Monday, 23 November 2026
  1.  Home
  2. Guest
  3. Arif Anis Malik
  4. Ye Hussain Naqi Kon Hai?

Ye Hussain Naqi Kon Hai?

اتوار کی صبح لاہور سے خبر آئی کہ حسین نقی نہیں رہے اور خبر کے ساتھ ہی ان کی عمر پر اختلاف شروع ہوگیا۔ کئی اخباروں نے اٹھاسی برس لکھے، سرکاری خبر رساں ادارے نے نوے، ایک ٹی وی چینل نے بانوے اور ایک اخبار نے ترانوے۔ اسی اخبار نے اسی دن دوسری خبر میں اٹھاسی بھی چھاپ دیے۔ جس آدمی نے ایک جھوٹی خبر نہ چلانے کی خاطر اپنا عہدہ چھوڑ دیا تھا، اس کی آخری خبر میں ہمارے ادارے ایک عدد پر متفق نہ ہو سکے۔ نقی صاحب خود بھی لکھ گئے ہیں کہ کاغذوں میں سنِ پیدائش انیس سو چھتیس درج ہے، مگر شاید وہ اس سے ایک برس پہلے دنیا میں آ چکے تھے۔

آدمی کی عمر برسوں سے ناپی جائے تو حساب میں اختلاف ہو سکتا ہے۔ انکار سے ناپی جائے تو حساب صاف نکلتا ہے اور اس پیمانے پر حسین نقی نے بہت لمبی عمر پائی۔ انہوں نے ایک فیلڈ مارشل کے سامنے چپ رہنے سے انکار کیا، اپنے دوست ذوالفقار علی بھٹو کی ہاں میں ہاں ملانے سے انکار کیا اور بیاسی برس کی عمر میں ملک کے چیف جسٹس کے سامنے خاموش کھڑے رہنے سے بھی انکار کر دیا۔ مختار مسعود نے جس موسم کو قحط الرجال لکھا تھا، اس موسم میں ایک آدمی بھی کم ہو جائے تو گنتی پر فرق پڑتا ہے۔

***

سترہ نومبر دو ہزار اٹھارہ کو لاہور میں سپریم کورٹ کی عدالت لگی تھی۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے بورڈ کا معاملہ سن رہے تھے، جس کے سربراہ، ایک ریٹائرڈ جج، مستعفی ہو چکے تھے۔ حسین نقی اسی بورڈ کے رکن تھے۔ پوچھا گیا، کہاں ہے وہ حسین نقی جس کی وجہ سے جج صاحب کو استعفیٰ دینا پڑا؟ نقی صاحب سامنے آئے تو حکم ہوا کہ اپنا تعارف کرائیے۔

یہاں ذرا رک جائیے۔ میرا تو کام ہی یہ ہے کہ لوگوں کو سکھاؤں، دنیا کے سامنے اپنا تعارف کیسے رکھا جاتا ہے۔ قاعدہ سیدھا ہے، سب سے بڑا عہدہ سب سے پہلے۔ اس آدمی کے پاس بتانے کو بہت کچھ تھا۔ وہ "دی نیوز" کا مدیر رہ چکا تھا، انسانی حقوق کمیشن کے بانی ارکان میں تھا، پاکستان میں پنجابی کا پہلا روزنامہ نکال چکا تھا، ایوب خان کی شہر بدری اور بھٹو کی جیل کاٹ چکا تھا۔ اس نے جواب دیا کہ میں اسلامیہ کالج کی یونین کا سیکریٹری رہا ہوں۔

ارشاد ہوا کہ پھر بورڈ چھوڑیے اور یونین چلائیے۔ جواب ملا، کیوں چھوڑوں، میں منتخب ہو کر آیا ہوں۔ آواز اونچی ہوئی تو توہینِ عدالت کے نوٹس کا ذکر آ گیا۔ نقی صاحب نے کہا کہ میں آپ سے بیس برس بڑا ہوں، میری بات تو سن لیجیے۔ بات نہیں سنی گئی۔ انہیں گستاخ کہا گیا اور حکم ہوا کہ حسین نقی کو میری عدالت سے باہر لے جاؤ۔ انہوں نے معذرت کی اور اہلکاروں کے ساتھ باہر آ گئے۔

دو دن بعد صحافیوں کا ایک وفد اسی عدالت میں عرض کر رہا تھا کہ یہ صاحب ہماری تقریباً تین نسلوں کے استاد ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کی کوئی انا نہیں ہوتی اور نقی صاحب کی خدمات کا اعتراف ہے۔ اگلے اتوار ڈاکٹر پرویز طاہر نے مضمون لکھا جس کا عنوان تھا، حسین نقی کون ہیں؟ پھر کراچی پریس کلب نے استقبالیہ دیا، جہاں ان کے ساٹھ برس پرانے دوست علی احمد خان نے چیف جسٹس کا باقاعدہ شکریہ ادا کیا کہ انہی کے طفیل بچھڑے ہوئے یار دوبارہ مل بیٹھے۔ قریب سات برس بعد لمز یونیورسٹی میں ان کی خود نوشت پر نشست ہوئی تو عنوان پھر یہی ٹھہرا، یہ حسین نقی کون ہیں؟ سوال ایک عدالت نے پوچھا تھا اور جواب پریس کلب سے یونیورسٹی تک برسوں دیا جاتا رہا۔

جو عہدے انہیں مالکوں اور اداروں نے دیے تھے، وہ ایک ایک کرکے واپس لے لیے گئے۔ جو عہدہ لاہور کے اسلامیہ کالج سول لائنز کے لڑکوں نے ووٹ سے دیا تھا، وہ نصف صدی بعد بھی ان کے پاس تھا۔ تعارف کے لیے انہوں نے وہی عہدہ چنا جو کوئی مالک، کوئی حکومت اور کوئی عدالت واپس نہیں لے سکتی تھی۔

***

تعارف وہاں سے شروع ہوتا ہے جہاں گومتی بہتی ہے۔ لکھنؤ کا ایک خوش حال، پڑھا لکھا اور خاصا روایت پسند گھرانا تھا، جس کے بچے نے نہرو اور راجہ صاحب محمود آباد جیسے لوگوں سے ملاقاتیں کیں۔ ایک بات یہاں گرہ میں باندھ لیجیے، آگے کام آئے گی۔ اس لکھنوی گھرانے کی جڑیں لکھنؤ کی نہیں تھیں۔ پردادا اس گاؤں سے اٹھ کر اودھ آئے تھے جو آج ہریانہ میں ہے اور تب غیر منقسم پنجاب کا حصہ تھا۔

پچاس کی دہائی کے اوائل میں یہ لڑکا پاکستان چلا آیا۔ کراچی کے ڈی جے سائنس کالج میں کیمسٹری پڑھنے بیٹھا تو انیس سو پچپن میں ہم جماعتوں نے پوچھا، فوج، بحریہ یا فضائیہ میں تمہاری کوئی "سورس" ہے جو کمیشن دلوا دے؟ ملک کی عمر اس وقت آٹھ برس تھی اور سفارش بالغ ہو چکی تھی۔

پھر وہ جامعہ کراچی کی طلبہ یونین کا صدر بنا۔ اس کے مطالبات میں نیا کیمپس، طالبات کے لیے محفوظ سواری اور وقت پر امتحان لکھے ملتے ہیں۔ انہی دنوں ہاسٹل کے ایک واقعے پر تین بلوچ طلبہ کو تین تین برس کے لیے نکالنے کا فیصلہ ہوا۔ صدرِ یونین وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق حسین قریشی کے پاس گیا اور سودا کر آیا کہ تینوں بحال ہوں گے اور ان کی جگہ مجھے نکال دیا جائے۔ نصف صدی بعد کراچی پریس کلب میں اس نے یہ قصہ سنایا تو اس سودے کے لیے یہی لفظ برتے، سستی اور اچھی۔

قیادت کی کتابیں قربانی کا باب بڑے بھاری لفظوں میں لکھتی ہیں۔ اس نوجوان نے اپنی ڈگری کے تین برس تین ساتھیوں پر وار دیے اور اسے سستا سودا کہا۔ عمر بھر اس کا حساب یہی رہا کہ جو قیمت دوسروں کو مہنگی لگتی تھی، اسے سستی لگتی رہی۔

سودا وہیں ختم نہیں ہوا، اسے کراچی سے بھی نکال دیا گیا۔ کرامت علی نے اسی محفل میں بتایا کہ انیس سو باسٹھ میں کراچی بدر طلبہ کی ایک ٹولی ملتان پہنچی تو اس میں حسین نقی بھی تھے اور انہوں نے ملتان کے لڑکوں کو مشورہ دیا کہ ہڑتال کرو اور کمشنر کو عرضی دو۔ پنجابی میں اسے پنگا لینا کہتے ہیں اور اس بندے نے جہاں قدم رکھا، پنگا ہی لیا۔

سیاسیات میں ایم اے اس نے کراچی سے کیا۔ اپنی طویل گفتگو کی کتاب "جرأتِ انکار" میں اس نے قصہ سنایا ہے کہ ایوب خان کو اعتراض ہوا، جب ملک میں آئین ہی نہیں تو آئینی قانون کس خوشی میں پڑھایا جا رہا ہے۔ مضمون نصاب سے نکال دیا گیا۔ دلیل میں وزن تھا، ماننا پڑتا ہے۔

***

صحافت کا آغاز روزنامہ "انجام" کی رپورٹری سے ہوا اور تبادلہ حیدر آباد ہوگیا۔ ایک روز فیلڈ مارشل ایوب خان شکار کے دورے پر وہاں اترے تو کمشنر نے ہوائی اڈے پر اخبار نویسوں سے ملاقات رکھوا دی۔ نوجوان رپورٹر نے پوچھ لیا کہ کیا آپ اپنے دوستوں کا بھی احتساب کریں گے؟ صدر جواب دیے بغیر چل دیے۔ اسی رات کمشنر نے "انجام" کے مدیر کو فون کیا کہ یہ لڑکا اپنا کیریئر تباہ کر لے گا۔ لڑکا فوراً کراچی واپس بھیج دیا گیا۔

کمشنر صاحب کی پیش گوئی حرف بہ حرف پوری ہوئی۔ نوکریاں جاتی رہیں، پرچے بند ہوتے رہے، جیل آتی جاتی رہی۔ ڈاکٹر توصیف احمد خان کی گواہی ہے کہ نوکری اکثر اپنے حق پر نہیں، دوسروں کے حق پر بولنے سے جاتی تھی۔ جس شے کو دنیا کیریئر کہتی ہے، وہ اس کے کھاتے میں کبھی جمع ہی نہ ہو سکی۔ جو شے جمع ہوئی، اس کا خانہ کمشنر کے رجسٹر میں تھا ہی نہیں۔ کیریئر تباہ ہوا تو لڑکا نقی صاحب بن گیا۔

لاہور میں نقی صاحب خبر رساں ادارے پاکستان پریس انٹرنیشنل کے بیورو چیف بنے۔ پھر ایک دن ان سے قرآنِ پاک کی بے حرمتی کی ایک ایسی خبر چلانے کو کہا گیا جو جھوٹی تھی۔ انہوں نے خبر نہیں چلائی اور عہدہ چھوڑ دیا۔ ہمارے ہاں ایسی ایک افواہ بستیاں جلا دیتی ہے۔ اس آدمی کے ہاتھ میں ماچس تھمائی گئی تھی اور اس نے اپنی نوکری دے کر ماچس واپس کر دی۔

***

انیس سو ستر کے انتخابات ہو چکے تھے اور مغربی پاکستان وہ بات سننے کو تیار نہ تھا جو ڈھاکا کہہ رہا تھا۔ نقی صاحب نے "پنجاب پنچ" کے نام سے ایک ہفت روزہ نکالا۔ پرچے کا کوئی دفتر نہیں تھا اور مدیر تئیس برس کا ایک ماہرِ معاشیات تھا، پرویز طاہر۔ پرچے کی پیشانی پر صاف لکھا تھا کہ یہ آرا کا ہفت روزہ ہے۔ آج ہمارے چینل رائے کو خبر کہہ کر بیچتے ہیں۔ وہ رائے کو رائے لکھ کر بیچتے تھے۔

ایک صبح پرچہ بازار میں پہنچتے ہی سارے کا سارا غائب ہوگیا۔ تجربہ کار آدمی کو پہلے سے اندازہ تھا، سو متبادل بندوبست تیار تھا۔ "پنجاب پنچ" کنیئرڈ کالج کے باہر بھی بکتا رہا اور وہاں اسے بیچنے والیاں دو بہنیں تھیں، مدیحہ گوہر اور فریال گوہر۔ جس مدیحہ نے سڑک کنارے پرچہ بیچا تھا، اسی نے آگے چل کر اجوکا تھیٹر بنایا اور اسٹیج سے اس ملک کو اس کی اپنی کہانیاں سنائیں۔

پرویز طاہر کے لفظوں میں مغربی پاکستان تک یہ بات اکیلے حسین نقی ہی پہنچا سکتے تھے کہ مشرقی پاکستان کے جمہوری حق سے انکار خود پاکستان کو توڑ رہا ہے۔ وہ اپنے دوست بھٹو کو قائل کر رہے تھے کہ اقتدار شیخ مجیب کو منتقل ہونے دیجیے۔ انہی دنوں ڈاکٹر مبشر حسن نے بتایا کہ بھٹو صاحب فوج کے ہیلی کاپٹر میں کہیں جا رہے ہیں۔ اخبار نویس کے لیے اتنی خبر کافی تھی۔ ایک ملاقات میں انہوں نے بھٹو سے کہہ دیا کہ جرنیلوں کے ساتھ مل کر ملک چلایا نہیں جا سکتا، ہاں توڑا ضرور جا سکتا ہے۔

ملک ٹوٹ گیا اور بھٹو اقتدار میں آ گئے۔ انیس سو بہتر میں پولیس "پنجاب پنچ" کی زیرِ طبع کاپیاں اٹھا لے گئی۔ پرچہ بند ہوا اور نقی صاحب جیل پہنچ گئے۔ علی احمد خان نے بتایا تھا کہ میں بہتر میں مشرقی پاکستان سے لوٹا تو ایک دوست نے حال یوں سنایا، باقی سب حکومت میں ہیں اور نقی جیل میں ہے۔ جس آدمی نے آمر کے زمانے میں بھٹو کا ساتھ دیا تھا، اسے بھٹو کے زمانے میں قید ملی۔ اس نے دوستی نبھائی تھی، دوست کی حکومت سے وفاداری کا حلف نہیں اٹھایا تھا۔

اقرار کرنے والوں کے نام دربار کے روزنامچوں میں لکھے جاتے ہیں اور انکار کرنے والوں کے نام جیل کے رجسٹروں میں۔ دربار بدلتا ہے تو روزنامچہ بھی بدل جاتا ہے۔ جیل کا رجسٹر کوئی نہیں بدلتا اور تاریخ جب گواہی مانگتی ہے تو اسی رجسٹر کو طلب کرتی ہے۔

اسی دور کا ایک مکالمہ نقی صاحب نے خود سنایا ہے۔ انہوں نے نامور اخبار نویس زیڈ اے سلہری سے پوچھا کہ آپ تو لڑنے والے آدمی تھے، ہتھیار کیوں رکھ دیے؟ سلہری صاحب کے جواب کا مفہوم یہ تھا کہ میں پاکستان کو سمجھ گیا، اس لیے میں نے خود کو بدل لیا۔ پاکستان کو سلہری صاحب بھی سمجھ گئے تھے اور نقی صاحب بھی۔ ایک نے خود کو بدل لیا۔ دوسرے نے نوکریاں بدلیں، شہر بدلے، حتیٰ کہ زبان بدل لی، مگر خود کو نہیں بدلا۔

***

زبان کا ذکر آیا ہے تو وہ گرہ کھول لیجیے جو شروع میں باندھی تھی۔ لکھنؤ کا آدمی لاہور میں بیٹھ کر پنجابی کا مقدمہ لڑتا رہا اور "سجن" کے نام سے پاکستان میں پنجابی کا پہلا روزنامہ نکال دیا۔ لکھنؤ دا بندہ تے اخبار پنجابی دا۔ میں اسے یوں دیکھتا ہوں کہ پردادا پنجاب کے ایک گاؤں سے اٹھ کر اودھ گیا تھا اور پڑپوتا تین پشتوں بعد پنجاب کو اس کی اپنی زبان کا اخبار دے کر حساب برابر کر گیا۔ ہجرت اکثر آدمی سے اس کی زبان چھین لیتی ہے۔ اس آدمی نے ہجرت کرکے ایک زبان کمائی۔

***

اب اس وفد کا جملہ یاد کیجیے، تین نسلوں کا استاد۔ کہانی سنانے والوں کے لیے، وہ اخبار میں ہوں، اسٹیج پر ہوں یا کیمرے کے سامنے، نقی صاحب کے سبق ان کی تقریروں سے زیادہ ان کی زندگی میں ملتے ہیں۔ نوجوان پرویز طاہر کو انہوں نے سمجھایا تھا کہ تم اپنے لیے نہیں لکھ رہے، اخبار کے رنگا رنگ پڑھنے والوں کے لیے لکھ رہے ہو۔ لاہور پریس کلب میں کہا کہ ہمارے اخباروں میں بیان اور پریس ریلیزیں بہت ہیں، خبر کم ہے۔

ان کا سب سے بڑا سبق مگر کسی جملے میں نہیں تھا۔ ہر نیا لکھنے والا ڈرتا ہے کہ سچ لکھ دیا تو پھر کیا ہوگا۔ نقی صاحب اس سوال کا چلتا پھرتا جواب تھے۔ نوکری جائے گی، پرچہ بند ہوگا، جیل بھی ہو سکتی ہے اور اس سب کے بعد آدمی نوے برس جی سکتا ہے اور آخری دن بھی کتاب کی تقریب میں گزار سکتا ہے۔ شیری رحمان نے لکھا ہے کہ ہم انہیں اپنے عہد کا باغی فرشتہ کہتے تھے، مگر انہوں نے کبھی غصے کو ہوا نہیں دی۔ ہمارے ہاں بغاوت اور غصہ ایک ہی سانس میں لیے جاتے ہیں۔ اس آدمی نے دونوں کو الگ کرکے دکھایا۔

***

آخری دن بھی انہوں نے اپنے ڈھنگ سے گزارا۔ ہفتے کو وہ انسانی حقوق کمیشن کی، جس کے وہ برسوں خزانچی رہے، ایک کتاب کی تقریبِ رونمائی میں موجود تھے۔ شام چھ بجے کے قریب دل کا دورہ پڑا اور اتوار کی صبح پانچ بجے کے لگ بھگ دل نے ساتھ چھوڑ دیا۔ ماڈل ٹاؤن میں جنازہ ہوا اور ماڈل ٹاؤن ایکسٹینشن میں تدفین۔ پسماندگان میں تین بیٹے ہیں۔

صدرِ مملکت نے تعزیت کی اور وزیرِ اعظم نے انہیں اصولوں کا صحافی کہا جو عمر بھر بے خوف ہو کر آواز اٹھاتا رہا۔ یاد رہے کہ جس بھٹو نے انہیں جیل بھیجا تھا، تعزیت کرنے والے صدر اسی بھٹو کے داماد ہیں۔ ہمارے ہاں زندہ آدمی کے حصے میں قید آتی ہے اور مرحوم کے حصے میں خراج اور دونوں پروانوں پر مہر سرکار ہی کی لگتی ہے۔ ایوب خان، بھٹو اور ضیاء الحق ان سے بہت پہلے رخصت ہو چکے تھے۔ میاں محمد بخش کا مصرع ہے، دشمن مرے تے خوشی نہ کریے، سجناں وی مر جانا۔ اتوار کو "سجن" نکالنے والا بھی چلا گیا۔

"جرأتِ انکار" میں نقی صاحب نے مان لیا تھا کہ جس فلاحی ریاست کے لیے وہ لڑے، وہ نہیں بنی، مگر انہیں خوشی ہے کہ وہ لڑے۔ کامیو نے سسی فس کے بارے میں کہا تھا کہ اسے خوش تصور کرنا چاہیے۔ پتھر چوٹی تک نہیں پہنچا، مگر دھکیلنے والے کے بازو بن گئے۔ خود نوشت کا نام انہوں نے رکھا، مجھ سے جو ہو سکا۔ نوے برس کی لڑائی اور سرورق پر کل اتنا دعویٰ۔

چیف جسٹس نے اس روز کہا تھا کہ بورڈ چھوڑیے اور یونین چلائیے۔ مشورہ اچھا تھا، بس ساٹھ برس دیر سے آیا تھا۔ نقی صاحب عمر بھر یہی تو کرتے رہے۔ عہدے ان سے چھوٹتے رہے، عہد نہیں چھوٹا اور یونین وہ چلاتے رہے، پہلے طلبہ کی، پھر کارکنوں کی اور آخر میں ان لوگوں کی جن کی کوئی یونین نہیں ہوتی۔

اب کوئی پوچھے کہ یہ حسین نقی کون تھے، تو تعارف وہی کافی ہے جو انہوں نے خود کرایا تھا۔ وہ یونین کے سیکریٹری تھے۔ ملک خداداد میں صدور، وزیراعظم، جرنیل، چیف جسٹس، بہت سے آئے مگر حسین نقی ایک ہی تھے۔