Sunday, 22 March 2026
  1.  Home
  2. Guest
  3. Rauf Klasra
  4. Eid Mubarak Kaise Deni Hai?

Eid Mubarak Kaise Deni Hai?

کل سے مجھے عید مبارک کےپیغامات دوستوں اور رشتہ داروں کی طرف سے آرہے ہیں۔ آپ سب کو بھی آرہے ہوں گے۔ کل ایک قریبی دوست نے مجھے عید مبارک کا میسج فارورڈ کیا۔ اکثر دوست یہی کرتے ہیں۔ کوئی ان کو میسج فارورڈ کرتا ہے وہ آپ کو فارورڈ کرتا ہے اور آپ کسی اور کو فارورڈ کر دیتے ہیں۔

میں ایسے نہیں کرتا۔ میرے چند دوست بھی یہ نہیں کرتے۔ میں جس کو بھی عید مبارک کا میسج بھیجوں گا اسے خود لکھوں گا اور اس کا نام لکھ کر بھیجوں گا۔ میرا کوئی دوست نہیں کہے گا ان مواقع پر میں نے کوئی میسج فارورڈ کیا ہو۔ ان کا نام لکھ کر ہی مبارکباد دی۔

آپ کو جب عید مبارک کا میسج فارورڈ ہو کر آتا ہے تو مجھے لگتا ہے اس میں کوئی ذاتی احساس یا خیال موجود نہیں ہے۔ ایک عجیب قسم کی بوریت یا تھکے ہارے انداز میں مجبورا رسم پوری کی گئی ہے۔

مجھے کبھی بھی ایسے فارورڈ کیے گئے عید مبارک کے پیغامات نے نہ متاثر کیا نہ مجھے کوئی ذاتی فیلنگز آئیں کہ کسی دوست یا جاننے والے نے عید مبارک دی ہے۔

آپ نے اگر ضروری عید مبارک کا میسج بھیجنا ہے تو پھر زرا زحمت کریں۔ واٹس ایپ پر جا کر اس کے نام کی ونڈو کھول کر اس کا نام لکھ کر پیغام لکھ کر بھیجیں۔ اسے وہ پیغام زیادہ ٹچ کرے گا، فاورڈ کیا ہوا نہیں کرے گا۔

اس دنیا کے سب تعلقات اس ذاتی ٹچ یا احساس پر چلتے ہیں کہ کوئی آپ کو کتنی اہمیت دیتا ہے۔ آپ اس کے لیے کتنے اہم انسان ہیں۔

اگر ہمارے کسی میسج یا بات میں ان مواقعوں پر یہ احساس موجود نہیں ہے کہ کسی نے میرے بارے سوچا کہ اسے عید مبارک کہنی ہے، پھر اس نے میرا نام اپنی کنٹیکٹ لسٹ سے ڈھونڈا، اپنی واٹس ایپ ونڈو کھولی اور میرا نام لکھ کر کچھ لحمے سوچا اور پھر ٹائپ کیا اور مجھے بھیجا۔

یہ احساس آپ کو سرشار کرتا ہے نہ کہ کوئی عید مبارک کا بنا ہوا بینر فاورڈ کرنا جو ایک مشینی سا عمل لگتا ہے۔ عید مبارک دینی ہے تو دل سے دیں، احساس سے بھرپور دیں، نام لکھ کر دیں۔۔ ورنہ رہنے دیں۔

آپ سب دوستوں کو عید مبارک خصوصا میرے ان چند دوستوں کو جنہوں نے مجھے میسج فاروڈ نہیں کیے بلکہ نام لکھ کر بھیجے۔ اس احساس سے میری عید دوبالہ ہوگئی ہے کہ مجھے ذاتی عید مبارک کا میسج بھیجا گیا ہے کسی مشینی ربورٹ نے نہیں بھیجا جسے ایک کمانڈ دی گئی تھی کہ یہ عید مبارک کا میسج میرے کنٹیکٹ لسٹ میں سب کو ایک ہی دفعہ بھیج دو۔

انسانوں کو میسج بھیج رہے ہیں تو اس میں انسانی احساس ڈالیں، مشینی نہیں۔ یہ طے ہے کہ ایک دن یہ مشینی ربورٹس ہم سب پر حاوی ہو جائیں گے اور ہم خود مشین بنتے جارہے ہیں لیکن جب تک وہ مکمل حاوی نہیں ہوتے، کم از کم اس وقت تک عید مبارک میں انسانی احساسات اور ذاتی ٹچ رہنے دیں کہ مجھے یا کسی کو بھی لگے کہ آپ کو یہ میسج انسان نے بھیجا ہے، ارٹیفیشل انٹیلجنس نے نہیں۔

مجھے آپ کی انسانی انٹیجلنس سے محبت ہے جس کی میموری میں میرا نام محفوظ ہے، آرٹیفشل انٹیلجنس سے نہیں۔

About Rauf Klasra

Rauf Klasra

Rauf Klasra is a Pakistani journalist and Urdu language columnist. He files stories for both the paper and television whereas his column appears in Urdu weekly Akhbr-e-Jahaan and Dunya newspaper. Rauf was earlier working with The News, International where he filed many investigative stories which made headlines.