ہمارے کچھ دوست وزیر داخلہ محسن نقوی کو سسٹم کی کمزوری قرار دے رہے تھے اور ان کی تشریح تھی کہ وہ بغیر کسی سیاسی جدوجہد کے جس مقام پر پہنچے وہی سسٹم کی کمزوری ہے۔ محسن نقوی کی طرف سے نئے صوبوں کی کھلی ڈلی حمایت اور وکالت کے بعد تنقید میں تیزی آئی اوراس کے باوجود آئی کہ مسلم لیگ نون کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال، میاں نواز شریف کے پرانے ترین دوست وزیر دفاع خواجہ آصف بھی نئے صوبوں یا نئے ایڈمنسٹریٹو یونٹس کے حق میں مسلسل گفتگو کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ جو کہ وفاقی حکومت کے ترجمان اور پالیسی کے عکاس ہیں وہ ریفرنڈم کی حمایت کر رہے ہیں اور حکومتی اتحاد کی نزاکتوں کے باوجود بلاول بھٹو کے اس بیان کی کھل کر مخالفت کر رہے ہیں جس میں وہ نئے صوبوں کے قیام کی صورت میں کراچی کی سڑکوں پر خون بہنے کی باتیں کر رہے تھے۔ یہ بات درست ہے کہ اس پر مسلم لیگ نون کے سربراہ میاں نواز شریف اور وزیراعظم محمد شہباز شریف خاموش ہیں مگر کیا اسے حکمت اور تدبر نہیں سمجھا جا سکتا۔ اس وقت حکومتی ٹرائیکا میں مقتدرہ نئے صوبے بنانے کے حق میں ہے، پیپلزپارٹی نئے صوبے بنانے کی مخالفت میں ہے اور بیچ میں ڈرائیونگ سیٹ پر مسلم لیگ نون ہے جو حکومتی گاڑی کو توازن کے ساتھ چلانے کی کوشش کر رہی ہے۔
میں ذاتی طور پر سمجھتا ہوں کہ نئے صوبوں کے حوالے سے سب سے کمفرٹ ایبل پوزیشن مسلم لیگ نون کی ہے۔ میں راجن پور سے ملتان تک دیکھتا ہوں تو مجھے مسلم لیگ نون مقابلہ کرتی ہوئی نظر آتی ہے۔ میں ملتان سے نکل کر ساہیوال کراس کرتے ہوئے سنٹرل پنجاب کے لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور اپر پنجاب کے جہلم، چکوال، پنڈی اور اٹک تک جاتا ہوں تو کلین سویپ کرتی ہوئی نظر آتی ہے اور اس سے آگے خیبرپختونخوا کی ہزارہ بیلٹ شروع ہوجاتی ہے۔
پنجاب میں اگر نئے صوبے بنتے ہیں تو مسلم لیگ نون کو کوئی نقصان نہیں ہے، تین صوبے بن جائیں تو وہ تینوں میں حکومت بناتی ہوئی نظر آتی ہے اور اگر پنجاب تقسیم نہ ہو تو اس کی ہوم گراونڈ ویسے ہی کلیئر ہے۔ اگر خیبرپختونخوا کی موجودہ جغرافیائی صورتحال برقرار رہے تو پی ٹی آئی کی اکثریت کا تاثر ہے چاہے وہ دو تہائی نہ بھی ہو لیکن اگر ہم ہزارہ بیلٹ کی طرف دیکھیں یعنی ایک نئے صوبے کے طور پرتووہاں ہمیں مسلم لیگ نون حکومت بنانے کی پوزیشن میں نظر آتی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ جس طرح آزاد کشمیر نے مسلم لیگ نون کے حق میں فیصلہ کیا اسی طرح تھوڑی سی محنت گلگت بلتستان پر کر لی جائے اور پیپلزپارٹی کے دباو کو آزاد کشمیر کی طرح نظرانداز کیا جائے تو وہاں بھی مسلم لیگ نون حکومت بنا سکتی ہے۔
حاصل کلام یہ ہے کہ صوبے بنیں تو اس کو فائدہ ہے اور نہ بنیں تو اس کوئی بڑانقصان نہیں، اس کی ہوم گراؤنڈ کلیئر ہے مگر دوسری طرف پیپلزپارٹی ہے جس کو سندھ تقسیم ہونے کے بعد ڈر ہے کہ وہ، کراچی اور حیدرا ٓباد سے باہر ہوکے، اندرون سندھ کی پارٹی بن کے رہ جائے گی جبکہ سندھ کی طاقت ہی اپنی آبادی، اپنے ساحل اوراس کی کمائی کی وجہ سے کراچی ہے۔ سندھ میں شہری آبادی تریپن فیصد سے زائد ہے اور اس کا مطلب یہ ہوا کہ سندھ کی تقسیم کے بعد پیپلزپارٹی اپنی سیاسی طاقت میں آدھی رہ جائے گی۔
بات محسن نقوی سے چلی اور ان سے جڑی نئے صوبوں کی بحث کی طرف نکل گئی جبکہ موضوع یہ ہے کہ محسن نقوی، جنہیں ہمارے کچھ دوست جیسے رانا ثناءاللہ خان سسٹم کی کمزوری کہہ رہے تھے وہ سسٹم کی طاقت بن کے ابھرے ہیں۔ جب نئے صوبوں کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری کی کراچی میں گفتگو کے بعد صورتحال پوائنٹ آف نو ریٹرن کی طرف جا رہی تھی تو ایسے میں محسن نقوی ہی تھے جنہوں نے اپنی ڈپلومیسی تیز کی۔ وہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ایوان صدر جناب آصف علی زرداری کے پاس پہنچے اورا س کے بعد رات گئے جب بلاول بھٹو کی اپنے والد سے ملاقات ہوئی تو ان کے الفاظ بدل گئے، ان کے انداز بدل گئے اور اگلے ہی روز وہ وزیراعظم شہباز شریف کو پانچ سال پورے کرنے کی یقین دہانیاں کروا رہے تھے۔
بات یہاں تک ہی محدودنہیں ہے بلکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی کسی اہم شخصیت سے بھی ملاقات کروائی، حافظ نعیم الرحمان، چوہدری شجاعت حسین سے ملاقاتیں الگ ہیں۔ مجھے ایسی صورتحال والے کئی ماضی یاد آ رہے ہیں جب ڈیڈ لاک پیدا ہوا کرتے تھے تو اس کے نتیجے میں حکومتیں ہی ڈیڈ ہوجایا کرتی تھیں مگر اب محسن نقوی کی صورت ایک سیفٹی والوو موجود ہے جو پریشر کو ریلیز کرسکتا ہے۔ جمہوریت کی خوبی ہی رابطہ اور مکالمہ ہے اور اسی کو محسن نقوی کروا دیتے ہیں۔ وہ حکومتی ٹرائیکا کے تین جزیروں میں ایک پُل کی طرح ہیں۔ انہیں صدر آصف علی زرداری کی ذاتی محبت، وزیراعظم شہباز شریف کی عملی حمایت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعتماد کی طاقت حاصل ہے۔
مجھے وزیر داخلہ محسن نقوی کے موازنے میں وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان یاد آ رہے ہیں جو بحران پیدا ہونے پر حکومت ہی لے بیٹھے تھے اور مجھے کہنے میں عار نہیں کہ رانا ثناءاللہ خان بہت اچھے پولیٹیکل ایکٹیویسٹ سہی مگر وہ بھی موجودہ بحران میں بطور وزیر داخلہ وہ کردارادا نہیں کر سکتے تھے جو محسن نقوی نے ادا کیا اور ان تمام یوٹیوبرز اور صحافیوں کی پیشین گوئیاں ناکام کرکے دکھا دیں جو مقتدرہ اور پیپلزپارٹی کے درمیان اختلاف پر سسٹم ہی کی رخصتی کی امیدیں لگا بیٹھے تھے۔ ان تمام حالات و واقعات کی جمع تفریق کیجئے اور بتائیے کہ کیا محسن نقوی سسٹم کی کمزوری ہیں یا سسٹم کی طاقت، جنہوں نے اسے ایک بندھن میں باندھا ہوا ہے۔
میں نے سیاسیات کے طالب علم کے طور پر پڑھا ہے کہ جس سسٹم میں پریشر ریلیز کرنے، ڈائیلاگ شروع کرنے اور کرائسس کی ارجنٹ مینجمنٹ کی صلاحیت ہوتی ہے وہ سسٹم سب سے پائیدار ہوتا ہے اور مجھے اس میں وزیراعظم شہباز شریف کو بھی کریڈٹ دینا ہے کہ وہ کرائسس مینجمنٹ میں روایتی طریقہ کار پر یقین نہیں رکھتے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اگرچہ ایک فوجی ہیں اور جنگ اور ڈپلومیسی ایک دوسرے کی ضد ہیں مگر اس کے باوجود فیلڈ مارشل کی ڈپلومیسی اور کمیونیکیشن کی صلاحیتوں نے توامریکی، ایرانی اور چینی صدور تک کو متاثرکررکھا ہے۔
صدر آصف علی زرداری کو مرد حر ہی نہیں مرد مفاہمت بھی قرار دیا جاتا ہے جو سیاسی کرشمے کرکے دکھانے کی اہلیت رکھتے ہیں تو ان تینوں میں رشتہ محسن نقوی کا ہے اور اسی ایکچوئل پولیٹیکل تھیسز بتاتا ہے کہ محسن نقوی سسٹم کے چلنے کی گارنٹی بن کے بھی سامنے آئے ہیں۔ مجھے کہنے میں عارنہیں کہ اگر آج نو، دس برس پہلے میاں نواز شریف کی حکومت کے پاس ایساواضح، دوٹوک، مخلص اورمحنتی وزیر داخلہ ہوتا تو سسٹم اس وقت بھی چلتا رہتا کیونکہ وہ رابطہ ہوتا، پل ہوتا، سیفٹی والو و ہوتا۔