Tuesday, 24 November 2026
  1.  Home
  2. Guest
  3. Nusrat Javed
  4. Hussain Naqi Sahab

Hussain Naqi Sahab

حسین نقی صاحب نوے سے غالباََ دو برس زیادہ کے ہوچکے تھے۔ ان کے انتقال کی خبر سننے کو لیکن میں تیار نہیں تھا۔ چند ہفتے قبل انہوں نے عاصمہ جہانگیر کے تشکیل کردہ انسانی حقوق کے تحفظ کی تنظیم کے ایک عہدے کے لیے انتخاب لڑا تھا۔ زندگی سے تھک کر دنیا سے ر خصت کے منتظر نہ تھے۔ اسی باعث ان کے انتقال کی خبر سن کر مزید پریشان ہوا۔ گھبراہٹ میں کمرہ چھوڑ کر بیوی کے پاس چلا گیا۔ خبر سن کر وہ اداس ہوئی۔ کئی صحافیوں کے پسندیدہ استاد رہے ڈاکٹر مہدی حسن اس کے ماموں ہیں۔ ان کی شدید علالت کے دنوں میں نقی صاحب مہدی حسن سے ملاقات کے بعد ان کی بھانجی کو تازہ ترین سے آگاہ رکھتے تھے۔

میں نے خبر سنائی تو چھوٹی بیٹی اپنی ماں کے ہمراہ بیٹھی تھی۔ برجستہ معصومیت سے سوال اٹھایا "وہ (نقی صاحب) کون تھے۔ " سوال سن کر میں چڑگیا۔ بڑبڑاتے ہوئے خبردار کیا کہ جب تمہارا باپ مرے گا تو تمہاری ہم عصر چند بچیاں اپنے ماں باپ سے جو میرے شناسا ہوسکتے ہیں شاید یہ ہی سوال پوچھیں گی۔ بڑبڑاہٹ میں ادا کئے فقرے سے مگر شرمندہ ہوگیا۔ معذرت خواہی کے لیے اسے سمجھایا کہ وہ ان اخبار نویسوں میں شامل تھے جنہیں دیکھ کر مجھے صحافی بننے کا جنون لاحق ہوا تھا۔ وہ اس نسل سے واقف نہیں کیونکہ مابعدِ صحافت دور میں پیدا ہوکر بڑی ہوئی ہے۔

معذرت خواہی کے باوجود جی کو یہ خیال تنگ کرتا رہا کہ میری نسل کے صحافی نوجوان نسل کو ہماری جوانی کے آئیڈل افراد کی خوبیوں سے آگہی فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ہماری کوتاہی کے نتیجے میں آج کی نوجوان نسل کی بے پناہ تعداد سنجیدگی سے یہ محسوس کرتی ہے کہ کرکٹ کی وجہ سے مشہور ہوکر سیاست میں آئے عمران خان سے قبل وطن عزیز میں نظام کہنہ کو للکارنے کی جرأت کسی سیاستدان یا صحافی میں موجود ہی نہ تھی۔ حقیقت جبکہ یہ رہی کہ قیام پاکستان کے ساتھ جوان ہوئی نسل کے بیشتر پڑھے لکھے افراد نہایت خلوص اور شدت سے پاکستان کو مساوات پر مبنی نظام فراہم کرنے کے لیے آج کے "انقلابیوں " سے کہیں زیادہ بے چین تھے۔ حسین نقی بھی ان لوگوں میں شامل تھے۔

قیام پاکستان کے بعد 18سال کی عمر میں پا کستان آئے اور کالج میں داخل ہوتے ہی نظام کہنہ کے خلاف احتجاجی تحاریک میں حصہ لینا شروع کردیا۔ پاکستان کو قائد اعظم کے خوابوں کی عملی صورت دینے کی تڑپ میں مبتلا نقی صاحب جیسے نوجوانوں کو یہ دریافت کرنے میں بہت دیر لگی کہ برطانوی سامراج کی رخصت کے باوجود ہمارا ریاستی ڈھانچہ اور اس کے دائمی ادارے ویسا ہی رویہ اپنائے رکھنے کو تلے ہوئے ہیں جس نے بقول اقبال ہماری نسلوں کے دل ودماغ میں خوئے غلامی سما دی تھی۔ "نئے پاکستان" کے لیے جدوجہد کی پاداش میں نقی صاحب جیسے کئی نوجوانوں کو کراچی سے شہر بدر کردیا گیا۔ مختلف شہروں کی خاک چھاننے کے بعد نقی صاحب نے بالآخر لاہور ہی کو اپنا مسکن بنانے کا فیصلہ کیا۔

بطور صحافی وہ جس نیوز ایجنسی سے وابستہ تھے اس کا دفتر مال روڈ پر ہائی کورٹ کی عمارت سے پہلے قائم ایک کشادہ عمارت میں تھا۔ وہاں کا ایک ریستوران خوش حال متوسط طبقے کے دانشوروں اور وکلاء میں بہت مقبول تھا۔ ایوب حکومت کے خلاف احتجاجی جلوسوں پر ہوئے لاٹھی چارج کو غچہ دے کر مجھ جیسے نوجوان اکثر اس عمارت میں گھس جاتے جس کی بالائی منزل پر پریس کلب بھی تھا۔ نقی صاحب طلبہ کے پلس مقابلے کے اختتامی لمحات میں اکثر اپنے دفتر سے نیچے آکر سڑک کنارے کھڑے ہوجاتے۔ ہم جیسوں کو دیکھ کر اشتیاق سے پوچھتے "کیا ہوا ہے"۔ ہم جذباتی انداز میں اپنی بہادری کی داستانیں سناتے تو ان کی آنکھوں میں چمک آجاتی۔ لبوں پر آئی مسکراہٹ مگر "دیکھے ہیں بہت ہم نے ہنگامے، " والاپیغام دیتی۔

ہمارے کئی سینئر نقی صاحب کی ہمارے ساتھ ہوئی گفتگو کو دیکھ کر مرعوب ہوجاتے۔ ماضی کے وہ قصے بیان کرتے جو نقی صاحب کی حکمرانوں کے روبرو دلاوری کی تفصیلات بیان کرتے۔ دریں اثناء سقوطِ پاکستان کے بعد "نیا پاکستان" بن گیا۔ ذوالفقار علی بھٹو سویلین ہوتے ہوئے بھی جنرل یحییٰ کے استعفیٰ کے بعد چیف مارشل لاء￿ ایڈمنسٹریٹر تعینات کردئیے گئے۔ بعدازاں انہیں قومی اسمبلی نے آئین کی تشکیل سے قبل صدر پاکستان بھی منتخب کرلیا۔ بطور صدر اور چیف مارشل لاء￿ ایڈمنسٹریٹر بھٹو صاحب لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے تو نقی صاحب نے بآواز بلند ان کی سنائی داستان پر سوال اٹھادیئے۔ انہیں گرفتار کرنے کو چند پولیس افسر آگے بڑھے تو بھٹو صا حب نے یہ کہتے ہوئے منع کردیا کہ "اسے بولنے دو- یہ میرا دوست ہے۔ "

اس "دوست" کو مگر اپریل 1972ء میں مارشل لاء قوانین کے تحت گرفتار کرلیا گیا۔ ان دنوں وہ انگریزی کے ہفت روزہ "پنجاب پنچ" کے مدیر تھے۔ PUNCHکا اردو میں مطلب "گھونسہ" بھی ہوتا ہے۔ نقی صاحب اپنے جریدے کو اس کی عملی مثال فراہم کرنا شروع ہوگئے۔ بالآخر گرفتار ہوئے۔ لطیفہ یہ بھی ہوا کہ "پنجاب پنچ" کے ساتھ الطاف حسین قریشی اور مجیب الرحمن شامی بھی ا ردو ڈائجسٹ اور ہفت روزہ زندگی میں چھپی تحریروں کی وجہ سے گرفتار ہوئے تھے۔ بائیں بازو کے مجھ جیسے نوزائیدہ انقلابی کو سمجھ نہ آئی کہ ذوالفقار علی بھٹو کی "سوشلسٹ حکومت" نے دائیں بازو کے ترجمان مشہور ہوئے قریشی صاحب اور مجیب الرحمن شامی کے ہمراہ اپنے "دوست" (حسین نقی) کو بھی "ریاست دشمن مواد" کی تشہیر کے الزام میں گرفتار کیوں کیا ہے۔ عمر کے آخری حصے میں داخل ہونے کے بعد بتدریج سمجھ رہا ہوں کہ "دایاں " یا "بایاں " کچھ نہیں ہوتا۔ ریاست ہوتی ہے اور اس کی ترجیحات۔ ترجیحات پر سوال اٹھانا جرم ہے اور اس جرم کو کسی بھی حکومت کے دور میں درگزر نہیں کیا جاتا۔ محترمہ بے نظیر بھٹو کی 1988ء سے 1990ء تک قائم رہی حکومت کو اگرچہ مذکورہ تناظر میں استثناء قرار دیا جاسکتا ہے۔

ٹی وی صحافت اور انٹرنیٹ کی ایجاد سے کئی سال قبل نقی صاحب جیسے دور اندیش افراد نے دریافت کرلیا تھا کہ ہماری مٹی صحافت کے لیے زرخیز نہیں ہے۔ نہایت خاموشی سے انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے لوگوں کے اذہان تیار کرنا شروع ہوگئے۔ خود کو یوں "لفافے" اور "ٹائوٹ" کہلوانے کی تہمت سے محفوظ کرلیا۔ بڑھک بازی سے گریز کرتے ہوئے بھی اپنے اصولوں کو فراموش نہ کیا۔ وفات سے چند ماہ قبل اپنی یادداشتوں پر مشتمل کتاب کو "جو مجھ سے ہوسکا" کا عنوان دے کر پرخلوص عاجزی سے اپنی شکست کا گویا اعتراف کرلیا۔

زندگی سے لیکن وہ ازحد پیار کرتے تھے۔ 2010ء کے برس عرصے سے بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے کومہ میں گئی سارک تنظیم کا بھوٹان میں اجلاس تھا۔ میں اور نقی صاحب وہاں صحافیوں کی سیفما تنظیم کی وجہ سے موجود تھے۔ میری بیوی کے ننھیال سے دوستانہ تعلق کی وجہ سے وہ مجھے اپنے گھر کا فرد سمجھتے۔ ان کی بزرگانہ شفقت مگر قیام بھوٹان کے دوران مجھے سزا محسوس ہوئی۔ علی الصبح میرے کمرے کا دروازہ کھٹکا کر جگاتے اور اپنے ہمراہ چلنے کا حکم دیتے۔ علی الصبح اٹھ کر پیدل چلنے کے لیے جووقت متعین کررکھا تھا وہ ختم ہوجاتا تو مجھے کمرے کے دروازے پر چھوڑ کر حکم دیتے کہ جلدی سے تیار ہوکر ناشتے کے لیے آجائو۔ ان کے ہمراہ ناشتہ میرے لیے فوجی ڈرل محسوس ہوتا۔

جوس کے بعد پھل اور بعدازاں انڈے کی تیاری تک وہ سمجھاتے کہ انسانی صحت کو توانا و برقرار رکھنے کے لیے ناشتے سے رغبت کیوں لازمی ہے اور اس کے لیے کونسی اشیاء ہر صورت استعمال کرنا ہیں۔ سیب کو چھیلتے ہوئے ان کا انہماک دیدنی ہوتا۔ شاید ایسی منظم زندگی بسر کرنے کی وجہ سے وہ 92برس سنگین بیماریوں کا شکار ہوئے بغیر گزارپائے۔ ان کی نسل کے مقابلے میں اپنی نسل کے صحافیوں کی زندگی کو ہر حوالے سے رائیگاں شمار کرنے کو مجبور ہوں۔ کاش کئی دہائیاں پہلے صحافت سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہوتی۔

About Nusrat Javed

Nusrat Javed

Nusrat Javed, is a Pakistani columnist, journalist and news anchor. He also writes columns in Urdu for Express News, Nawa e Waqt and in English for The Express Tribune.