسس پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکا ہے۔ چینی شہری پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی سحر انگیز خوبصورتی، ہماری روایتی مہمان نوازی، شادی بیاہ کی رنگین رسومات، دیسی کھانوں، سٹریٹ فوڈز اور عام پاکستانیوں کی روزمرہ زندگی کو دیکھنے میں بے حد دلچسپی رکھتے ہیں۔

دوسری جانب یہ بھی سچ ہے کہ یوٹیوب اور ٹک ٹاک پر لاکھوں پاکستانی چینلز موجود ہونے کی وجہ سے وہاں اب جگہ بنانا مشکل ہے لیکن Bilibili پر پاکستانی تخلیق کاروں کی تعداد ابھی آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ جو پاکستانی نوجوان آج اس پلیٹ فارم پر قدم رکھیں گے انہیں پہل کرنے کا بھرپور فائدہ حاصل ہوگا۔ وہاں ابھی پاکستانی مواد کی کمی ہے اس لیے معمولی محنت اور معیاری ویڈیوز کے ذریعے بھی کروڑوں چینی ناظرین تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے جو کسی بھی دوسرے پلیٹ فارم پر اب ناممکن سا ہو چکا ہے۔

جہاں تک اس پلیٹ فارم سے پیسے کمانے کا تعلق ہے تو Bilibili نے تخلیق کاروں کے لیے آمدنی کے ایسے دروازے کھول رکھے ہیں جو روایتی اشتہارات سے کہیں آگے ہیں۔ یہاں کمائی کا انحصار محض ویوز پر نہیں ہوتا بلکہ ناظرین کی محبت اور پسندیدگی براہِ راست مالی فائدے میں بدلتی ہے۔ جب کوئی تخلیق کار اپنا معیاری اور اصل کانٹنٹ پیش کرتا ہے تو چینی ناظرین ویڈیو پسند آنے پر اسے ورچوئل تحائف، سکے اور "Batteries" بھیجتے ہیں جو بعد ازاں حقیقی رقم میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ جب چینل مقبولیت کی منازل طے کرتا ہے تو چینی کمپنیاں اپنی مصنوعات کی تشہیر کے لیے اسپانسرشپ دیتی ہیں جو کمائی کا سب سے بڑا ذریعہ بنتا ہے۔

پاکستانی نوجوانوں کے لیے ایک بڑی سہولت یہ بھی ہے کہ وہ اپنے ملک کی ثقافت، سیاحت یا ٹیکنالوجی پر مبنی اپنی ویڈیوز کو محض چینی سب ٹائٹلز کے ساتھ پیش کرکے اس عظیم مارکیٹ کا حصہ بن سکتے ہیں۔ البتہ ایک حقیقت پسندانہ پہلو یہ بھی ہے کہ پاکستان میں چینی پیمنٹ سسٹمز براہِ راست فعال نہ ہونے کے باعث رقم نکلوانے کے لیے بین الاقوامی نیٹ ورکس یا چین میں مقیم رابطوں کا سہارا لینا پڑتا ہے لیکن یہ رکاوٹ اتنی بڑی نہیں کہ اس سنہری موقع کو ضائع کر دیا جائے۔ فیس بک بھی پہلے پاکستان میں موناٹائز نہیں تھا لیکن جن پاکستانیوں نے اس وقت اپنے پیجز کی ویور شپ بڑھانے پر فوکس کیا، بعد میں وہی سب سے زیادہ فائدے میں رہے۔

ڈیجیٹل دنیا اب صرف مغربی ایپس اور محدود پلیٹ فارمز تک قید نہیں رہی۔ دنیا کی معاشی اور ٹیکنالوجی کی طاقت کا توازن تیزی سے مشرق کی طرف منتقل ہو رہا ہے اور سوشل میڈیا بھی اس تبدیلی سے ماورا نہیں رہا۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ روایتی راستوں پر چلنے والے ہجوم کا حصہ بننے اور ایک ہی دائرے میں گھومنے کے بجائے Bilibili اور اس جیسے دیگر ابھرتے ہوئے عالمی پلیٹ فارمز کا رخ کریں جہاں ابھی مقابلہ سخت نہیں ہے اور اپنی جگہ بنائی جا سکتی ہے۔ تھوڑی سی تخلیقی سوچ، جدت اور عالمی منڈی کے مزاج کو سمجھتے ہوئے پاکستانی نوجوان نہ صرف اپنے ملک کا مثبت، پرامن اور خوبصورت چہرہ دنیا کی سب سے بڑی آبادی کے سامنے پیش کر سکتے ہیں بلکہ اپنے گھروں میں بیٹھ کر معاشی خود مختاری کی ایک نئی تاریخ بھی رقم کر سکتے ہیں۔