Saturday, 21 November 2026
  1.  Home
  2. Nai Baat
  3. Hameed Ullah Bhatti
  4. Seh Fareeqi Ijlas, Aman Ki Umeed Ya Nai Saf Bandi

Seh Fareeqi Ijlas, Aman Ki Umeed Ya Nai Saf Bandi

دنیا کی سیاست ایسے مشکل موڑ پر ہے جہاں جنگ، تجارت، دفاع اور عالمی غلبے جیسے معاملات کو اب ایک دوسرے سے الگ نہیں کیا جا سکتا یوکرین جنگ، مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی، ایران و امریکہ تنازع، تائیوان کامسئلہ اورپھر امریکہ کی چین سے معاشی مسابقت نے عالمی امن کو پچیدہ صورتحال سے دوچار کررکھاہے اِن حالات میں 19نومبر2026کوچین کے شہر شین ژین میں دنیا کی تین بڑی طاقتوں امریکہ، چین اور روس کے صدور کامل بیٹھنا غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے مذکورہ تینوں ممالک ہی اِ س وقت عسکری و معاشی حوالے سے دنیا کی بڑی طاقتیں اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رُکن ہیں تاریخ میں پہلی مرتبہ اِن کے سربراہان ایک میزپربیٹھے اور عالمی امن، جوہری ہتھیاروں، علاقائی تنازعات اور عالمی سلامتی پربراہ راست تبادلہ خیال کیاچین میں ہونے والی(APEC)ایشیا پیسفک اِکنامک کوآپریشن کے ایسے موقع پر یہ اجلاس ہونا جب ایک طرف عالمی تجارت اور اقتصادی تعاون کا فورم موجود تھا توساتھ ہی دنیا کی تین بڑی طاقتیں مستقبل کے عالمی نظام پر تبادلہ خیال کررہی تھیں لہذاسہ فریقی ملاقات کو صرف تین صدورکی سفارتی ملاقات سمجھنا حقیقت کو کم تر کرنے کے مترادف ہوگااجلاس کے پس منظر میں عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتی مسابقت، معاشی مفادات، دفاعی ترجیحات اور مستقبل کے عالمی نظام کی تشکیل کا سوال موجود ہونے کے باوجود ابھی کسی نئے عالمی معاہدے یا فوری امن کی ضمانت تصورکرنا قبل ازوقت ہوگا۔

تمام تر خوش فہمیوں کے باوجود اہم بات یہ ہے کہ اجلاس میں شامل تینوں صدورکی موجودگی بظاہر مشترکہ عالمی ذمہ داریوں کا اظہارہے لیکن ہر ملک اپنے مخصوص مفادات اور ترجیحات کے ساتھ شریک ہواصدرٹرمپ کی اصل دلچسپی جوہری ہتھیاروں میں کمی، روس سے بہتر تعلقات اور چین سے معاشی وتجارتی اختلافات کم کرنے میں ہے وہ چاہتے ہیں کہ دنیا کے تنازعات سے امریکہ کو نکلنے کا باعزت راستہ ملے تاکہ معیشت، تجارت اور عالمی اثرورسوخ پر توجہ دی جا سکے۔ روس کے صدر پوٹن کے لیے یہ اجلاس عالمی سطح پر روسی اہمیت منوانے کا موقع تھاکیونکہ یوکرین سے جنگ کی وجہ سے روس کو مغربی پابندیوں اور سفارتی دبائو کا سامنا ہے اِ ن حالات میں امریکی صدر کے ساتھ ایک میزپر بیٹھنا سفارتی اعتبارسے روس کے لیے بہت اہم ہے یوکرین تنازعے کاپوٹن ایسا حل چاہتے ہیں جو روس کے لیے قابلِ قبول ہو اور اِس کے مطابق یورپی سلامتی کے انتظامات ہوں۔ صدرشی کے مقاصد بلکل ہی مختلف ہیں وہ امریکہ سے تجارتی وٹیکنالوجی کے تنازعات کم کرنے کے ساتھ عالمی سطح پر چین کی معاشی اور سفارتی حثیت کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں تاکہ چین کو ایک بڑی علاقائی طاقت کی بجائے عالمی فیصلوں میں مرکزی کردار ملے اسی لیے توچین اجلاس کو عالمی امن اور بڑی طاقتوں کے درمیان تعاون کے تناظر میں پیش کرنے کی کوشش میں ہے۔

جوہری ہتھیاروں میں کمی اور جوہری جنگ کے خطرات کومحدود کرناسہ فریقی اجلاس کااہم موضوع تھا جس پر تینوں کا اتفاق بھی ہوگیاکہ جوہری جنگ کسی کے مفاد میں نہیں اِس لیے ایسی نوبت نہ آنے دی جائے گی مگر فرق یہ ہے کہ چینی صدر تو جوہری ہتھیاروں کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں لیکن امریکی صدر تینوں ممالک کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے ذخائرصرف محدودکرنے کے خواہش رکھتے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ محض بیانات سے اسلحے کی دوڑ ختم نہیں ہو سکتی ویسے بھی دنیا کے سب سے بڑے جوہری ذخائر امریکہ اور روس کے پاس ہیں جبکہ اپنے جوہری پروگرام کو چین بھی وسعت دے رہاہے تینوں ممالک ہی اپنی قومی سلامتی کے لیے اسلحے اور دفاعی صلاحیت ضروری تصورکرتے ہیں اب جبکہ فروری 2027 میں امریکہ اور روس کے درمیان نیواسٹارٹ جوہری معاہدہ ختم ہونے والا ہے اور نئے جوہری مذاکرات کی ضرورت ہے تو شین ژین اجلاس میں کسی نئے باقاعدہ جوہری تخفیف کے معاہدے کا کوئی اعلان نہیں ہوامحض خطرات کم کرنے اور مذاکرات جاری رکھنے پر ہی اتفاق ہوسکا اسی لیے جوہری ہتھیاروں یا اسلحے کی دوڑ کے خاتمے کی توقع رکھنادرست نہیں۔

روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ نے یورپ کی سلامتی کو متاثر کرنے کے ساتھ عالمی معیشت، توانائی کی فراہمی، خوراک کی قیمتوں اور دفاعی اخراجات کو متاثر کیا ہے اجلاس میں پوٹن نے یوکرین کا ذکرکرتے ہوئے یہ تو اعتراف کیا کہ تینوں ممالک کے درمیان علاقائی تنازعات حل کرنے کے حوالے سے مفادات یکساں ہیں مگرایسا کوئی ٹھوس معاہدہ جو یوکرین جنگ کے خاتمے کاباعث بنے سامنے نہیں آیاممکن ہے اِس کی وجہ یہ ہوکہ یوکرین اور یورپی ممالک میں سے کوئی سہ فریقی مذاکرات کے وقت موجودنہیں تھا۔ جب روس اپنے زیرِ قبضہ علاقوں اور سلامتی کے مطالبات سے ہٹنے کوتیارنہیں یوکرین بھی اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کاہر صورت دفاع کرنے کے لیے پُرعزم ہے اسی بناپر جنگ بندی کے فوری آثار نظرنہیں آتے۔

ایران و امریکہ کشیدگی، اسرائیل کے علاقائی اقدامات اور خلیجی ممالک کی سلامتی کے متعلق خدشات سے خطے میں غیر یقینی کی صورتحال ہے اِس کے باوجودچارنکاتی اعلامیے میں ایران، اسرائیل یا مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات کے حل کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی اصل میں چین کے ایران سے اقتصادی اور سفارتی تعلقات ہیں روس بھی ایران سے تعاون کرتا ہے مگر امریکہ مشرقِ وسطیٰ میں اپنے اتحادیوں اور تزویراتی مفادات کو اہم سمجھتا ہے اسی بناپر تینوں ممالک کسی مشترکہ لائحہ پر نہیں پہنچ سکے اگر یہ امن میں سنجیدہ ہوں تو اپنے اپنے اتحادیوں کے مفادات کا کا تحفظ چھوڑ کر تمام فریقین کے لیے قابلِ قبول سیاسی حل تلاش کریں وگرنہ عالمی طاقتوں کی مسابقت اوردخل اندازی مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات کو مزید پچیدہ بنادے گی۔

امریکہ اور چین اِس وقت دنیا کی بڑی معیشتیں ہیں اِن میں تجارتی محصولات، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور معدنیات کی فراہمی پر سنجیدہ نوعیت کے اختلافات ہیں جبکہ یورپی ممالک کی روس پر پابندیوں نے عالمی توانائی اور تجارت کومتاثر کر رکھا ہے یہی وجہ ہے کہ چین میں منعقد ہونے والی اے پی ای سی کانفرنس میں آزاد تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون پر گفتگوتو ہوئی لیکن معاہدہ نہ ہو سکا۔

سہ فریقی اجلاس کا ایک اہم پہلو اقوامِ متحدہ کی اصلاحات کا ہے اجلاس میں شامل تینوں ممالک سلامتی کونسل کے مستقل رُکن اور ویٹوکااختیار بھی رکھتے ہےں اقوامِ متحدہ کا مقصد عالمی امن، تنازعات کاپُرامن حل اور عالمی قوانین کی پاسداری کرانا ہے لیکن سلامتی کونسل میں بڑ ی طاقتوں کے اختلافات ہی تنازعات کے حل میں بڑی رکاوٹ ہیں یوکرین جنگ، مشرقِ وسطیٰ کے معاملات، کشمیر، سوڈان فلسطین، یمن جیسے مسائل اِس کی بڑی مثالیں ہیں علاوہ ازیں اعلامیے میں عالمی فوجداری عدالت کے اختیارات کے ناجائز استعمال سے بچنے پرزور تو دیا گیا لیکن کسی طریقہ کارکی وضاحت نہیں کی گئی۔

دنیا اب یک قطبی نظام سے آزاد ہوکر متعددطاقتوں اور مختلف معاشی ودفاعی اتحادوں کی طرف جارہی ہے امریکہ، چین اور روس کے علاوہ یورپی یونین، بھارت، جاپان، ترکیہ، آسٹریلیا اور دیگر علاقائی طاقتیں بھی عالمی معاملات میں اپنا کردار بڑھارہی ہیں دنیا کی تین بڑی طاقتوں کا اکٹھے بیٹھنا اہم تو ہے مگر یہ تصورکرلینا کہ تمام معاملات اِن کی مرضی کے مطابق حل ہوں گے اب ایسا ممکن نہیں یورپ کے اپنے مفادات ہیں یوکرین کی اپنی ترجیحات ہیں مشرقِ وسطیٰ کے ممالک مستقبل کے فیصلوں میں خود مختاری چاہتے ہیں ایشیائی اور افریقی ممالک بھی عالمی فیصلوں میں زیادہ اہمیت کے طلبگار ہیں ایسی صورت میں عالمی طاقتوں کے درمیان تعاون تبھی دیرپا ہوسکتا ہے جب اپنے مفادات کے ساتھ چھوٹے ممالک کی خودمختاری اور عالمی قوانین کاخودبھی احترام کریں۔

تینوں ممالک جوہری خطرات کم کرنے، تجارتی رکاوٹیں دورکرنے، توانائی کے تعاون کوفروغ دینے اور علاقائی تنازعات کے پُرامن حل کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں تو سہ فریقی ملاقات عالمی امن کے لیے مثبت پیش رفت ثابت ہوسکتی ہے اگر تینوں طاقتوں نے اپنے اتحادیوں کی سرپرستی جاری رکھی اور دنیا میں اثرورسوخ بڑھانے کی دوڑ ختم نہ کی تویہ اجلاس بھی محض سفارتی تصاویر، بیانات اور مشترکہ اعلامیے کی صورت میں ہی یادرہے گا شین ژین کا سہ فریقی اجلاس عالمی سفارت کاری کا اہم واقعہ سہی مگردنیا کو اِس وقت کسی نئے طاقت کے مرکز یا عالمی بالادستی کی دوڑ سے زیادہ ایسے عالمی نظام کی ضرورت ہے جہاں تمام چھوٹے اور بڑے ممالک کوبرابر کی خودمختاری حاصل ہو جنگوں کی بجائے مذاکرات سے تنازعات حل کیے جائیں اور اقوامِ متحدہ عالمی طاقتوں کے مفادات کی تکمیل کا فورم نہ ہو بلکہ صیح معنوں میں امن کا ضامن اِدارہ بنے۔