دیرینہ قارئین کھودینے کے خوف سے بدھ کی صبح ملکی سیاست کے بارے میں لکھنے کو مجبور ہوا۔ قارئین کی خواہش تھی کہ چوہدری شجاعت حسین کے فرزند چوہدری سالک حسین اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صاحبہ کے مابین چھڑی لفظی جنگ کے بارے میں کچھ لکھا جائے۔ اقتدار کے کھیل کو 1985ء کے برس سے بہت قریب سے دیکھنے کے بعد اس سے اُکتائے ذہن نے دونوں کے مابین چھڑے قضیے کو "وقتی رونق" قرار دیتے ہوئے جند چھڑالی۔ کالم لکھ کر دفتر بھجوادینے کے چند ہی گھنٹوں بعد اگرچہ محسوس ہونا شروع ہوا کہ "رونق" اتنی بھی "وقتی" نہیں ہے۔ جس "رونق" کو بدھ کے روز کئی گھنٹوں تک برداشت کرنا پڑا اس کا براہِ راست تعلق چوہدری سالک حسین اور مریم نواز صاحبہ کے مابین چھڑی لفظی جنگ سے نہیں تھا۔ ایک اور میدان میں نئی گیم نمودار ہوتی محسوس ہوئی۔ جو گیم کھل رہی تھی اس کے مضمرات محض ایک صوبے تک محدود نہیں رہیں گے۔
گھماپھرا کر بات کرنے کے بجائے مکدی گل بتانا ہوگی۔ پیر کی رات تک تحریک انصاف کے وفادار وکلاء کا ایک گروہ میرے قابل اعتماد ذرائع کو انتہائی مایوس ہوا یہ بتارہا تھا کہ منگل کے روز جب اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان اور ان کی اہلیہ کو 190ملین پائونڈ رشوت کے الزام میں سنائی سزائوں کے خلاف داخل ہوئی اپیل کی سماعت شروع ہوگی تو عدالت کا رویہ مشفقانہ نہیں ہوگا۔ بانی تحریک انصاف اور ان کی ا ہلیہ کے وکلاء کو سزا کے خلاف دلائل پیش کرنے کو مجبور کیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے مؤکل سے ہدایات لینے کے نام پر ملاقات کی درخواست کی تو یاد دلایا جائے گا کہ ان کے اہم ترین وکیل سلمان صفدر کی چند ہی روز قبل جیل میں مقید عمران خان سے ملاقات ہوچکی ہے۔ اس کے بعد مزید ملاقاتوں کی استدعا دراصل دلائل پیش کرنے سے گریز کا بہانہ تصور ہوگی۔
جن بااعتماد دوستوں نے مجھ سے تحریک انصاف کے وکلاء میں پھیلی اداسی کا ذکر کیا وہ بانی تحریک انصاف کے ہمدرد ہیں۔ انہیں منافقانہ تسلی دینے کے بجائے میں نے محض حقائق کو بنیاد بناتے ہوئے یاد دلایا کہ چند دن قبل سلمان صفدر صاحب کی اپنے مؤکل سے جو ملاقات ہوئی وہ کسی عدالتی حکم کی وجہ سے نہیں ہوئی تھی۔ حکومتی بندوبست کے اہم فیصلہ سازوں سے تحریک انصاف کے ایک رہ نما کے رابطوں کی بدولت سلمان صفدر کیلئے جیل کا پھاٹک کھلا۔ سلمان صفدر کو جیل میں دیکھ کر عمران خان حیران ہوئے تھے۔ حیرت سے جاننا چاہا کہ وہ کونسی عدالت کے حکم پر ان سے ملنے آئے ہیں۔ عدالتی حکم کے بغیر ہوئی مذکورہ ملاقات نے بانی تحریک انصاف کو مزید حیران کیا۔ ان کی حیرانی کی خبر معلوم ہونے کے بعد یہ سوچنے کو مجبور ہوا کہ قائد تحریک انصاف کے لیے آنے والے دنوں میں آسانیاں فراہم ہوسکتی ہیں۔
منگل کے روز ہوئی سماعت کے دوران عدالتی رویے نے میری سوچ کو تقویت دی۔ تحریک انصاف کے ایک نہیں دو وکلاء-لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر- کو مزید سماعت سے قبل اپنے مؤکل سے جیل میں کم از کم ایک گھنٹہ ملاقات کا حکم صادر ہوگیا۔ اس حکم کے اطلاق سے قبل مگر ہمارے ذہنوں کو مائوف بنانے کے لئے بے شمار کہانیاں پھیلنا شروع ہوگئیں۔
بدھ کی صبح اٹھا تو پہلی خبر موبائل پر یہ نظر آئی کہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات عمران خان کو طبی معائنے کے لئے اسلام آباد میں سرکاری طورپر چلائے پمز ہسپتال لایا گیا تھا۔ ان کی آنکھ میں ڈاکٹروں کا تجویز کردہ ٹیکہ لگا۔ اس کے بعد ہوئے لمبے معائنے نے ان کی عمومی صحت کو معمول کے مطابق بتایا اور وہ ایک گھنٹہ ہسپتال میں رہنے کے بعد جیل واپس بھیج دیے گئے۔
عمران خان کی ہسپتال آمد کی خبر سرکاری طورپر جاری ہوئی۔ یہ کسی "تحقیقاتی رپورٹر" کی پھوڑی خبر نہیں تھی۔ مذکورہ خبر کی سرکاری ذرائع سے فراہمی نے ذات کے رپورٹر کو یہ سوچنے کو اُکسایا کہ سلمان صفدر صاحب نے اپنے مؤکل سے ملاقات کے بعد ان کی صحت کے بارے میں جس تشویش کا اظہار کیا تھا وہ قابل توجہ ہے اور حکومت بھی اسے سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ غالباََ اسی باعث ان کے وکلاء کو جیل میں ایک اور ملاقات کا موقع بھی مل جائے گا۔
میری توقع کے برعکس ریگولر اور سوشل میڈیا کے لئے تحریک انصاف کے معاملات پر خصوصی نگاہ رکھنے والے چند دوستوں نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود بدھ کی سہ پہر شاید سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کی اپنے مؤکل سے ملاقات نہیں ہو پائے گی۔ سہ پہر تین بجے کے قریب مگر یہ دونوں وکلاء اڈیالہ جیل میں داخل ہوگئے۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وہ بھی ایک کامیاب اور نامور وکیل ہیں۔ انہیں مگر جیل میں جانے کی اجازت نہ ملی۔ سڑک پر کھڑے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے "اچانک" عمران خان کے نئے صوبوں کے قیام کے بارے میں خیالات کا ذکر بھی کردیا۔ ان کی تفصیلات بتانے سے اگرچہ گریز کیا۔ یوں نہایت مہارت سے پیغام یہ دیا کہ عمران خان کو نظر بظاہر حالیہ دنوں میں جو آسانیاں فراہم ہورہی ہیں وہ نئے صوبوں یا چھوٹے انتظامی یونٹوں کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے تیار ہونے والی 28ویں ترمیم کی منظوری کے کام آسکتی ہیں۔ ایک کلیدی پیغام کو پھلجھڑی کی صورت پھوڑ کر وہ اڈیالہ روڈ سے رخصت ہوگئے۔ "تازہ ترین" کے منتظر مجھ جیسے سادہ لوح ٹی وی سکرینوں پر نگاہیں جمائے سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کی ملاقات ختم ہونے کا انتظار کرنے لگے۔
دونوں سواتین بجے کے قریب اڈیالہ جیل کے مرکزی دروازے سے اندرداخل ہوئے تھے۔ عدالتی حکم کے مطابق انہیں ایک گھنٹے تک ملنا تھا۔ چار بجے کے بعد جیل کے پھاٹک سے لوٹنے کے بجائے وہ سات بجے تک اڈیالہ جیل ہی میں موجود رہے۔ سلمان صفدر سے گزشتہ 11مہینوں میں عمران خان کی یہ تیسری ملاقات تھی اور لطیف کھوسہ سے پہلی۔
جیل میں مقید "سیاسی" ملزم/مجرم سے وکلاء کا ملنا 2024ء کے بعد قائم ہوئے بندوبستِ حکومت سے قبل معمول تصور ہوتا تھا۔ بندوبستِ حکومت ہائبرڈ ہوجانے کے بعد اب "ہارڈ" ہوگیا ہے۔ لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کی ملاقات لہٰذا غیر معمولی ہونے کے علاوہ طویل تر بھی محسوس ہونے لگی۔ ملاقات کی طوالت نے لوگوں کو "ڈھیل" یا "ڈیل" کے بارے میں سوچنے کو اُکسایا۔ عاشقانِ عمران کے دلوں میں امید جگائی۔ نئی "رونق" لگ گئی جس کے دوران طویل وقفے کے بعد چوہدری پرویز الٰہی بھی ٹی وی سکرینوں پر نمودار ہوگئے اور عمران خان کی صحت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔ پرویز الٰہی کی سکرینوں پر موجودگی نے چوہدری سالک حسین کے بیانات کو ایک نئی جہت فراہم کردی ہے۔ رونق" گویا وقتی نہیں رہی۔ اقتدار کے کھیل کا ایک اور سیزن شروع ہوا محسوس ہورہا ہے۔ سردیوں میں ہمارے دلوں کو گرمائے رکھنے کا سبب ہوسکتا ہے۔