دنیا توپہلے ہی سیاسی کشیدگی، علاقائی تنازعات، توانائی کے بحران اور معاشی عدمِ استحکام جیسے مسائل سے دوچارہے ایسے میں امریکہ کی طرف سے چین سمیت چودہ بڑی تجارتی معیشتوں پر نئے درآمدی محصولات عائد کرنے کی تجویز عالمی تجارت میں نئی بے یقینی پیداکرسکتی ہے بظاہر تو یہ تجویز امریکی معیشت کے تحفظ کے لیے ناگزیر قراردی جارہی ہے مگر اِس کے اثرات امریکہ یا متعلقہ ملکوں تک ہی محدودنہیں رہیں گے بلکہ اِیسے فیصلوں سے ساری دنیا کی معیشت متاثرہونے کاخدشہ ہے۔
25نومبر 2026کو امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر سے یہ اعلان سامنے آیا کہ تجارتی قانون کے سیکشن 301کے تحت چودہ معیشتوں کے خلاف تحقیقات کیں تونتیجہ یہ سامنے آیا کہ اِن کے صنعتی طریقہ کار اور اضافی پیداواری صلاحیت سے متعلق اقدامات امریکی تجارت کے لیے نقصان دہ ہیں جن میں چین، یورپی یونین، بھارت، جاپان، جنوبی کوریا، ویتنام، تائیوان، سنگاپور، ملائیشیا، انڈونیشیا، تھائی لینڈ، کمبوڈیا، بنگلہ دیش اور سوئٹزرلینڈشامل ہیں امریکی حکومت کہتی ہے کہ بعض ممالک حکومتی سرپرستی، مالی معاونت، کم اُجرت اور دیگر مراعات سے اپنی صنعتی مصنوعات کو عالمی منڈی میں غیر معمولی مسابقتی برتری دلاکر امریکی صنعت کو متاثر کر تی ہیں لہذا محصولات کی شرح میں چین بیس فیصد، ویتنام پینتیس فیصد، بھارت پچیس فیصد، بنگلہ دیش اور کمبوڈیا اٹھارہ فیصد، جاپان اوریورپی یونین پرپندرہ فیصد اضافہ کریں گے البتہ بعض ممالک کے ساتھ تجارتی معاہدے طے پانے کی صورت میں مذکورہ شرحوں میں کمی کی گنجائش ہے مثال کے طورپر بھارت سترہ فیصد اورویتنام کے لیے بیس فیصد ہوسکتی ہے یہ محصولات ابھی حتمی طورپر نافذ نہیں لیکن یہ تجویز امریکی حکومت نے پیش کردی ہے جس پراعتراضات کی سماعت کا آغاز25 جنوری 2027سے ہوگا۔
امریکی حکومت کے نئے فیصلے میں سب سے زیادہ توجہ چین پر محسوس ہوتی ہے کیونکہ گزشتہ دوعشروں میں چین نے صنعتی پیداوار، ٹیکنالوجی، الیکٹرانکس گاڑیوں، شمسی توانائی، بیٹریوں اور مشینری جیسے شعبوں میں غیر معمولی ترقی کی ہے چین کی غیرمعمولی صنعتی قوت کا اندازہ اِس سے بخوبی ہوتا ہے کہ وہ نہ صرف کم قیمت کی اشیا تیارکرتاہے بلکہ جدید ٹیکنالوجی میں بھی امریکہ اور یورپ کا ایک بڑا حریف بن چکا ہے جس کا دفاعی سازوسامان معیاراور تباہ کاری میں اعتمادکے قابل ثابت ہوچکا ایک ایسا ملک جس کی معیشت تیزتر ترقی کرتی جارہی ہواور عسکری قوت میں بھی اضافہ کررہا ہو یہ صورتحال امریکہ کو قبول نہیں اسی لیے محصولات کے ہتھیار سے حریف کی کمر توڑنے کی کوشش ہورہی ہے۔
امریکی حکومت کاکہنا ہے کہ چین کی اضافی پیداوار ی صلاحیت اورحکومتی معاونت عالمی منڈی میں قیمتوں کو غیر فطری طورپر کم کرنے کا موجب ہے جس کا مقابلہ کرنا امریکی صنعتوں کے لیے مشکل ہے جبکہ چین کا موقف ہے کہ اُس کی صنعتی ترقی محنت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور طویل المدتی منصوبہ بندی کا ثمر ہے اِس لیے کسی ملک کی پیداواری صلاحیت کو محض اِس بنیادپر غیر منصفانہ قرار دینا کہ وہ زیادہ اور سستی مصنوعات تیارکررہا ہے آزاد تجارت کے اصولوں کے منافی ہے دونوں فریقین کا اپنااپنا نکتہ نظر ہے اسی بناپر خدشہ ہے کہ بڑی صنعتی اور تجارتی طاقتوں کی یہ مسابقت دنیا کی آزادنہ تجارت میں رکاوٹوں کا موجب بن سکتی ہے۔
بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا واقعی امریکہ اپنی صنعت کو مضبوط بنانا چاہتا ہے یا اصل مقصد چین کی بڑھتی معاشی اور صنعتی طاقت کومفلوج کرنا ہے؟ اِس کا جواب عالمی سیاست اورمعیشت کے موجودہ حالات سے حاصل ہوگا امریکہ اور چین کامقابلہ صرف تجارت تک محدود نہیں رہا بلکہ مصنوعی ذہانت الیکٹرک گاڑیوں، دفاعی ٹیکنالوجی، توانائی اور عالمی سرمایہ کاری تک وسیع ہوچکا ہے دونوں کو معلوم ہے کہ آئندہ عشرے میں جس کے پاس جدید ٹیکنالوجی، صنعتی وسائل اور عالمی سپلائی چین پر زیادہ اثرورسوخ ہوگا وہی عالمی معیشت میں کلیدی حثیت حاصل کرے گا تاہم اِس تجارتی کشمکش میں امریکہ خود بھی مشکلات سے مکمل طورپر محفوظ نہیں رہ سکتا درآمدی مصنوعات پر محصولات بڑھانے کا براہ راست اثر اُن کی اپنی اشیا پر بھی پڑے گااگر امریکی صنعتیں بیرونِ ملک سے خام مال، مشینری اور پُرزے مہنگے داموں خریدیں گی توپیداواری لاگت میں لازمی اضافہ ہوگالہذا تیارہونے والی مصنوعات مہنگی ہوں گی جس کا اثر امریکی صارفین ہی برداشت کریں گے اِ س طرح وہ امریکی کاروباری اِدارے بھی متاثر ہوں گے جن کاانحصار چین اور دیگر ممالک سے درآمدات پر ہے۔
ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ امریکہ نے چین کے ساتھ بھارت، جاپان، جنوبی کوریا اور یورپی یونین کو بھی محصولات کی فہرست میں شامل کیا ہے جن کا شمار امریکہ کے اہم تجارتی شراکت داروں میں ہوتا ہے امریکہ کے بھارت سے دفاعیئی سفارتی، تجارتی اور جوہری تعلقات وسیع ہورہے ہیں ایشیا میں جاپان اور جنوبی کوریا دونوں ہی امریکہ کے اتحادی ہیں جبکہ یورپی یونین بھی امریکہ کی بڑی تجارتی شراکت دارہے اِس کے باوجود اِنھیں محصولات کی نئی تجاویز کا سامنا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اب معاشی ترجیحات میں سیاسی دوستی اور دفاعی اتحاد سے زیادہ امریکہ کے لیے تجارتی مفادات زیادہ اہم ہیں امریکی پالیسی سے متاثرہ ممالک کااب اپنے تجارتی تعلقات کو متنوع بنانے کے سواکوئی اور آسان راستہ نہیں چین تو پہلے ہی ایشیا، افریقہ، مشرقِ وسطیٰ اور لاطینی امریکہ میں تجارتی سرگرمیاں بڑھا رہا ہے اب اگر یورپی ممالک نے امریکی منڈی تک رسائی بحال رکھنی ہے تو امریکہ اور چین کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے دوران دونوں بڑے تجارتی شراکت داروں میں توازن رکھنے کے امتحان سے گزرناہوگا۔
مسئلہ یہ ہے کہ دنیا پہلے سیاسی اور معاشی بلاکس میں تقسیم رہی ہے اب عسکری قوت بھی اہم ہوگئی ہے یوکرین جنگ۔ مشرقِ وسطیٰ کشیدگی اور امریکہ و چین رقابت نے عالمی نظام کو مزید غیر یقینی بنادیا ہے اِس تناظر میں تجارتی محصولات کی نئی جنگ اِس تقسیم کو مزید گہراکردے گی بڑی معیشتوں کا اپنے مفادات کے لیے دوسروں کی مصنوعات کے لیے رکاوٹیں کھڑی کرنے سے آزاد تجارت کا تصور کمزور ہوگااورسرمایہ کاری بھی متاثر ہوگی جس سے عالمی منڈیوں میں ترقی پذیر ممالک کے لیے جگہ بنانا دشوار ہوجائے گا امریکہ کوسمجھنا ہوگا کہ صنعتی ترقی اور معاشی استحکام صرف تجارتی پابندیوں سے حاصل نہیں ہو سکتے جبکہ چین سمیت دیگر بڑی معیشتوں کو اپنی صنعتی پالیسیوں میں شفافیت اور منصفانہ مسابقت کے اصولوں کواہمیت دینا ہوگی کیونکہ دنیا اب نئی تجارتی جنگ کی نہیں بلکہ ایسے معاشی نظام کی ضرورت ہے جس میں تمام ممالک کو ترقی کے یکساں مواقع ملیں اصل کامیابی محصولات میں اضافہ کرنا نہیں بلکہ تجارت کوآسان بنانے، منڈیوں کو وسعت دینے اور معاشی تعاون سے مشترکہ ترقی کا راستہ تلاش کرناہے لیکن بڑی طاقتیں ایسا کرنے سے گریزاں ہیں۔