Saturday, 14 November 2026
  1.  Home
  2. Nai Baat
  3. Hameed Ullah Bhatti
  4. Maholiyati Insaf Ke Waday Aur Sanati Taqaton Ki Zimmedari

Maholiyati Insaf Ke Waday Aur Sanati Taqaton Ki Zimmedari

آج دنیا ایسے دوراہے پر ہے جہاں ماحولیاتی تبدیلی سائنسی بحث یا مستقبل کے خدشات سے آگے بڑھ کر انسانی زندگی، عالمی معیشت، غذائی تحفظ اور قومی سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ آج غیر معمولی گرمی کہیں انسانی زندگی پر اثرانداز ہے تو کہیں بستیاں اور زرعی زمینیں سیلاب نگل رہے اور کہیں قدرتی ماحول کو جنگلات میں لگنے والی آگ تباہ کررہی ہے۔ اِس صورتحال کا مزید افسوسناک پہلو یہ ہے کہ جو ممالک صنعتی ترقی کی دوڑ میں سب سے زیادہ کاربن اور زہریلی گیسیں فضا میں شامل کرنے کے ذمہ دار ہیں وہ اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں محتاط ہیں جبکہ ماحولیاتی بحران کی قیمت غریب اور ترقی پذیر ممالک ادا کرنے پر مجبور ہیں۔

موجودہ حالات میں اقوامِ متحدہ کی ترکیہ کے شہر انطالیہ میں جاری موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 غیر معمولی اہم ہے۔ رواں ماہ نو سے بیس نومبر تک جاری رہنے والے اِس اجلاس میں دو سوکے لگ بھگ ممالک کے نمائندے شریک ہیں۔ عالمی رہنمائوں کی بڑی تعداد میں موجودگی اور مختلف ممالک کے درمیان مذاکرات ثبوت ہیں کہ دنیا کو احساس ہوگیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی اب کسی ایک ملک یا خطے کی حدتک محدود مسئلہ نہیں مگر اصل سوال شرکا کی تعداد یا تقریروں کی طوالت نہیں بلکہ یہ ہے کہ کیا اب بھی دنیا کے طاقتور ممالک اپنے وعدوں کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کے لیے تیار ہیں؟

صنعتی سرگرمیاں، کوئلے، تیل اور گیس کا بے دریغ استعمال، جنگلات کی کٹائی، گاڑیوں اور کارخانوں سے خارج ہونے والی گیسیں اور قدرتی وسائل کا غیر محتاط استعمال موجودہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی اہم وجوہات ہیں جس میں چین، امریکہ، بھارت اور یورپی صنعتی ممالک کا اہم کردار ہے۔ مذکورہ ممالک نے اپنی معاشی ترقی کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے طویل عرصے تک ایسے توانائی کے زرائع پر انحصار رکھا جن سے ماحول شدید متاثر ہوا ہے۔ اب جب پوری دنیا میں ماحولیاتی تباہی کے اثرات نمایاں ہوچکے ہیں تو یہی ممالک اپنی ذمہ داری کے تعین میں پس وپیش کا شکار ہیں اسی وجہ سے فیصلوں پر عملدرآمد کی رفتار سُست ہے۔

ِاس حقیقت کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ آج بھی دنیا میں چین سالانہ کاربن اخراج والا سب سے بڑا ملک ہے۔ امریکہ بھی تاریخی مجموعی اخراج میں نمایاں ترین ہے۔ علاوہ ازیں بھارت کی تیز ترین صنعتی ترقی اور بڑھتی ہوئی توانائی ضروریات بھی اخراج میں اضافے کا بڑا سبب ہیں، البتہ کچھ عرصہ سے یورپی ممالک نے زیادہ ماحولیاتی قوانین کے مطابق توانائی کے منصوبے متعارف کرائے ہیں مگر اُن کی تاریخی صنعتی سرگرمیوں اور کھپت کے اثرات کو مکمل طورپر نظر انداز کرنا درست نہیں۔ لہذا کسی ایک ملک کو مکمل طور پر ماحولیاتی تباہی کا ذمہ دار قرار دینے کی بجائے ہر ملک کی تاریخی اور موجودہ ذمہ داریوں کا منصفانہ تعین ضروری ہے۔

سب سے اہم اصول ماحولیاتی انصاف کا ہے ترقی یافتہ ممالک نے صنعتی ترقی سے دولت اور وسائل حاصل کیے جہاں تک پاکستان، بنگلہ دیش، مالدیپ اور افریقہ کے متعددممالک کا تعلق ہے تو اِن کا عالمی کاربن اخراج میں حصہ بہت کم ہے مگر یہ موسمیاتی تبدیلیوں میں بہت زیادہ نقصان اُٹھانے پر مجبور ہیں 2022ء کا پاکستان میں آنے والا تباہ کُن سیلاب اِس کی واضح مثال ہے جس کے دوران لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے ملین ایکڑ فصلیں تباہ ہوئیں، بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا جس کے ملکی معیشت پر طویل مدتی اثرات مرتب ہوئے تو کیا یہ انصاف ہے کہ جس ملک کا عالمی آلودگی میں حصہ محدود تر ہو اُسے دوسروں کی صنعتی سرگرمیوں کی وجہ سے پیداہونے والی تباہی کابوجھ تنہااُٹھاناپڑے؟

ترقی پذیر ممالک کا مطالبہ ہے کہ امیر ممالک وعدوں کے مطابق موسمیاتی مالی معاونت کریں تاکہ متاثرہ ممالک سیلاب، خشک سالی، سمندری طوفانوں اورشدید گرمی سے نمٹنے، زرعی نظام کو محفوظ، صاف توانائی کے منصوبے شروع کرنے کے قابل ہوں اور تباہ شدہ علاقوں کی بحالی کر سکیں لیکن یہ تبھی ممکن ہے جب موسمیاتی مالیات قرضوں کی بجائے گرانٹس اور قابلِ برداشت شرائط پر مبنی ہوں تاکہ قرضوں میں دبے ممالک مزید معاشی مشکلات سے محفوظ رہیں۔ انطالیہ کانفرنس میں ترقی پذیر ممالک کو مالی وسائل فراہم کرنے اور وعدوں پر عمل درآمد کی نگرانی کا سوال بھی اہم ہے۔ اجلاس میں 79 ممالک اور یورپی یونین کی حمایت یافتہ CHAMP اتحاد کے نمائندوں نے مقامی اور قومی حکومتوں کے درمیان تعاون بڑھانے اور ماحولیاتی منصوبوں کے لیے وسائل فراہم کرنے کے حوالے سے مشترکہ موقف اپنایا ہے۔ اسی طرح چودہ ممالک نے کاربن کریڈٹ مارکیٹ کو فروغ دینے کے لیے انطالیہ اعلامیے پر دستخط کیے ہیں جو اہم پیش رفت ہے لیکن یہ پوری کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ نہیں اسی لیے یہ محدود اعلامیہ اطمنان کے لیے ناکافی ہے۔

انطالیہ اجلاس کا ایک اہم پہلو امریکہ کی سرکاری سطح پر عدم شرکت ہے امریکی پالیسی میں تبدیلی کے اثرات پوری دنیا پر ہوتے ہیں اگر بڑی طاقتیں اپنے سیاسی اور معاشی مفادات کو مشترکہ ماحولیاتی ذمہ داریوں پر ایسے ہی ترجیحی دیتی رہیں تو عالمی معاہدوں کی افادیت ختم ہو سکتی ہے۔ عالمی موسمیاتی اِدارے کے مطابق 2026ء کے پہلے 9ماہ میں زمین کاا وسط درجہ حرارت صنعتی دور سے پہلے کے مقابلے میں 1.47 ڈگری گریڈ زیادہ رہا۔ یہ خطرے کی نشاندہی ہے مگر چین اور بھارت بھی ابھی تک اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں دلچسپی نہیں لے رہے، اُنھیں شمسی تونائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے باوجود کوئلے پر انحصار فوری ختم کرنا ہوگا جبکہ یورپ کو بھی چاہیے کہ توانائی کے بحران اور صنعتی مسابقت کے ساتھ ماحولیاتی اہداف پر توجہ دے۔

دنیاکو سمجھنا ہوگا کہ ماحولیاتی تبدیلی کسی سرحد، مذہب، زبان یاسیاسی نظریے کو خاطر میں نہیں لاتی جب سیلاب آتا ہے وہ امیر و غریب میں تفریق نہیں کرتا بلند ہوتی سمندری سطح ساحلی آبادیوں کی قومی شناخت کو خاطر میں نہیں لاتی درجہ حرات بڑھتا ہے تو اُس کے اثرات پوری انسانیت کو متاثر کرتے ہیں اِس لیے موسمیاتی مسئلے کا حل عالمی تعان میں ہی پوشیدہ ہے۔

کوپ 31کی کامیابی تبھی ہوگی جب صنعتی طاقتیں اپنی ذمہ داریوں کو تسلیم کریں اور کاربن کے اخراج میں حقیقی معنوں میں کمی لائیں۔ ترقی پذیر ممالک کی مالی اور تکنیکی مدد کریں اور جو وعدے کر رکھے ہیں اُن پر عمل درآمد میں ہچکچاہٹ سے کام نہ لیں۔ اِس وقت دنیا کو نئے وعدوں سے زیادہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ اگر آج بھی طاقتور اور امیر ممالک اپنی ذمہ داریوں سے پہلو تہی کرتے ہیں تو آنے والی نسلیں اُنھیں کبھی معاف نہیں کریں گی کیونکہ ماحولیاتی تحفظ کسی ایک ملک کی مہربانی نہیں بلکہ پوری انسانیت کے مستقبل کا مشترکہ تقاضا ہے مگر سچ یہی ہے کہ ذمہ داران اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے سے گریزاں ہیں جو انسانیت سے دشمنی کے مترادف ہے۔