Monday, 23 November 2026
  1.  Home
  2. Guest
  3. Rauf Klasra
  4. Sirf Paisa Banana Hai, Beroon e Mulk Shehriyat Leni Hai

Sirf Paisa Banana Hai, Beroon e Mulk Shehriyat Leni Hai

ابھی کچھ دن پہلے ایک ڈی ایم جی کے گریڈ بیس کے افسر سے ملاقات ہوئی۔ وہ ڈسٹرکٹ سے ڈویژن لیول تک بڑے بڑے عہدوں پر کام کر چکے تھے بلکہ یوں کہیں سروس کے دوران وہ چاروں صوبوں میں مختلف پوزیشن پر کام کر چکے ہیں لہٰذا دنیا کو قریب سے دیکھ چکے ہیں۔

بات ہونے لگی تو افسردہ ہو کر بولے کہ میرا کیریئر ابھی پڑا ہے لیکن ایک بات مجھے بہت ڈسٹرب کرتی ہے کہ ہمارے نوجوان افسران کو کیا ہوگیا ہے۔ ہم بھی اسسٹنٹ کمشنر لگے تھے۔ ہمارے بھی سینئر تھے اور ہم تو سوچ ہی نہیں سکتے تھے کہ ابھی انڈر ٹریننگ ہیں، پورے افسر بھی نہیں بنے اور کوئی غلط بات سوچ سکیں۔ ہمیں اپنے سینئرز کا بہت خوف رہتا تھا کہ اگر ہم میں سے کسی نے کوئی غلط کام کیا تو ہمارے بڑے کیا سوچیں گے۔

اس وقت اسسٹنٹ کمشنر تو سوچتا ہی نہیں تھا کہ وہ پیسے پکڑے گا۔ افسردہ ہو کر کہنے لگے کہ آپ کو شاید یقین نہیں آئے گا یا لگے گا میں زیادہ ہی بات کو بڑھا چڑھا کر بتا رہا ہوں۔ بولے، اس وقت 98 فیصد افسران اسسٹنٹ کمشنر سے لے کر اوپر تک، کرپشن کررہے ہیں۔ صرف دو فیصد بچ گئے ہیں جو ابھی ایمانداری کے ساتھ چمٹے ہوئے ہیں۔

میرے چہرے پر حیرانی دیکھ کر بولے: یہ بات میں اپنے ذاتی تجربے سے بتا رہا ہوں کہ میں نے یہ سب چیزیں خود ہوتے دیکھی ہیں۔ کہنے لگے کہ مجھے بڑے بڑے ڈپٹی کمشنرز یا ان سے اوپر کے افسران سے زیادہ افسوس اسسٹنٹ کمشنرز کا ہے جن کا کیریئر ابھی شروع ہو رہا ہے اور وہ پہلے دن ہی یہ کام شروع کر دیتے ہیں۔ اب کوئی ایسا نہیں بچ گیا جس کی قسم اس کا اوپر بیٹھا افسر دے سکے کہ میں انہیں جانتا ہوں یہ بندہ ایسا نہیں ہے۔

بولے کہ وہ پورے دھیان کے ساتھ اپنی بیس بائیس سال سے زائد سروس کا یہ نچوڑ پیش کر رہے ہیں کہ اب کوئی خال خال ہی بچ گیا ہوگا تو میں کچھ نہیں کہہ سکتا ورنہ نئے بیوروکرٹس کی نوجوان کلاس پہلے دن سے بڑے کلیئر ذہن کے ساتھ سروس جوائن کر رہی ہے کہ اس نے صرف پیسہ بنانا ہے، بیرونِ ملک شہریت لینی ہے، بچے شفٹ کرنے ہیں۔ چاہے معاشرہ یا ملک کسی کھڈے میں گرتا ہے تو گر جائے۔

پھر انہوں نے مجھے اپنے جونیئرز اور سینئرز کی ایسی کہانیاں سنائیں کہ میں ششدر رہ گیا۔ اب آپ کہیں گے کہ ہو سکتا ہے ایسا نہ ہو وہ زیادہ ہی باتیں بڑھا کر بتا رہے ہوں، اتنی بھی آگ نہیں لگی ہوئی۔

میں آپ کی بات مان لیتا اگر تین دن پہلے ملتان کے ہمارے سینیٹر رانا محمود الحسن کی زیر صدارت کا بینہ کمیٹی اجلاس میں سیکرٹری کابینہ کے اس موضوع پر کمنٹس نہ سنے ہوتا یا پھر سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا جو آج کل اینٹی منی لانڈرنگ اتھارٹی کے چیئرمین ہیں، کے انکشافات نہ سنے ہوتے۔

سکھیرا صاحب نے انکشاف کیا تھا کہ اب ہزاروں پاکستانی بیوورکریٹس بیرون ملک شہریتیں لے چکے ہیں اور وہ پاکستان سے ڈالرز منی لانڈرنگ کرکے لے جا رہے ہیں اور کچھ ملکوں میں انویسٹمنٹ ڈیل کے تحت شہریت خرید رہے ہیں۔

اجلاس میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ پرتگال میں پاکستانی افسران کے پچیس ارب ڈوب گئے ہیں۔ ایک کوئی ورک صاحب ہیں جو اب بھی بتایا گیا کہ حاضر سروس ہیں، نے فرنٹ مین کا رول ادا کرکے ان سب بابوز کا پیسہ پرتگال لگوایا اور اگلا بندہ فراڈ کرکے نکل گیا۔ حرام کا پیسہ حرام کے کام آیا۔

اس پر سیکرٹری کابینہ کہنے لگے کہ کبھی پاکستانی معاشرے میں لوگ کرپٹ انسان کو نفرت سے دیکھتے تھے، اس سے فاصلہ رکھا جاتا تھا، اسے برا سمجھا جاتا تھا۔ لیکن اب وہ دور ختم ہوا، اب آپ کرپٹ ہیں لیکن آپ کے پاس دولت ہے تو پھر بہت محترم ہیں۔ ان کرپٹ لوگوں کو ہی سوشل لائف اور ذاتی فنکشنز میں سب سے پہلے بلا کر فرنٹ سیٹ پر بٹھایا جاتا ہے۔ اب ہم عزت ہی ان کی کرتے ہیں جو کرپٹ ہیں۔

یہ سب کچھ سیکرٹری کابینہ نے اجلاس میں خود سنایا کہ یہ سب تبدیلیاں انہوں نے خود دیکھی ہیں۔

اب زرا سیکرٹری کابینہ اور انٹی منی لانڈرنگ اتھارٹی کے چیئرمین مشتاق سکھیرا صاحب کے انکشافات کو سامنے رکھ کر بتائیں کہ اس گریڈ بیس کے افسر نے کیا غلط کہا ہے کہ اب 98 فیصد افسران کرپٹ ہو چکے ہیں۔

اس افسر کیلئے سب سے حیران کن بات اسسٹنٹ کمشنر کا کرپٹ ہونا تھا۔ اسے اے سی کا صدمہ زیادہ تھا جو طویل سروس کا ایک دن بھی ضائع نہیں کرنا چاہتا جس دن اس نے پیسہ نہ بنایا ہو۔ کہنے لگے: ان سے زیادہ کلیئر مائنڈ بیوروکریسی پہلے نہیں آئی کہ جو جانتے ہیں ان کی زندگی کا مشن کیا ہے۔

About Rauf Klasra

Rauf Klasra

Rauf Klasra is a Pakistani journalist and Urdu language columnist. He files stories for both the paper and television whereas his column appears in Urdu weekly Akhbr-e-Jahaan and Dunya newspaper. Rauf was earlier working with The News, International where he filed many investigative stories which made headlines.