کیا آپ نے غور کیا ہے کہ ہم اپنے فون کی میموری خالی کرتے وقت کن چیزوں کو سب سے پہلے ڈیلیٹ کرتے ہیں؟ وہی چند سیکنڈز کے ویڈیوز جن میں گلی کا کوئی موڑ، ٹریفک جام کا منظر، بارش میں نہائی کچی سڑک، تندور کی دہکتی آگ یا چائے کے کھوکھے سے اٹھتا دھواں نظر آ رہا ہوتا ہے۔ ہم سوچتے ہیں کہ یہ تو روز کا معمول ہے لہٰذا اس فضول سے کلپ کو سنبھال کر کیا کرنا ہے۔ المیہ یہی ہے کہ ہم ہیرے کو کوئلہ سمجھ کر ضائع کر دیتے ہیں جبکہ ڈیجیٹل ورلڈ کے دوسرے کنارے پر بیٹھا کوئی فلم ساز انہی مناظر کے لیے اپنی جیب خالی کرنے کو تیار ہوتا ہے۔
ہمارا روز کا معمول کسی اور کے لیے تجسس کا انوکھا جہان ہوتا ہے۔ ہم سوشل میڈیا پر افریقہ کے کسی دور دراز قبیلے کا روایتی رقص دیکھ کر دم بخود رہ جاتے ہیں۔ وہ ان کا روز کا کام ہے مگر ہمارے لیے حیرت کدہ ہے۔ چین کی گلیوں میں زندہ کیکڑے کھانے کا منظر ہو، بنکاک کی منڈی کے عین بیچ سے گزرتی ٹرین ہو یا ویتنام کی فوڈ سٹریٹ کا شور ہو، یہ سب وہاں کے شہریوں کے لیے عام ہے لیکن ہمارے لیے سحر انگیز ہے۔ یہی اصول جب ہم اپنی دھرتی پر لاگو کرتے ہیں تو ہماری نظر دھوکا کھا جاتی ہے۔
کسی دن یونہی ٹہلتے ہوئے اپنے لاہور کے انارکلی بازار کا رخ کیجیے اور اپنی روز مرہ کی زندگی کو غیر ملکی سیاح کی نظر سے دیکھیں۔ شام کی خنکی میں کھولتے سرسوں کے تیل میں سنہری تلتی مچھلی، کڑاہی سے اٹھتا دھواں اور مسالوں کی جھنکار ہمارے لیے محض شام کا کھانا ہے لیکن نیویارک یا برلن کے کسی دستاویزی فلم ساز سے پوچھیے تو یہ ایک نایاب بصری تحفہ ہے۔ وہ اگر یہ دس سیکنڈ کا منظر خود شوٹ کرنے لاہور آئے تو ہوائی ٹکٹ، ویزا، رہائش اور پروڈکشن کی مد میں کم از کم تین سے پانچ ہزار ڈالر خرچ کرے گا۔ یہی وجہ ہے کہ وہ ایسے ویڈیو کلپس کے لیے انٹرنیٹ پر شٹر سٹاک، ایڈوبی سٹاک، گیٹی امیجز یا پونڈ فائیو کا رخ کرتا ہے۔
ہمیں پہلے یہ سمجھنا ہے کہ یہ عالمی منڈیاں کیسے کام کرتی ہیں اور یہاں ہمارے ڈیلیٹ ہونے والے ویڈیو کلپس کی قیمتیں کیا ہیں؟ یہاں دنیا بھر کے پروڈیوسرز، یوٹیوبرز، اشتہاری کمپنیاں اور نیوز نیٹ ورکس روزانہ لاکھوں کلپس خریدتے ہیں۔ ایک ایچ ڈی کوالٹی کا دس سے تیس سیکنڈ کا عام کلپ عموماً 20 سے 70 ڈالر میں بکتا ہے۔ اگر وہی کلپ فور کے ریزولوشن میں ہو تو اس کی قیمت 80 سے لے کر 200 ڈالر تک جا پہنچتی ہے۔ بعض مخصوص اور نایاب کلچرل کلپس کے حقوق جب کسی بڑی کمرشل مہم کے لیے خریدے جاتے ہیں تو یہ قیمت 300 سے 500 ڈالر فی ڈاون لوڈ تک بھی چلی جاتی ہے۔
سب سے خوبصورت بات اس نظام کا رائلٹی ماڈل ہے۔ آپ کو بار بار ویڈیو بیچنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ آپ نے ایک بار اچھا شاٹ بنا کر پورٹل پر آپ لوڈ کر دیا تو پلیٹ فارم کے اصولوں کے مطابق فی فروخت 20 سے لے کر 40 فیصد تک خالص منافع فوری طور پر آپ کے اکاونٹ میں منتقل ہوتا ہے۔ اگر آپ کا ایک کلپ کسی دستاویزی سیریز کے لیے بچ جائے اور اسے سال بھر میں بیس پچیس مختلف خریدار ڈاون لوڈ کر لیں تو وہ اکیلا منظر آپ کو گھر بیٹھے پانچ سو سے ایک ہزار ڈالر تک کی مسلسل رائلٹی کما کر دے سکتا ہے۔
اب اس نظر سے دیکھیں تو حیرت ہوتی ہے۔ ہمارے گرد و پیش میں تو موضوعات کی کوئی کمی ہی نہیں ہے۔ میانی صاحب کے قبرستان میں بیلچے سے مٹی کھودتا گورکن، پھاٹک پر سجے سرخ گلاب، جین مندر کے چوک پر خربوزے بیچتے پھیری والے کی آواز یا تاریخی دوموریا پل کی محرابوں سے گزرتی ٹرین اور نیچے دھواں چھوڑتا ٹریفک، ریلوے اسٹیشن پر برطانوی دور کے سگنل، لوہے کے قدیم پل اور چھک چھک کرتی ٹرین کا موازنہ دنیا کے کس جدید شہر میں ملتا ہے؟ یہ وہ تاریخی اور سماجی خام مال ہے جس کی دنیا بھر کے آرکائیو اداروں اور فلم سازوں کو ہمیشہ تلاش رہتی ہے۔
تھوڑا آگے چلیے۔ کسی گجر کی دکان پر پیتل کے برتن سے اچھلتی سفید لسی کی لمبی دھار جو کانسے کے گلاس میں جھاگ بنا رہی ہو، یا کوئٹہ ہوٹل کے پٹھان کی دو دیو قامت کیتلیوں کے درمیان فضا میں لہراتی ہوئی کڑک چائے۔ کسی پرانے تندور میں جھک کر کپڑے کی گدی یعنی چھٹی پر نان لگا کر اندر چپکانا اور پھر لوہے کی سلاخوں سے نکالنا، پیر ہنجروال کے عرس پر لگا موت کا کنواں ہو، کڑاہے میں تلتا دیو قامت روایتی قتلمہ ہو یا ہاتھ کی ایک ہی گردش سے لچھے دار جلیبیاں تیار کر دینے کا کمال ہو، یہ سب ہماری صدیوں پرانی ثقافت کی وہ بصری کہانیاں ہیں جن کی بیرونی منڈی میں شدید مانگ ہے۔
آج ہمارے نوجوان مایوسی کا شکار ہیں کہ معاشی راستے بند نظر آتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ دولت تو ہمارے قدموں تلے بکھری پڑی ہے، بس اسے پہچاننے والی آنکھ چاہیے۔ جس سمارٹ فون کو ہم محض بے مقصد سکرولنگ پر ضائع کرتے ہیں وہ دراصل دنیا کی سب سے بڑی ڈیجیٹل ایکسچینج کا داخلہ پاس ہے۔ شرط محض اتنی ہے کہ کیمرے کو مضبوطی سے تھاما جائے، فریم ہلے بغیر کم از کم پندرہ سے تیس سیکنڈ کا قدرتی شاٹ لیا جائے، کوئی بناوٹی فلٹر یا میوزک نہ ہو اور ماحول کی اصل آوازیں محفوظ ہوں۔
مایوسی کی دھند چھانٹیے اور اپنی روزمرہ زندگی کو کیمرے کی آنکھ سے دیکھنا شروع کیجیے۔ گلی کے نکڑ پر بیٹھے پرانے موچی کی جھریوں سے لے کر غلہ منڈی کے پلے دار کے چہرے پر چمکتے پسینے تک کے ہر منظر میں ڈالر چھپے ہیں۔ ضرورت صرف نظر کو ہنرمند بنانے اور اپنی دھرتی سے سونا چننے کا ہنر سیکھنے کی ہے۔ اگر آپ یہ بنیادی سا کام سیکھ لیں کہ ان پلیٹ فارم کے لیے ویڈیو بنانے کی شرائط کیا ہیں، انہیں کہاں اور کیسے آپ لوڈ کرنا ہے اور کس طرح اپنا بنک اکاونٹ اٹیچ کرنا ہے تو یہ دنیا آپ کی ہے۔ اپنے شہر کو غیر ملکی سیاح کی نظر سے دیکھیں تو آپ کو ہر قدم پر ڈالر نظر آئیں گے۔