Saturday, 21 November 2026
  1.  Home
  2. Guest
  3. Abu Nasr
  4. Urdu Zuban, Police Ki Hirasat Mein

Urdu Zuban, Police Ki Hirasat Mein

مقامِ ستائش ہے کہ ذہنی مرعوبیت اور لسانی غلامی کے اِس دور میں ہماری پولیس نے اپنے روزنامچوں اور ضمنیوں، میں وہ زبان زندہ رکھی ہے جو ہماری اپنی زبان ہے۔ وہ زبان جو استعمار کی غلامی، کے دور میں بھی ہماری متعدد ریاستوں کے ذہنی طور پر آزاد حکمرانوں نے اپنی سرکاری زبان بنا رکھی تھی۔ یہ وہ زبان ہے جو پاکستان کے تمام علاقوں کے باشندوں یعنی تمام پاکستانی زبانیں بولنے والوں کے مابین رابطے زبان ہے۔ پاکستان ہی کیا، برصغیر کے سبھی باسیوں کے بیچ رابطے کا ذریعہ یہی زبان ہے۔ آزادی کے وقت سے اب تک ہم اسی زبان کو انگریزوں کی زبان کی جگہ اپنے ملک کی سرکاری زبان بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ مگر صرف پولیس کے ہتھے چڑھ کر رہ جانے کے بعد، تھانے سے باہر اب اس زبان کا وہی حشر ہوگیا ہے جو پولیس کی حراست سے باہر آنے پرکسی کا بھی (بالخصوص کوئی بھی پاکستانی زبان بولنے والے کا) پولیس کے ہاتھوں ہوجاتا ہے۔

حضرتِ داغؔ کا دعویٰ تھا کہ "ہندوستاں میں دھوم ہماری زباں کی ہے"۔ اگر داغؔ زندہ ہوتے تو عالمی سطح پر آج اُردو زبان کی پزیرائی دیکھ کر اس مصرعے میں ضروریہ ترمیم کر لیتے کہ "سارے جہاں میں دھوم ہماری زبان کی ہے"۔ داغؔ کے اِس دعوے کا حوالہ یوں دینا پڑا کہ ہمارے اُردو کُش ذرائع ابلاغ ہرروزیہ دعویٰ کرتے ہیں کہ "داغ تو اچھے ہوتے ہیں"۔

دنیا بھر میں جا بجا بولی جانے والی یہ زبان وطنِ عزیز میں ایسی بے زبان، ہوگئی ہے کہ "چینلوں کے اینکروں" سمیت اس کے ساتھ جو جیسا سلوک کرنا چاہے، کیے جاتا ہے، یہ تو اُف تک نہیں کرتی۔ کیوں کہ اُف، بھی اب متروک ہوگیا ہے۔ بے داغ زبان، کم از کم ذرائع ابلاغ سے تو سننے ہی کو نہیں ملتی۔ وجہ یہی ہے کہ سب چینلوں، نے اتفاقِ باہمی سے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ، داغ تو اچھے ہوتے ہیں۔

برسوں پہلے کی بات ہے، غالباً 1996ء کی۔ ممتاز وکیل جناب اعجاز حسین بٹالوی مرحوم لاہور ہائی کورٹ، راولپنڈی بنچ کے رُوبروایک پولیس آفیسر کی شہادت کی خواندگی فرمارہے تھے۔ پولیس کی شہادت کی خواندگی کرنے سے جج صاحب کو پولیس کی خواندگی، کی بھی شہادت مل گئی۔ ہوا یوں کہ پڑھتے پڑھتے جب اُنھوں نے مُہرکی جمع (مُہریں) پڑھنے کی بجائے مواہیر، پڑھی تو جناب جسٹس مشتاق احمد خان نے فاضل وکیل کو ٹوکتے ہوئے استفسار کیا:

"کیا یہ لفظ قواعد کی رُو سے درست ہے؟"

بیرسٹر بٹالوی نے مسکراتے ہوئے جواب دیا: "میں نے تو پولیس کی ضمنیوں میں اس سے بھی زیادہ دلچسپ زبان پڑھی ہے"۔

پھر اُنھوں نے ایک دلچسپ فقرے کا حوالہ دیا۔ کہنے لگے: "ایک ضمنی میں لکھا تھاکہ، تلاشی لینے پر ملزم کی ڈَبِّ کلاں سے رَوَاٹِیٹِ مُچپَّڑ، برآمد ہوئیں"۔

قارئین کرام! ڈر نہ جائیے گا کہ دہشت گردی و تخریب کاری کے اِس جدید ترین دور میں پولیس نے ملزم کی کس حساس ترین شے سے کون سی خطرناک ترین چیز برآمد کرلی؟

ڈر تو ہم بھی گئے تھے اور ڈرتے ڈرتے یہی سوچا تھاکہ جملہ تو اُردو ہی کا معلوم ہوتا ہے، مگر پولیس کے آگے بڑے بڑوں کی اُردو وڑ، جاتی ہے، ہم کیا شے ہیں؟ تاہم پولیس کے خوف سے سوکھے ہوئے حلق کو پانی سے تر کرکے ان مشکل الفاظ کو پانی کرنے کی کوشش کی اور کامیاب رہے۔ آئیے ہم آپ کے بالمواجہ، اپنی اِس کامیابی کا اقبالی بیان ریکارڈ کرائیں۔

آپ کو تو خیر معلوم ہے، مگر بذریعۂ کالمِ ہٰذا بابالوگ، کو معلوم ہوکہ ہمارے گاؤں دیہات کے وضع دار لوگ تہبند (یادھوتی) باندھنے کے بعد مقامِ بندش سے ذرا نیچے کا کچھ کپڑا بندھن تلے سے گزار کر اُوپر کو نکال لیتے ہیں اور اِس جھول، جھولے یا جھولی میں اپنی کوئی قیمتی چیز اڑس کر محفوظ کرلیتے ہیں۔ یہ مکمل طور پر بند اور محفوظ جیب ڈَب، کہلاتی ہے۔ ڈَب، چھوٹی بھی ہوتی ہے اور بڑی بھی۔ چھوٹی کو فارسی میں خُرد، کہتے ہیں اور بڑی کو کلاں۔ اب بابا لوگوں، کو یقیناََ ڈبِّ کلاں، کا مطلب معلوم ہوگیا ہوگا۔

جیسا کہ اوپر بیرسٹر اعجاز حسین بٹالوی کے مقدمے میں ذکر آیا کہ پولیس نے مُہر کی جمع ایک عربی قاعدے کو مد نظر رکھ کر مواہیر، بنا لی۔ اسی طرح مضمون کی جمع مضامین، مکتوب کی جمع مکاتیب اور مشہور کی جمع مشاہیر بنائی جاتی ہے۔ پولیس کے افسرِ مذکور کو کسی لغت میں روٹی، کی جمع نہیں ملی ہوگی۔ کیوں کہ سوائے پیشہ ور گداؤں کے، کسی کو روٹی جمع کرتے نہیں دیکھا گیا۔ مگر روٹی کی جمع ان گدایانِ نان کو بھی معلوم نہیں ہوگی۔ پس جب اُس پولیس والے کو روٹی کی جمع نہیں ملی، تو اُس نے از خود مجتہد عصر یا مجتہد نثر، بن کر روٹی کی جمع رواٹیٹ، بنالی۔ اگر ایسے ہی من مانے اجتہادات کیے جاتے رہے تو بچے کی جمع بواچیچ، بن سکتی ہے، مرد کی جمع مردود اور کھٹمل کی جمع کھٹاملہ۔

اب رہ گیا لفظ مچپّڑ، تو اے صاحبو! اگر عطر لگا ہوا لباس معطّر، ہوسکتا ہے، ہم جیسے عینکو، لوگوں کو معنک، کہا جاسکتا ہے اور چربی سے بھرے ہوئے گوشت (یا شخص) کو مچرّب، قرار دیا جاسکتا ہے، تو آخر چپڑی ہوئی روٹیوں کو مچپّڑ، کیوں نہیں کہا جاسکتا؟ اب ذرا علی الترتیب اُردو، پنجابی، فارسی اور عربی قواعد و انشا کے حسین امتزاج سے تخلیق کیے ہوئے اِس فقرے کو دوبارہ پڑھ کر دیکھیے کہ بقول احسان دانشؔ، کیسے مشکل مسئلے کو ہم نے پانی کردیا۔

"تلاشی لینے پر ملزم کی ڈبِّ کلاں سے رَوَاٹیٹِ مچپَّڑ، برآمد ہوئیں"۔

کون جانے کہ تلاشی لینے پر ملزم کی ڈبِّ کلاں، سے جو رَوَاٹیٹِ مچپَّڑ، برآمد ہوئی تھیں، اُس غریب پر اُنھیں کو چُرانے کا الزام تھایا الزام اُس پر کچھ اور تھا مگر پولیس نے اپنی مستعدی اور"چُستعدی" کا مظاہرہ کرتے ہوئے اُس کی ڈبِّ خُرد وکلاں کی بھی تلاشی لے ڈالی۔ خیر گزری کہ ملزم سے اور کچھ نہیں تو رَوَاٹیٹِ مچپَّڑ، ہی برآمد ہوگئیں۔ ورنہ یہ بات تو مشہور ہے کہ "پولیس آپ کی جیب سے کچھ نکال، نہ سکے تو کچھ ڈال، دیتی ہے"۔

پس مقامِ شکر ہے کہ پولیس اور اُس کی ضمنیوں کے کاغذات کا پیٹ "رَوَاٹیٹِ مچپڑ" ہی سے بھر گیا۔ ورنہ وہ جو محاورہ مشہور ہے کہ چپڑی اور دودو؟ تو صیغۂ جمع استعمال کرنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ پولیس کو بھیچپڑی اور دود، ہی مل گئی تھیں، ورنہ کچھ بعید نہ تھا کہ وہ ملزم کی کسی ڈبِّ خرد وکلاں سے ہیروئن، چرس، افیون اور گانجا برآمد کر لیتی۔ جس کے بعد ملزم محض حیرت سے دھُت، ہوجاتا۔

مشتاق احمد یوسفی کی اصطلاح میں، تفنن برطرف، اُردو زبان کے بہت سے الفاظ کو پولیس ہی نے اپنے لتّر، چھتّر یا ڈنڈے وغیرہ کے زور سے زندہ رکھا ہے۔ ورنہ آپ کو اُردو اخبارات میں، "حراست"، "حوالات"، "تفتیش"، "ضمانت"، "روزنامچہ"، "ضمنی"، "بالمواجہ"، "نتھی الف"، "فردِ مقبوضگی"، "سپرداری"، "موقعِ واردات"، "اقبالی بیان"، "بیانِ نزعی"، "اعانت مجرمانہ"، "مداخلتِ بے جا بہ اُموروکارِ سرکار"، "حبس بے جا"، "اغوا برائے تاوان"، "مجرمانہ حملہ"، "اقدامِ قتل"، "اقدامِ خود کُشی"، "قتل عمد"، "اخفائے جرم"، "مقدمۂ تکذیبِ نکاح"، اور، " اشتہارِ شور غوغا"، وغیرہ وغیرہ جیسے اور بہت سے دوسرے الفاظ کی جگہ بھی انگریزی ہی کے الفاظ گِٹ پِٹ، گِٹ پِٹ کرتے دکھائی دیتے۔

ضرورت اِس بات کی ہے کہ ہمارا کوئی محققِ زبان وبیان پولیس کے ان شہکار فقروں اور اِن ادق اصطلاحوں کو پولیس کی مِسلوں، روزنامچوں اور ضمنیوں کی حراست سے نکال کر باہر لائے۔ ان کا ایک مجموعہ چھپوائے اور قومی زبان کے سرکاری زبان بننے کی راہ میں حائل نوکر شاہی المعروف بیوروکریسی، والمشہور بہ اسٹیبلشمنٹ، کو جا دکھائے کہ، "دیکھ! اِس طرح سے کہتے ہیں سخنور سہرا"، اُن کو یہ بھی سمجھائے کہ اے عزیزو! باز آجاؤ، ورنہ بھلا تمھاری، رَوَاٹیٹ، کب تک مُچپَّڑ، رہیں گی؟

اِس ضمن میں ہم اپنے لسانی محققین کو یہ مخلصانہ مشورہ بھی احتیاطاً دیے دیتے ہیں کہ جب بھی وہ بغرضِ لسانی تحقیق کسی تھانے میں جائیں تو تمام اہلِ تھانہ، کے لیے اپنی ڈبِّ خُرد و کلاں میں رَوَاٹیٹِ مچپَّڑ، ضرور باندھ کر لے جائیں۔ ورنہ مداخلتِ بے جا بہ اُموروکارِ سرکار، کا الزام لگانے کے بعد پولیس اُن کے"چھکائک" چھڑا دے گی اورمحقق صاحب محض کسی ضمنی، کی تضمین، بن کرنتھی الف، ہو جاویں گے۔