Wednesday, 11 November 2026
  1.  Home
  2. Nai Baat
  3. Najam Wali Khan
  4. Nawaz League Par Tanqeed

Nawaz League Par Tanqeed

مقتدرہ کی ربع صدی سے بھی زیادہ کی محنت نے نواز لیگ پرتنقید کو پولیٹیکل فیشن کا حصہ بنا دیا، جی ہاں، یہ نوے کی دہائی کا معاملہ تھا جب مسلم لیگ نون او ر پیپلزپارٹی کی کردار کشی کا سلسلہ شروع ہوا۔ مجھے کہنے میں عار نہیں کہ اس سلسلے میں خود مسلم لیگ نون اور پیپلزپارٹی نے بھی حصہ ڈالا مگر سچ یہ بھی ہے کہ انہوں نے پرویز مشرف کے مارشل لا تک بہت کچھ سیکھ لیاکیونکہ پیپلزپارٹی اس سے پہلے ضیاءالحق کی آمریت بھگت چکی تھی اور مسلم لیگ نون پرویز مشرف کی ڈکٹیٹر شپ کے مزے چکھ رہی تھی۔

ان دونوں جماعتوں نے میثاق جمہوریت کر لیا جو میری نظر میں آئین کے بعد سب سے اہم اور مقدس دستاویز ہے مگر اس وقت تک بہت سارے لوگ اسے ایمان بنا چکے تھے کہ مسلم لیگ نون اور پیپلزپارٹی کو گالی دینے سے ہی مقبولیت ملتی ہے۔ کیا آپ یقین کریں گے کہ وہ بہت سارے صحافتی اور دانشور جو سکرین پر مسلم لیگ نون کے بوجوہ حامی ہوتے ہیں وہ بھی نجی محفلوں میں خود کو آزاد اور غیر جانبدار ثابت کرنے کے لئے وہی زبان بولتے ہیں جو مسلم لیگ نون کے بارے پی ٹی آئی کی ہے۔

میرے پاس سب سے پہلی مثال جماعت اسلامی کی ہے۔ ضیاءالحق مرحوم کے مارشل لا کے بعد پاکستان میں ایک نئے سیاسی دور کا آغاز ہوا۔ ان کی غیر جماعتی مجلس شوریٰ نے پاکستان کو بہت ساری نئی قیادت دی۔ جماعت اسلامی نئی تو نہیں تھی مگر ایک نئے اتحاد اسلامی جمہوری اتحاد کاحصہ ضرور تھی۔ اس نے اس وقت کے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں نواز شریف کی مقبولیت دیکھی تواس کے بہت ساروں نے سوچا کہ اس مقبولیت کی تمام تر بنیاد تو ہماری دی ہوئی ہے۔ ہم نے ہی آئی جے آئی کو ایک نظریہ دیا اور ہم نے ہی ترانے دئیے مگرا ن تمام نعروں اور ترانووں پر نواز شریف اقتدار لے گئے۔

میاں نواز شریف وزیراعظم بنے تو جماعت اسلامی کا احساس محرومی مزید بڑھ گیا۔ میں جنرل آصف نواز اور وحید کاکڑ کے دور کی بات کر رہا ہوں۔ جنرل آصف نواز کو نواز شریف کی کراچی بارے پالیسی سمیت دیگر فیصلوں پر اعتراضات تھے مگر نواز شریف اپنے فیصلوں پرعمل کروانا چاہتے تھے۔ ان میں دوریاں پیدا ہوئیں اورمجھے یہ کہنے میں عار نہیں کہ پاکستان کی فوج اپنے چیف کی ہوتی ہے چاہے وہ خود کوئی بھی ہو یا اس کا نظریہ کچھ بھی ہو۔ وہ ضیاءالحق کی طرح مذہبی ہو یا مشرف کی طر ح سیکولر۔ بات آصف نواز اور وحید کاکڑ سے آگے بڑھ کے جہانگیر کرامت اور پرویز مشرف تک آ گئی۔

جہانگیر کرامت کو نیشنل سیکورٹی کونسل کی تجویز پیش کرنے پر مستعفی ہونا پڑا۔ پرویز مشرف نواز شریف ہی کی چوائس تھے مگر وہ واجپائی کو پاکستان نہیں دیکھنا چاہتے تھے۔ وہ انڈیا کے ساتھ روایتی محاذ آرائی جاری رکھنا چاہتے تھے اور یہی وجہ ہے کہ جب واجپائی لاہور میں اتر رہے تھے تو پاکستان کے فوجی، پاکستان کی حکومت کو بتائے بغیر، کارگل پر چڑھ رہے تھے۔ اس نے بڑا مسئلہ پیدا کیا اور مزید دوریاں۔

کہتے ہیں جب پرویز مشرف سری لنکا سے واپس آ رہے تھے تو میاں نواز شریف نے جلدی میں جنرل ضیاءالدین بٹ کو اس لئے آرمی چیف بنا دیا کیونکہ ان کی اطلاع کے مطابق پرویز مشرف طیارہ اترتے ہی مارشل لا لگانے والے تھے مگر جو پرویز مشرف نے سوچا تھا انہوں نے عہدے سے ہٹائے جانے پر بھی وہی کیا۔ جنرل عزیز سمیت دیگر موجود تھے جنہوں نے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا۔ میاں نواز شریف کو پیشکش کی گئی کہ وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دے دیں اور اسمبلیاں توڑ دیں مگر نواز شریف نے کہا" اوور مائی ڈیڈ باڈی "اورا سکے بعد جمہوریت ڈیڈ ہوگئی۔

میں ان تمام واقعات کادور یا قریب سے خود شاہد ہوں اس لئے بات لمبی ہوگئی مگر یہ تمام عرصہ ایسا تھا جس میں نواز لیگ کے خلاف وہ مہم جاری تھی جو جنرل قمر جاوید باجوہ کے دورتک رہی جس میں پاک فوج کے ترجمان نے حکومت کے ٹوئیٹ کو ریجیکٹڈ لکھ دیا یعنی ایک پوری منصوبہ بندی تھی جس میں بتایا جاتا تھا کہ نواز لیگ ہی تمام برائیوں کی جڑ ہے حالانکہ اس کے ساتھ یہ بھی اعتراف کیا جاتا تھا کہ اگر ملک سے نواز شریف کے منصوبے نکال دئیے جائیں تو پیچھے مغلوں کے کھنڈرات اور قلعے ہی بچتے ہیں۔

پرویز مشرف کے دور میں بتایا گیا کہ نواز لیگ بہت بری ہے اور اسٹیبلشمنٹ کو فالو کرنے والی بہت ساری جماعتوں نے اسے اسی طرح گرہ سے باند ھ لیا جس طرح ایک یوٹیوبر کہتا ہے آپ نے ہمیں فائلیں دکھائی تھیں اور بتایا تھا کہ نواز شریف کرپٹ ہے۔ یہ سمجھا جاتا رہا اور عمرا ن خان نے شجاع پاشا، ظہیرالاسلام، فیض حمید کی مدد سے ثابت بھی کیا کہ ا س سے کامیابی مل سکتی ہے مگر یہ کامیابی عارضی تھی، مصنوعی تھی۔ پھر دہراؤں گا کہ سب سے پہلے جماعت اسلامی نے یہ سمجھا کہ نواز شریف کی مخالفت ہی کامیابی ہے۔

وہ عمران خان سے پہلے جاتی امرا پہنچی، نواز شریف کے گھر کے باہر جلسہ کیا، بالواسطہ طور پر مولانا فضل الرحمان کے ساتھ پرویز مشرف آمریت کا ستون بنی مگر اسے کچھ نہیں ملا۔ میں آج بھی جماعت اسلامی کے دوستوں کو سمجھاتا ہوں کہ تمہیں آخری حقیقی جمہوری اقتدار اس وقت ملا تھا جب تم مسلم لیگ نون کے اتحادی تھے۔ اس بات کو بھی تیس پینتیس برس گزر گئے مگر دوبارہ کوئی کامیابی نہیں ملی۔ اس دوران پی ٹی آئی کی ہم زبانی بھی کرکے دیکھ لی تو ذرا سوچو کہ کہیں یہ راہ غلط تو نہیں؟

پرویز مشرف دور اوراس کے بعد عمران خان دور میں مسلم لیگ نون کو غریب اور جاہل کی پارٹی بنا کے پیش کیا گیا۔ اس کے کارکنوں کو پٹواری کہا گیا یعنی روایتی کلرک اور کرپٹ ٹائپ مگر پھر نواز شریف ہی کو کریڈٹ ملا کہ وہ ایک مارشل لاکو شکست دے کر دوبارہ وزیراعظم بنے مگر اس دوران بھی دھرنے جیسی سازشیں جاری رہیں۔ میں ابھی گوجرانوالہ میں مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار کے کچھ ووٹ لینے پر ان کے بیانات دیکھ رہا تھا اور وہ بھی جماعت اسلامی، عوامی مسلم لیگ وغیرہ وغیرہ کی طرح یہی سوچ رہے ہیں کہ مسلم لیگ نون پر تنقید او ر اس کی مخالفت کامیابی دیتی ہے۔ اس میں صرف عمران خان کو اس لئے کامیابی ملی کیونکہ فوج نے اسے گود میں اٹھا لیا، اپنے سروں پربٹھا لیا مگر وہ اس اہم ترین جگہ پر کسی بدتمیز بچے کی طرح گند کر گیا۔

اب تو وہ معاملہ بھی نہیں رہا کہ آپ مسلم لیگ نون پر تنقید کرکے موجودہ آرمی چیف کی نظر میں اچھے بن جائیں گے جیسے یہ آصف نواز، وحید کاکڑ، جہانگیر کرامت، پرویز مشرف، قمر جاوید باجوہ کے دور میں چلتا رہا۔ کہنا صر ف یہ ہے کہ مسلم لیگ نون پر یاوہ گوئی کے ذریعے کامیابی صرف ایک سراب ہے، سوشل میڈیا کا دھوکا ہے، اس کے سواکچھ بھی نہیں ہے۔ حقیقت کی دنیا ورچوئل ورلڈ سے بہت مختلف ہے اور یہ بات حافظ نعیم اور مولانا فضل الرحمان سمیت بہت سارے اچھے لوگوں کو سمجھ لینی چاہئے۔