جن کا جواں سال بیٹا، جو وفاقی دارا لحکومت میں جامعہ کا طالب ہو، وہ کتے کے کاٹنے سے ہلاک ہوجائے، اپنی بہنوں کا اکلوتا بھائی بھی ہو، اس خاندان کے دکھ اور کرب کا اندازہ بھلا کیا جاسکتا ہے؟ وہ گلی میں کھیلتا معصوم بچہ نہیں تھا، نہ ہی وہ کتوں سے الجھ یا کھیل رہا تھا، یونیورسٹی میں وہ کمپیوٹر سائنس کے شعبہ میں زیر تعلیم اور ہاسٹل میں رہائش پذیر تھا اس کا تعلق کشمیری خاندان سے تھا، ان کا مستقبل اور اُمیدوں کا مرکز یہی نوجوان تھا، نہیں معلوم وہ کس طرح اسکی تعلیم کا بوجھ اٹھا رہے تھے کہ حصول تعلیم کے بعد وہ اپنے خاندان کا سہارا بنے گا، مگر انہیں کیا معلوم تھا کہ کتے کا کاٹنا ان کے بیٹے کے لئے جان لیوا ثابت ہوگا، یہ سانحہ نہ تو کسی معمولی گوٹھ یا دیہات میں پیش آیا ہے نہ ہی کسی ویرانے میں طالب علم کا سامنا کتے سے ہوا کہ وہ اس کا شکار ہوگیا، یہ واقعہ شہر کے وسط میں جامعہ کی حدود میں پیش آیا ہے۔
طالب علم کے تعلیمی ادارہ میں داخلہ کے بعد والدین از خود اخذ کر لیتے ہیں کہ کسی بھی سرکاری تعلیمی ادارے کی اقامت گاہ ہر اعتبار سے محفوظ ہوتی ہے، جس میں زیر تعلیم بچے انتظامیہ کے سامنے رہتے اور ہر طرح کے خطرے سے محفوظ ہوتے ہیں، مگر اسلام آباد جیسے علاقہ کی جامعہ کے ہاسٹل میں آوارہ کتوں کی آمدورفت جامعہ کی انتظامی صلاحیت پر اہم سوال بھی ہے، کہ انکی غفلت سے کسی خاندان کا سپوت آخر موت کے منہ میں کیوں چلا جائے؟
جامعہ کے چانسلر، وائس چانسلر، ہاسٹل وارڈن خود کو ذرا اس مقام پر رکھ کر دیکھیں، خدا نخواستہ اپنی اولاد کی بابت انہیں ایسی خبر اچانک ملے تو ان کا کیا رد عمل ہوگا، مرنے والا بھی کسی کا بیٹا، بھائی، بھانجا، بھتیجا تھا، لواحقین نے کس قدر دکھ، درد، پریشانی کے ساتھ اس سانحہ ارتحال کا صدمہ برداشت کیا ہوگا، ان کے سارے خواب تو بکھر چکے اور سہارے ٹوٹ گئے، کیا اس طرح کی لاپرواہی کی شہادت عالمی جامعات میں بھی پائی جاتی ہے؟
ہر چند دعوی ہے کہ جامعہ کاہاسٹل چار دیواری کی بدولت ہر اعتبار سے محفوظ ہے، تاہم کتے چور دورازوں سے داخل ہوتے ہیں، مذکورہ جامعہ ایک تو وفاقی دارالحکومت میں واقع ہے دوسرا اس میں بین الاقوامی طالب علم زیر تعلیم ہیں، اس طرح کے آوارہ کتوں کی روک تھام آخر کس کی ذمہ داری ہے؟ یہ تاثر بھی دیا جارہا ہے کہ عدالت عالیہ اسلام آباد نے ان کو زہر دے کرمارنے سے منع کیا ہے، سوال یہ بھی ہے کہ سی ڈی اے جس کی حدود میں یہ جامعہ ہے، اس نے ایسے آوارہ کتوں کی ویکسنیشن کا کیا اہتمام کیا کہ کاٹنے کے باوجود شہری محفوظ رہ سکیں، جب یہ خبر بیرون ملک ان والدین تک پہنچی ہوگی جن کے بچے یہاں زیر تعلیم ہیں، گمان غالب ہے کہ وفاق میں گورننس بارے میں انکی رائے اچھی ہر گز نہ ہوگی، ایک طرف ریاست ایٹمی قوت ہے تو دوسری جامعات میں طالب علم کتوں کے کاٹنے سے بھی محفوظ نہیں، دنیا بھر میں اس طرزکے مسائل حل کرنے کے لئے مقامی حکومتیں فعال اور متحرک رہتی ہیں، جبکہ85مربع میل اور 23لاکھ کی آبادی کا کنٹرول صرف ایک ڈیپارٹمنٹ سی ڈی اے کے پاس ہے تو ایسے سانحات کا وقوع پذیر ہونا لازمی امر ہے۔
میڈیا کے مطابق گزشتہ دنوں پنو عاقل میں بھی پرائیویٹ ہسپتال میں نوزائیدہ بچے کی ہلاکت جانور کے کاٹنے سے ہوئی، بچہ نگہداشت کے وارڈ میں تھا اس کا دروازہ مگرٹوٹا ہوا تھا، عملہ تالہ لگا کر چلا گیا تھا، جانور اس سے داخل ہوا، امکان ہے وہ کتا ہی ہوگا، جب عملہ کو علم ہوا تو اس نے زخموں پر روئی رکھ کر لاش والدین کے حوالہ کی، یہ انتہائی غریب خاندان تھا، بچے کا والد اپنی زوجہ کو زچگی کی حالت میں اس ہسپتال لایا تھا، بچے کی وفات کی خبر میڈیا پر چلنے کے بعد سندھ ہیلتھ کمیشن متحرک ہوا، بچے کے والد کو بھاری رقم دے کر بیان سے منحرف کروایا گیا، یہ بھی کہا جارہا ہے کہ مذکورہ ہسپتال میں اطائی ڈاکٹر تھے، صحافی برادری کا کہنا ہے کہ جانور کے کاٹنے سے ہلاکت کا پہلا واقعہ نہیں تھا، اس سے پہلے بھی لاڑکانہ کے ہسپتال میں چوہوں کا نوزائدہ بچوں کو کھانے کا بھی معاملہ سامنے آیا تھا، اندرون سندھ صحت کے حوالہ سے انتہائی مخدوش صورت حال ہے، رپورٹرزساری لاپراوہی کی ذمہ داری بدعنوان کلچر پر ڈالتے ہیں، جب تک بڑا سانحہ نہیں ہوتا انتظامیہ متحرک نہیں ہوتی، عوام پرائیویٹ مگر مہنگے ہسپتالوں کے عملہ کے رحم وکرم پر رہتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان میں سالانہ 2000 سے 5000 ہزار اموات کتے کے کاٹنے سے ہوتی ہیں، جن میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے، سندھ میں امسال26ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ پنجاب میں 2021 سے 2026تک کتے کاٹنے کے 13 لاکھ سے زائد کیس رپورٹ ہوئے، طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ریبیزعلامات ظاہر ہونے کے بعد یہ مرض لاعلاج ہو جاتا ہے، بروقت علاج سے 100 فیصد روک تھام ممکن ہے، اموات کی بڑی وجہ ویکسین اور امیونوگلوبلین کی کمی یا عدم دستیابی یا علاج کا کورس ادھورا چھوڑنا ہے احتیاط یہ کہ زخم کو کم از کم 15 منٹ تک صابن اور صاف پانی سے دھویا جائے پھر ہسپتال سے ویکسینیشن کروائی جائے، سماجی ماہرین کہتے ہیں کہ فوری علاج کے لئے عوامی سطح پر آگاہی مہم کی بھی ضرورت ہے، تعلیمی اداروں، مساجد میں اس کا اہتمام کیا جائے بالخصوص بچوں کو کتوں سے محفوظ رہنے کی تربیت دی جائے، لائیو سٹاک، شعبہ تعلیم اور محکمہ صحت کو اس پر مل کر کام کرنا چاہئے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا میں بھوٹان پہلا ملک ہے جو کتے کے کاٹنے کی بیماری کے پھیلاو سے محفوظ ہوگیا ہے، ہزاروں افراد اور بچوں کی کتوں کے ہاتھوں ہلاکتوں کے بعد وزارت صحت پاکستان نے نیشنل ریبیزپریوینشن اینڈ کنٹرول فریم روک کی منظوری دی ہے، اس کا مقصد آوارہ کتوں کی نگرانی، ویکسین کی دستیابی اور کتوں کی ویکسین کے ذریعہ عوام اور بچوں کو کتوں سے محفوظ بنانا ہے۔
جامعہ اسلام آباد کا طالب علم ہی کتے کے کاٹنے سے ہلاک نہیں ہوا، اس سے بیشتربلوچستان کے علاقہ جھل مگسی کا 20 سالہ نوجوان ویکسین نہ ملنے کے باعث کراچی کے ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
عدالت عالیہ اسلام آباد کا کتوں کو مارنے سے متعلق حکم نامہ اور جامعہ کے طالب علم کی ہلاکت میں غفلت برتنے پرکس پر ذمہ داری ڈالا کر قرار واقعی سزا دی لوائی جائے تاکہ مستقبل میں کسی ماں کا لاڈلا اس طرح بے بسی میں ملک عدم روانہ ہونے سے محفوظ رہ سکے۔