Sunday, 22 November 2026
  1.  Home
  2. Guest
  3. Rauf Klasra
  4. Motorcycle Par Pabandi Lagayen

Motorcycle Par Pabandi Lagayen

آج فیس بک موٹر سائیکل حادثوں سے بھری پڑی ہے۔ کئی نوجوان اموات کا پڑھ کر دل دکھ سے بھر گیا ہے۔ ہمارے ملتانی ناصر شیخ دردناک کہانیاں لکھتے رہتے ہیں۔ تین بھائی ایک بائیک پر سوار تھے اور تینوں کی ٹکر ہوئی اور تینوں جان سے گئے۔ ابھی ایک پروفیسر اور اس کی بیوی کا پڑھا، دونوں اپنے بچوں کو یتیم کر گئے۔

میں نے ایک دفعہ لکھا تھا اگر مجھے ایک دن کا اختیار ملتا تو میں ایک ہی کام کرتا اس ملک میں موٹر سائیکل بنانے اور بیچنے اور چلانے پر مستقل پابندی لگاتا۔ اس پر بہت سارے تبرے سننے پڑے کہ غریب مزدور کی سواری ہے۔ آپ کے اپنے پاس گاڑی ہوگی اس لیے بھاشن دے رہے ہیں۔

میں ابھی بھی قائم ہوں کہ موٹر سائیکل موت کا کھیل ہے۔ جو والدین اپنے بچوں کو خرید کر دیتے ہیں وہ سمجھ لیں اپنے گھر دکھوں کو دعوت دے رہے ہیں۔ میرے اپنے بچوں نے بڑا زور لگایا کہ موٹر سائیکل لے دیں۔ میں نے کہا کچھ ہو جائے بائیک نہیں ملے گی اور نہیں لے کر دی۔ بڑا عرصہ ناراض رہے میں نے کہا بالکل رہیں۔ آج بھی میرے بچوں کو بائیک چلانی نہیں آتی۔

باقی جب تک ہر دفعہ سوشل میڈیا اور اخبارات ان حادثوں کا ذمہ دار "تیز رفتار کار، ٹرک، اندھا دھند بس اور ڈمپر ڈرائیور" کو ٹھہراتے رہیں گے بائیک کے حادثے نہیں رکیں گے۔ بائک والا ہر دفعہ معصوم اور بے قصور سمجھا جاتا ہے کیونکہ وہ بے چارہ جان سے ہاتھ دھو چکا ہوتا ہے لہذا ہم سب کی ہمددریاں اس کے خاندان کے ساتھ ہوتی ہیں۔

اس وقت 90 فیصد اموات موٹرسائیکل حادثات کی وجہ سے ہورہی ہیں۔ ہر دفعہ قصور تیز رفتار کار، بس، ٹرک اور ٹرالی کا لکھا اور بولا جاتا ہے کیونکہ اکثریت کے پاس بائیکس ہیں لہذا انہیں کار بس گاڑی ٹرک والے قصور وار ہی لگتے ہیں۔ موٹر سائیکل سوار کچھ بھی سٹرک پر کرتا ہے اس کا کبھی قصور نہیں گردانا جاتا چاہے ہم روز ان کے کرتب، تیز رفتاریاں، اشارے توڑنے کٹ مارنے، آگے پیچھے نکلنے کی کوششیں اور ون ویلنگ دیکھتے ہیں۔

جس دن موٹر بائیک خرید کر دینے والے ماں باپ اور ان سواروں کو بھی قصور وار ٹھہرانے کا رواج آگیا تو ان انسانی جانوں کے نقصان میں بہت کمی آئے گی۔ ہر بائیک والا پڑھتا ہے کہ وہ تو قصور وار نہیں ہے اور نہ ہی غلطی کر کرسکتا ہے، ہر دفعہ سب قصور تو بڑی گاڑی بس کار ٹرک والے کا ہی ہوتا ہے۔

والدین بھی یہی پڑھتے اور سمجھتے ہیں کہ بچے کا قصور نہیں ہے تو پھر یہ سب کچھ نہیں رکے گا۔ اپنے بچوں کی جانیں بچانی ہیں تو موٹر بائیک سے دور رکھیں، یہ لاڈ ختم کریں اور خود بھی ہر قیمت پر ہیلمٹ پہن کر رکھیں۔ سڑکوں پر مقابلے بند کریں۔ اپنی جان بچانے کا ٹھیکا خود لیں، سارا اگلے پر نہ ڈال دیں۔ کرنی آپ سب نے مرضی ہے تو کرتے رہیں۔ بس نوجوان اموات دیکھ کر کئی دن دل دکھی رہتا ہے کہ ماں باپ پر کیا گزرتی ہوگی۔

حکومت نے ہلمیٹ پر سختی اور جرمانے کیے تو پوری قوم ناراض ہوگئی۔ احتجاج سے سوشل میڈیا بھر دیا کہ ہم سڑکوں پر تیزرفتاری سے گر کر مرنا چاہتے ہیں تو آپ روکنے والے کون ہیں۔ کئی یار لوگ عدالتوں سے اسٹے تک لے آئے تھے۔ ٹریفک پولیس کو گالیاں شروع۔ انہیں مرنا قبول ہے، سر پر ہیلمٹ پہننا، اشارے نہ توڑنا، سڑکوں پر سپیڈیں سے بچنا قبول نہیں ہے۔

About Rauf Klasra

Rauf Klasra

Rauf Klasra is a Pakistani journalist and Urdu language columnist. He files stories for both the paper and television whereas his column appears in Urdu weekly Akhbr-e-Jahaan and Dunya newspaper. Rauf was earlier working with The News, International where he filed many investigative stories which made headlines.