پاک بھارت تعلقات کی تاریخ بداعتمادی، تلخیوں، جنگوں اور سیاسی تنازعات سے عبارت ہے کئی مرتبہ مذاکرات ہوئے مگر دہشت گردی، سرحدی تنازعات اورکشمیر کی وجہ سے دیرپا نتائج حاصل نہیں ہوسکے اِن حالات میں شنگھائی تعاون تنظیم(ایس سی او)کے تحت نئی دہلی کاتہذیبی مکالمہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے پاکستان کے وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کی شرکت سے اِس اجتماع کی سفارتی اور سیاسی اہمیت بڑھی ہے جنھوں نے اپنی مدلل گفتگو سے بھارت کے سنجیدہ حلقوں کو تصویر کا دوسرارُخ دکھایاہے وہی بھارت جس نے کٹھمنڈو سارک کانفرنس کے بعد اِس تنظیم کا اجلاس نہ ہونے دیا حالانکہ سارک کے دس ممالک کو ساتھ ملا کردنیا میں نمایاں ہو سکتا تھا لیکن اُس نے نفرت انگیزبیانیے پر کاربند رہ کر تنہا رہنے کوترجیح دی کھیل کے میدان میں ہاتھ ملانے سے انکاری بھارت اب مودی کی لائن میں پاکستانی وزیر کو بٹھانے پراِس لیے مجبورہے کیونکہ پاکستان عالمی سطح پر بھارت سے بہترپوزیشن میں ہے ایران اور امریکہ میں ثالث بننے ا ور جنگ میں بھارت کو شکست دینے سے پاکستان کا عالمی کردار بہترہوا ہے۔
دہلی تاریخی قلعے کے اجتماع بیس سے بائیس نومبر2026میں ایس سی او کے رُکن ممالک کے نمائندوں نے تہذیب، ثقافت، تاریخ، فن تعمیر، زبان اور مشترکہ انسانی ورثے پر تبادلہ خیال کیا یہ بھارت کی تجویز تھی اور اُسی نے میزبان کے طورپر ایس سی او کے تمام رُکن ممالک کو دعوت دی جس کے لیے پاکستان نے ڈاکٹر مصدق ملک کو بھیجاجن کی نئی دہلی آمد اِس اعتبارسے اہم ہے کہ مئی 2023میں بلاول بھٹو کے دورئہ بھارت کے بعد کسی پاکستانی وزیر کا یہ پہلا دورہ ہے 2024 میں ایس سی او اجلاس میں شرکت کی خاطر بھارتی وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر اسلام آباد ضرورآئے مگراِس دورے کومکمل سفارتی روابط کی بحالی نہیں کہہ سکتے اسی لیے حالیہ رابطہ کاری اور سفارتکاری بہت اہم ہے جب دونوں ملکوں میں براہ راست سیاسی تعلقات میں سردمہری موجودہے پہلگام واقعے کے بعد ہونے والی چارروزہ فوجی کشیدگی اور جھڑپوں نے اِسے مزید بڑھایا اسی بناپر بھارتی دارالحکومت میں کسی پاکستانی وزیر کی موجودگی کومعمول کی سفارتی سرگرمی قرار نہیں دے سکتے۔
ڈاکٹر مصدق ملک نئی دہلی پہنچے اور کثیر القومی مکالمے کے اجتماع کو اہم قردیتے ہوئے کہا کہ تہذیبیں اور ثقافتیں سرحدوں سے ماوراہوتی ہیں اور مشترکہ ثقافتی ورثہ قوموں کو قریب لانے میں کردارادا کر سکتا ہے تبدیل ہوتی علاقائی اور عالمی سیاست کے تناظر میں انھوں نے باہمی تعلقات بہتر بنانے کے لیے مکالمے کے راستے کُھلے رکھنے کی ضرورت پر زور دیااور اجتماع کو محض پاک بھارت تعلقات کے تناظر میں دیکھنے کی بجائے ایس سی او کے وسیع تر علاقائی اور کثیر القومی کردار پر زور دیا۔ درحقیقت کثیر القومی فورم کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ اختلافات کے باوجود مختلف ممالک مشترکہ مفادات اور مسائل پر گفتگو کر سکیں۔
بھارتی زرائع ابلاغ نے بعض سوالات اور تبصروں سے پاکستان کودہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کی مگر ڈاکٹر مصدق ملک نے جواب میں الزام تراشی کی بجائے شفاف طریقہ کار بنانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی صرف دوممالک کا نہیں بلکہ پورے خطے کا مسئلہ ہے اِس لیے ایک دوسرے پر انگلی اٹھانے کی بجائے ٹھوس شواہد سامنے لانے پر توجہ دی جائے اور شفاف تحقیقات کا ایسا نظام بنایاجائے جس پر دونوں فریق اعتماد کریں یہ تجویز سفارتی اعتبار سے قابلِ غور ہے۔ دہشت گردی کے واقعات میں کسی ملک کے ملوث ہونے کا الزام بہت سنگین ہوتا ہے جس پر قیاس آرائیوں کی بجائے قابلِ تصدیق شواہد پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اگر پاکستان اور بھارت دونوں دہشت گردی کے واقعات میں تحقیقات کے لیے کسی قابلِ اعتماد اور شفاف نظام پر متفق ہوجائیں تو کئی طرح کی غلط فہمیوں کا خاتمہ اور حقیقی ذمہ داروں تک پہنچنے میں مددمل سکتی ہے۔
مصدق ملک نے یہ نُکتہ بھی اٹھایا کہ علاقائی مسائل کو پاک بھارت تنازع کی عینک سے نہ دیکھیں جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا کو دہشت گردی، انتہا پسندی، موسمیاتی تبدیلی، معاشی عدمِ استحکام، غربت اور تجارتی رکاوٹوں جیسے مسائل کا سامنا ہے جنھیں ایک ملک حل نہیں کرسکتاالبتہ ایس سی او جیسے فورم سے مدد لیکر رکن ممالک مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کر سکتے ہیں اب سوال یہ ہے کہ بھارت نے جس کثیر القومی تہذیبی مکالمے کی تجویز دی اور میزبانی کی کیا وہ مقاصد حاصل کر سکا ہے؟ کسی اجتماع میں شریک ممالک کے نمائندوں کو اگر باربار دوطرفہ تنازعات کی طرف لانے کی کوشش کی جائے توکثیر القومی مکالمے کا مقصد پورا نہیں ہو سکتا پاک بھارت اختلافات اپنی جگہ، مگر کسی مشترکہ پلیٹ فارم پر دوسرے ممالک کی موجودگی میں پورے اجتماع کا مرکزی موضوع بناناغلط طرزِ عمل ہے لہذا کہہ سکتے ہیں کہ میزبان ملک نے خود مقاصد کے حصول میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی ہے۔
بھارت کا دعوت دینا اور پاکستان کا شامل ہونے کا فیصلہ کرنا دونوں سفارتی اعتبارسے اہم فیصلے ہیں پاکستان کی شرکت سے یہ پیغام گیا کہ وہ اختلافات کے باوجود علاقائی تعاون اور وسیع مکالمے کے دروازے بند نہیں کرنا چاہتا جبکہ بھارت نے پاکستان کو مدعوکرکے اجتماعی کردار اور میزبانی کے تقاضے پورے کیے۔
اجتماع کی ایک اہمیت اور پہلو یہ ہے کہ 2026تا2027کے لیے ایس سی اوکی کونسل برائے سربراہانِ مملکت کی گردشی صدارت پاکستان کے پاس ہے اور اگست 2027میں تنظیم کا سربراہی اجلاس اسلام آباد میں ہونے والا ہے جس میں بھارت سمیت تمام ممالک کی شرکت اور باہمی رابطوں کی ضرورت ہوگی اگر پاکستان اور بھارت اِس فورم کے ذریعے روابط بڑھاتے ہیں تو اسلام آباد میں ہونے والا سراہی اجلاس مزید مواقع پیداکرسکتاہے تاہم یہ توقع رکھنا غلط ہوگا کہ صرف ایک دورے یا تہذیبی مکالمے سے عشروں کی تلخیاں ختم ہوجائیں گی اب بھی دونوں ملکوں میں اعتماد کا فقدان ہے کشمیر کا تنازع، دہشت گردی کے الزامات، آبی معاملات اور تجارتی وفضائی پابندیاں موجود ہیں لہذا دورے کو تعلقات میں فوری تبدیلی کی بجائے رابطوں کے ایک ممکنہ راستے کے طورپر دیکھنا ہی بہتر ہے۔
مختلف خطوں میں جاری کشیدگی اور بدلتے عالمی حالات میں سمجھنا ضروری ہے کہ مستقل محازآرائی پاکستان اور بھارت دونوں کے مفاد میں نہیں خطے کی ترقی کے لیے عوام کوبہتر معاشی حالات، روزگار، تجارت، تعلیم، صحت اور امن کی ضرورت ہے سرحدوں پر کشیدگی اور دفاعی اخراجات میں اضافہ عوامی ترقی کے وسائل محدود کرتا ہے نئی دہلی کا تہذیبی مکالمہ اِس اعتبارسے ایک موقع ہے کہ پاک بھارت قیادت سیاسی تلخیوں سے بالاتر ہوکر علاقائی مسائل پر بات کریں ضرورت اِس امر کی ہے کہ ایس سی او کے پلیٹ فارم کو عملی تعاون، علاقائی امن اور اعتمادسازی کے لیے استعمال کیا جائے تہذیبوں کی پہچان ایک دوسرے کو شکست دینا نہیں بلکہ اختلافات کے باوجود مل بیٹھنے اور مسائل کاحل تلاش کرنے کا حوصلہ ہے۔