Thursday, 10 September 2026
  1.  Home
  2. Guest
  3. Saadia Bashir
  4. Musalihat Ya Bardasht Ki Bhatti?

Musalihat Ya Bardasht Ki Bhatti?

کبھی کبھی ایک معمولی سا منظر انسان کے ذہن میں ایسے سوال چھوڑ جاتا ہے جو دیر تک جواب مانگتے رہتے ہیں۔ مجھے یونین کونسل کے دفتر جانے کا اتفاق ہوا۔ وہاں ایک طرف مصالحتی کونسل کی کارروائی جاری تھی۔ وہ شخص جو اس خاندان کو سمجھانے کی کوشش کر رہا تھا۔ شاید کسی باقاعدہ مصالحتی تربیت سے نہیں گزرا تھا۔ مگر وہ ایک انتہائی حساس خاندانی معاملے میں اپنی ذاتی سوچ کو یوٹیوبر تجزیہ کاروں کے انداز میں پیش کر رہا تھا۔ جس کا لب لباب صرف عورت کے دماغ میں برداشت انڈیلنا تھا۔ یہاں تک کہ دکھ، درد اور تکلیف کو بھی کئی سال تک برداشت کرنے کو مصالحت قرار دیا جا رہا تھا۔ سوال یہ ہے کہ کیا مصالحت کا مطلب یہ ہے کہ کمزور پوزیشن پر متمکن فریق کو مزید برداشت کرنے کا مشورہ دیا جائے؟

ہم نے شادی کے تصور کو بعض اوقات ایک ایسی آزمائش بنا دیا ہے۔ جیسے لڑکی اپنے گھر سے رخصت ہو کر کسی نئی زندگی میں نہیں، بلکہ ایک بھٹی میں داخل ہوتی ہے۔ جہاں اسے جلنا ہے، تپنا ہے، خاموش رہنا ہے، آنسو چھپانے ہیں، اعتراضات سہنے ہیں، ہر تکلیف کو "مصلحت" سمجھنا ہے اور کئی برس بعد اگر وہ ان سب کے باوجود قائم رہ جائے تو ہم کہیں گے کہ اب وہ اس گھر میں پکی اینٹ بن گئی ہے۔ سوال یہ ہے کہ انسان کو پکانے کے لئے بھٹی کیوں ضروری ہے؟ کیا عورت ایک کچی اینٹ ہے؟ کیا اس کی شخصیت، اس کی عزت، اس کے جذبات اور اس کی ذہنی صحت کو مسلسل دباؤ میں رکھنا شادی کا لازمی حصہ ہے؟ اور اگر یہی "برداشت" کسی عورت کو جسمانی یا ذہنی تشدد کی اس حد تک لے جائے۔ جہاں اس کی جان خطرے میں پڑ جائے۔ تو بھی ہم تماشائی بنے رہیں گے اور برداشت کا تمغہ موت کے پروانے تقسیم کرتا رہے گا؟ بعض اوقات یہ برداشت ایک ایسے ظلم کو طول دینے کا ذریعہ بن جاتی ہے جسے روکنے کی شدید ضرورت ہوتی ہے۔

لیکن اس بحث کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ نئی نسل کو بزرگوں کی ضرورت نہیں یا والدین کے تجربات کی کوئی قدر نہیں۔ بالکل ہے۔ بزرگوں کے تجربات، ان کی قربانیاں، ان کی غلطیاں اور ان کی کامیابیاں، سب ہمارے لئے ایک ورثہ ہیں مگر ورثہ اور بوجھ میں ایک باریک سا فرق ہوتا ہے، ہر ورثہ اگلی نسل کے لئے بوجھ نہیں ہونا چاہئے اور ہر تجربہ اگلی نسل کے لئے قانون نہیں ہوتا۔ اگلی نسل جب اپنا سفر شروع کرتی ہے تو وہ لازماً اسی راستے پر، اسی رفتار سے اور انہی نشانوں پر چلنے کی پابند نہیں ہوتی۔

ہو سکتا ہے اگلی نسل کے پاس کوئی نیا ویژن ہو، وہ زندگی کو کسی اور زاویے سے دیکھتی ہو۔ وہ وہی منزل چاہتی ہو مگر وہاں پہنچنے کا راستہ مختلف ہو اور اس میں کوئی برائی نہیں۔ اصل خوب صورتی تو شاید یہ ہے کہ جو نسل آگے پہنچ چکی ہے۔ وہ پیچھے رہ جانے والوں کو اپنے پیچھے چلنے پر مجبور نہ کرے بلکہ انہیں اپنے ساتھ لے کر چلے۔ ساتھ چلنا اور پیچھے چلنا دو بالکل مختلف چیزیں ہیں۔ پیچھے چلنے کا مطلب ہے۔ ہم نے جیسے زندگی گزاری ہے، تم بھی ویسے ہی گزارو گے اور ساتھ چلنے کا مطلب ہے کہ ہم نے جو دیکھا، تمہیں بتاتے ہیں۔

اب تم اپنی آنکھ سے بھی دیکھو، اپنے دل سے بھی سوچو اور اپنی زندگی کا فیصلہ خود کرو اور شاید سب سے اہم بات یہ ہے کہ ادب اور احترام برقرار رکھتے ہوئے ہر انسان کو اپنی زندگی اپنے شعور، اپنی صلاحیت اور اپنے ویژن کے مطابق گزارنے کا حق ملنا چاہئے۔ ہمارے بزرگوں نے جس دور میں زندگی گزاری۔ اس کے اپنے مسائل تھے۔ آج کی نسل کے مسائل مختلف ہیں۔ کل آنے والی نسل کے مسائل شاید آج سے بھی مختلف ہوں۔ اس لئے ضروری نہیں کہ جو چیز ہمارے لئے بہترین تھی، وہی ہمارے بچوں کے لئے بھی بہترین ہو۔

ہم اکثر روایت کے نام پر ایسے پتھر بھی اگلی نسل کو منتقل کر دیتے ہیں جنہوں نے خود ہماری زندگیاں مشکل بنائی ہوتی ہیں۔ کبھی کبھی ہمیں رک کر سوچنا چاہئے کہ ہم جن پتھروں کے نیچے دبے رہے۔ کیا یہ ضروری ہے کہ وہی پتھر ہم اپنے بچوں کے ہاتھ میں بھی تھما دیں؟ اگر کسی نے پوری زندگی ایک صندوق اٹھایا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ اگلی نسل بھی وہی صندوق اٹھائے۔ شاید اسے الماری زیادہ موزوں لگتی ہو۔ شاید وہ اپنی چیزیں کسی اور طریقے سے رکھنا چاہتے ہوں۔ روایت وہی خوب صورت ہے جو زندگی کو آسان بنائے۔ وہ روایت جو انسان کو توڑنے لگے۔ اس پر نظرِ ثانی ضروری ہے۔

ضرورت ہے کہ ہم اپنی اگلی نسل کو اپنی محبت دیں، اپنا تجربہ دیں، اپنی دعائیں دیں، اپنی حکمت دیں، مگر اپنے خوف، اپنی نامکمل خواہشیں اور اپنی آزمائشیں لازماً ان کے حوالے نہ کریں، انہیں اپنے ساتھ لے کر چلیں، ان کے آگے چل کر راستہ دکھائیں، مگر ان کی زندگی کا راستہ خود مت بن جائیں، کیونکہ ہر نسل کو اپنا سفر خود طے کرنا ہوتا ہے اور شاید ایک خوب صورت خاندان وہ نہیں جہاں سب لوگ ایک ہی طرح سوچتے ہوں۔ خوبصورت خاندان وہ ہے جہاں اختلاف کے باوجود احترام باقی رہے، تجربے کے باوجود آزادی باقی رہے۔ روایت کے باوجود سوال کرنے کی گنجائش باقی رہے اور بزرگوں کی موجودگی نئی نسل کے لئے سایہ ہو، دیوار نہیں۔

مصالحت بھی شاید یہی ہے۔ کسی ایک کو جھکا دینا یا کسی ایک کو برداشت کی بھٹی میں ڈال دینا نہیں۔ بلکہ دو انسانوں کو اس مقام تک لے آنا جہاں وہ ایک دوسرے کی زندگی، ایک دوسرے کی عزت اور ایک دوسرے کے حق کو سمجھ سکیں۔ کیونکہ رشتے تب نہیں بچتے جب ایک شخص مسلسل جلتا رہے۔ رشتے تب بچتے ہیں جب دونوں ایک دوسرے کو جلنے سے بچائیں۔