ہمارادین ہمیں صبر، برداشت اوردوسروں سے اچھے برتاؤ کادرس دیتاہے، جولوگ اسلام کی ان تعلیمات پرعمل کرتے ہیں وہ زندگی میں پھرکبھی ناکام اورنامرادنہیں ہوتے۔ صبر، شکراورعفوودرگزریہ خوبیاں اورنعمتیں جنہوں نے پالیں گویاانہوں نے سب کچھ پالیاکیونکہ صبر، شکر اوردوسروں کومعاف کرنے والے لوگ اللہ کی رحمت اورنعمتوں کے زیادہ قریب ہوتے ہیں، ایسے لوگوں پرپھراللہ کی خاص رحمت ہوتی ہے۔ جن پراللہ کی رحمت ہووہ پھرکبھی مسائل میں پھنستے اورزمین میں دھنستے نہیں۔
ہم نے ایسے سینکڑوں نہیں ہزاروں لوگوں کوصرف صبر، شکراورعفوودرگزرکی وجہ سے فلاح پاتے دیکھاہے۔ ہمارے حکمران اور سیاستدان دوسروں کومعاف کرنے کواپنی توہین سمجھتے ہیں لیکن ایساہرگزنہیں۔ مسلم لیگ ن کے قائدمیاں نوازشریف کے ساتھ اس ملک کی سیاست میں کتنی ناانصافیاں اورزیادتیاں ہوئیں انہوں نے کسی ناانصافی اورزیادتی کا ناانصافی اورانتقام سے کبھی جواب نہیں دیابلکہ صبراورشکرکے ساتھ اپنے ہرسیاسی مخالف کوکھلے دل سے معاف کرکے اپنامعاملہ اللہ کے سپردکیا، کیامیاں صاحب کے اس کردارکی وجہ سے ان کی عزت اورشہرت میں کوئی کمی آئی، ہرگز نہیں بلکہ ایسے اقدامات سے میاں صاحب کی عزت اورشہرت میں مزیداضافہ ہوا، اپنے ہیں یابیگانے انہی خوبیوں کی وجہ سے سب آج بھی میاں صاحب کی تعریف کرتے ہیں۔
ملک کی اصل طاقت قومی یکجہتی، سیاسی استحکام اور باہمی اتفاق میں پوشیدہ ہوتی ہے مگرافسوس ہمارے حکمرانوں اورسیاستدانوں نے انتقامی سیاست، ڈنڈے کے استعمال اورانتشارکوہی طاقت کاسرچشمہ سمجھ رکھاہے جس کی وجہ سے آج ملک ایک ایسے دوراہے پر کھڑا ہے جہاں سے نہ ہم آگے جاسکتے ہیں اورنہ پیچھے آسکتے ہیں۔ ہمیں سچ میں آپس کے اختلافات کم کرنے، ایک دوسرے کے زخموں پر مرہم رکھنے اور قومی مفاہمت کی طرف بڑھنے کی ضرورت ہے لیکن یہاں صورتحال اس کے باالکل برعکس ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ہم نے مسائل حل کرنے کے بجائے نئے مسائل پیدا کرنے اور بکھرے ہوئے شیرازے کو مزید منتشر کرنے کی کوئی قسم کھائی ہو۔
معلوم نہیں اس ملک کو کس ظالم اوربدبخت کی نظر لگ گئی ہے کہ ہم ہر گزرتے دن کے ساتھ اتحاد و اتفاق سے دور اور انتشار و محاذ آرائی کے قریب ہوتے جا رہے ہیں۔ ہماری سیاسی قیادت بھی ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنے کے بجائے انہی غلطیوں کو نئے انداز میں دہرانے پر بضد ہے۔ ہماراخیال تھاکہ میاں نوازشریف کی طرح موجودہ حکمران بھی دل بڑاکرکے سابق وزیراعظم عمران خان سمیت ہرسیاسی مخالف کے لئے عفوودرگزرکاکوئی راستہ نکال لیں گے لیکن لگتاہے یہ خیال خیال ہی رہے گا کیونکہ تحریک انصاف کے ساتھ سیاسی کشیدگی اور محاذ آرائی کی فضاابھی ختم نہیں ہوئی کہ اگلوں نے مولانا فضل الرحمن کے ساتھ پنگالے لیاہے۔ کیا ملک میں پہلے سے موجود سیاسی اختلافات کم تھے کہ ایک اور محاذ کھولنے کی ضرورت پیش آگئی۔
سیاسی ونظریاتی اختلاف اپنی جگہ لیکن یہ توسب مانتے اورجانتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمن کااس ملک کی سیاست میں اہم کردارہے۔ آج جولوگ اپنے تیروں کے رخ مولاناکی طرف پھیررہے ہیں کیاماضی قریب میں مولاناانہی لوگوں کے سیاسی امام نہیں رہے۔ مولانا سے ایک نہیں ہزاربار اختلاف کیا جا سکتا ہے، ان کی پالیسیوں پر تنقید بھی ہوسکتی ہے لیکن سیاسی اختلاف کو انتقام اور محاذ آرائی میں تبدیل کرنا کسی بھی طورپرمناسب نہیں۔
جمہوریت کا حسن ہی یہ ہے کہ اختلاف رکھنے والوں کو بھی سیاسی عمل میں اپنا کردار ادا کرنے کا پورا موقع دیا جائے۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ پاکستان کسی ایک جماعت یاکسی ایک سیاسی لیڈرورہنماء کا نہیں بلکہ یہ بائیس کروڑ سے زائد پاکستانیوں کا مشترکہ ملک ہے۔ یہاں سیاسی جماعتیں بھی ہماری ہیں اور اختلاف رکھنے والے رہنماء بھی اسی معاشرے کا حصہ ہیں۔ اگر ہم ایک دوسرے کو نیچا دکھانے، دیوار سے لگانے اور سیاسی طور پر ختم کرنے کی کوششوں میں مصروف رہیں گے تو نقصان کسی ایک جماعت یا شخصیت کا نہیں بلکہ پورے ملک کا ہوگا۔
آج ملک کو سیاسی انتقام نہیں سیاسی برداشت چاہیے۔ سیاسی محاذ آرائی نہیں مکالمہ اورالزامات نہیں اعتماد سازی چاہئیے۔ ہمیں ایسے فیصلوں کی ضرورت ہے جو سیاسی درجہ حرارت کم کریں نہ کہ ایسے اقدامات کی جو پہلے سے سلگتی ہوئی فضاء کو مزید بھڑکا دیں۔ یہ بھی ایک تلخ حقیقت ہے کہ ہماری سیاست میں برداشت کا دامن روز بروز سکڑتا جا رہا ہے۔ ہر سیاسی فریق خود کو حق پر اور دوسرے کو ملک کے لئے خطرہ سمجھنے لگا ہے۔ اقتدار میں موجود لوگ اختلاف کو بغاوت سمجھتے ہیں اور اپوزیشن اقتدار کے ہر فیصلے کو دشمنی کی نظر سے دیکھتی ہے۔
ایسے ماحول میں قومی اتفاق رائے کیسے پیدا ہوگااور ملک آگے کیسے بڑھے گا؟ سوال یہ نہیں کہ تحریک انصاف درست ہے یا حکومت، مولانا فضل الرحمن کا مؤقف صحیح ہے یا غلط۔ اصل سوال یہ ہے کہ کیا ہم سب پاکستان کے مستقبل کے بارے میں سنجیدہ ہیں؟ اگر واقعی سنجیدہ ہیں تو پھر ہمیں اپنی انا، سیاسی مفادات اور وقتی مصلحتوں سے بالاتر ہو کر سوچنا ہوگا۔ مولانافضل الرحمن ہوں، عمران خان ہوں، حکومتی قیادت ہو یا دیگر سیاسی جماعتیں، سب کو یہ احساس کرنا ہوگا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن قومی مفاد سب سے مقدم ہے۔
کسی کو دیوار سے لگانے کے بجائے اسے مذاکرات کی میز پر لانا ہی سیاسی بلوغت ہے۔ جو آواز اختلاف کرتی ہے اسے دبانے کے بجائے سننا چاہیے کیونکہ اختلاف کو برداشت کرنا ہی جمہوریت کی اصل روح ہے۔ ہماری معیشت پہلے ہی مشکلات کا شکار ہے، عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، نوجوان روزگار کے لئے پریشان جبکہ عام آدمی دو وقت کی روٹی کے لئے تڑپ رہا ہے۔ ایسے حالات میں سیاسی قوتوں کا آپس میں دست و گریباں رہنا ملک وقوم کے ساتھ زیادتی نہیں تو اور کیا ہے؟ یاد رکھیں قومیں اختلافات سے نہیں بلکہ اختلافات کو دشمنی میں بدل دینے سے کمزور ہوتی ہیں۔
پاکستان کو آج کسی نئے سیاسی معرکے کی نہیں بلکہ ایک ایسے، قومی عہد، کی ضرورت ہے جس میں سیاست سے پہلے انسانیت ہو۔ ایساعہد جس میں سیاست ہو مگر دشمنی نہ ہو، تنقید ہو مگر تضحیک نہ ہو، مقابلہ ہو مگر انتقام نہ ہو۔ اب بھی وقت ہے کہ ہماری سیاسی قیادت ہوش کے ناخن لے۔ ملک کو مزید انتشار کی طرف دھکیلنے کے بجائے اتحاد و اتفاق کی بنیاد رکھے کیونکہ پاکستان ہم سب کا ہے اور اس کی سلامتی، ترقی اور استحکام سے بڑھ کر کسی کی سیاسی انا، جماعتی مفاد یا اقتدار اہم نہیں۔ حکمران ہر روز ایک نیا سیاسی محاذ کھولنے کے بجائے میاں نوازشریف کی طرح قومی مفاہمت کا راستہ اختیار کریں۔ تحریک انصاف کے ساتھ معاملات ہوں یا مولانا فضل الرحمن کے تحفظات، انہیں سیاسی بصیرت، تحمل اور سنجیدہ مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے کیونکہ ملک مزیدکسی سیاسی بحران کامتحمل نہیں۔