نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ آجکل سیاسی اور انتظامی حلقوں میں زیرِ بحث ہے۔ اِس حوالے سے صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم اور سیاسی جماعتوں میں مشاورت جاری ہے لہذا یہ کہنا کہ یہ معاملہ اب بھی حسبِ روایت معرضِ التوا میں جاسکتا ہے درست نہیں بلکہ قوی اِمکان ہے کہ اگلے چند ماہ میں یہ کام مکمل ہوسکتا ہے کیونکہ ملکی منظر نامے کی سیاسی اکثریت کا خیال ہے کہ اگر پاکستان کو مضبوط بنانا ہے تو اِس کے لیے خوشحال اور پُرامن اکائیاں ضروری ہیں اور یہ مقصد چھوٹے صوبوں کی صورت میں آسانی سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
پاکستان جیسے وسیع رقبے اور بڑی آبادی والے ملک کو چار صوبوں کے ذریعے چلانا بہت مشکل ہو رہا ہے۔ صوبوں کی تعداد بڑھانے سے انتظامی مشکلات کم اور عام آدمی کی حکومتی اِداروں تک رسائی آسان ہوگی۔ راقم کے خیال میں صوبوں کی تقسیم کو سیاسی مخالفت یا حمایت کی بجائے عوامی ضروریات اور انتظامی تقاضوں کی روشنی میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ پنجاب آبادی کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے جس کی آبادی تیرہ کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے۔ یہ ملک کی کُل آبادی کا 53 فیصد سے زائد ہے جبکہ رقبہ دو لاکھ پانچ ہزار مربع کلومیٹر ہے۔ اتنی بڑی آبادی اور وسیع علاقے کے انتظامی معاملات کو صوبائی دارالحکومت سے چلانا کافی مشکل چیلنج ہے۔ جنوبی اضلاع بہاولپور، ملتان، ڈیرہ غازی خان جیسے علاقوں سے شہریوں کے لیے اپنے کاموں کے سلسلے میں طویل فاصلہ طے کرکے لاہور آنا بہت مشکل ہے۔ علاوہ ازیں راولپنڈی، اٹک، بھکر، میانوالی کے لوگوں کوکئی اہم معاملات کے لیے لاہورکے انتظامی نظام پر انحصار کرنا پڑتا ہے اگر کسی علاقے کے شہریوں کو تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے یاانتظامی مسئلے کے حل کی خاطر باربار طویل مسافت کا سامنا کرنا پڑے تو ایسے طرزِ حکمرانی کو عوام دوست نہیں کہہ سکتے۔ حکومت کا تو کام ہے کہ شہریوں کوقریب سہولتیں فراہم کرے نہ کہ سرکاری دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور کردیا جائے۔
بلوچستان کا رقبہ تین لاکھ سینتالیس ہزار مربع کلومیٹر ہے جبکہ آبادی محض سوا کروڑ ہے۔ کئی علاقے تو ایک دوسرے سے بہت دور ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو تعلیم، صحت، مواصلات اور دیگر بنیادی سہولتوں کے حصول میں دشواریاں پیش آتی ہیں ایسے وسیع جغرافیائی خطے میں انتظامی اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنا صرف سیاسی نعرہ نہیں بلکہ عملی ضرورت ہے۔ سندھ اور خیبر پختونخواہ کے دوردراز علاقوں میں بھی کم و بیش ایسی ہی صورتحال مختلف شکلوں کے ساتھ موجود ہے۔ کراچی جیسے بڑے شہر کے مسائل صوبے کی تقسیم سے بہتر انداز میں حل کیے جا سکتے ہیں اور خیبرپختونخواہ کی بدامنی کا مسئلہ بھی حل ہوسکتا ہے۔ کئی ممالک نے انتظامی ضروریات کے لیے بڑے صوبوں کو چھوٹی اکائیوں میں تقسیم کیا اور بہتر نتائج حاصل کیے۔ 1966 میں بھارتی پنجاب کی تنظیم نو سے ہریانہ کو ایک الگ ریاست بنایا گیا چند پہاڑی علاقوں کو ابتدا میں ہماچل پردیش کا حصہ بنادیا گیا اور پھر ہماچل پردیش کو بھی مکمل ریاست بنا دیا۔ اِس انتظامی تبدیلی سے عوام کو بہتر سہولتیں میسر آئیں لہذا صوبوں کی تقسیم کو انا کا مسئلہ بنانے کی بجائے پاکستان میں بھی ملکی مفاد کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔
جنوبی پنجاب، بہاولپور اور ہزارہ علاقوں کی الگ صوبائی حیثیت کے دیرینہ مطالبات ہیں جن کے پس منظر میں صرف سیاسی خواہشات نہیں بلکہ احساسِ محرومی، وسائل کی تقسیم، انتظامی ترجیحات اور ترقیاتی منصوبوں میں علاقائی عدمِ توازن جیسے مسائل ہیں۔ شہریوں کی شکایات کو صوبائی دارالحکومت میں مناسب اہمیت نہ ملنے جیسے محسوسات کو سیاسی مخالفت قرار دیکر نظر انداز کردینا ایک غلط اور بیمار سوچ ہے تاہم صوبوں کے قیام جیسے معاملے کو چند سیاسی جماعتیں، اُن کی قیادت یا اقتدارکے ایوانوں میں بیٹھے دوتین سو افراد پر چھوڑنا مناسب نہیں۔ راقم کے خیال میں جمہوری اور قابلِ قبول حل یہ ہے کہ متعلقہ علاقوں کی آبادی سے براہ راست رائے لیکر فیصلہ کیا جائے۔
عوامی رائے جاننے کے لیے ریفرنڈم سے بہتر کوئی ذریعہ نہیں ریفرنڈم سے عوامی خواہشات معلوم کی جا سکتی ہیں اِس طرح سیاسی تنازعات کم جنم لیں گے۔ یہ مقصد ریفرنڈم کے سوالات واضح، غیر جانبدار اور شفاف بناکر حاصل کیا جا سکتا ہے۔ البتہ ووٹنگ کا انتظام آزاد اور قابلِ اعتماد اِدارے سے کرانا ضروری ہے پھر عوامی فیصلے کو آئینی شکل دینے کے لیے پارلیمانی طریقہ کارکی تکمیل سے مزید آسان کیا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ چھوٹے صوبے بنانا کوئی گناہ نہیں ہے نہ ہی اِس تصور کو قومی وحدت کے خلاف سمجھنا درست ہے۔ اگر خیال رکھا جائے کہ کسی نئے صوبے کا فیصلہ عوامی مرضی کے مطابق ہو ریفرنڈم سے عوام کو اپنی رائے دینے کا موقع ملے آئینی تقاضے پورے کیے جائیں اور وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے تو صوبوں کی تقسیم مضبوط پاکستان کی بنیاد ثابت ہوسکتی ہے۔ ترقی کا راستہ بڑے انتظامی ڈھانچوں کے تحفظ میں نہیں بلکہ عوام کو باختیار بنانے، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور موئثر حکمرانی میں پوشیدہ ہے۔
چھوٹے صوبے بننے کا یہ مطلب نہیں کہ خودبخود اچھی حکمرانی قائم ہوجائے گی اِس کے لیے طریقہ کار بھی بنانا ہوگا وگرنہ یہ فیصلہ نئی اسمبلیاں، وزراءکے دفاتر، گورنر ہاؤس، نئے سیکرٹریٹ اور دیگر سرکاری اِدارے قائم کرنے جیسے بھاری اخراجات تک منتج ہوسکتا ہے۔ بلدیاتی اِدارے مضبوط بنانے سے بھی شہری مسائل حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے اگر اشرافیہ اختیارات کی تقسیم میں رکاوٹ نہ بنے۔ نئے صوبے بنانے سے لسانی اور علاقائی اختلافات بڑھنے اور قومی وحدت متاثر ہونے کے خدشات بے بنیاد ہیں کیونکہ انتظامی اکائیوں کی تشکیل اور قومی شناخت دوالگ معاملات ہیں۔ پاکستان کی بنیاد مشترکہ قومی شناخت، آئین اور وفاقی نظام پر ہے لہذا کسی علاقے کو انتظامی سہولت کی خاطر الگ صوبائی حیثیت دینے سے شہریوں کی پاکستانی شناخت تبدیلی نہیں ہوجائے گی نئی تقسیم اگر عوامی رضامندی، آئینی طریقہ کاراور منصفانہ وسائل کی بنیادپر ہوتو یہ فیصلہ ملک کے لیے سودمند ثابت ہوسکتا ہے۔
آئین کاآرٹیکل 239 صوبوں کی حدودکی تبدیلی کے لیے ایک واضح طریقہ کار دیتا ہے۔ حکومت اِس حوالے سے سیاسی جماعتوں، آئینی و معاشی ماہرین، انتظامی آفیسران اور متعلقہ علاقوں کے نمائندوں پرمشتمل ایک غیر جانبدار قومی کمیشن بناکر مددلے سکتی ہے جوآبادی، رقبے، جغرافیائی فاصلے، وسائل، معاشی صلاحیت، انتظامی اخراجات اور عوامی ضروریات کا جائزہ لیکر سفارشات پیش کرے جنھیں پارلیمان اور عوام کے سامنے رکھ کر فیصلہ کرنا بھی بہتر ہوگا تاکہ جذبات کی بجائے حقائق کی بنیاد پر فیصلہ ہوتا نظر آئے۔ نئے صوبوں کی تشکیل کا مقصد ایک نئی اشرافیہ پیداکرنے کی بجائے عوام کوبہتر تعلیم، صحت، انصاف، روزگاراور بنیادی سہولتوں کی خاطر کرناضروری ہے وگرنہ یہی سمجھا جائے گا کہ خوشحال اور پُرامن اکائیاں بناکر پاکستان کو مضبوط کرنے کی بجائے چند اور خاندانوں کے مفاد میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔