اتفاقات کا ایک سلسلہ مجھے "درِنجات" کی جانب لے گیا۔ "درِنجات" کا لفظ پڑھتے ہی وہ نہ سوچیے گا جو میرے ذہن میں بھی آیا تھا۔ آج کے کالم میں یہ ایک سلسلہ وار ڈرامے کا نام ہے جو ان دنوں ہر جمعہ اور ہفتے کی شام 8 بجے پاکستان کے ایک مقبول ٹی وی چینل پر دکھایا جارہا ہے۔ ٹی وی ڈراموں کا ذکر چلا ہے تو اعتراف کرنا ہوگا کہ میں نے پاکستان ٹیلی وڑن کے علاوہ کسی اور ٹی وی نیٹ ورک پر کسی سلسلہ وار کھیل کو کبھی نہیں دیکھا۔ مختصر الفاظ میں یوں کہہ لیں کہ غالباََ پاکستان میں تیار ہوئے ڈرامے کم از کم 30برسوں سے نہیں دیکھے ہیں۔
ڈرامے سے ایسی لاتعلقی ذاتی حوالے سے حیران کن ہے۔ کئی بار اس کالم میں ریڈیو پاکستان سے اپنی وابستگی کا ذکر کیا ہے جو سکول کے دنوں سے شروع ہوگئی تھی۔ ریڈیو پاکستان لاہور کی عمارت کے پچھواڑے میں 1965کی جنگ سے پہلے چند کمرے تیار ہوئے تھے۔ بعدازاں یہ علم ہوا کہ وہاں سے پی ٹی وی کی نشریات ہوتی ہیں۔ ٹی وی کے آغاز سے کم ازکم 5برس تک یہ نشریات براہِ راست ہوتی رہیں۔
ہفتے یا اتوار کی شام "بچوں کے تھیٹر" کے نام سے ایک شو بھی تھا۔ اس میں عموماََ "بادشاہوں " کے قصے بیان ہوتے۔ بادشاہ، ملکہ اور درباریوں کے کردار بچے ہی ادا کرتے۔ پی ٹی وی کے بانیوں میں سے ایک آغا ناصر اس کے پروڈیوسر ہوا کرتے تھے۔ براہِ راست نشر ہوئے ڈراموں میں اداکاری کے قابل بچوں کو تلاش کرنے وہ اکثر ر یڈیو پاکستان لاہور کے سکول براڈ کاسٹ کے لئے ریکارڈ ہوتے فیچر سننے آجاتے۔ وہاں بااعتماد دِکھتے بچوں کو ڈھونڈ کر انہیں ٹی وی ڈراموں میں حصہ لینے کو مائل کرتے۔ میری خوش بختی کہ میں انہیں ذہین اور بااعتماد دکھائی دیا۔ اداکاری سے لیکن مجھے گھن آتی تھی۔ اسے گھٹیاکام سمجھتا تھا۔ انہوں نے نہایت شفقت سے قائل کیا کہ پی ٹی وی کے لئے جو ڈرامے تیار کئے جاتے ہیں وہ "سبق آموز" ہوتے ہیں۔ سکرپٹ یاد کرکے براہِ راست نشریات کے دوران اپنے حصے کے مکالمے اعتماد سے ادا کرنا مہارت ہے۔ ربّ ایسا ہنر ہر ایک کو عطا نہیں کرتا۔ ایسے ہنر کو استعمال نہ کرنا گویا ربّ کی ناشکری ہے۔ میں قائل ہوگیا اور تقریباََ ہر دوسرے ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرتا رہا۔ ٹی وی کے پھیرے لگاتے ہوئے لیکن مجھے ریہرسل کے دوران پروڈیوسر کا رعب بہت بھایا۔ اس کے علاوہ ڈرامے کی صنف نے بے تحاشہ متاثر کیا۔ فیصلہ کرلیا کہ ڈرامے لکھوں گا اور 1976ء کے آغاز میں یہ خواہش پوری ہوگئی۔
منّوبھائی اور اشفاق احمد کی طرح ڈرامے لکھ کر ہی رزق اور نام کمانا چاہتا تھا۔ جلد مگر دریافت کرلیا کہ مستقل رزق کے لئے ڈرامہ نویسی پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔ جزوقتی سے کل وقتی صحافت کی جانب مڑگیا اور بعدازاں جولائی 1977ء ہوگیا۔ صحافی اور ڈرامے لکھنے والوں کو اس برس سے مسلسل گھٹن محسوس ہونے لگی۔ کئی مہینوں کی بے روزگاری کے باوجود طے یہ کیا کہ تمام تر محدودات کے باوجود صحافت ہی سے ماہانہ تنخواہ مل سکتی ہے۔ 1980ء کی دہائی شروع ہوتے ہی اسلام آباد سے نکالے انگریزی اخبار "دی مسلم" نے مزید حوصلہ دیا۔ بتدریج صحافت "آزاد سے آزاد تر" ہوتی چلی گئی اور عمر تمام صحافت کی نذرکردی۔ عمر کے آخری حصے میں پہنچ کر مگر بطور صحافی شکست خوردہ محسوس کرتا ہوں۔ اب مگر پچھتائے کیا ہوت؟
صحافت کو عشق کی صورت اپنا لیا تو فلموں اور ڈراموں سے کاملاََ کٹ گیا۔ فیلڈ رپورٹنگ کے علاوہ رات گئے تک خبروں کی تلاش میں فیصلہ سازوں سے گفتگو کا جنون طاری رہتا۔ سماجی تقاریب میں کبھی مشہور فلموں یا ڈراموں کا ذکر ہوتا تو ان کے بارے میں لاعلمی سے شرمندہ محسوس کرتا۔ عمران حکومت نے ٹی وی سکرینوں کے لیے بین کیا تو نیٹ فلیکس پر چند فلمیں اور ڈرامائی سلسلے دیکھے اور ان کا ذکر اس کالم میں بھی کردیا۔ ٹی وی سکرین سے دھتکارے دنوں میں خلیل الرحمن قمر کے لکھے ایک ڈرامے کا بہت چرچا ہوا تھا۔ اس ڈرامے کو دیکھے بغیر مصنف کی چند ٹی وی ٹاک شوز میں عیاں ہوئی "خوش گفتاری" نے مایوس کیا۔ فیصلہ کرلیا کہ ان کے لکھے ڈرامے دیکھنے کے قابل نہیں ہوسکتے۔
تمہید اُکتا دینے کی حد تک لمبی ہوگئی ہے۔ "درِنجات" کی طرف لوٹنا ضروری ہے۔ اس کے حوالے سے اتفاقات کاآغاز یوں ہوا کہ دوائیوں کی دُکان میں کھڑا تھا تو دو بچیاں داخل ہوئیں۔ ان دونوں کو کسی دوست نے اپنے ہاں کسی تقریب میں بلانے کو فون کیا۔ جسے فون آیا تھا اس نے غالباََ دن اور وقت کا سن کر حیرانی سے یہ کہا کہ "اس وقت تو درِنجات دیکھنا ہے" یہ بتانے کے بعد اگرچہ وعدہ کیا کہ وہ اسے دیکھتے ہی اپنی دوست کے گھر کے لئے روانہ ہوجائے گی۔
اس واقعہ کے چند دن بعد یوٹیوب پر ایک Reel دیکھی جس میں ایک بھارتی ناری ابوبکر نام کے ایک لڑکے کو پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش کی ہر لڑکی کے "خوابوں کا شہزادہ" بتارہی تھی۔ میں نے "ابوبکر" کے بارے میں مزید جاننے کے لئے اس ریل کو دو سے زیادہ بار غور سے سنا۔ کچھ بھی پلے نہ پڑا۔ یوٹیوب کے عادی جانتے ہیں کہ اس پلیٹ فارم میں نصب ہوا مشینی ذہانت کا نظام اسے آگاہ رکھتا ہے کہ صارف کیا دیکھ رہا ہے۔ "ابوبکر" کے بارے میں میرے تجسس کی وجہ سے جب بھی یوٹیوب کھولتا تو اس کے مختلف ٹاک شوز میں ذکر پر مشتمل ریل نمودار ہوجاتی۔ بتدریج یہ دریافت ہوا کہ ابوبکر پاکستان کے ایک ٹی وی چینل پر ان دنوں دکھائے ایک سلسلہ وار کھیل کا کردار ہے۔ اس کھیل کا نام "درِنجات" ہے۔ گوگل کے ذریعے اس کے بارے میں مزید جاننے کی کوشش کی اور اپنی جانب سے اسے بھول گیا۔
گزرے جمعہ کی شام اپنی بیوی کے ساتھ بیٹھا ہوا تھا۔ میری خاطر اس نے دھیمی آواز میں ٹی وی پر بی بی سی نیوز لگارکھا تھا۔ ہم گھریلو گفتگو میں مصروف تھے تو آٹھ بجے کے قریب ہماری بیٹی اپنے کمرے سے نیچے آئی۔ ریموٹ اٹھایا اور اپنی ماں کو اطلاع دی کہ "درِنجات" شروع ہونے والا ہے۔ اس کے اعلان سے اندازہ ہوا کہ دونوں ماں بیٹی بھی یہ سلسلہ وار کھیل باقاعدگی سے دیکھ رہی ہیں۔ وہ شروع ہوگیا تو میں بھی ان کے ہمراہ بیٹھ کر اسے خاموشی سے دیکھتا رہا۔ میری دلچسپی نے انہیں حیران کیا۔
قسط ختم ہوگئی تو میں نے "درِنجات" کی مرکزی کہانی جاننے کی کوشش کی۔ علم یہ ہوا کہ امریکہ کی مشہور ہارورڈ یونیورسٹی میں ایک پاکستانی نوجوان ہمارے ہی ملک سے گئی ایک لڑکی کے ساتھ بن بیاہے جوڑے کی طرح رہتا رہا تھا۔ کچھ عرصے بعد مگر وہ دین کی جانب مائل ہوگیا۔ لڑکی سے قطع تعلق کرلینے کے بعد پاکستان آیا اور کسی دینی مدرسے کے چلائے دارالامان میں پناہ گزین بچی سے شادی کرلی۔ شادی کے بعد وہ امریکہ لوٹ گیا۔ اس کی بیوی مگر تنہا، اداس اور ساس کی نگرانی سے خود کو مقید محسوس کررہی ہے۔ اپنی "قید" سے ر ہائی کی راہ بنانے کو ایک لڑکے سے فون پر گفتگو کی کوشش کرتی ہے۔ وہ لڑکا شادی شدہ ہے۔ اس کی بیوی کا نام ہے زریاب اور یہ وہی بچی ہے جسے ہارورڈ کے طالب علم نے قریبی تعلق کے بعد "نیک راہ" پر چلنے کی خاطر ٹھکرایا تھا۔
جو کہانی سنی اس نے مجھے حیران کیا۔ ایک حوالے سے یہ جان کر اطمینان ہوا کہ پاکستان میں دکھائے ڈراموں میں ان دنوں بیاہ کے بغیر اکٹھے رہنے والے جوڑے کا ذکر بھی ہوسکتا ہے۔ جو قسط دیکھی اس سے اندازہ ہوا کہ متقی ہوئے نوجوان کی ٹھکرائی زریاب ابوبکر نامی نوجوان سے بیاہی جانے کے باوجود ناخوش ہے۔ ابوبکر متقی ہونے کا دعوے دار نہیں۔ نماز پنجگانہ باقاعدگی سے ادا کرتا ہے۔ اس کا عمومی رہن سہن مگر "مذہبی" کے بجائے "روشن خیال" رہن سہن کا اظہار ہے۔
گزرے جمعہ کے روز "درِنجات" کی پہلی قسط دیکھنے کے بعد اپنے کمرے میں لوٹا تو لیپ ٹاپ کھولنے کے بعد "تازہ ترین" جاننے سے قبل ایکس پلیٹ فارم پر انگریزی میں ایک پیغام لکھا۔ اس کے ذریعے اطلاع دی کہ درِنجات کی ایک قسط دیکھی ہے۔ اسے دیکھنے کے باوجود سمجھ نہیں پایا ہوں کہ یہ ان دنوں اتنا مقبول کیوں ہے۔ مجھے اس کی مقبولیت کی وجہ بتائی جائے۔ اس کے بعد جو ہوا وہ اگلے کالم میں بیان کرنا ہوگا۔