ویسے مجھے آج تک سمجھ نہیں آئی جو ہم فانی انسان اپنی ذات، ملک، قوم، قبیلہ، زبان، کلچر کو لے کر احساس برتری کا شکار ہیں، کیا پیدا ہونے سے پہلے ہم سب کو ایک فارم دیا گیا تھا کہ اسے بھر دیں اور چن لو۔۔ تمہارے والدین، تمہارا علاقہ، تمہارے رشتہ دار، بہن بھائی، تمہاری زبان یا قوم کیا ہونی چائیےاور ہم چوائس کرتے ہیں لہذا ہمیں دوسروں پر برتری حاصل ہے کہ ہم سب نے سب کچھ خود چنا ہے لہذا ہم chosen people ہیں؟ یہ آپشن کسی اور کو نہیں ملا لہذا ہم برتر ہیں۔
ہمارے پاس تو اپنی پیدائش کے وقت اپنا نام رکھنے تک کا چوائس بھی نہیں ہے۔ تو پھر یہ احساس برتری کس چیز کی ہے کہ ہم توپ خانہ ہیں، ہم ایٹم بم ہیں، ایف سولہ طیارہ ہیں، دنیا کے عظیم لوگ یا قوم یا زبان بولنے والے ہیں؟
دنیا میں جو بچہ جس قوم یا زبان یا کلچر میں پیدا ہوتا ہے اس میں اس بچے کا اپنا کردار ہے کہ وہ بڑا ہو کر دوسروں پر اپنی زبان کلچر یا قبیلہ تھوپنتا پھرے یا دوسروں کو کم تر سمجھے؟
مجھے سمجھ نہیں آتی اپنی زبان قوم اور کلچر کا فیصلہ بھی یہی خود کرتے ہیں اور دوسروں کا بھی فیصلہ ان کے ہاتھ ہے کہ کسی کو نائی مصلی یا قصائی یا خان یا چوہدری کا لقب دیں یا زبردستی کسی زبان پر فتوی دے دیں یہ بھی ہماری ہے؟
ہر کسی کو اپنی ذات، اپنی شناخت اور بولی پیاری ہوتی ہے۔ صرف اسے حق ہے وہ خود کو کیا سمجھتا ہے نہ کہ میں ڈنڈہ لے کر اس سے منوانے چل پڑوں۔ کیا جو میرے بارے فیصلہ کرتے ہیں کہ میری زبان یا شناخت کیا ہے، وہ مجھے بھی حق دیں گے میں فیصلہ کروں ان کی قوم ذات یا زبان کیا ہے؟
میرے کسی کو سمجھنے سے کچھ نہیں ہوگا۔ اہم یہ ہے وہ بندہ یا قوم خود کو کیا سمجھتی ہے۔
diversity کائنات کی خوبصورتی ہے بدنام داغ نہیں کہ سب لوگ ایک جیسے کیوں نہیں ہے۔
زبانیں خدا نے انسانوں کو ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت اور قبائل-قوم شناخت کے لیے دیے ہیں نہ کہ مریضانہ احساس برتری کے لیے۔
جتنا بھی آپ خود کو برتر سمجھیں آخر جانا سب نے چھ فٹ نیچے ہی ہے اور کچھ عرصے کے بعد صرف ہڈیاں بچ جاتی ہیں۔ وہاں کوئی چوہدری، خان یا ملک کا پروٹوکول نہیں ملتا۔ نہ وی آئی پی کارڈ دیا جاتا ہے۔
نئی زبانیں جنم لیتی رہتی ہیں اور پرانی مرتی بھی رہتی ہیں یا ختم ہونے سے بچنے کے لیے ایڈجسٹ کرتی ہیں۔ اس کی بڑی مثال ہندوستان کی بڑی اور قدیم زبان سنسکرت ہے جو ختم ہوگئی لیکن اس زبان سے دیگر نئی زبانوں نے لفظ ادھار لیے۔
زبانوں میں تبدیلیاں آتی رہتی ہیں اور ارتقائی عمل جاری رہتا ہے۔ شروع میں تو انسان کی ایک ہی زبان تھی اور وہ اشاروں کی تھی۔ آج ہزاروں زبانیں ہیں۔
اردو کے جنم اور ارتقا کو ہی دیکھ لیں یہ کتنی زبانوں ترکی، عربی، فارسی، سنسکرت اور دیگر مقامی زبانوں سے نکلی۔
زبان یا ذات کی بنیاد پر احساس برتری رکھنے والا انسان مریض ہے اور یہ مرض پرانا ہے کہ سبط حسن نے اپنی ایک کتاب میں ایک باب لکھا تھا "انسان جو خدا بن بیٹھے"۔۔ وہی آج ہورہا ہے۔ صرف شکلیں بدلی ہیں۔۔ کدھر گئے ہیں وہ انسان جو خود کو خدا کہلواتے تھے۔
خدا کو عاجزی اور شکر گزاری پسند ہے تکبر اور غرور نہیں۔ ہم میں سے برتر وہی ہے جو اچھا اور نیک انسان ہے۔
محض زبان کلچر یا قوم کی بنیاد پر خود کو برتر اور دوسرے کو کم تر سمجھنا پرانی نفسیاتی بیماری ہے۔ اپنے اس خطرناک وہم پر فخر نہیں بلکہ خدا سے ہر وقت معافی مانگتے رہنا چاہیے۔
میں اہم تھا
بس یہی وہم تھا