Sunday, 15 November 2026
  1.  Home
  2. Guest
  3. Arif Anis Malik
  4. Jeet Ki Nafsiyat Ka Ustad

Jeet Ki Nafsiyat Ka Ustad

1998 کا لاہور تھا اور پنجاب یونیورسٹی کے دن تھے۔ شعبہ نفسیات کے دو طالب علم تھے، میں اور قیصر عباس، جن کی آنکھوں میں خواب بہت تھے اور ہاتھ میں نقشہ کوئی نہیں تھا۔ اُسی برس ایک اجنبی نے چپکے سے، ڈاکتر صداقت کی وساطت سے ہمارا ہاتھ تھام لیا۔ نام تھا برائن ٹریسی اور موضوع تھا جیت کی نفسیات۔

یہ ہمارا پہلا تعارف تھا۔ ہم نے اُن کی کتابیں پڑھیں، اُن کی آڈیو سنی اور جو سیکھا اُسے اپنی زندگی پر آزما کر دیکھا۔ آڈیو کا اپنا رومان ہے۔ چہرہ نہیں ہوتا، صرف آواز ہوتی ہے اور سننے والا اُس آواز سے ایک پورا آدمی خود تراش لیتا ہے۔ وہ آواز آج تک کانوں میں گونجتی ہے۔ ٹھہری ہوئی، ہموار، نہ اونچی نہ تیز، جیسے کوئی تجربہ کار حکیم نبض پر ہاتھ رکھ کر بات کر رہا ہو۔ اُس آواز کو کہیں پہنچنے کی جلدی نہیں تھی۔ ہر اہم جملے کے بعد ایک وقفہ آتا تھا، اتنا کہ بات کان سے اتر کر دل تک پہنچ جائے۔

اِس میدان کے کچھ مقرر سٹیج پر طوفان اٹھاتے ہیں۔ برائن ٹریسی چراغ جلاتے تھے۔ لفظ چھوٹے تھے اور جملے سیدھے۔ انگریزی اتنی صاف کہ لاہور کے طالب علم کو لغت کم ہی کھولنی پڑتی تھی اور وہ گنتے بہت تھے۔ "نمبر ایک"۔ پھر ایک سانس۔ "نمبر دو"۔ اُن کے جملے سیڑھی کے ڈنڈوں کی طرح تھے، ایک پر پاؤں رکھو تو اگلا خود سامنے آ جاتا تھا۔

وہ نصیحت کم کرتے تھے، قانون زیادہ سناتے تھے۔ سبب اور نتیجے کا قانون، یقین کا قانون، توقع کا قانون۔ کہتے تھے یہ کششِ ثقل کی طرح ہیں، آپ مانیں یا نہ مانیں، اپنا کام کرتے رہتے ہیں۔

ایک فقرہ اُن کی پہچان تھا: "اچھی خبر یہ ہے"۔

بری خبر سنانے والے دنیا میں بہت ہیں۔ یہ آدمی ہر مشکل کے بعد اچھی خبر سناتا تھا اور اچھی خبر تقریباً ہمیشہ ایک ہی ہوتی تھی کہ ہر ہنر سیکھا جا سکتا ہے۔ کتابیں اُسی آواز میں لکھی گئیں۔ چھوٹے باب اور ہر باب کے آخر میں مشق۔ اُن کی کتاب پڑھ کر الماری میں نہیں رکھی جاتی تھی، کرنی پڑتی تھی۔

کل 12 نومبر کو وہ آواز خاموش ہوگئی۔ برائن ٹریسی بیاسی برس کی عمر میں چلے گئے۔ ایک لیجنڈ رخصت ہوا۔ آج دل بھاری ہے، لیکن شکایت نہیں۔ بیاسی برس میں اُنہوں نے کئی زندگیوں کا کام کر لیا۔ بندہ حیران ہوتا ہے کہ سکول ادھورا چھوڑنے والا لڑکا دنیا کا استاد کیسے بنا۔

5 جنوری 1944 کو کینیڈا میں پیدا ہوئے۔ گھر میں پیسہ کم تھا اور ہائی سکول ادھورا رہ گیا۔ پھر برسوں مزدوری کی۔ ہوٹل میں برتن دھوئے، آرا مشین پر تختے ڈھوئے، کنویں کھودے، کارخانوں اور کھیتوں میں پسینہ بہایا۔ بیس برس کے لگ بھگ تھے کہ دوستوں کے ساتھ افریقہ دیکھنے نکل پڑے اور ایک پرانی لینڈ روور میں صحرائے اعظم پار کیا۔ صحرا میں سڑک نہیں تھی۔ صرف تیل کے ڈرم تھے، جو برابر فاصلے پر نشان کے طور پر رکھے گئے تھے۔ ایک ڈرم تک پہنچو تو اگلا افق پر دکھائی دے جاتا تھا۔ برائن نے عمر بھر یہ سبق دہرایا کہ پورا صحرا مت دیکھو، بس اگلے ڈرم تک پہنچو۔

واپس آئے تو سیلز میں قسمت آزمائی، دفتر دفتر دستک دی اور مہینوں گزارا مشکل سے ہوا۔ تب اُنہوں نے وہ سوال پوچھا جس نے اُن کی زندگی بدل دی: کچھ لوگ دوسروں سے زیادہ کامیاب کیوں ہوتے ہیں؟

جواب کتاب سے پہلے ایک آدمی سے ملا۔ وہ کمپنی کے سب سے کامیاب سیلزمین کے پاس گئے اور سیدھا پوچھ لیا کہ تم ایسا کیا کرتے ہو جو میں نہیں کرتا؟ اُس نے بتا دیا، برائن نے کرکے دیکھا اور بِکری بڑھنے لگی۔

اِس کے بعد وہ رکے نہیں۔ بعد میں یونیورسٹی آف البرٹا سے بزنس کی تعلیم مکمل کی، سینتیس برس کی عمر میں سیمینار شروع کیے اور چالیس برس کی عمر میں اپنا ادارہ بنایا۔

1979 میں باربرا سے شادی کی اور چار بچوں کے باپ بنے۔ پھر اسّی سے زیادہ کتابیں لکھیں جو درجنوں زبانوں میں چھپیں۔ یعنی جتنے برس جیے، لگ بھگ اتنی ہی کتابیں۔ اُن کے ادارے کا حساب ہے کہ درجنوں ملکوں میں پانچ ہزار تقریریں اور سیمینار ہوئے اور پچاس لاکھ سے زیادہ لوگوں نے اُنہیں سامنے بیٹھ کر سنا۔ جنہوں نے دور بیٹھ کر سنا، اُن کی گنتی کسی کے پاس نہیں۔ اُن میں لاہور کے دو طالب علم بھی تھے۔

2010 میں گلے کے کینسر نے اُسی آواز پر حملہ کیا۔ وہ لڑے، صحت یاب ہوئے اور سٹیج پر لوٹ آئے۔ 2012 میں پہلی بار ملاقات ہوئی۔ چودہ برس پرانا خواب سامنے کھڑا مسکرا رہا تھا۔ دل نے کہا، او یار، خواب ایسے بھی پورے ہوتے ہیں۔ گہرے رنگ کا سوٹ، ٹائی، سلیقے سے جمے ہوئے سفید بال، سیدھی کمر اور چہرے پر ہلکی سی مسکراہٹ۔ لباس میں وہی ترتیب تھی جو باتوں میں تھی۔

سٹیج پر وہ دوڑتے اچھلتے نہیں تھے۔ ایک جگہ جم کر بولتے، جیسے کوئی استاد بلیک بورڈ کے سامنے کھڑا ہو اور آواز اٹھانے کی ضرورت اُنہیں کبھی نہیں پڑی۔

ہاتھ کم ہلتے تھے اور ہلتے تو انگلیوں پر نکتے گننے کے لیے۔ نظر ہال کی آخری قطار تک جاتی تھی۔ مزاح تھا، لیکن دھیما۔ ہنستے تو اپنی پرانی ناکامیوں پر۔ بیچ بیچ میں وہ سامعین کو کام پر لگا دیتے: کاغذ نکالیے، لکھیے۔

موٹیویشن کے بازار میں شور زیادہ ہے اور مال کم۔ برائن کے ہاں حساب الٹا تھا۔ وہ جوش کم بیچتے تھے، طریقہ زیادہ سکھاتے تھے۔ آڈیو والی آواز اور سامنے کھڑا آدمی ایک نکلے۔ یہ کم ہوتا ہے۔ پھر ہم چند منصوبوں میں پارٹنرز بنے۔

میں نے اُنہیں کئی بار بین الاقوامی کانفرنسوں کے لیے بلایا۔ استاد سستے نہیں تھے، ایک دن کی فیس ایک لاکھ بیس ہزار ڈالر تک تھی۔ لیکن سودا مہنگا نہیں تھا۔ ہر ڈالر وصول ہوا۔

2017 میں لندن میں، میں نے ایک عالمی کانفرنس منعقد کروائی۔ دو ہزار شرکاء تھے اور دنیا بھر کے مقررین۔ آدھی رات کے قریب قیصر عباس اور میں ہلٹن لندن پہنچے۔ برائن کے ساتھ ہماری نشست جمی تو رات کے تین بج گئے اور ہال تب بھی بھرا ہوا تھا۔ اُس وقت اُن کی عمر تہتر برس تھی۔

1998 کے دو طالب علم اُس رات اپنے استاد کے سامنے بیٹھے تھے۔ درمیان میں انیس برس تھے اور ایک آواز۔ پھر اُنہوں نے میری کتاب کا دیباچہ لکھا۔

ہم کئی عالمی تقریبات، سمٹ اور کانفرنسوں میں ساتھ رہے اور امریکہ، یورپ اور لاطینی امریکہ میں ایک ہی سٹیج سے بولے۔ جس آواز کو 1998 میں سنتا تھا، اُسی کے برابر کھڑے ہو کر بولنے لگا۔

خواب ایسے پورا ہوتا ہے، ایک ڈرم سے اگلے ڈرم تک۔

میں نے اُن کی کتابوں سے جو کمایا، اُس کا حساب اُنہی کے انداز میں دیتا ہوں، گن کر۔

نمبر ایک، خواب۔ طالب علمی کے دنوں میں جو سبق سب سے زیادہ کام آیا، وہ یہی تھا۔ برائن کہتے تھے خواب بڑا دیکھو، پھر اُسے کاغذ پر اتارو، تاریخ لکھو، کاموں کی فہرست بناؤ اور آج ہی پہلا قدم اٹھاؤ۔

اُن کی ایک مشق بہت سادہ ہے۔ کاغذ پر دس مقصد لکھیے، پھر خود سے پوچھیے کہ اِن میں سے کون سا ایک، اگر چوبیس گھنٹوں میں پورا ہو جائے، تو زندگی سب سے زیادہ بدل دے گا؟ اُس پر دائرہ لگا دیجیے۔ وہی آپ کی منزل ہے۔

خواب دیکھنے والے بہت ہیں۔ برائن نے خواب کو واقعہ بنانا سکھایا۔

نمبر دو اور یہ سبق ہم پاکستانیوں کے لیے سب سے کڑوا ہے۔ ہم پاکستانی قسمت پر بہت بھروسا کرتے ہیں۔ برائن ٹریسی کا پہلا قانون تھا سبب اور نتیجہ۔ کامیابی حادثہ نہیں ہوتی اور ناکامی کا معاملہ یہی ہے۔ جو بویا ہے، وہی کاٹنا ہے۔

نمبر تین، ڈڈو کھا لو بھائی۔ برائن کہتے تھے صبح اٹھتے ہی سب سے بڑا اور سب سے بدصورت مینڈک/ڈڈو کھا لو، یعنی دن کا سب سے مشکل اور سب سے اہم کام سب سے پہلے۔ ڈڈو کھانے کا مشورہ کم ہی کسی کو بھایا ہوگا، لیکن بات دل کو لگتی ہے۔

نمبر چار، ڈسپلن۔ اُن کی پسندیدہ تعریف تھی: وہ کام کرنا جو کرنا چاہیے، اُس وقت جب کرنا چاہیے، دل چاہے یا نہ چاہے۔

وہ کہتے تھے زیادہ تر لوگ "کسی دن" نام کے جزیرے پر رہتے ہیں۔ کسی دن کتاب لکھوں گا، کسی دن کاروبار کروں گا۔ اُن کا مشورہ تھا کہ اِس جزیرے سے آج ہی نکل آؤ۔

نمبر پانچ، ذمہ داری۔ یہ سبق اُنہوں نے جوانی کی ایک سرد رات، ایک چھوٹے سے کمرے میں خود سیکھا تھا کہ کوئی بچانے نہیں آ رہا۔ جو بننا ہے، خود بننا ہے۔

نمبر چھ، سیکھنا۔ روز ایک گھنٹہ اپنے شعبے کی کتاب پڑھو، ہفتے میں ایک کتاب، سال میں پچاس اور گاڑی کو پہیوں والی یونیورسٹی بنا لو۔ شاید اِسی لیے اُن کی آواز آڈیو میں بند ہو کر لاہور تک پہنچ گئی تھی۔

نمبر سات اور یہی جیت کی نفسیات کا مغز ہے۔ جیتنے والے جیت سے پہلے جیت کی توقع خود تیار کرتے ہیں۔ میدان بعد میں سجتا ہے، فیصلہ پہلے ذہن میں ہو چکا ہوتا ہے۔

ناقد کہتے تھے کہ اِس میں نیا کیا ہے، یہ سب تو ہماری نانیاں دادیاں کہتی تھیں۔

بات یہ ہے کہ اُن کی باتوں میں واقعی کوئی راز نہیں تھا۔ کمال یہ تھا کہ وہ سنی ہوئی بات کو کرنے کے قابل بنا دیتے تھے۔ جاننے اور کرنے کے بیچ جو کھائی ہے، برائن ٹریسی نے عمر بھر اُس پر پل باندھے۔

1998 میں لاہور کے دو طالب علموں نے ایک آواز سنی تھی۔ وہ آواز اب کوئی نئی بات نہیں کہے گی۔ لیکن صحرا میں اگلا ڈرم صاف دکھائی دے رہا ہے، استاد۔ ہم چل رہے ہیں۔

ریسپکٹ۔ جیو استاد۔۔