سیاست کے میدان میں ان دنوں جو بڑی ہلچل ہے اس کی دو وجوہات ہیں۔ پہلی اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے اس خط کی وجہ سے جو انہوں نے سپریم کورٹ وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کے نام لکھا ہے، دوسری بلاول بھٹو کی اس "میٹ دی پریس" کی بدولت جو منگل کو کراچی پریس کلب میں ہوئی۔ سمجھنے والوں کیلئے ہر دو وجوہات میں بہت ساری نشانیاں ہیں اگر سمجھنا چاہیں تو، ویسے ہمارے یہاں کی مروجہ سیاست کے بھید سمجھنے سمجھانے کیلئے نہیں کیونکہ یہ بھید ہی نہیں بلکہ صاف صاف دیوار پر لکھی تلخ حقیقت ہے جو موسموں اور بارشوں سے دھندلی نہیں پڑتی سادہ سی بات ہے ہم ایک سیکورٹی سٹیٹ میں جی بس رہے ہیں۔
اس سے آگے کا سچ یہ ہے کہ دنیا کی ہر ریاست سیکورٹی سٹیٹ ہوتی ہے ہاں کہیں ریاست اپنے لوگوں کو انسان سمجھ کر آگے بڑھنے اور پھلنے پھولنے کے مواقع فراہم کرتی ہے اور کہیں ریاست اپنے لوگوں کو رعایا سمجھ کر ہانکتی چلی جاتی ہے۔ ہم دوسری طرح کی ریاست میں ایک کم 80 برس سے جی بس رہے ہیں، تیسری دنیا کی سیکورٹی سٹیٹ میں جینا بسنا بذات خود جوئے شیر لانے کے مترادف ہے یہاں خواب بکتے ہیں تعبیریں چوری ہوتی ہیں، سرابوں کے پیچھے بھگایا جاتا ہے، منصوبہ بندی کا فقدان غربت بیروزگاری کا جادو سرچڑھ کر بولتا ہے، وسائل چند مفاد پرست طبقات کی عیاشیوں کیلئے ہوتے ہیں۔ رعایا کو تو صبر سے پیٹ بھرنا اور شکر سے تن ڈھانپا ہوتا ہے یا پھر اخروی زندگی کے ٹرک کی بتی کے پیچھے دوڑتے رہنا جہاں تھک کر بیٹھ رہے وہاں قسمت کے لکھے کی مالا جپنا۔
معاف کیجے گا تمہیدی سطور قدرے طویل ہوگئیں مگر کیا کیجے جی کے پھپھولے پھوڑنا تو ہیں کسی نہ کسی طور ہم اس سے سوا کر بھی کیا سکتے ہیں۔ خیر چھوڑیئے ہم اصل موضوع پر بات کرتے ہیں۔ عمران خان کے تین چیف جسٹس صاحبان کو لکھے گئے خط اور بلاول بھٹو کی "میٹ دی پریس" پر اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کے تین چیف جسٹس صاحبان کو لکھے گئے خط میں ٹیپ کا "مصرعہ" یہ ہے کہ زندہ رہوں گا تو بے گناہی ثابت کر سکوں گا، ان (عمران خان) کا کہنا ہے کہ میرا بلڈ پریشر 193 ہے دل کے دورے اور برین ہیمرج کا خطرہ ہے خط میں انہوں نے ٹی وی وغیرہ نہ ہونے کی شکایت بھی کی اور یہ بھی کہ عدالتی حکم کے باوجود انہیں علاج معالجے کیلئے ہسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔
خط میں کہا گیا کہ میری طبی جانچ کے لیے ماہر امراضِ قلب اور ماہر امراضِ چشم پر مشتمل میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم بھی دیا گیا تھا، ان کا موقف ہے کہ اڈیالہ جیل میں مجھے روزانہ 22 گھنٹے تک تنہائی میں رکھا جاتا ہے، مجھے اہل خانہ، وکلا، کتابوں اور ٹیلی ویژن سے محروم رکھا گیا، رواں سال مجھے اپنے وکلا سے صرف چار مرتبہ ملاقات کی اجازت دی گئی۔ خط میں انہوں نے اپنی اہلیہ کو لاحق آنکھوں کی بیماری کے ذکرکے ساتھ یہ شکوہ بھی کیا کہ اہلیہ سے ہفتہ وار ملاقات میں رکاوٹیں پیدا کی جاتی ہیں۔
ہماری رائے میں اس وقت یہ یاد کرانے کی ضرورت نہیں کہ جب وہ خود وزیراعظم تھے تو کیسے منہ پر ہاتھ پھیر کر جیلوں میں بند اپنے مخالفین بارے کن "ذریں" خیالات کا اظہار کیا کرتے تھے، کیسے مخالفوں کو سبق سیکھانے کے ساتھ بتایا کرتے تھے کہ جیلوں میں کتنے قیدی علاج معالجے کی سہولتیں نہ ملنے سے مرجاتے ہیں، یہ سب ماضی کی باتیں ہیں اور ہرشخص کا ماضی اس کے تعاقب میں رہتا ہے۔ ان کا ماضی اُن دنوں کی باتیں دعوے اور دوسروں کا تمسخر اڑانے کا انداز آج ان کے تعاقب میں ہے، البتہ اس پر کوئی حیرانی نہیں ہوئی کے اپنے خط میں انہوں نے جیلوں میں قید پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں اور کارکنان کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔
اس کی وجہ فقط یہ ہے کہ وہ ہمیشہ سے ہی ایسے ہیں نرگسیت کا شکار خودپسند شخص ان کی تعمیر کی سب سے بڑی خامی یہی ہے کہ وہ اپنی ذات کے سوا کچھ دیکھتے مانتے بالکل نہیں بلکہ یہ سمجھتے ہیں کہ ان کے بنا کچھ بھی تو نہیں۔
بہر طور تین چیف جسٹس صاحبان کے نام لکھے گئے ان کے خط نے جو ان کے وکیل کے توسط سے چیف جسٹس صاحبان کو موصول ہوا انہوں نے جو شکایات کی ہیں وہ دور ہونا ازبس ضروری ہیں، جیل قوانین کے مطابق انہیں ہروہ سہولت ملنی چاہئے جو ان کا قانونی حق ہے۔ حکومت یا عدالت ہردو کا فرض ہے کہ ان کی داد رسی کریں یہ کوئی احسان ہرگز نہیں ہوگا وہ ایک بڑی جماعت کے بانی اور سابق وزیراعظم ہیں البتہ ان کے جو سیاسی مرید سوشل میڈیا پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے دورہ پاکستان کی ویڈیو لگا کر دعویٰ فرمارہے ہیں کہ جیل کا تالا ٹوٹ گیا خان کا قافلہ رواں دواں ہے وہ اپنے سیاسی پیر کی کوئی خدمت ودمت نہیں کررہے نا ہی وہ لوگ ان کے لئے کچھ کررہے ہیں جو ان کی محبت میں سیاسی مخالفین کو بازار میں دستیاب ہر گالی دے کر فخر محسوس کرتے ہیں۔ بارِدیگر عرض ہے کہ عمران خان کی شکایات دور ہونی چاہیئں انہیں علاج معالجے کے وکلا اور خاندان سے ہفتہ وار ملاقاتوں کی سہولت بہرصورت ملنی چاہئے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے منگل کو کراچی پریس کلب کے پروگرام "میٹ دی پریس" میں جو گفتگو کی اس پر بعض وزرا آگ پر لوٹ رہے ہیں وزیر اعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثناءاللہ خان نے تو یہ کہہ ڈالا ہے کہ "27 ویں ترمیم پر بلاول نے جو باتیں کیں ان سے اُن کی نااہلی کا خطرہ ہے"۔
نئے صوبوں کے قیام کے مبینہ منصوبے سمیت متعدد امور پر بلاول بھٹو نے قدرے کھل کر باتیں کیں بعض لوگوں کا خیال ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے کچھ نابغوں کی ہاہاکاری کے جواب میں انہوں (بلاول) نے بھی کھڑاک کردیا۔ کچھ کا خیال ہے کہ جس پستول سے سیکورٹی سٹیٹ اپنے ساجھے داروں کو ڈراتی رہتی ہے بلاول نے وہی پستول چلادیا ہے۔ ان تبصروں سے دامن بچاکر اگر یہ عرض کیا جائے کہ اسٹیبلشمنٹ کی پچ پر کریز سے باہر نکل چھکے مارے ہیں تو غلط نہ ہوگا، درست بات یہی ہے کہ نئے صوبے بنانے کیلئے آئین میں طریقہ کار درج ہے اس طریقہ کار سے ہٹ کر اپنایا گیا راستہ مسائل پیدا کرے گا۔
دوسری بات یہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ جوہڑ میں پلنے والوں اور خود اسٹیبلشمنٹ کو کوئی حق نہیں کہ وہ کسی کی حب الوطنی پر حرف گیری کریں البتہ یہ بات درست ہے کہ پیپلز پارٹی کو مخصوص نشستوں کے عدالتی فیصلے پر یہ نشستیں نہیں لینا چاہیں تھیں کیونکہ کوئلوں کی دلالی کبھی فائدہ مند نہیں ہوتی اس سے صرف منہ کالا ہوتا ہے۔ بلاول بھٹو نے عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دیا یہ ان کا موقف ہے اس کی تائید اور نفی میں آرا موجود ہیں لیکن یہ آرا ہمارا موضوع نہیں۔
رہی بات یہ کہ سسٹم تباہ ہوچکا اور بلاول اپنے حصے کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں تو بصد احترام ہمارا سوال یہ ہے کہ سسٹم تھا کب؟ وضاحت کے ساتھ یہ عرض کر دوں کے سیکورٹی سٹیٹ کے طبقاتی نظام کا سسٹم تباہ ہوچکا ہے تو کسی کو معذرت نہیں کرنا چاہئے ہاں بلاول سمیت تمام سیاستدانوں کو اپنے اپنے وقت پر ساجھے داری کے نظام کا حصہ بننے پر عوام سے معافی مانگنا چاہئے یہ بہت ضروری ہے۔
حقیقی عوامی جمہوریت کے خوابوں کی تعبیر سیاسی جماعتوں کی جانب سے اپنے اپنے وقت پر طبقاتی نظام کو کاندھا دینے کی وجہ سے چوری ہوئی ابتر معاشی حالات بارے ان کی بات درست ہے ایسی مہنگائی کبھی دیکھی نہ معاشی ابتری ناہی ملکی وسائل مخصوص محکموں تک محدود رکھے جانے کی زبردستی۔
یہاں ایک بات یہ بھی عرض کرنا ہے وہ یہ کہ سابقہ پی ڈی ایم کی جماعتوں کو تسلیم کرلینا چاہئے کہ اپریل دو ہزار بائیس کی تحریک عدم اعتماد غلط تھی اس سے مسائل اور بدزبانی کی فیکٹریاں لگانے والی اسٹیبلشمنٹ کو محفوظ راستہ مل گیا ورنہ وہ نظام چھ ماہ مزید چلتا تو اسٹیبلشمنٹ اپنی ساجھے دار حکومت کے ساتھ منہ کے بل گرتی۔
عرض کرنے کا مقصد یہ ہے کہ ملک میں صرف آج کچھ اچھا نہیں بلکہ کبھی بھی کچھ اچھا نہیں تھا ہمیشہ وہی حالات رہے جو سیکورٹی سٹیٹ میں ہوتے ہیں، بلاول درست کہتے ہیں نئے صوبوں کے معاملے پر آئین کے مطابق بات آگے بڑھانا ہوگی زور زبردستی سے مسائل پیدا ہوں گے۔
چھبیسویں و ستائیسویں ترامیم بارے بلاول جو کہہ رہے ہیں اس سے اتفاق ممکن نہیں کیونکہ وہ دونوں ترامیم کے پرجوش وکیل کے طور پر متحرک تھے تب ان کی جماعت ہم عامیوں کو آئینی ترامیم کے فضائل سمجھایا کرتی تھی، یہ درست ہے کہ ملکی تاریخ میں ریفرنڈم فوجی حکومتوں نے کرائے ان ریفرنڈمز کو بعد میں آئینی تحفظ دلوایا گیا۔
آج بھی اگر حکومت صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کرواتی ہے تو پھر بھی آئینی طریقہ کار پر بعداز ریفرنڈم عمل ضروری ہوگا اس کے بغیر ہوا میں تلواریں چلانا ہے، ہاں سسٹم ری سیٹ کرنا ہے تو طبقاتی نظام کے بند کوچے سے نکلنا ہوگا تب سسٹم حقیقی معنوں میں ری سیٹ ہوگا طبقاتی نظام کے سسٹم کو ری سیٹ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں حالات جوں کے توں ہی رہیں گے۔
جہاں تک بلاول بھٹو کے بیان کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات کے بیان کا تعلق ہے تو اس پر فقط فاتحہ خوانی ہی کی جاسکتی ہے۔ اب چلتے چلتے ایک لطیفہ سن پڑھ لیجے ایک سابق ڈیلی ویجز وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کہہ رہے ہیں موجودہ حکومت ڈیلی ویجز پر ہے حکم آیا تو چلی جائے گی، دامن اور بندِ قبا دیکھے بھالے بغیر دانش اسی طرح بھوری جاتی ہے جیسے مفتاح، خاقان اور چند دیگر سابق ڈیلی ویجرز ملازمین بھورتے رہتے ہیں۔