ابھی کچھ دیر پہلے مرحومہ ربعیہ احسن کی فیملی کے ایک قریبی بندے کا مجھے فون آیا کہ فلاں دوست سے آپ کا نمبر لیا ہے۔ آپ سے ریکوسٹ کرنی ہے۔ ربیعہ کی چھوٹی بیٹی کی رو رو کر بہت بری حالت ہے۔ وہ شدید ڈپریشن میں ہے۔ ماں قتل ہوگئی اور باپ گرفتار ہے۔ اس سے بڑی ٹریجڈی کیا ہوسکتی ہے۔ خدا دشمن کو بھی یہ دن نہ دکھائے جو اس گھرانے کے ساتھ ٹریجڈی ہوئی ہے۔
وہ کہنے لگے سوشل میڈیا پر جو کچھ چھپ رہا ہے اور جس بے رحمی سے سنسنی خیز چیزیں چھاپی جارہی ہیں ان کا ان دو بچیوں پر شدید اثر ہورہا ہے۔ ماں ماری گئی اور باپ کو ان کے سامنے پولیس پکڑ گئی۔ وہ اس پورے عمل کو کیسے پراسس کریں کہ بیٹھے بٹھائے ان پر کیا قیامت گزر گئی؟
کچھ دیر انہیں فیملی تسلی دیتی ہے بہلا پھسلا کر بچیوں کا دھیان ہٹائی ہے تو اس وقت سوشل میڈیا یا مین میڈیا پر کوئی نہ کوئی چیز چلنی شروع ہو جاتی ہے اور وہ لاکھ چھپانے کی کوشش کریں ان تک بات پہنچ جاتی ہے کہ بچیوں کی عمریں بارہ سے تیرہ سال ہیں۔
کہنے لگے کسی کو اندازہ ہے اس وقت وہ دونوں بچیاں کس جذباتی تکلیف اور طوفان سے گزر رہی ہیں اور کیا کسی کو ان کی بدقسمتی کا اندازہ بھی ہے یا صرف سب کو فیس بک، ٹوئٹر یا وی لاگ میں ویوز/ڈالرز چاہیں؟
میں یہ سن کر دکھی ہوا اور خاموش رہا تو دکھ سے بولے آپ کا یہ سوشل میڈیا یا اینکرز کیا چاہتے ہیں کہ جس باپ پر قتل کا الزام ہے وہ تو پہلے ہی گرفتار ہے، پولیس اپنی تفتیش کررہی ہے۔ معاملہ اب عدالت چلا گیا ہے۔ قانون اپنی راہ لے رہا ہے لیکن سوشل میڈیا نے اپنی الگ عدالت لگا لی ہے اور اب ہر روز ویوز کے لیے نئی نئی باتیں گھڑی جارہی ہیں تاکہ سنسنی پھیلا کر ویوز لیں اور اس کا خوفناک اثر ان دو بچیوں اور ان کے خاندان پر ہورہا ہے۔ وہ شدید کرب سے گزر رہے ہیں۔
تقریباََ روتے ہوئے کہنے لگے اس بے حس قوم کو بتائیں وہ محض اپنے فیس بک، وی لاگ اور سوشل میڈیا ویوز کے لیے ربعیہ کی ان دو مظلوم بچیوں کے لیے مزید تکلیف اور درد کا سبب نہ بنیں جو اپنی بدقستمی کی وجہ پہلے ماں کھو چکی ہیں اور باپ جیل میں ہے۔
میں خاموش رہا۔ وہ دکھی ہو کر فون بند کر گئے۔
باقی کرنی آپ سب نے اپنی مرضی ہے۔۔ آپ ان باتوں سے بے پرواہ ہو کر لگے رہیں۔ اب انصاف پولیس یا عدالتیں نہیں بلکہ ہم سوشل میڈیا پر کیا کریں گے۔ اب ہم ہی خود جج، جیوری اور جلاد ہیں۔