نیویارک سے کراچی کا وزٹ اس بار University Medical Dow میں پچاس سالہ اجتماع کے سبب انتہائی شاندار رہا۔ 1947ء میں قیامِ پاکستان کے بعد کراچی کو ملک کا پہلا دارالحکومت بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی جائے پیدائش اور آخری آرام گاہ (مزارِ قائد) ہونے کی وجہ سے یہ شہر ہر پاکستانی کے دل میں ایک خاص عقیدت اور احترام رکھتا ہے۔
کراچی کو اکثر "منی پاکستان" کہا جاتا ہے کیونکہ یہاں ملک کے کونے کونے سے آئے ہوئے لوگ بستے ہیں۔ سندھی، اردو بولنے والے، پنجابی، پختون، بلوچ، کشمیری اور گلگت بلتستان کے باسی اس شہر کی رونقوں میں رنگ بھرتے ہیں۔ مختلف زبانوں، لباسوں اور روایات کا یہ حسین امتزاج کراچی کو ایک منفرد شناخت دیتا ہے۔ یہ شہر ہر آنے والے کو اپنے دامن میں سمیٹ لیتا ہے اور محنت کرنے والوں کو آگے بڑھنے کے بے شمار مواقع فراہم کرتا ہے۔
پاکستان کی معیشت میں کراچی کا کردار ریڑھ کی ہڈی جیسا ہے۔ ملک کی دو بڑی بندرگاہیں کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم، یہیں واقع ہیں، جن کے ذریعے پاکستان کی بیشتر درآمدات و برآمدات ہوتی ہیں۔ ملک کے بڑے بینکوں کے صدر دفاتر، پاکستان سٹاک ایکسچینج اور بڑے صنعتی زونز، قومی خزانے میں سب سے زیادہ ٹیکس جمع کرانے والا یہ شہر پورے ملک کی معاشی ترقی کا ضامن ہے۔ کراچی میں قدیم و جدید طرزِ تعمیر کا شاندار امتزاج دیکھنے کو ملتا ہے۔
مزارِ قائد کا سفید سنگِ مرمر کا گنبد شہر کی پہچان ہے، جبکہ فریئر ہال، مہٹہ پیلس، ایمپریس مارکیٹ اور سینٹ پیٹرکس کیتھیڈرل برطانوی دور کے فنِ تعمیر کے شاہکار ہیں۔ ساحلِ سمندر کراچی کی سب سے بڑی کشش ہے، کلفٹن، سی ویو، ہاکس بے اور سینڈز پٹ کے ساحل شام کے وقت شہریوں سے بھر جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ پورٹ گرینڈ اور دو دریا کے مقام پر سمندر کی لہروں کے کنارے کھانے پینے کی رونقیں رات گئے تک جاری رہتی ہیں۔ کراچی اپنے لذیذ کھانوں کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ برنس روڈ کی نہاری، حلیم، بن کباب اور کراچی کی مشہور بریانی کا ذائقہ کسی تعارف کا محتاج نہیں۔
علمی و ادبی لحاظ سے بھی یہ شہر ہمیشہ زرخیز رہا ہے۔ آرٹس کونسل آف پاکستان، نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (ناپا) اور عالمی اردو کانفرنس جیسے پلیٹ فارمز نے ادب، شاعری، تھیٹر اور فنونِ لطیفہ کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ کراچی میں چار روزہ قیام نے کراچی سے مزید انسیت پیدا کر دی اور University Medical Diw جو پہلے کالج کہلاتا تھا کی تقریبات سے متعلق اپنی جذبات کا چند جملوں میں اظہار کچھ ان الفاظ میں کیا۔۔
اے Dow میں تیری شکر گزار ہوں کہ تو نے کراچی کو بھی میرا مائیکہ بنا دیا! کہنے کو تو یہ کبھی میرا سسرال تھا، ہمارے بزرگ پنجاب سے اعلیٰ تعلیم اور ترقی کے لیے اکثرکراچی آتے اور یہاں ہی مستقل سکونت اختیار کر لیتے تھے، ان کی اولادیں آج بھی اس شہر کے سگے بچے کہلاتے ہیں اور کچھ میرے شوہر کے بزرگوں کی طرح تعلیم اور ترقی حاصل کرکے واپس پنجاب لوٹ جاتے۔ میرا اس شہر سے بس اتنا ہی تعلق تھا کہ میرے شوہر بھی بچپن میں اپنے بڑے بھائی کے پاس اپنا مستقبل بنانے کے لئے آئے، Dow سے ڈگری لی اور پھر کراچی کو ہمیشہ کے لیے خیر باد کہہ گئے۔
آج University Medical Dow نے پچاس سالہ Reunion کا اجتماع کرکے اس بہو پر بہت احسان کیا ہے۔ وہ شہر جو کبھی عارضی سسرال معلوم ہوتا تھا آج سب دوستوں سے مل کر مجھے مستقل مائیکے کا احساس دے گیا۔ زندگی کے اس موڑ پر جب یادوں کے چراغ مدھم ہونے لگتے ہیں، اس درسگاہ کے پرانیباسیوں سے ملاقات نے دل کے دریچے ایک بار پھر روشن کر دیے۔ یہ شہر اب صرف کثیر المنزلہ عمارتوں اور ساحل کا نام نہیں رہا، بلکہ یہ ان گنت دلی رشتوں، احترام اور خلوص کا استعارہ بن گیا ہے۔
ان یادگار لمحات میں جب نظر پیچھے پلٹتی ہے تو احساس ہوتا ہے کہ رشتے صرف خون کے نام پر قائم نہیں ہوتے، بلکہ ظرف، محبت اور مشترکہ یادیں بھی تاحیات قلبی رشتے بن جاتی ہیں۔ اسی احساسِ تشکر اور دل کی گہرائیوں سے اٹھنے والی ممتا کو دوام بخشنے کے لیے، مومنہ چیمہ سکالرشپ کا آغاز درحقیقت اس ممتا بھرے احساس کو دائمی تعلق میں بدلنے کی ایک عاجزانہ کوشش ہے۔
کراچی کی اس دھرتی پر، جہاں میرے جیون ساتھی نے علم کے چراغ جلائے تھے، اب اس سکالرشپ کے ذریعے روشن ہونے والے چراغ آنے والی نسلوں کے راستے منور کریں گے۔ ڈاؤ کے اس پچاس سالہ اجتماع نے مجھے یہ سکھایا کہ محبتیں سرحدوں اور شہروں کی محتاج نہیں ہوتیں۔ جہاں خلوص کی پنیری لگ جائے، وہیں مائیکے جیسی چھاؤں اور اپنائیت کے نگر آباد ہو جاتے ہیں۔
اے کراچی! تو نے میرے شوہر کے علمی سفر کی گواہی دی تھی اور آج تو نے میری زندگی کے دامن کو ان انمول رشتوں اور یادوں سے بھر دیا ہے جنہیں میں تا عمر دل کے نہایت قریب رکھوں گی۔ یہ تعلق اب کچے دھاگوں کا نہیں، بلکہ خدمت اور انسیت کا وہ مضبوط رشتہ ہے جو وقت کی گرد سے کبھی دھندلا نہیں ہو سکتا۔