Saturday, 14 November 2026
  1.  Home
  2. Guest
  3. Abu Nasr
  4. Qalam Bola Ke Main Shah e Jahan Hoon

Qalam Bola Ke Main Shah e Jahan Hoon

ہمارے خاندان میں ایک رسم نہ جانے کب سے نسلاً بعد نسلٍ چلی آرہی ہے۔ نئی نسل کا کوئی نمائندہ عالمِ جاودانی سے اِس عالمِ فانی میں وارِد ہوتا ہے تو پیدائش کے چھٹے روز، یعنی جس دن نومولود یا نَوورود کا عقیقہ ہوتا ہے، اُس روز اُسے زرق برق لباس پہناکر، اگر لڑکا ہے تو زرق برق ٹوپی اُڑھاکر اور اگر لڑکی ہے تو سر پر زرق برق دوپٹہ ڈال کر، اُس کے ہاتھ میں قلم تھمایا جاتا ہے اور کوئی بزرگ اُسے گود میں لے کر، اُس کا ہاتھ تھام کر اُس سے بسم اللہ الرحمٰن الرحیم، لکھواتے ہیں۔ یہ تحریر دن اور تاریخ کی تفصیل کے ساتھ محفوظ کرلی جاتی ہے۔ یہی رسم اِس عاجز کے ساتھ بھی نباہی گئی۔ سو، یہ بچہ بڑھاپے میں بھی دعویٰ کرسکتا ہے کہ اس نے تو پیدائش کے چھٹے روز ہی ہاتھ میں قلم تھام لیا تھا۔

ہاتھ میں تھامے جانے والے قلم کا زمانہ اب رخصت ہوتا نظر آتا ہے۔ پہلے پہل پرندوں کے پروں کا ڈنٹھل تراش کرقلم بنایا گیا۔ اس ابتدائی قلم کی تصاویر آج بھی علامتی طور پر استعمال کی جاتی ہیں۔ باریک بالوں سے بنے ہوئے قلم کو مُوقلم، کہا گیا۔ یہ قلم مصور استعمال کرتے ہیں۔ مُوقلم، کو اب اُردو میں بھی برش، کہا جانے لگا ہے۔ سرکنڈے کا قلم بھی ہمار ے ہم عمر لوگوں کو یاد ہوگا جس سے تختی پر خوش خطی سیکھی جاتی تھی۔ تختی کو لوح، بھی کہتے ہیں۔ لوح و قلم، کا ذکر ساتھ ساتھ ملتا ہے۔ ہم نے وہ قلم بھی استعمال کیا ہے جسے ہولڈر، کہا جاتا تھا۔ مگر یہ سب شکلیں قلم کی وہ صورتیں تھیں جن میں قلم کو دوات میں ڈبو کر اُس کی نوک پر سیاہی لے لی جاتی تھی اور کاغذ پہ لکھا جاتا تھا۔ پھربازار میں وہ قلم آگئے جو دوات میں سے پچکاری کی طرح کھینچ کر روشنائی اپنے اندر بھر لیتے تھے۔ ان کو فاؤنٹین پین، کہا گیا۔ اس کے بعد بال پوائنٹ پین، کثرت سے استعمال ہونے لگے۔ پھر جدید جیل پین، آگئے۔ یوں قلم کی شکلیں بدلتی چلی گئیں۔ یعنی قلم ترقی کرتا رہا۔ جلی حروف میں لکھنے والے مارکر، تو شاید اب بھی اعلانات وغیرہ لکھنے کے لیے استعمال ہورہے ہیں، متروک نہیں ہوئے۔

متروک تو قلم، ہی ہوتا جارہا ہے۔ لکھنے کے لیے اب بٹن، دبا دینا کافی ہوگیا ہے۔ اپنے ہاتھ سے حروف کے شوشے اور دائرے بنانے یا بالکل ٹھیک جگہ نقطے لگانے کے جھنجٹ سے نجات مل گئی ہے۔ اب یہ سارے کام کمپیوٹر کا تختۂ کلید، یا موبائل فون پر نمودار ہونے والے بٹنوں کی تصویر خودبخود بڑی خوبی اور خوش اسلوبی سے کرلیتی ہے۔ "Keyboard"کو اگر لوح، یا تختی، کہا جائے تو کیا حرج ہے؟

اُسلوب بدل گیا تو کیا ہوا؟ قلم کا کام تو تمام نہیں ہوا۔ لکھنے کو اب بھی لکھنا، ہی کہا جاتا ہے، خواہ ٹائپ یا کمپوز کیوں نہ کیا جارہا ہو۔ اصل دستخط کے لیے آج بھی اصل قلم استعمال ہوتا ہے، چاہے بعد میں اِس کی عکسی نقول بنا لی جائیں۔ اب تو رنگا رنگ قلم بھی ناپید ہوتے جارہے ہیں۔ اہلِ قلم کو تحفے میں قیمتی قلم دینے کا رواج بھی نہیں رہا، پھر بھی تحریروں اور محاوروں کی دُنیا سے لفظِ قلم، کا دیس نکالا نہیں ہوسکا۔

قلم کے لفظی معنی ہیں کاٹنا اور تراشنا۔ شاید اسی وجہ سے قلم کو قلم کہا گیا ہو کہ پَر یا سرکنڈے کو تراش، کر ہی قلم بنایا جاتا تھا۔ کاٹنے اور تراشنے کے معنوں میں تو قلم، آج بھی بولا جاتا ہے۔ کسی درخت کی شاخ تراش کر دوسرے درخت میں یا زمین پر لگائی جائے تو اصطلاحاً اسے قلم لگانا، کہتے ہیں۔ تلوار کے زمانے میں دشمن یا مجرم کا سر قلم کردیا جاتا تھا۔ سرکار دربار میں تو سر پھرے اور سرکش لوگوں کے بھی سر قلم کیے جاتے تھے۔ اس کام کے لیے کبھی ظلم کا سہارا لیا جاتا کبھی عدل، بلکہ عدلیہ، کا۔ بقول عالمتاب تشنہؔ:

ہر دور میں رہا یہی آئینِ منصفی
جو سر نہ جھک سکے وہ قلم کر دیے گئے

سزا کے طور پر ہاتھ بھی قلم کیے جاتے تھے۔ چچا غالبؔ دنیا سے گئے تو اگرچہ دونوں ہاتھ خالی تھے، مگر الحمدللہ دونوں صحیح سلامت تھے۔ پھر بھی چچا ڈینگ مارنے کو ایک شعر مار گئے:

لکھتے رہے جنوں کی حکایاتِ خوں چکاں
ہر چند اِس میں ہاتھ ہمارے قلم ہوئے

لکھنے کا قلم جو خامہ اور کلک، بھی کہلاتا ہے، اب تو بالاتفاق مذکر ہی بولا جاتا ہے۔ مگر بہادر شاہ ظفرؔ نے مؤنث استعمال کرلیا تھا۔ عجب بادشاہ آدمی تھے:

عجب احوال ہے میرا کہ جب خط اُس کو لکھتا ہوں
تو دل کچھ اور کہتا ہے، قلم کچھ اور کہتی ہے

قلم سیکھنے سکھانے کا ذریعہ بھی ہے اورسیکھنے سکھانے کی علامت بھی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلّم پر جو پہلی وحی نازل ہوئی اُس میں اُس رب کے نام سے پڑھنے کا حکم دیا گیا "جس نے قلم کے ذریعے سے علم سکھایا"۔ ترمذی شریف کی حدیث نمبر 2155 کی رُوسے اللہ تعالیٰ نے سب سے پہلے قلم کو پیدا کیا اور فرمایا کہ "لکھو!" قلم نے عرض کیا "کیا لکھوں؟" ارشاد ہوا "تقدیر لکھو، جو کچھ ہوچکا ہے اور جو اَبد تک ہونے والا ہے"۔ سو قلم نے لکھ دیا۔ قلم کی جمع اقلام، ہے۔ سورۂ لقمان آیت نمبر 27 میں اقلام، کا ذکرآیا ہے کہ اگر تمام شجر اقلام، بن جائیں:

"زمین میں جتنے درخت ہیں اگر وہ سب کے سب قلم بن جائیں اور تمام سمندر دوات بن جائیں، اس کے بعد ایسے ہی سات سمندر اور مہیا کردیے جائیں، تب بھی اللہ کی باتیں (لکھنے سے) ختم نہیں ہوں گی۔ بے شک اللہ زبردست اور حکمت والا ہے"۔

مسلمانوں نے قلم کو مقدس سمجھا اور اچھے مسلمانوں نے قلم کی حرمت و تقدیس کا ہمیشہ خیال رکھا۔ آج بھی اچھے مسلمان موجود ہیں۔

موجودہ دُنیا کی تمام تر علمی و فنّی پیش قدمیاں قلم ہی کی مرہونِ منت ہیں۔ جو حرف بھی لکھاگیا پہلے پہل قلم ہی نے لکھا، بعد میں حروف کو مشینی شکل ملی۔ ایک مشہور شعر ہے، نہ جانے کس کا ہے، مگرکچھ لوگ اسے شیخ سعدیؔ سے منسوب کرتے ہیں۔ ہمارے ہاں اکثر لوگ پہلے مصرعے کا آغاز "قلم گوید" سے اور دوسرے مصرعے کا آغاز "قلم کش" سے کرتے ہیں۔ مگر اہلِ فارس کے ہاں یہ شعر اس طرح ملتا ہے:

قلم گفتا کہ من شاہِ جہانم
قلم زن را بدولت می رسانم

قلم بولا کہ میں شاہِ جہاں ہوں۔ قلم چلانے والے کا دامن دولت سے بھر دیتا ہوں۔ دولت مادّی بھی ہو سکتی ہے اور روحانی بھی۔

اُردو محاورے کے مطابق قلم چلانا، حکم چلانے کے معنوں میں بھی آتا ہے۔ کسی کے متعلق کہا جائے کہ "ہزاروں پر اُس کا قلم چلتا ہے"۔ تو اس کے معنی یہ لیے جائیں گے کہ ہزاروں افراد اُس کی ماتحتی میں ہیں۔ قلم رَو، (قلمرو) اُس خطے، علاقے یا ملک کو کہتے ہیں جہاں کسی کا حکم چلتا ہو۔ لکھنے کو قلم بند کرنا، بھی کہتے ہیں۔ بے تکلف اور بے ساختہ لکھنے کو قلم برداشتہ، لکھنا بولا جاتا ہے۔ لکھ کر قلم توڑ دینا، ایسے موقعے پر کہا جاتا ہے جب کوئی شخص ایسی نظم یا نثر لکھ دے کہ اس کے مقابلے میں کوئی قلم نہ اُٹھا سکے۔ سنا ہے، پہلے جج صاحبان کسی مقدمے کا حتمی فیصلہ لکھنے کے بعد قلم توڑ دیا کرتے تھے۔ کوئی چیز لکھ کر کاٹ دی جائے تو اسے قلم زد کرنا، کہتے ہیں۔ قلم دان، یوں تو قلم رکھنے کے ظرف (ڈبے یا خانے) کو کہتے ہیں، مگر کسی کو قلم دان دینا، اُسے اختیار، عہدہ یا وزارت دینے کے معنوں میں بولا جاتا ہے۔ مثلاً:

"وفاقی وزارتِ اطلاعات و نشریات کا قلم دان آج کل عطا اللہ تارڑ صاحب کے پاس ہے"۔

زباں پہ بارِ خدایا یہ کس کا نام آیا؟
بس اب یہیں قلم توڑ دینا چاہیے۔