Tuesday, 10 November 2026
  1.  Home
  2. Guest
  3. Nusrat Javed
  4. Umera Ahmed Ki Khwab Faroshi

Umera Ahmed Ki Khwab Faroshi

پیر کی صبح چھپے کالم میں اطلاع دی تھی کہ گزرے جمعہ کی شب پاکستان کے ایک معروف ٹی وی چینل کی جانب سے تیار کئے سلسلہ وار ڈرامے "درِنجات" کی قسط دیکھی تھی۔ اسے دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا کے ایکس پلیٹ فارم پر انگریزی میں ایک پیغام لکھ کر لوگوں سے یہ جاننے کی کوشش کی کہ یہ ڈرامہ لوگوں میں اتنا مقبول کیوں ہے۔

پاکستان میں تیار ہوئے ڈرامے کے بارے میں انگریزی زبان میں لکھے پیغام کوایک لاکھ 23 ہزار لوگوں کی حیران کن تعداد یہ کالم لکھنے تک دیکھ چکی تھی۔ جوابی پیغامات کا سلسلہ بھی سیلاب کی صورت پھوٹا۔ سوشل میڈیا پر چھائے تلنگوں نے یکسوہوکر فقط یاد دلایا کہ اس بڈھے (نصرت جاوید) کی عمر قبروں کے ڈیزائن ڈھونڈنے کی ہے اور یہ ٹی وی ڈرامے دیکھنا شروع ہوگیا ہے۔ تلنگوں کے بیہودہ پیغامات مگر جواب دینے والوں کی اکثریت نے حقارت سے نظرانداز کردیے۔ جوابی پیغامات بھیجنے والوں کی معقول تعداد البتہ مشورہ دیتی رہی کہ اگر 30برسوں کے طویل وقفے کے بعد میں نے پاکستانی ڈرامے دیکھنا شروع کردیے ہیں تو"درِنجات" کے بجائے ایک اور ٹی وی نیٹ ورک کے تیار کردہ "مٹی دے باوے" کو باقاعدگی سے دیکھوں۔ وہ "درِنجات" کے مقابلے میں حقیقت سے زیادہ قریب ہے۔

"درِنجات" سے گریز کا مشورہ دینے والے مصر رہے کہ اس کی مصنفہ عمیرہ احمد ہیں۔ وہ بانوقدسیہ اور اشفاق احمد کی طرح "مذہبی ٹچ" کا سہارا لیتی ہیں۔ ایسی دنیا تخلیق کرتی ہیں جس کا حقیقت سے کوئی لینا دینا نہیں۔ عمیرہ احمد کا نام مگر 1980ء کی دہائی سے سن رکھا ہے۔ وہ خواتین میں مقبول ڈائجسٹوں کے لئے کہانیاں لکھا کرتی تھیں۔ میں نے ان کی لکھی ایک کہانی بھی نہیں پڑھی۔ میری مرحومہ ساس مگر ان کی باقاعدہ قاری تھیں۔ "مذہبی ٹچ" سے مرحومہ کا مرعوب ہونا ممکن نہیں تھا۔ قیام پاکستان کے بعد لاہور کے ٹمپل روڈ سے سائیکل چلاکر گورنمنٹ کالج جایا کرتی تھیں۔ ہجرت سے قبل علی گڑھ یونیورسٹی کی طالبہ تھیں۔ کئی حوالوں سے قدامت وروایت پسند ہوتے ہوئے بھی ان کے کھلے ذہن کا سب سے بڑا ثبوت مجھ جیسے داماد کواپنی اولاد سے بڑھ کر پیار دینا تھا۔ گورنمنٹ کالج میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے وہ اس کے ادبی رسالے "راوی" کے لیے کہانیاں بھی لکھتی رہیں۔ منٹو، واجدہ تبسم۔ پریم چند، کرشن چندر اور قرۃالعین حیدر کی باقاعدہ قاری تھیں۔ اپنی مرحومہ ساس کے ادبی ذوق کو نگاہ میں رکھتے ہوئے میں عمیرہ احمد کی تخلیقات سے آگاہ نہ ہونے کے باوجود ان کے کہانی بیان کرنے کے ہنر کے احترام کو مجبور ہوں۔

عمر کے آخری حصے میں اشفاق احمد صاحب نے یقیناََ "صوفی بابوں " کو ہمارے اذہان پر مسلط کرنا شروع کردیا تھا۔ اس حقیقت سے مگر کامل متعصب شخص ہی انکار کرسکتا ہے کہ وہ قابل رشک تخلیقی صلاحیتوں سے مالامال تھے۔ بہت کم لوگ ان کی طرح ریڈیوکے ذریعے گہری سے گہری بات سادہ انداز میں بیان کردینے کا ڈھنگ سیکھ پائے۔ میرے بچپن میں انہوں نے "تلقین شاہ" کے نام سے ایک کردار ایجاد کیا تھا۔ ریڈیو پر یہ کردار وہ خود ہی مشرقی پنجاب کے لہجے میں بولی اردو میں ادا کرتے۔ اس کردار نے ہمارے معاشرے پر حاوی منافقت کو جس خوب صورتی سے بے نقاب کیا اسے مجھ جیسا بے ہنر کماحقہ انداز میں سراہ ہی نہیں سکتا۔

عمیرہ احمد صاحبہ کے مبینہ "مذہبی ٹچ" سے بے خبر رہنے کے باوجود ڈرامے کی صنف کا طالب علم ہوتے ہوئے اصرار کروں گا کہ وہ ناظرین میں تجسس کو متاثرکن انداز میں زندہ رکھتی ہیں۔ "درِنجات" کی جو قسط میں نے گزرے جمعہ کے دن دیکھی وہ جس مقام پر ختم ہوئی اس نے مجھے ہفتے کے روز نشر ہوئی قسط دیکھنے کوبھی اُکسایا۔ ہفتے کے روز دکھائی قسط کا آخری سین "درِنجات" کے مستقل ناظر کو اگلے جمعہ کی قسط کے انتظار کو ہر صورت مجبور کرے گا۔

میری انفرادی رائے کے مقابلے میں اہم ترین حقیقت یہ ہے کہ میں نے ان کے لکھے "درِنجات" کی محض ایک قسط دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا کے بنیادی طورپر "سیاسی معاملات" پر توجہ دینے والے ایکس پلیٹ فارم پر انگریزی زبان میں جو پیغام لکھا اسے ریکارڈ توڑ تعداد نے دیکھا۔ چند تلنگوں کے علاوہ جوابی پیغامات دیکھنے والوں کی اکثریت نے سنجیدگی سے اسے سراہنے یا ناپسند کرنے کی وجوہات بیان کیں۔

مجھے آئے جوابی پیغامات سے کہیں زیادہ اہم بات یہ بھی ہے کہ "درِنجات" کو محض پاکستان ہی نہیں بھارت اور بنگلہ دیش میں بھی بے تحاشہ ناظرین دیوانوں کی طرح باقاعدگی سے دیکھ رہے ہیں۔ خواتین ناظرین کی تعداد یقیناََ متاثر کن ہے اور ان کا پسندیدہ کردار ایک نوجوان "ابوبکر" ہے۔ ابوبکر دیکھنے میں "ماڈرن" ہے۔ غالباََ کسی بڑے نجی کاروباری ادارے کے لئے اچھی تنخواہ اور مراعات کے ساتھ کام کرتا ہے۔ دورِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق زندگی گزارنے کے باوجود وہ مذہبی فرائض نمودونمائش کئے بغیر ادا کرتا ہے۔ زریاب نام کے جس کردار سے اس کی شادی ہوئی ہے وہ بنیادی طورپر "لبرل" خیالات کی حامل رہی تھی۔ امریکہ کی مشہور ترین یونیورسٹی میں تعلیم کے دوران وہ پاکستان سے آئے ایک نوجوان کے ساتھ بن بیاہے ساتھ رہتی رہی۔ بتدریج دین کی مبادیات سے نتھی ہوکر اس نوجوان نے زریاب کو اپنی زندگی سے نکال دیا۔

خود کو ٹھکرائی ہوئی عورت سمجھ کر زریاب مستقل اداسی اور احساسِ کمتری کا شکار ہوگئی۔ نظر بظاہر اس کی خوش بختی کہ ابوبکر نامی کردار سے اس کی شادی ہوگئی۔ وہ اس کا دل جیتنے کی ہر ممکن کوشش کرتا ہے۔ عمیرہ احمد کے متعارف کردہ اس کردار کا بھارت اور بنگلہ دیش کے اکثر ٹاک شوز میں ذکر ہوتا ہے۔ مجھے جوابی پیغامات بھیجنے والوں کی اکثریت بھی "درِنجات" کی مقبولیت کی اصل وجہ ابوبکرکے کردار کو بتاتی رہی۔ نوجوان مردوں کی اکثریت کو یہ کردار پسند نہیں آرہا۔ وہ اسے ہر حوالے سے غیر حقیقی "مرد" گردانتے ہیں۔ ساتھ ہی مگر اپنے جوابی پیغامات میں یہ تسلیم بھی کرتے رہے کہ آج کے جن-زی کی بچیاں اپنے لئے ابوبکرجیسے "فرماں بردار" اور "رن مرید" شوہر کی تلاش میں ہیں۔ ان کے تھلے لگے رہنے کے علاوہ ابوبکر جیسا شوہر اپنی بیوی کے لئے قیمتی تحائف فراہم کرنے کو بھی بے چین رہتا ہے۔

ابوبکر کی مقبولیت کے بارے میں مجھے جوابی پیغامات بھیجنے والے جن-زی کے نوجوانوں نے جو سوالات اٹھائے ان کی اکثریت منطقی بنیادوں پر قابل توجہ ہے۔ ڈرامے اور افسانے مگر منطق کا اتباع نہیں کرتے۔ ان کی اکثریت قارئین وناظرین کے دلوں میں بیٹھی خواہشوں کا سراغ لگاتے ہوئے ان کے حصول کے خواب دکھانے کی کوشش کرتی ہے۔ آپ اس کاوش کو "افیون فروشی" کہہ سکتے ہیں۔ ٹی وی کے لئے ڈرامہ تیار کرنا مگر ایک مہنگا سودا ہے۔ پاکستان کے مقابلے میں بھارت یا ہالی ووڈ میں ٹی وی ڈرامے تیار کرنے کے لئے کہیں زیادہ سرمایہ میسرہے۔ نسبتاََ کم سرمایے اور وسائل سے تیار ہوئے "درِنجات" کی نیٹ فلیکس جیسے پلیٹ فارم کے ہوتے ہوئے بھی بھارت اور بنگلہ دیش میں مقبولیت عمیرہ احمد صاحبہ کے خواب بیچنے کی مہارت کا ٹھوس ثبوت ہے۔

ذاتی طورپر میں لوگوں کو تلخ حقائق بھلاکر اچھی اور مطمئن دنیا کے خواب دکھانے والی تحریروں کا گرویدہ نہیں۔ جوانی ہی میں "ترقی پسند ادب" نامی صنف سے متاثر ہوگیا تھا۔ سعادت حسن منٹو کا بے پاک پن آج تک متاثر کئے ہوئے ہے۔ سعادت حسن منٹو کی زندگی پر لیکن غور کروں تو گھبراجاتا ہوں۔ "فحش نگاری" کے الزام میں دو سے زیادہ بار مقدمات کا ذلت آمیز میں سامنا کرنے والے منٹو کی ذاتی زندگی کئی اعتبار سے بے تحاشہ "نیک پاک" تصور ہوتے لوگوں سے زیادہ ستھری تھی۔ اپنی بیوی کے وہ تاحیات وفادار رہے۔ بچوں کو دیوانگی کی حد تک پیار کیا۔ ناقابل بیان تخلیقی صلاحیتوں کے حامل ہونے کے باوجود وہ غربت اور بیماری کے ہاتھوں سسک سسک کرمرے۔ ان کی تحریروں کی بدولت کئی اشاعتی اداروں نے محل تعمیر کرلئے۔ منٹو مرحوم کے پسماندگان کو مگر کچھ بھی نہ ملا۔ عمیرہ احمد کی "خواب فروشی" کو قابلِ مذمت قرار دینے سے قبل لہٰذا سوبار منٹو صاحب کے انجام کے بارے میں سوچنے کو مجبور ہوں۔

About Nusrat Javed

Nusrat Javed

Nusrat Javed, is a Pakistani columnist, journalist and news anchor. He also writes columns in Urdu for Express News, Nawa e Waqt and in English for The Express Tribune.