Tuesday, 17 November 2026
  1.  Home
  2. Guest
  3. Rauf Klasra
  4. Bache Waldain Se Seekhte Hain

Bache Waldain Se Seekhte Hain

آج چھوٹے بیٹے کو آخرکار مجھ پر ہنسنے کا موقع ملا گیا۔ میں رات کو تیس منٹ کی واک سے واپس آیا تو سیدھا ٹی وی روم میں جاکر فلم دیکھنے بیٹھ گیا اور وہیں جرابیں اور جوگر اتار کر رکھ دیں۔ ٹی وی بند کرنے کے بعد اٹھا کر باہر رکھنا بھول گیا۔

آج صبح تیار ہونے لگا تو یاد آیا اور جاکر جرابیں اور جوگر اٹھانے والا تھا کہ چھوٹا بیٹا آکر مجھے گلے لگا اور بڑا سیریس ہو کر بولا آپ باہر لندن پڑھتے رہے ہیں وہاں سے یہ سب کچھ سیکھا ہے کہ جرابیں اور جوگر ٹی وی لاونج میں اتاری جاتی ہیں؟

میں ہنس پڑا کہ اکثر اس کے کمرے میں جائوں تو ادھر ادھر پڑی چیزیں دیکھ کر اسے ضرور بھاشن دیتا ہوں تو آج اسے موقع مل گیا۔

میں نے اگر مگر یا جواز ڈھونڈنے کی بجائے سیدھا کہا سوری یار میری غلطی ہے۔ آپ درست کہہ رہے ہیں۔ آئندہ خیال رکھوں گا۔

وہ مسکرا پڑا اور مجھ سے جوگر پکڑ لیے کہ میں باہر رکھ آتا ہوں۔

مجھے بہت پہلے اس بات کا احساس ہے کہ بچوں کو آپ اپنے عمل سے سکھا سکتے ہیں محض بھاشن کافی نہیں ہوتے۔ ہمارے بھاشن وہ احتراماََ سن تو لیں گے لیکن اس لمحے دوسرے کان سے نکال دیں گے۔ میں نے وہ کام بچوں سامنے نہیں کیے جن سے انہیں منع کرتا ہوں یا کوشش کی ہے کہ وہ کام بالکل ہی نہ کروں۔

بیٹے گھر میں باپ کو رول ماڈل تو بیٹی ماں کو سمجھتی ہے۔ دونوں جو رویہ گھر میں رکھیں گے بچے وہی کریں گے۔ وہی ان کی تربیت ہے۔

کئی دفعہ ہوا کہ گھر کی بیل بجی تو بیٹا باہر گیا اور واپس آکر بتایا کہ فلاں صاحب آئے ہیں تو انہیں کبھی نہیں کہا کہہ دو میں گھر نہیں ہوں۔ چاہے میں نہیں ملنا چاہتا تھا اور مجھے کتنی مشکل ہی کیوں نہ ہوں۔ بچے یہ نہ سمجھیں کہ یہ کام بھی زندگی کا حصہ ہے کہ گھر میں موجود ہو کر کہہ دو گھر پر نہیں ہوں۔

ایک دفعہ میرٹ ہوٹل کے سامنے پولیس والے نے روک کر چالان کیا۔ میں فون سن رہا تھا۔ بچے پچھلی سیٹ پر تھے۔ دونوں ابھی سات آٹھ سال کے تھے۔ میری وائف نے کچھ بات اس پولیس مین سے بحث کرنے کی کوشش کی تو میں نے فوراََ اسے روکا۔ سکون سے چالان کرایا اور چل پڑے۔

وائف کا موڈ خراب تھا کہ بحث کرنی چاہیے تھی۔ میں نے کہا دو باتیں۔ پہلی بات تو یہ ہے میرا قصور تھا۔ اب اگر بچوں کے سامنے اپنی غلطی پر ڈٹ جاتا تو بچوں کو غلط میسج جاتا کہ ہر غلط کام کرکے ڈٹ جانا ہوتا ہے اور اپنی غلطی نہیں ماننی۔ دوسرے پولیس والے سے بھی ڈرنا نہیں ہے اور اس سے بحث کرنی ہے کیونکہ ہمارا باپ بھی ڈٹ جاتا ہے اور بحث کرتا ہے۔

ان بچوں پر قانون کا رعب ہونا چاہیے۔ انہیں قانون کا ڈر ہو کہ ہمارا باپ بھی ڈرتا ہے۔ قانون اور پولیس سے ڈر ہی ہمارے بچوں کا تحفظ ہے۔ ورنہ یہ بڑے ہو کر قانون اور پولیس سے بے پرواہ اپنا اور ہمارا بڑا نقصان کریں گے۔ چالان کا سات سو روپے اتنا بڑا نقصان نہیں ہے جتنا بڑا نقصان میں اپنا اور ان بچوں کا کرتا اگر میں پولیس مین سے اپنی غلطی ہوتے ہوئے بھی بحث میں الجھ جاتا۔ میں سات سو روپے تو بچا لیتا لیکن بچوں کو عمر بھر کا غلط پیغام اور تربیت دیتا اور اس کا نقصان ہم سب نے اٹھانا تھا اس پولیس مین نے نہیں۔

About Rauf Klasra

Rauf Klasra

Rauf Klasra is a Pakistani journalist and Urdu language columnist. He files stories for both the paper and television whereas his column appears in Urdu weekly Akhbr-e-Jahaan and Dunya newspaper. Rauf was earlier working with The News, International where he filed many investigative stories which made headlines.