Monday, 31 August 2026
  1.  Home
  2. Guest
  3. Rauf Klasra
  4. Nepal: Gumnam Phone Call 1643 Bachon Ki Jan Bach Gayi

Nepal: Gumnam Phone Call 1643 Bachon Ki Jan Bach Gayi

ایک معجزہ پچھلے سال علی پور میں سیلاب کے دوران ہوا تھا اور ایک اب نیپال میں ہوا ہے جہاں ایک گمنام فون کالر نے فلیش فلڈ کے دوران 1643 سکول بچوں کی جان بچا لی۔ علی پور میں معجزہ کچھ اس طرح ہوا کہ میرے فیس بک پیج کے محنتی اور قابل رپورٹر دانیال ہاشمی کو ان علاقوں میں سیلاب کی کوریج کے لیے بھیجا تھا۔ اس نوجوان نے بہت مشکل حالات میں بھی وہاں سے شاندار رپورٹنگ کی اور انسانی دکھوں کی کہانیاں ویڈیوز کلپس کی شکل میں بھیجیں جو ہم نے فیس پیج پر استمعال کیں۔

تاہم اس کی ایک ویڈیو رپورٹ نے مجھ سمیت بہت سارے لوگوں کو چوبیس گھنٹے تک تکلیف سے سونے نہیں دیا تھا۔ چھ چھوٹے چھوٹے بچوں کی ماں سیلاب میں بہہ گئی تھی اور وہ چھوٹے بچے اپنی نانی کے ساتھ کنارے پر بیٹھے رو رہے تھے۔

سب نے دعائیں کیں اور چوبیس گھنٹے بعد وہی ماں ایک کیمپ سے مل گئی کہ اسے ڈوبتے وقت ایک کشتی نے ریسکو کر لیا تھا۔ ایک معجزہ ہوچکا تھا۔ چھ بچوں کی ماں زندہ مل گئی تھی۔

اس طرح کا معجزہ اب نیپال میں ہوا ہے جہاں فلیش فلڈز نے ایک لاکھ لوگوں کو متاثر کیا ہے، سینکڑوں کی اموات ہوئی ہے تو ہزاروں ابھی لاپتہ ہیں۔

تاہم اس انسانی بربادی میں بھی ایک ایسی کہانی سامنے آئی ہے جس نے دلوں کو گرمایا ہے۔ بتایا گیا ہے ایک بندے نے فلیش فلڈ کو تیزی سے پہاڑوں میں موجود انسانی بستیوں کی طرف خونخوار انداز میں بڑھتے دیکھا تو اسے خیال آیا اس کے راستے میں تو بچوں کا تین منزلہ سکول بھی ہے جہاں 1643 بچے زیر تعلیم ہیں۔

اس نے فوراََ سکول کے ہیڈ ماسٹر کو فون کرکے الرٹ کیا کہ بچوں کو سکول سے نکالیں۔ پانی آرہا ہے۔

آپ کے پاس صرف چند منٹس ہیں۔ تیس میٹر اونچی لہریں اور ستر کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پانی اس طرف آرہا تھا۔

سکول ہیڈ ماسٹر نے اپنے حواس قائم رکھے۔ سکول کی چھٹی کا اعلان کرنے والی گھنٹی کی طرف بھاگا اور زور سے بجانے لگا۔ سب اسٹوڈنٹس اور استادوں کو فوراََ قریبی پہاڑی کی طرف اونچائی پر لے گیا۔ اسے یاد آیا ابھی تو کچھ بسیں بچوں کو گھروں سے لے کر سکول میں لانے گئی ہوئی تھیں۔ اس نے ان ڈرائیورز کو فون کیا کہ بچوں کو سکول مت لائو۔ فوراََ مڑا جائو۔

اتنی دیر میں ایک بس سکول کی طرف آنے والے پل پر چڑھتی نظر آئی۔ اس بس کے ڈرائیور کو فون کیا کہ فوراََ مڑ جائو۔

کچھ دیر کے بعد پانی پوری خونخواری اور طاقت سے اس تین منزلہ عمارت سے ٹکرایا۔ وہ پل بھی اڑ گیا جہاں کچھ دیر پہلے بس آرہی تھی اور سکول کی تین منزلہ عمارت بھی صحفہ ہستی سے مٹ گئی۔

قریبی پہاڑی سے خوفزدہ بچے اور استاد اس خوفناک منظر کو دیکھ رہے تھے۔

ایک گمنام کالر کا فون سولہ سو بچوں کی زندگیاں بچا گیا تھا۔ ایسے ہوتے ہیں گمنام ہیرو۔۔

About Rauf Klasra

Rauf Klasra

Rauf Klasra is a Pakistani journalist and Urdu language columnist. He files stories for both the paper and television whereas his column appears in Urdu weekly Akhbr-e-Jahaan and Dunya newspaper. Rauf was earlier working with The News, International where he filed many investigative stories which made headlines.