شرافت علی یہ ہمارے بھائی بھی ہیں اوردوست بھی، کاعذات ودستاویزات میں تویہ ہزارہ کے ایک بڑے سرکاری ادارے میں الیکٹرومیڈیکل ٹیکنیشن ہیں لیکن اگرآپ عملی طورپر ان کو دیکھیں توجسم اورکام میں یہ پورے دوانجینئروں کامجموعہ معلوم ہوتے ہیں۔ دماغ ان کااتناتیزہے کہ پانچ سال پہلے کی بات بھی ان کوآج کی طرح یادرہتی ہے۔ دودن پہلے اچانک ملاقات ہوئی توماتھے پرکچھ بارہ بج رہے تھے، ویسے ان کے چہرے پرہم نے ہمیشہ مسکراہٹ سجتے دیکھی۔
وجہ پوچھی توصاحب گویاہوئے کہ ایک ضروری کام سے کہیں جاناتھامولاناجی کے حکم پرروڈبندہے اب ہیلی کاپٹرہے نہیں کہ جاؤں۔ اس لئے پریشان ہوں۔ ہم نے کہاآپ پریشان نہ ہوں اللہ خیرکرے گا، وہ بولے اللہ ہی توخیرکررہاہے ورنہ ان سیاستدانوں اورلیڈروں نے توبے خیری کاکوئی راستہ چھوڑانہیں۔ جب بھی دیکھیں ان کی کوئی نہ کوئی کشتی لگی رہتی ہے۔ ایوانوں کے اندریہ جومرضی کریں لیکن عوام کوتوکم ازکم معاف کردیں۔
اقتدارکے مزے لیتے ہوئے انہیں عوام یادنہیں رہتے لیکن جب ان کے مفادکی بات آتی ہے توپھرانہیں عوام یادآجاتے ہیں۔ یہ ایک شرافت کی بات نہیں ہمارے ان سیاستدانوں اورلیڈروں کی اس سیاست پربائیس کروڑعوام نہ جانے کب سے شرافت کامظاہرہ کررہے ہیں، یہاں جس کوبھی اقتدارسے دوری کاغم ملتا ہے تووہ چوکوں، چوراہوں اورقومی شاہراہوں پرخیمے لگاکرماتم شروع کردیتاہے۔ انصاف کی نظرسے اگردیکھاجائے تو ملک میں سیاست کے نام پر جاری اس منافقت اور اقتدار کی رسہ کشی سے عوام کی اکثریت کا کوئی تعلق نہیں۔
عوام کو کسی سیاسی جماعت کی کرسی سے کوئی محبت ہے اور نہ ہی کسی سیاست دان کی ذاتی انا سے کوئی دلچسپی۔ انہیں تو صرف اپنے روزمرہ کے مسائل، دو وقت کی روٹی، بچوں کی تعلیم، علاج معالجے، روزگار اور پرامن زندگی کی فکر ہے لیکن افسوس اس کے باوجود تمام سیاسی جھگڑوں، لڑائیوں اورتماشوں کی قیمت عام آدمی ہی ادا کر رہا ہے۔ عمران خان اورمولانافضل الرحمن سمیت تمام سیاستدانوں کے اپنے مفادات، اپنی ترجیحات اور اپنی جنگیں ہیں مگر ان جنگوں کا میدان ہمیشہ عوام کی شاہراہیں، بازار، کاروبار اور روزمرہ زندگی بنتے ہیں۔
عجیب المیہ ہے کہ جن لوگوں کے ہرشہر میں ذاتی گھر، ریسٹ اور گیسٹ ہاؤسز ہیں، جن کے لئے سفر، رہائش، علاج اور دیگر تمام سہولتیں ہر وقت میسر ہیں، انہیں بھلا کیا معلوم کہ ایک عام شہری کے لئے سڑک کی بندش کتنی بڑی اذیت بن سکتی ہے۔ جنہیں اپنی منزل تک پہنچنے کے لئے ٹریفک میں پھنسنے، بھوکے پیاسے انتظار کرنے یا کسی مجبوری کے باعث گھنٹوں سڑک پر بیٹھنے کا تجربہ ہی نہ ہووہ عوام کی تکالیف کا اندازہ کیالگائیں گے؟ ذرہ ان شاہراہوں پر بند راستوں کے پیچھے کھڑے لوگوں کی مجبوریوں کا تصورتو کیجئے۔
ایک غریب اپنی بیمار ماں یا تڑپتے ہوئے بچے کو ہسپتال پہنچانے کے لئے بے چین ہومگر سڑک پر سیاسی احتجاج، دھرنے اور جلسے کی وجہ سے راستہ بند ہواس وقت اس شخص کے لئے سیاست، اقتدار، حکومت اور اپوزیشن کے تمام نعرے بے معنی ہوجاتے ہیں، اس کی پوری دنیا صرف اپنے مریض کی زندگی بچانے تک محدودہوتی ہے، اسی طرح ایک مزدورجس نے برسوں کی محنت کے بعد بیرون ملک روزگار حاصل کیا ہوجس کی فلائٹ کا وقت قریب ہو اور جس کیلئے ایئرپورٹ پہنچنا زندگی اور موت کا مسئلہ بن چکا ہواگر وہ سڑک کی بندش میں پھنس جائے تو اس کے دل اورخاندان پرپھرکیاگزرے گی؟
روزروزکے ان سیاسی ڈراموں کی وجہ سے کسی کا روزگار چھوٹ جاتا ہے، کسی کی ملازمت خطرے میں پڑ جاتی ہے، کسی طالب علم کا امتحان رہ جاتا ہے، کسی مریض کا علاج متاثر ہوتا ہے اور کسی دکاندار کی دن بھر کی کمائی ختم ہو جاتی ہے مگرکسی کواس کااحساس نہیں ہوتا۔ کیا عوام کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ اپنے بچوں کا پیٹ پالنے، اپنے مریضوں کا علاج کروانے، اپنے کاروبار چلانے اور اپنی زندگی کی گاڑی آگے بڑھانے کی کوشش کیوں کر رہے ہیں؟
سیاسی جلسوں اور مظاہروں کے لئے عوامی شاہراہوں اور بازاروں کو میدان جنگ بنا دینا اس ملک میں ایک معمول بن گیا ہے۔ جب بھی کسی سیاسی رہنماء، جماعت یا سیاستدان کو کوئی مسئلہ درپیش ہوتا ہے تو سب سے پہلے وہ عوام کی آمدورفت، کاروبار اور معمولات زندگی کو نشانہ بناناشروع کردیتا ہے۔ دن ہو یا رات، کاروباری اوقات ہوں یا عام شہریوں کی مجبوریوں کا وقت، کسی کو اس بات کی پروا نہیں ہوتی کہ ان راستوں سے گزرنے والوں پر کیا گزر رہی ہوگی۔ ہرکسی نے بس صرف اپناتماشااورڈرامہ لگاناہوتاہے۔ سوال یہ ہے کہ آخر عوام کو ہر سیاسی لڑائی میں یرغمال کیوں بنایا جاتا ہے؟
سیاستدان اپنے اختلافات پارلیمنٹ میں حل کیوں نہیں کرتے؟ سیاسی مسائل کے حل کے لئے مذاکرات، پریس کانفرنسز، سیاسی مکالمے اور دیگر جمہوری ذرائع کیوں استعمال نہیں کئے جاتے؟ احتجاج کرنا ہے تو مخصوص جگہوں پر کیا جائے، جلسہ کرنا ہے تو متبادل انتظامات کے ساتھ کیا جائے، اپنے مطالبات منوانے ہیں تو ایسے طریقے اختیار کئے جائیں جن سے عام شہری کی زندگی، کاروبار، علاج اور روزگار متاثر نہ ہوں۔ سیاستدانوں کواگراپنے مطالبات کے حق میں روڈاوربازاربند کرنے کا حق حاصل ہے توغریب عوام کو بھی آزادانہ نقل و حرکت، کاروبار، علاج اور روزگار کا حق حاصل ہے۔ جمہوریت صرف احتجاج کرنے والوں کا نام نہیں بلکہ ان کروڑوں لوگوں کے حقوق کا تحفظ بھی جمہوریت ہی کی ذمہ داری ہے جو کسی سیاسی سرگرمی کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔
عوام نے بہت برداشت کر لیا۔ اب سیاسی قیادت کو بھی اپنی روش بدلنا ہوگی۔ عوام کی خدمت کا دعویٰ کرنے والوں کو عوام کی مشکلات کا احساس بھی ہونا چاہیے۔ سیاست عوام کے لئے ہونی چاہیے عوام سیاست کے لئے نہیں۔ اگر ہمارے سیاستدان واقعی عوام کے نمائندے ہیں تو انہیں احتجاج کے ایسے مہذب، پرامن اور ذمہ دارانہ طریقے اپنانے ہوں گے جن میں سیاسی جدوجہد بھی جاری رہے اور عام شہری کی زندگی بھی متاثر نہ ہوکیونکہ کسی بیمار کو ہسپتال پہنچنے سے روکنا، کسی مزدور کی روزی خطرے میں ڈالنا اور کسی غریب کے کاروبار کا پہیہ جام کرنا عوامی خدمت نہیں بلکہ عوام پر ظلم ہے۔ یہ ملک صرف سیاستدانوں کا نہیں بلکہ ان کروڑوں غریبوں کا بھی ہے جن کی زندگی پہلے ہی مہنگائی، بیروزگاری اور مسائل کی چکی میں پس رہی ہے۔ سیاستدان اورلیڈر احتجاج ضرورکریں لیکن خدارا عوام سے ان کے جینے کا حق تو نہ چھینیں۔