عدالت عظمیٰ کی موجودہ ہیت سے پہلے از خود نوٹس کی جو سہولت عوام کو میسر تھی، اس سے کم ازکم فوری ریلیف کی امید تو تھی، معزز منصف اعلیٰ غیر قانونی عمل، بربریت، ظلم، ناانصافی کے نوٹس سے کسی فرد، ادارہ، اتھارٹی کو عدلیہ کے کٹہرا میں لا کھڑا کریں گے، اس کی مثالیں ماضی میں ملتی ہیں، اس سے نہ صرف عام شہری کو انصاف ملتا تھا بلکہ حکومت مخالف سیاسی راہنماء بھی مستفید ہوتے، منصف اعلی کے اس اختیار کو اب محدود کر دیا گیا ہے۔
یقین کامل ہے کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023کی منظوری سے قبل اگر جارج مسیحی، اس کا بیٹا اور پوتا کراچی کے گٹر میں صفائی کے عمل کے دوران میتھین اور دیگر زہریلی گیسیوں کی بدولت موت کے منہ میں جس طرح گئے، قانون حرکت میں ضرور آتا اور فوری نوٹس لیا جاتا، یہ غیر معمولی سانحہ تھا، امسال ستمبر میں ایک خاندان کے تین مرد اکھٹے چند لمحوں کے ساتھ یکے بعد دیگرے ابدی نیند سو گئے، کیا ان جرم صرف اتنا کہ وہ مینارٹی کے عیسائی قبیلہ سے تعلق رکھتے، پرائیویٹ طور سیورمین کاکام کرتے تھے، سوال یہ ہے، بیک وقت تینوں کی موت کیوں ہوئی، جواب یہ ہے، زیادہ تر یہ کام غیر مسلم عیسائی ہی کرتے اور ایک قبیلہ یا خاندان سے ہوتے ہیں، جونہی کوئی سیور مین گٹر کی صفائی کے لئے اس میں اترتا ہے، زہریلی گیس کی وجہ سے بے ہوش ہوتا اور اگر حالت غیر ہونے لگتی ہے تو اس کو بچانے کے لئے اس کا کوئی قریبی بلکہ خونی رشتہ دار ہی گٹر میں جانے کا رسک لیتا ہے، یہی وجہ تھی دادا، باپ اوربیٹا تینوں لقہ اجل بن گئے ان کا گھر اجڑ گیا۔
سیٹیزن کمیشن فار ایکیوٹی اینڈ ہیومین رائٹس نے دعوی کیا ہے رواں سا ل کے آٹھ ماہ میں سیور مینوں کی ہلاکتوں کی تعداد 26 ہے، پنجاب میں یہ تعداد 18بتائی جاتی ہے، کہا جاتا ہے گٹر کی صفائی کے دوران مرنے والے سیورمینوں کی تعداد سالانہ100 کے لگ بھگ ہے، انکی اموات کی بڑی وجہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنا بھی ہے مشاہدہ ہے وہ ایک بالٹی، رسی اور ڈنڈے سے ساتھ گٹر میں اترتے ہیں، اس کام کے لئے کوئی حفاظتی کٹ وہ نہیں پہنتے، نہ ہی ان کو فراہم کی جاتی ہے، یوں یہ جلد زہریلی گیسوں کا شکار ہو کر آخری سانس لیتے ہیں۔
مذکورہ کمیشن سے وابستہ ایک سماجی کارکن نے نجی ٹی وی پر اس طبقہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر سیورمین سرکاری ملازم نہیں ہوتے، یہ ٹھیکداری نظام کے تحت کام کرتے ہیں، جونہی گٹرز کی صفائی درکار ہوتی ہے تو مڈل مین کی وساطت سے یہ خدمت لی جاتی ہے، صفائی کے دوران انکی موت ہو جائے تو پھرٹھیکیدار یا ادارہ والی وارث نہیں بنتا، بے ہوش ہونے کی صورت میں انہیں ہسپتال کوئی نہیں پہنچاتا وجہ جسم اور کپڑوں کا آلودہ ہونا ہے، موت کی صورت میں پوسٹ مارٹم بھی جلد نہیں ہوتا، تدفین میں بھی تاخیر ہوتی ہے۔
افسوس ناک یہ کہ مرنے کے بعد انہیں مالی گرانٹ اس لئے نہیں ملتی یہ پرائیویٹ فرد کے طور پر کام کرتے ہیں، سرکاری ادارہ جات میں بھرتی سیور مین گٹروں کی صفائی ایسے افراد ہی سے کرواتے ہیں، مرنے کی صورت میں چند ہزار دے کر لواحقین سے سادہ کاغذ کر دستخط صرف اس لئے کرواتے ہیں کہیں وہ موت پر ان کے خلاف قانونی کاروائی نہ کریں، بے بس خاندان چپ سادھ لیتے ہیں، جنہیں روٹی لے لالے پڑے ہوں۔
وہ مقدمہ بازی نہیں کرتے۔ بھرتی کا جب اشتہار دیا جاتا ہے تو غیر مسلم قابل ترجیح ہوتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ اس کام کی وجہ سے انکی اوسط عمر کم ہوتی ہے، زندگی کے آخری حصہ میں انہیں بہت سی جلدی بیماریاں لاحق ہوتی ہیں، مگر سرے سے کوئی میڈیکل کی سہولت انہیں نہیں ملتی ہے۔ دکھ تو یہ ہے باوجود اس کے ٹھیکیدار بہت ہی کم معاوضہ گٹر کی صفائی کا دیتا ہے۔
انڈیا میں بھی نچلی ذات کے ہندو، دلت قبیلہ سے سیورمین کاکام لیا جاتا ہے، مگر وہاں 1993-2013 ایکٹ کے تحت گٹروں کی ہاتھ سے صفائی قابل تعزیر جرم ہے نیز سیورمین کی موت کی صورت میں بھاری بھر معاوضہ دیا جاتا ہے خواہ وہ سرکاری یا پرائیویٹ فرد ہو، ارض وطن میں اب بھی95فیصد صفائی کاکا م ہاتھ سے کیا جاتا ہے۔
کراچی اور حیدر آباد واٹر بورڈ کے بجٹ بالترتیب 60 اور54 بلین سالانہ ہیں مگر گٹروں کی صفائی کاکام سرکاری کی بجائے یہ پرائیویٹ سیورمین کرتے ہیں، مرنے کے بعد ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا۔ انہیں سرکاری پر کسی بھی قسم کا کوئی مالی یا سماجی تحفظ حاصل نہیں، دنیا بھر سیوریج کی صفائی کے نظام کو مشینوں پر منتقل کیا جاچکاہے ذمہ داری مقامی حکومتوں کی ہے وہ عملہ کو جدید مشینری فراہم ہی نہیں کرتے بلکہ انہیں حفاظتی اقدامات کی تربیت بھی دیتے ہیں، یہاں تو ان حکومتوں کا انتخاب بھی ایک مسئلہ ہے۔
پی پی پی کی کلیدی لیڈر نے میڈیا پر بتایا کہ سیورمینوں کے جانی اور مالی تحفظ کے لئے ایک بل جلد قومی اسمبلی میں پیش کیا جارہا ہے، جس میں میڈیکل، انشورنس اور دیگر مراعات تجویز کی گئی ہیں، اس پر یہی کہا جا سکتا ہے کہ دیر آئد درست آئد۔ سماجی کارکن کا کہنا تھا کہ اب تلک ہلاک ہونے والے سیور مینوں کا ڈیٹا نادرا کے پاس نہیں ہے، خدشہ ہے کہ مجوزہ بل منظور ہوجانے کے باوجود مطلوبہ دستاویزات کی عدم موجودگی میں مرنے والے افراد کے لواحقین مراعات سے محروم نہ رہ جائیں، اہم کام ان کا ڈیٹا اکھٹا کرنا بھی ہے تمام سیورمینوں کا خواہ وہ ٹھیکیداری نظام کے تحت کام کرتے وہ وفات پا گئے، مالی گرانٹ دینے کے لئے ان کے اعدادو شمار جمع کرنے کی ذمہ داری ضلعی مونسپل کارپوریشن کو دی جائے۔
سماجی راہنماء کا کہنا تھا کہ سیورمین کے تحفظ کے لئے مطالبات ہیں، صفائی کے کام کو مشین کی بجائے ہاتھ سے کرنے کو قابل تعزیر جرم قرار دیا جائے، کوئی فرد یا ادارہ سیور مینوں کو ہاتھ سے صفائی پر مجبور کرے اس پر بھی فرد جرم عائد کی جائے، سول سو سائٹی کا مطالبہ ہے کہ گذشتہ پانچ سالوں کے دوران گٹر کی صفائی کے دوران مرنے والے سیورمین کے لواحقین پانچ لاکھ فی کس معاوضہ دیا جائے۔ ایک ہی خاندان کے تین افراد کا سایہ جس گھر سے اٹھ گیا ہو اس کی بے چارگی سے اراکین پارلیمنٹ معزز عدلیہ، انتظامیہ کا لاعلم ہونا انسانیت کے درد سے عاری ہونے کے مترادف ہے، جارج مسیحی کی بیٹے اور پوتے کے ساتھ موت ایک سانحہ ہے عدالت عظمی کا مگر اس پر از خود نوٹس نہ لینا اس سے بھی بڑا المیہ ہے۔