مظفر گڑھ میں ایک شخص نے خودکشی کر لی۔ خیر، خودکشی کی خبر ان دنوں کوئی خبر نہیں رہی۔ پنجاب میں ہر روز کئی کئی خودکشیاں ہوتی ہیں، اس خبر میں اصل خبر یہ ہے کہ اس کی بیٹی کو کسی انسان نما شیطان نے بے آبرو کر ڈالا، مقدمہ چلا اور پھر وہی ہوا جو ہمارے ملک میں ہوا کرتا ہے۔ انسان نما شیطان کو باعزت بری کر دیا گیا۔ کہا گیا، ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد نہیں ملے۔ مظلومہ بچی کے والد نے اسی "انصاف" سے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کر لی۔
چائے پیتے ہوئے میرے دوست نے کہا، آخر، ہمارے ملک میں مجرموں کیخلاف، بالآخر، ٹھوس شواہد کیوں نہیں ملتے۔ میں چپ رہا۔ پھر بولا، اس بات کی تحقیقات کیلئے کوئی ریسرچ اکیڈمی ہونی چاہئے کہ آخر کیوں قتل، عصمت دری، تیزاب پھینکنے، زندہ جلا دینے کے 90,95 فیصد س ے زیادہ مجرم بالآخر، بری ہو جاتے ہیں۔ ایک سروے میں تو یہ لکھا تھا کہ ایسے مقدمات میں سزا ملنے کی شرح سو میں سے صرف 5 کیسز کی ہے۔
میں نے کہا، بالکل ریسرچ ہونی چاہئے لیکن اس بات کی نہیں کہ 95 فیصد بری کیوں ہو جاتے ہیں، ان کیخلاف ٹھوس شواہد کہاں گم ہو جاتے ہیں بلکہ اس بات پر کہ باقی 5 فیصد کو جو سزا ہو جاتی ہے، وہ کیوں ہو جاتی ہے، ان کیخلاف ٹھوس شواہد کیونکر مل جاتے ہیں۔
***
خیر، یہ تو ہمارا نظام انصاف ہے، مجرم فرینڈلی، قاتل فرینڈلی اور کرپشن فرینڈلی لیکن اس خبر کے ساتھ ہی ایک معاشرتی رویے کی بھی یاد آ گئی۔
خودکشی کرنے والے کا ذکر اچھے لفظوں میں نہیں کیا جاتا۔ کم بخت، حرام موت مر گیا۔ اس کی بخشش نہیں ہوگی۔
بخشش کیوں نہیں ہوگی؟ خودکشی گناہ ہے، جس طرح بہت سے دوسرے کام گناہ ہیں۔ خودکشی حرام ہے، جس طرح بہت سے دوسرے کام حرام ہیں۔ باقی سارے حرام اور گناہ معاف ہو جائیں گے، خودکشی کی معافی نہیں؟ یہ نکتہ کس نے نکالا، کہاں سے نکالا۔ اسلام میں دوسروں پر ظلم کرنے کی، دوسرے کا حق مارنے اور دوسرے کو اذیت دینے کی معافی نہیں لیکن معاشرے میں ان لوگوں کو "سردار" اور "عزت مآب" مانا جاتا ہے۔ ان میں سے کوئی مر جائیں تو اخبار کے پہلے صفحے پر نمایاں خبر چھپتی ہے۔ زعمائے حکومت، سیاسی رہنمائوں کے تعزیتی بیانات آتے ہیں، بڑی بڑی کاروں پر بیٹھ کر جنازے میں شرکت کی جاتی ہے۔ خودکشی کرنے والے کی خبر ایک "جرم" کی خبر کے طور پر آخری صفحے پر دو تین سطر کی ہی شائع ہو جاتی ہے۔ آخر کو خرام موت جو مرا تھا۔
خودکشی کرنے والے کو عاقبت میں کتنی سزا ملے گی، اس کا فیصلہ خدا نے کرنا ہے۔ وہ جانتا ہے اس نے خودکشی کن حالات میں کی۔ بیشتر خودکشیاں اصل میں قتل کی وارداتیں ہوتی ہیں، مقتول کو مجبور کر دیا جاتا ہے کہ وہ خود کو خود ہی قتل کر لے۔
***
حرام کام خود برا نہیں ہوتا، نوعیت بری ہوتی ہے اور نوعیت کا فیصلہ سماج کرتا ہے۔ اپنے سکول کے زمانے کی بات یاد آئی۔ ایک بار گلی میں نکلا تو چوک میں تھانیدار کھڑا تھا، شاید کسی کا انتظار کرتا رہا۔ اتنے میں دودھ فروش کالے خاں بھی ادھر آ نکلا۔ تھانیدار نے اسے دیکھتے ہی آواز لگائی، اوئے کالے خاں، سُنا ہے تم رجّو کے گھر بھی دودھ دیتے ہو۔
رجّو بدنام عورت تھی، دھندا کرتی تھی۔ کالے خاں نے ہاں میں جواب دیا تو تھانیدار نے کہا، شرم نہیں آتی، حرام کام کرنے والے کے گھر دودھ پہنچاتے ہو۔ کالے خاں شاید تھانیدار سے بے تکلف تھا، بے ساختہ بولا، اس میں شرم کی کیا بات ہے، دودھ تو میں آپ کے گھر بھی دے کر آتا ہوں، تھانیدار دانت کچکچا کر رہ گیا۔
پولیس والے حرام کی کمائی پر بدنام ہیں لیکن وہ "رجّو" کی طرح دھتکارے ہوئے نہیں ہیں اور اس سے بھی بڑی بات ہے کہ پولیس کی نسبت دوسرے بیوروکریٹ زیادہ کرپٹ ہیں۔ کوئی بھی بیوروکریٹ ریٹائر ہوتا ہے تو ارب پتی ہو چکا ہوتا ہے۔ لیکن بدنامی زیادہ تر پولیس والوں کی ہوتی ہے، بیوروکریٹ آخر دم تک باعزّت ہی رہتے ہیں۔ باعزّت بھی اور بری بھی
***
وزیر داخلہ نے نئے صوبوں کے حوالے سے بعض سروے رپورٹوں کی بات کی ہے جن سے پتہ چلتا ہے کہ عوام کی اکثریت نئے صوبوں کے حق میں ہے۔
یہ سروے رپورٹیں قابل قدر ہوتی ہیں۔ سنا ہے کہ مرحوم ضیاء الحق نے ریفرنڈم سے پہلے سروے کر دیا تھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ ہر دو میں سے تین آدمی ضیا کے حامی ہیں۔ پھر ریفرنڈم ہوا، ڈیڑھ سو فیصد ووٹروں نے ضیاء الحق کے حق میں ووٹ دیا۔ نتیجہ جاری کرنے سے پہلے ضیاء صاحب کی خدمت میں پیش کیا گیا۔ منکسر المزاج آدمی تھے، فرمایا میں ڈیڑھ سو فیصد مقبولیت کا سزاوار نہیں ہوں، کچھ کم کر دو۔ حکام نے تعمیل کی اور ڈیڑھ سو فیصد میں بڑی کمی کرتے ہوئے 97 فیصد سے ریفرنڈم نتیجہ جاری کر دیا۔ پرویز مشرف کے سروے میں ہر دو میں سے چار آدمی مشرف کے حامی تھے۔ انہوں نے بھی "رعایتی نتیجہ" یعنی 97 فیصد جاری کیا۔
وزیر داخلہ کے سروے میں یہ شرح دگنی ہوگئی ہوگی۔ یعنی ہر دو میں سے آٹھ آدھی نئے صوبوں کے حامی نکلے ہوں گے۔