Thursday, 30 July 2026
  1.  Home
  2. Guest
  3. Rauf Klasra
  4. Shafiq Laghari, Baap Se Beti Tak

Shafiq Laghari, Baap Se Beti Tak

آج پروگرام کی ریکارڈنگ ختم ہوئی تو سکھ کا سانس لے کر دفتر آ بیٹھا۔ فارمل ڈریس تبدیل کیا تو شفیق لغاری کمرے میں آن دھمکا۔ آپ تشریف نہیں لاتے بلکہ ہمیشہ آن دھمکتے ہیں۔

شفیق لغاری کو اسلام آباد میں اب گیارہ برس ہوگئے ہیں اور اس میں ایک آدھ سال چھوڑ کر وہ میری پروگرام ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔ شروع میں ان کی چند اخبارات میں نوکری کرائی تو وہ اپنے شاہی مزاج کی وجہ سے چند دن بعد ہر جگہ سے نہ ٹک سکے، تو میں نے زہر کا پیالہ پینے کا فیصلہ کیا۔

میں نے 35 سال پہلے ملتان یونیورسٹی کی کنٹین پر درجنوں دوستوں کے ساتھ گزری شاموں کے نام پر کہا، لغاری لگتا ہے یہ بھاری پتھر مجھے ہی عمر بھر اٹھانا پڑے گا اور پھر اپنی ٹیم میں رکھ لیا اور اس سے دست بستہ عرض کی دو احسان کرنا۔

ایک تو مجھے باہر بیچنا نہیں ہے اور دوسرے میری ٹیم کے ان معصوم ممبران کو اپنے یونیورسٹی دور والے زہریلے ڈنک سے بچانا۔۔ سات نہ سہی بس یہ ایک گھر چھوڑ دینا۔

اب لغاری میرے ساتھ ہے اور روزانہ کمیٹی اجلاسوں سے بہترین خبریں نکالتے رہتے ہیں۔ دھیرے دھیرے کام کی رفتار بڑھ رہی ہے۔ نیوز سینس بھی تیز ہے۔ اچھا کام کر رہا ہے۔

دفتر میں لغاری بیٹھا تو مجھے لگا کچھ ڈائون ہے یا پھر سارا دن کام کے بعد سکون کی وجہ سے سست ہورہا تھا۔

میں نے پوچھا عدن کا کیا حال ہے؟ عدن لغاری کی اکلوتی بیٹی ہے۔ بہت قابل اور سمجھدار بچی ہے۔ اس وقت انگلش لٹریچر میں BS کررہی ہے۔ عنایہ کی طرح وہ بھی لیو ہے۔ لغاری ہر باپ کی طرح اپنی بیٹی سے بہت پیار کرتا ہے اور اس کی خاطر بڑی محنت کرتا ہے۔

لغاری نے عدن کے نام گہری سانس لی اور کہا وہ ٹھیک ہے لیکن یار یہ جنریشن زی عجیب نسل ہے۔ مجھے تو ان کی سمجھ نہیں آتی۔

میں نے لغاری کو غور سے دیکھا اور کہا آپ کے والد صاحب کو آپ کی سمجھ آتی تھی؟

لغاری کچھ جھینپا اور شرمندہ سا ہو کر بولا میرے والد صاحب کا میرے ساتھ آخری عمر تک اختلاف و اعتراض رہا۔

میں لیہ میں لغاری اور ان کے والد صاحب کے تلخ و شیریں مکالموں کا عینی شاہد بلکہ یوں کہیں میں زاتی طور پر وکٹم بھی ہوں۔۔

لغاری میرے چہرے پر کمینی مسکراہٹ دیکھ کر منہ لیپٹ کر باہر نکل گیا۔ آج چائے تک نہیں پی۔ بھلا آپ بتائیں میرے ترکش میں کون سا ایسا تیر تھا جو ٹھیک نشانے پر جا بیٹھا۔

About Rauf Klasra

Rauf Klasra

Rauf Klasra is a Pakistani journalist and Urdu language columnist. He files stories for both the paper and television whereas his column appears in Urdu weekly Akhbr-e-Jahaan and Dunya newspaper. Rauf was earlier working with The News, International where he filed many investigative stories which made headlines.