Friday, 20 November 2026
  1.  Home
  2. Nai Baat
  3. Khalid Mahmood Faisal
  4. Khilafat Se Malookiat Tak

Khilafat Se Malookiat Tak

کہاجاتا ہے کہ ہندوستان میں سلطنت دہلی پر سواتین سو سال تک مسلم بادشاہوں نے حکومت کی، اس مدت میں 33بادشاہ برسر اقتدار رہے، اس سرزمین پر جہاں اقتدار کا ہما بادشاہوں کے سر پر بیٹھا کرتا تھا، وہاں مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کیا جارہا ہے، جہاں مسلم آبادی اقلیت میں ہے وہاں تو وہ اپنی مذہبی اور سماجی رسومات بھی آزادانہ طور پر ادا نہیں کر سکتے، طویل عرصہ تک مسلم حکمرانی کے گہرے اثرات ہندو معاشرہ پر کیوں مرتب نہ ہو سکے کیا ہندوستان کی جنتا یہ سمجھتی ہے کہ مسلم بادشاہوں نے انہیں غلام بنائے رکھا یا تقسیم ہند میں مسلم قیادت کو اس کا ذمہ دار قرار دیتی ہے، مسلمانوں کی بڑھتی آبادی کا خوف سے ہندواتا کو پروان چڑ ھ رہا ہے۔

حقیقت تو یہ ہے کہ جو بادشاہ برسراقتدار رہے انہوں نے مسلم حکومتیں تو قائم کیں مگر وہ اسلامی ریاستیں ہر گز نہ تھیں، ترکوں کے ہاں جو کلچر ریاست کے عدم استحکام کے خوف سے بھائیوں کو قتل کرنے کا ملتا ہے، سلاطین دہلی نے بھی اس کو روا رکھا تاکہ انکی بادشاہت ہر طرح کے خطرات سے محفوظ رہے، جنگیں بھی لڑیں، مگر شاہی خاندانوں کے بچوں تک کو قتل کروانے کاعمل تاریخ کا حصہ ہے، تاکہ کوئی وارث بن کر بادشاہی نہ چھین لے، ملوکیت جس کا آغاز بنو امیہ سے آغاز ہوا وہ اس وقت تک بر صغیرمیں جاری رہی جب تک انگریزوں نے جمہوری نظام متعارف کروا کر شاہی خون ریزی کا خاتمہ نہ کر دیا، لیکن عہد جدید میں جمہوری کلچر کی آڑ میں بڑی طاقتوں نے خون ریزی کی ہے۔

ملوکیت کی بدترین شکل شہنشاہ اکبر کے زمانے میں ملتی ہے اس نے نیا مذہب" دین اکبری" جب متعارف کروایا، اس کے دربار میں یہ تاثر دیا گیا کہ ملت اسلام بدووں میں پیدا ہوئی ہے۔ کسی مہذب اور شائستہ قوم کے لئے وہ موزوں نہ تھی، نبوت، وحی، دوزخ، جنت ہر چیز کا مذاق اڑایا جاتا، احمد، محمد جیسے الفاظ سے بیزاری ہوگئی، جن ناموں میں یہ لفظ تھے، وہ بدلے جانے لگے، دیوان خانہ شاہی میں کسی کی مجال نہ تھی کہ نماز ادا کر سکے، ابوالفضل نے نماز روزہ حج اور دوسرے شعائر اللہ پر سخت اعتراضات اٹھائے اور مذاق اڑایا۔ سلام کا طریقہ بدل ڈالا سلام کرنے والا" اللہ اکبر" اور جواب دینے والا" جل جلالہ" کہتا، کیونکہ بادشاہ کا نام جلال الدین اور لقب اکبر تھا۔

تجدید احیائے دین میں سید مودودیؒ لکھتے ہیں سود، جوئے، شراب کو حلال کہا، نو روز کے موقع پر شراب کا استعمال شاہی محل میں ضروری تھا، حتیٰ کہ قاضی اور مفتی بھی پی جاتے، چچا زاد اور ماموں زاد بہن سے نکاح ممنوع قرار پایا، سور کو اسلام کی زد میں نہ صرف پاکیزہ بلکہ مقدس جانور قرار دیا، مردوں کو دفن کرنے کی بجائے انکو جلانا اور پانی میں بہانا احسن ٹھیرایا گیا، اگر کوئی دفن ہی کرناچاہے تو سفارش کی گئی کہ پاؤں قبلہ کی طرف رکھے جائیں۔ بادشاہ اکبر خود اسلام کی ضد میں قبلہ کی ہی طرف پاؤں کرکے سونے کا التزام کرتا تھا، بادشاہ کی تعلیمی پالیسی سراسر اسلام کی مخالفت تھی، عربی زبان کی تعلیم، فقہ حدیث کے درس کو ناپسندیدہ سمجھا جاتا تھا۔ ریشم اور سونے کے استعمال کوجائز کہا گیا، ایک سے زیادہ بیویاں رکھنے کی ممانعت کی گئی۔

علماء اسلام، اسلام کی طرف سے کوئی بات کہتے یا کسی گم راہی کی مخالفت کرتے تو انہیں " فقیہ" سے موسوم کیا جاتا معنی انکی اصطلاح میں احمق سمجھا جانا۔ اسلامی تعلیمات کیخلاف دوسرے مذاہب والوں کی جو بات دربار کا رنگ دیکھ کر فلسفیانہ و صوفیانہ انداز میں پیش کی جاتی اسے وحی آسمانی سمجھ لیا جاتا اس کے مقابلہ کی اسلامی تعلیم رد کردی جاتی، 1564 سے غیر مسلموں سے لیا جانے والا جزیہ ختم کر دیا، ان کے عہد میں عاام شہریوں اور کسانوں کا قتل عام ہوا۔

مورخین کا خیال ہے کہ اکبر ابتداء میں راسخ العقیدہ مسلمان تھے مگر اپنی نا خواندگی کی بدولت اور کچھ سیاسی مصلحتوں کی وجہ وہ دین سے دور اور علماء کرام سے بیزار ہو گئے، 1851 میں " دین الہی" کے نام سے نئے مذہب کی بنیاد رکھی، یہ ہندو مسلم، مسیحی، سکھ اور دیگر مذاہب کا مجموعہ تھا، ابوالفضل، فیضی جیسے علماء کی صحبت پائی، نئے مذہب کو چند امیروں اور وزیروں کے سوا مگرکسی نے قبول نہ کیا، جس شراب کو شاہ نے حلال کیا، کثرت نوش سے شہنشاہ کے دو جوان بیٹے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے بعد ازاں شہزادہ سلیم کی بغاوت سے بھی پریشان رہا گریٹ اکبر کا انجام مگر اچھا نہ ہوا۔

سید مودویؒ رقم کرتے ہیں کہ شیخ احمدسرہندیؒ نے اکبر کے دین کے فتنوں کا مقابلہ کیا اگرچہ اس وقت بھی سچے علماء حق اور صوفیہ موجود تھے مگر ان سب کے درمیان وہ اکیلے ڈٹے رہے انہیں جیل بھی جانا پڑا، مگر وہ فتنہ کا منہ پھیرنے میں کامیاب ہوئے، دین اکبری تمام تر بدعتوں کے ساتھ ختم ہوا جو درباری شریعت سازوں نے گھڑی تھیں، اگر وہ ایسا نہ کرتے تو ہندوستان میں اسلام کا نام و نشان مٹا دیا جاتا، انکا یہ بھی کارنامہ ہے کہ انہوں نے خرافات سے پاک، اسلام کا، نظریہ تصوف" پیش کیا۔

شہنشاہ اکبر سیاسی مصلحتوں سے بالا تر ہوکراسلامی ریاست قائم کرتے تو اس کے اثرات ہندوہستان کی سر زمین پر عیاں ہوتے غیر معمولی مراعات کا ہندووں نے بھر پورناجائز فائدہ اٹھایا، ملوکیت اور خلافت میں کلیدی فرق یہی ہے کہ نائب کے طور اپنے فرائض کے لئے خلیفہ وقت خود کو اللہ کے سامنے جواب دہ خیال کرتا ہے، بادشاہ اقتدار کے لئے اپنے بھائیوں تک کو قتل کروا دیتا ہے۔

متنازعہ روایت کے مطابق سلطان محمت سوئم نے بادشاہ بنتے ہی ایک رات میں اپنے19 بھائیوں کو قتل کروانا ملوکیت کی بد ترین مثال ہے، برطانوی نشریاتی ادارہ کے مطابق ان شہزادوں کے جنازہ کے موقع پر استنبول کے شہروں کی دوگنی تعداد باہر آئی تھی اور ہر آنکھ اشک بار تھی، مگر دوسری خلیفہ دوئم کا یہ قول سنہری حروف میں لکھا تاریخ کا حصہ ہے دریائے فرات کے کنارے اگر ایک کتا بھی بھوکا مر گیا توؑ عمرؓ روز قیامت جواب دہ ہوگا۔

سلاطین دہلی سواتین سوسال میں ملوکیت کی بجائے نظام خلافت کو قائم کرتے تو برصغیر بھی اسلامی ریاست ہوتی، عہد جدید میں شہنشاہ اکبر کے کارنامے عالم گیر مذہبی امن جسے صلح کل کا نام دیا گیا، اس مفاہمت کی ہلکی سی جھلک ہندوستان میں نظر نہیں آتی مسلمانوں کی عبادت گاہوں کو مسمار کیا جارہا ہے، اکبر کے 50سالہ دور ملوکیت کا ہندو، مسلم ثقافتی بھائی چارہ توکہیں بھی دکھائی نہیں دیتا مگر خلیفہ دوئم کے صرف دس سالہ طرز حکمرانی کے سنہری اصولوں کو فلاحی ریاست کے قیام کے طور پر عمرؓ لازکے نام سے بہت سے مغربی ممالک نے اپنے قوانین میں شامل کیا ہے، ملوکیت اور خلافت میں یہی فرق ہے، خلیفہ اللہ تعالیٰ کے خوف سے جبکہ بادشاہ اقتدار کے چھن جانے سے ہر دم ڈرتا رہتا ہے۔