ہمارے معاشرے میں ایک خاموش وبا تیزی سے پھیل رہی ہے جس کا نہ کوئی شور ہے اور نہ ہی ہسپتالوں میں اس کے لیے الگ وارڈ بنے ہیں۔ رات کے بارہ ایک بجے کسی بھی گھر کے کمرے میں جھانک لیں، بتیاں گل ہوں گی مگر بستر پر لیٹے افراد کے چہروں پر ایک نیلی سی روشنی پڑ رہی ہوگی۔ کوئی سوشل میڈیا پر سیاسی تبصرے پڑھ رہا ہے، کوئی ویڈیوز دیکھ رہا ہے اور کوئی دفتری پیغامات کا جواب دے رہا ہے۔ ہم سب سمجھتے ہیں کہ ہم دن بھر کی تھکان اتار رہے ہیں یا دنیا سے باخبر رہ رہے ہیں لیکن سچ یہ ہے کہ اس سکرین کے ذریعے ہماری زندگی کا سب سے بڑا سرمایہ یعنی ہماری قدرتی نیند چھینی جا رہی ہے۔
یہ سنی سنائی بات یا محض بزرگوں کی نصیحت نہیں بلکہ ٹھوس سائنسی حقیقت ہے جس پر دنیا بھر کے طبی ماہرین بات کر رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق انسانی جسم کو قدرت نے ایک خاص نظام کے تحت بنایا ہے۔ ہمارے دماغ کے اندر ایک قدرتی گھڑی لگی ہوئی ہے جسے سائنس کی زبان میں سرکیڈین ردم کہا جاتا ہے۔ یہ گھڑی چوبیس گھنٹے ہمارے جاگنے، سونے اور جسم کے اندرونی نظام کو چلاتی ہے۔ جیسے ہی شام ڈھلتی ہے اور اندھیرا پھیلتا ہے تو دماغ کا ایک خاص حصہ پائنل گلینڈ خون میں میلاٹونن نامی ہارمون چھوڑنا شروع کر دیتا ہے۔ یہی وہ ہارمون ہے جو جسم کو آرام کرنے کا حکم دیتا ہے اور انسان کو گہری نیند میں لے جاتا ہے۔
اب مسئلہ یہ ہے کہ جب قدرت اپنا کام شروع کرتی ہے تب عین اسی وقت ہم اپنے موبائل فون یا لیپ ٹاپ کی سکرین روشن کر لیتے ہیں۔ اس سکرین سے جو روشنی نکلتی ہے اس میں نیلی شعاعوں کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔ یہ شعاعیں انتہائی طاقتور ہوتی ہیں۔ رات کے اندھیرے میں جب یہ روشنی ہماری آنکھوں میں پڑتی ہے تو آنکھوں کے حساس خلیات دھوکا کھا جاتے ہیں۔ وہ دماغ کو فوری پیغام بھیجتے ہیں کہ ابھی رات نہیں ہوئی بلکہ دن کا اجالا ہے۔ دماغ اس جھوٹے پیغام پر یقین کر لیتا ہے اور میلاٹونن ہارمون بنانا بند کر دیتا ہے۔ اس کا ردعمل یہ ہوتا ہے کہ جو جسم سونے کے لیے تیار ہو چکا تھا وہ دوبارہ چوکنا ہو جاتا ہے۔ نیند آنکھوں سے غائب ہو جاتی ہے اور انسان رات گئے تک بستر پر کروٹیں بدلتا رہتا ہے۔
دنیا کے بڑے تحقیقی اداروں نے اس معاملے پر جو اعداد و شمار جاری کیے ہیں وہ بہت پریشان کن ہیں۔ امریکا کے مشہور ہارورڈ میڈیکل سکول کی تحقیق بتاتی ہے کہ رات کو نیلی روشنی کے سامنے بیٹھنے سے میلاٹونن ہارمون عام روشنی کے مقابلے میں دوگنا دیر تک رکا رہتا ہے اور ہماری قدرتی گھڑی تین گھنٹے پیچھے چلی جاتی ہے۔ یعنی اگر آپ رات گیارہ بجے سونا چاہتے ہیں تو موبائل کے استعمال سے آپ کا دماغ رات دو بجے تک خود کو جاگنے کی حالت میں رکھے گا۔ اسی طرح امریکا کی ہی نیشنل سلیپ فاونڈیشن کی رپورٹ کہتی ہے کہ سونے سے پہلے موبائل یا لیپ ٹاپ استعمال کرنے والے بالغ افراد میں نیند کی کمی کی شرح ان لوگوں کے مقابلے میں پچاس فیصد زیادہ ہے جو بستر پر جانے سے پہلے سکرین چھوڑ دیتے ہیں۔ طبی ماہرین واضح طور پر کہتے ہیں کہ ہر صحت مند انسان کو روزانہ سات سے آٹھ گھنٹے کی گہری نیند چاہیے مگر سکرین کی لت نے اس دورانیے کو بری طرح کاٹ کر رکھ دیا ہے۔
اس بے خوابی کا نقصان صرف یہ نہیں کہ اگلی صبح انسان سست رہتا ہے یا دفتر میں بیٹھ کر جمائیاں لیتا ہے۔ اصل تباہی تب آتی ہے جب یہ روز کا معمول بن جائے۔ مسلسل نیند پوری نہ ہونے سے انسان کی یادداشت کمزور ہونے لگتی ہے، مزاج میں چڑچڑاپن آ جاتا ہے اور روزمرہ کے اہم فیصلے کرنے کی صلاحیت جواب دے جاتی ہے۔ عالمی ادارہ صحت سمیت دنیا کے مستند طبی جریدے خبردار کر چکے ہیں کہ نیند کی مستقل کمی انسان کے مدافعتی نظام کو تباہ کر دیتی ہے۔ جب جسم کا دفاعی نظام کمزور ہوتا ہے تو شوگر، ہائی بلڈ پریشر اور دل کی بیماریاں انسان کو گھیر لیتی ہیں۔ گویا ہم خود اپنے ہاتھوں سے اپنے لیے بیماریاں خرید رہے ہیں۔
آج کے دور میں یہ کہنا تو ناممکن ہے کہ لوگ موبائل فون یا لیپ ٹاپ چھوڑ دیں کیونکہ ہمارا کاروبار، صحافت، تعلیم اور سماجی رابطے سب اسی سے جڑے ہیں۔ لیکن ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے اور اس کا غلام بننے میں فرق ہونا چاہیے۔ طبی ماہرین کے مطابق سونے سے کم از کم پینتالیس سے ساٹھ منٹ پہلے تمام سکرینز بند کر دی جائیں تاکہ دماغ کو پرسکون ہونے کا موقع ملے۔ اگر کسی دفتری مجبوری یا ایمرجنسی کی وجہ سے رات کو فون یا کمپیوٹر دیکھنا ہی پڑے تو اس میں نائٹ شفٹ یا آئی کمفرٹ شیلڈ کا فیچر لازمی آن رکھیں، جو سکرین کی تیز نیلی روشنی کو ہلکی زرد روشنی میں بدل دیتا ہے اور آنکھوں پر بوجھ کم ڈالتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ ایک اور کام فوری کرنے کی ضرورت ہے کہ موبائل فون کو اپنے تکیے کے نیچے یا سرہانے رکھ کر سونا بند کریں۔ فون کو بستر سے دور کسی میز پر رکھیں تاکہ رات کو آنکھ کھلے تو بے دھیانی میں ہاتھ فون کی طرف نہ جائے۔ کمرے میں مکمل اندھیرا رکھیں تاکہ دماغ کو واضح پیغام ملے کہ اب آرام کا وقت ہے۔ ٹیکنالوجی انسان کی سہولت کے لیے بنی ہے اس کی صحت برباد کرنے کے لیے نہیں۔
اگر جائزہ لیں تو ہمارے مسائل میں بڑی وجہ یہی رات گئے تک موبائل سکرین کا استعمال ہے، یادداشت کی کمی، چڑچڑا پن اور مختلف بیماریوں کا حل ڈاکٹر سے زیادہ موبائل کے استعمال کے طریقہ کار میں چھپا ہے۔