دیکھیے! پلک جھپکتے میں یہ چھے برس گزر گئے۔ ساتواں آن لگا ہے۔ "غلطی ہائے مضامین" کے ہمارے مستقل سلسلے کا پہلا کالم جمعہ 27 نومبر 2020ء کو شائع ہوا تھا۔ آج بھی جمعہ ہے اور آج بھی 27 نومبر ہے۔ سنہ بیس سے سنہ چھبیس تک فقط تین چار جمعوں کا ناغہ ہوا ہوگا۔ وگرنہ الحمدللہ ہم بڑی باقاعدگی سے اِس صفحے پر جمعے کے جمعے طلوع ہوتے رہے۔ اب دیکھیے غروب کب ہوتے ہیں۔
ان چھے برسوں میں ہم نے بہت کچھ سیکھا۔ صاحبو! سکھانے کے لیے سیکھنا لازم ہے۔ خدا جانے خوبی ہے یا خامی، مگر ہمارے ہم عصروں میں سے اکثر معاصر کی رَوِش رہی ہے کہ خود کسی کو کچھ نہیں سکھاتے، ہاں کوئی سکھاتا نظر آجائے تو سب اُسی کو سکھانے اُٹھ کھڑے ہوتے ہیں کہ "یہ یوں نہیں ہے، یوں ہے"۔ یہ بھی اچھی روش ہے۔ اس طرح کم از کم سکھانے والا تو سیکھ ہی جاتا ہے، خواہ کوئی اور سیکھے یا نہ سیکھے۔ ڈاکٹر اَسرار احمد مرحوم کہا کرتے تھے کہ "جو بھی لوگوں کی اصلاح کے لیے اُٹھا، اُس کی اصلاح تو ہو ہی گئی"۔ آپ نے دیکھا ہوگا کہ یوں تو معاشرے میں کوئی بھی خرابی پنپ رہی ہو، پنپتی رہے، کسی کو پروا نہیں ہوتی۔ لیکن اگر کوئی مردِ دردمند معاشرتی خرابیوں کی نشان دہی کرکے اُن کی اصلاح کی کوشش کا آغاز کرتا ہے تو سب اُسی پر پِل پڑتے ہیں۔ کھوج کھوج کر اُس کے اندرکی خامیاں باہر نکالتے ہیں اور اپنی اصلاح کے بجائے خود مصلح کی اصلاح کرنے لگتے ہیں۔ پس "جو بھی لوگوں کی اصلاح کے لیے اُٹھا، اُس کی اصلاح تو ہو ہی گئی"۔
بس اسی طرح ہماری اصلاح بھی ہوگئی۔ یہ بہت ضروری تھی، کیوں کہ سورۃ البقرہ کی آیت نمبر 44 میں ہمیں ڈانٹ پلائی گئی ہے کہ "تم دوسروں کو تو بھلائی کا راستہ اختیار کرنے کے لیے کہتے ہو اور اپنے آپ کو بھول جاتے ہو؟"
لہٰذا لازم ہے کہ بھلائی کی راہ پر بلانے والے کے اپنے کام بھی بھلے ہوں۔ وہ دوسروں کا بھلا کرنے کی دھن میں اپنی غلطیاں درست کرنا بھول نہ جائے۔ پَر بندہ بشر ہے۔ بھول چوک ہوتی رہتی ہے۔ پہلی بھول تو خود ابوالبشر (علیہ السلام) سے ہوگئی تھی۔ اسی وجہ سے کہا جاتا ہے کہ "انسان خطا و نسیان کا پُتلا ہے۔ " یعنی بھولنا اور چُوک جانا انسان کی فطرت و جبلت میں شامل ہے۔ یعنی غلطی کرنے پروہ فطرتاً مجبور ہے۔ مگر اِس معذوری کو غلط کاری پر ڈٹے رہنے کا مستقل بہانہ نہیں بنایا جاسکتا۔ یاسؔ یگانہ چنگیزی ہمیں بھید کی بات بتاتے ہیں:
سمجھ میں آ گیا جب عُذرِ فطرتِ مجبور
گناہ گارِ ازل کو نیا بہانہ ملا
غلطی تو ابلیس نے بھی کی تھی۔ مگر وہ اپنی غلطی پر نہایت ڈھٹائی سے ڈٹا رہا۔ اسی وجہ سے راندۂ درگاہ ہوا۔ سیدنا آدمؑ نے اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا، ندامت کا اظہار کیا اور توبہ کی۔ گویا غلطی کی اصلاح کرلینا انسانی صفت ہے اور غلطی پر ڈٹے رہنا شیطانی خصلت۔
سنن ابن ماجہ کی حدیث نمبر 4251 میں ارشادِ نبویﷺ ہے: "کُلُّ بَنِی آدَمَ خَطَّاءٌ وَخَیُرُ الُخَطَّائِینَ التَّوَّابُونَ"، (ہر انسان خطا کار ہے اور خطا کاروں میں بہترین وہ ہیں جو توبہ کرنے والے ہیں)۔
خطائیں اور غلطیاں ہوتی نہ رہیں تو "غلطی ہائے مضامین" کا یہ مستقل سلسلہ کیسے چلے؟ سو، غلطیاں بھی ہوتی رہیں گی اور اصلاح بھی کی جاتی رہے گی۔ مگر، ہیں لوگ وہی جہاں میں اچھے، جو غلطیوں سے بچتے رہنے کی کوشش کرتے رہیں۔ بھولے سے کوئی غلطی ہوجائے تواُسے فوراً درست کرلینا چاہیے۔ بھولنا فطرتِ انساں ہے جناب! خدا جانے کس بھولے شاعر کا اعتراف ہے، مگر ہے بڑا دلچسپ
اتنا تو مجھے یاد ہے کچھ بھول گیا ہوں
کیا بھول گیا ہوں، مجھے کچھ یاد نہیں ہے
عشاقِ کرام کو تو بھولنے کی اداکاری بھی کرنی پڑتی ہے۔ ایک اور نامعلوم شاعر کا بھول جانا معلوم ہوا، اُس کے اِس شعر سے:
ہمت کرکے اُن سے کہا
کہنا تھا کچھ، بھول گیا
ہمت کرکے بھی بھلکڑ شاعر نے عرضِ مدعا، کی غلطی کربیٹھنے کی ہمت نہ کی۔ اچھا ہی ہوا، ایک رنگین غلطی کی سنگین سزا سے بچ گیا۔
غلطی، کا لفظ اہلِ فارس کے قدیم کلام میں نہیں پایا جاتا۔ عوام میں پایا جاتا ہو، تو ہوگا۔ مولوی نورالحسن نیرؔ مرحوم لکھتے ہیں: "فارسی ترکیب سے اِس [غلطی، ] کا استعمال اُردو میں صرف غالبؔ نے کیا جو مستند نہیں ہے۔ غلطی ہائے مضامیں مت پوچھ"۔
مگر اب نہ صرف غلطی، کا استعمال اُردو میں عام ہوگیا ہے، بلکہ غالبؔ کا یہ مصرع بھی زباں زدِ خاص و عام ہوگیا ہے۔ غلطی کی جمع غلطی ہا، بھی غالبؔ نے خود ہی بنالی ہے، ورنہ غلط، کی جمع اغلاط، ہے۔ اب یہ لفظِ غلطی، نادرستی، ناسمجھی، خطا، خلاف بیانی اور بھول چُوک کے معنوں میں کثرت سے بولا جاتا ہے۔ غلطی کے غ اور ل، دونوں پر زبر ہے۔ خطا تسلیم کرلینے کو غلطی ماننا، کہتے ہیں۔ پَر، داغؔ نہ مانے:
سارے بیاں میں ہے غلطی کس کو مانیے
آیت نہیں، حدیث نہیں جس کو مانیے
غلطی پڑنا، بھی پہلے زمانوں میں بھول جانے، کے معنوں میں استعمال ہوتا رہا ہے۔ لو! پھر کسی نامعلوم شاعر کاایک شعر ہاتھ آگیا:
میری قسمت سے پڑی کچھ غلطی روزِ حساب
سب کہیں کاتبِ اعمال رقم بھول گئے
غلطی پڑنا، تو ٹھیک ہے، مگر غلطی لگنا، درست ترکیب نہیں ہے، جو آج کل غلط فہمی، یا خطا کھانے، کے معنوں میں استعمال ہونے لگی ہے۔ ہاں! غلطیاں نکالنا، محاورے اور انسانی خصلت کے عین مطابق ہے، جس کا مطلب ہے نقص ظاہر کرنا یا کتابت اور تحریر میں ہوجانے والی غلطیوں کی نشان دہی کرنا۔ غلطیاں نکال ڈالنا، اِنھیں غلطیوں کو دُور کردینے اور تصحیح کرلینے کے معنوں میں بولا جاتا ہے۔
غلطیوں کی اصلاح کرنے والوں کی اصلاح کے درپے ہوجانے والوں کی نیت نیک مان لینے میں کیا حرج ہے؟ مگر کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو خود اصلاح قبول کرتے ہیں نہ کسی کو اصلاح کرنے دیتے ہیں۔ ان ہی میں کے ایک ناصحِ محترم ہمیں نصیحت فرماتے ہیں کہ کسی کو نصیحت نہ کیا کرو: "جو جیسا لکھ رہا ہے اُسے ویسا لکھنے دو، جو جیسے بول رہا ہے اُسے ویسے بولنے دو۔ تمھاری اِن نصیحتوں سے عاجز آکر لوگ اُردو لکھنا اور بولنا ہی چھوڑ دیں گے"۔ انھیں ہم ان کے حال پر چھوڑتے ہیں۔ کیا معلوم اُنھیں معلوم بھی ہے یا نہیں کہ لفظِ نصیحت، کا مطلب ہی خیرخواہی، ہے۔ سو، ہم بھی اُردو لکھنے والوں اور ہر قسم کے چینلوں، پراُردو بولنے والوں کا بھلا ہی چاہتے ہیں کہ جو بھی لکھیں اچھالکھیں اور جب بھی بولیں اچھا ہی بولیں۔ آج کل اخبارات و جرائد اور سماجی ذرائع ابلاغ پرغلط اُردو لکھنے والے اور برقی ذرائع ابلاغ پرغلط اُردو بولنے والے جس آوارہ نویسی اور آوارہ گوئی کی لت میں مبتلا ہیں، اُس کو دیکھ کر ہم نے بھی وہی فیصلہ کیا ہے جو کلیم عاجزؔ نے کیا تھا کہ
ہر ایک قدم پر ہم اُس آوارہ قدم کو
ہاں! دیکھ کے چل، دیکھ کے چل، کہتے رہیں گے
ہمارے ایک سابق شیخ الجامعہ ڈاکٹر اشتیاق حسین قریشی مرحوم نے ہمارے دورِ طالب علمی کی ایک بدسلیقگی پر گرفت کرتے ہوئے ہمیں جو نصیحت کی تھی، اُسے ہم اب تک اپنی گرفت میں لیے ہوئے ہیں۔ اُستادِ محترم نے فرمایا تھا: "اگر تم کسی کام کو اِس قابل سمجھتے ہو کہ کیا جائے، تو اُسے اِس قابل بھی سمجھو کہ حسن و خوبی اور خوش اُسلوبی سے کیا جائے"۔