Saturday, 28 November 2026
  1.  Home
  2. Guest
  3. Rauf Klasra
  4. Kamal Science Hai Bhai

Kamal Science Hai Bhai

ابھی یہ خبر پڑھی حافظ نعیم صاحب کا کہنا ہے حکومت سے معاہدہ ہوگیا، ہزار سی سی تک گاڑیوں کو پیٹرول سبسڈی ملے گی۔اس خبر کا مطلب آپ سمجھتے ہیں؟ اس کا مطلب ہے جتنے لاکھ یا اس سے بھی زیادہ لٹر سستے (ہر ماہ) ان چھوٹی گاڑیوں کو ملیں گے ان سب کی قیمت پورے پاکستان سے وصول ہوگی یا پھر جو بڑی گاڑیاں ہیں وہ دیں گی۔

یہ ذہن میں رکھیں کوئی آئل مارکیٹنگ کمپنی مفت یا سستا پٹرول یا ڈیزل پٹرول پمپس کو نہیں دیتی۔ وہ باہر سے لائے گئے پٹرول /ڈیزل پر اپنا پرافٹ مارجن ڈال کر پٹرول پمپس کو بیچتے ہیں۔ اس پر ڈیلرز اپنا کمشن ڈالتے ہیں۔ پھر حکومت اس پر اپنی لیوی ڈال کر فی لٹر بیچتی ہے۔

اب جب حکومت کہتی ہے ہم گاڑیوں یا بائکس کو سستا پٹرول دیں گے تو پھر اس کا مطلب ہے اب دو کام ہوں گے۔ یا حکومت ان پر اپنی لیوی کم کرے گی یا پھر وہ بنک سے قرضہ لے گی اور وہ قرض کی رقم کا پیسہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ملے گا۔

لیوی کم کرے گی تو ٹیکس ٹارگٹ پورا کیسے کرے گی۔ سرکار خرچہ کیسے چلائے گی۔ سرکاری ملازمین کو تنخواہیں کہاں سے دے گی۔ پیسہ شارٹ ہوگا تو پھر وہ بنکوں سے قرض لے گی یا کسی دوسری چیزوں پر ٹیکس بڑھا دے گی جیسے موٹر وے ٹول ٹیکس وغیرہ۔

اب بنکوں سے لیے گیے بھاری قرض کو واپس کرنے کے لیے یا تو کسی دن لیوی دوبارہ بڑھائی جائے گی یا پھر پٹرول کی قیمت بڑھائی جائے گی اور اس دفعہ بنک کا سود بھی شامل ہوگا جو واپس کرنا ہوگا۔

آئی ایم ایف حیران ہوتی تھی تم لوگ جس قیمت پر پٹرول ڈیزل خریدتے ہو اس پر لوگوں کو بیچو تاکہ بنکوں کے قرض اور سود سے بچو اور لوگ اتنا پٹرول خرچ کریں جتنا افورڈ کر سکتے ہیں۔لیکن تم لوگ الٹا بنکوں سے اربوں کا قرض لے کر پٹرول ڈیزل سستا کرکے بیچتے ہو اور بعد میں بنکوں کو سود سمیت واپس کرتے ہو۔ یہ کیسی اکانومی چل رہی ہے۔

مطلب اس ملک میں خود بنکوں کے پاس لاکھوں نہیں تو ہزاروں گاڑیاں ہوں گی وہ بھی سستا پٹرول لیں گی، لاکھوں گاڑیاں ہاوسنگ سوسائٹیز کی ہیں، بڑے بڑے بزنس میں، صنعت کار، امیر کبیر ارب پتی اور سب سے بڑھ کر غیر ملکی سفارت خانوں کی ہزاروں نہیں تو سینکڑوں گاڑیوں کو بھی قرض لے کر سستا پٹرول دیا جاتا ہے اور یوں آپ کو سرکلر ڈیٹ بڑھتا رہتا ہے جس پر الگ سے اربوں کا سود بنتا ہے۔

محض وقتی طور پر پٹرول سستا کرنے کے نام پر آپ اربوں روپے کا اپنا نقصان کرتے ہو، بنکوں کو الگ سے بیٹھے بٹھائے پیسہ دے رہے ہیں۔

یہ کس قسم کی سہولت ہے جو حافظ نعیم صاحب لے آئے ہیں؟ ویسے بھی ایک چھوٹی گاڑی والے کے پٹرول کا خرچہ بڑی گاڑی والا برداشت کرے اور اس کے ساتھ عام عوام بھی برداشت کریں جن کے اپنے پاس چھوٹی گاڑی نہیں ہے۔ مطلب میری چھوٹی گاڑی کے پٹرول کا خرچہ آپ سب برداشت کریں گے؟

کمال سائنس ہے بھائی۔

About Rauf Klasra

Rauf Klasra

Rauf Klasra is a Pakistani journalist and Urdu language columnist. He files stories for both the paper and television whereas his column appears in Urdu weekly Akhbr-e-Jahaan and Dunya newspaper. Rauf was earlier working with The News, International where he filed many investigative stories which made headlines.