شہر میں اب قانون کی حکمرانی کم اور کیمروں کی من مانی زیادہ دکھائی دیتی ہے۔ جس پر نظر پڑ جائے، اسے مجرم بنا دو اور جو کھلم کھلا قانون کی دھجیاں اڑا رہا ہو، اسے ایسے نظرانداز کرو جیسے وہ یہاں کا شہری ہی نہ ہو۔
شہر کے کیمروں نے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کا اپنا ہی فلسفہ ایجاد کر لیا ہے۔ کسی شخص نے کندھے کی تکلیف کے باعث بیلٹ کندھے سے ذرا نیچے لگائی ہو تو کیمرے کو صرف کندھا نظر آتا ہے۔ اس کی تکلیف یا بیلٹ نہیں۔ لو جناب! چالان گھر پہنچ جاتا ہے۔ گویا کیمرے صاحب نے قانون کی کتاب میں صرف ایک ہی صفحہ پڑھ رکھا ہے۔ باقی کتاب کھولنے کی زحمت ہی نہیں کی۔
اب ذرا سگنل کا منظر دیکھیے۔ اشارہ کھلا ہے، ساری گاڑیاں رواں دواں ہیں، لیکن اگر کوئی ایک گاڑی کیمرے کی نظر میں آ جائے تو بس اسی کی شامت آ جاتی ہے۔ آخر آج کا چالان کوٹہ بھی تو پورا کرنا ہے۔ باقی گاڑیاں قانون کے مطابق جا رہی ہیں یا خلاف ورزی کر رہی ہیں، اس سے کیمرہ صاحب کو کیا لینا دینا؟ انہیں تو اپنا ہدف عزیز ہے۔
کیمرہ آنکھ میں زندان لیے پھرتا ہے
کوئی تصویر سے ہجرت بھی نہیں کر سکتا
اور دوسری طرف پیدل چلنے والوں کی دنیا ہی الگ ہے۔ جہاں سے جی چاہے، سڑک پار کرنا شروع کر دیں۔ ادھر گرین بتی جلی نہیں، ادھر پیدل سڑک پار کرنے والے سڑک کے درمیان پہنچ کر سواروں کو راستہ دکھاتے ہیں۔ نہ کوئی سگنل کی پابندی، نہ کوئی روک ٹوک اور نہ ہی کوئی چالان۔ موٹر سائیکل سواروں میں سے بھی جو لپیٹ میں آ جائے، بس ہما اسی کے سر پر بیٹھنا چاہتا ہے۔
اصل سوال یہ ہے کہ کیا ان کیمروں کی آنکھ صرف موٹر سائیکل سواروں اور عام شہریوں کو اپنے اینگل سے دیکھنے کے لئے نصب کی گئی ہے؟ سڑکوں پر جگہ جگہ غلط پارکنگ، ٹریفک کے درمیان بے ہنگم طریقے سے کھڑی گاڑیاں، ون وے کی خلاف ورزیاں، تجاوزات اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والے مناظر بھی اسی شہر کا حصہ ہیں۔ کیا ان سب کے لئے کیمرے کی آنکھ اچانک دھندلا جاتی ہے؟ یا پھر ان مناظر کو دیکھنے کے لئے کسی الگ قسم کی عینک درکار ہے؟ اگر کیمرے اتنے ہی ذہین ہیں تو انہیں صرف چالان بنانے کی نہیں، ٹریفک کا نظام بہتر بنانے کی ذمہ داری بھی سونپی جائے۔ ورنہ یہ ٹیکنالوجی کم اور ڈیجیٹل وصولی کا ایک خودکار کاؤنٹر زیادہ محسوس ہوتی ہے۔
مزید دلچسپ بات یہ ہے کہ شہریوں کو قانون کی پابندی کا درس تو روز دیا جاتا ہے۔ لیکن انتظامی خامیوں کے ریکارڈ کے لئے بھی تو کوئی ٹک ٹاک ہونا چاہئے۔ کہیں سگنل کی ٹائمنگ درست نہیں۔ کہیں پیدل چلنے والوں کے لئے محفوظ راستہ موجود نہیں۔ کہیں سڑک پر ٹریفک کا دباؤ ناقابل برداشت ہے اور کہیں ٹریفک کو رواں رکھنے کے بنیادی انتظامات ہی ناکافی ہیں۔ سرکاری اداروں کے اپنے دعوؤں کے مطابق یہی جدید نظام سگنلز کو کنٹرول کرنے، ان کی ٹائمنگ بہتر بنانے اور پیدل چلنے والوں کی محفوظ نقل و حرکت میں بھی مدد دینے کے لئے بنایا گیا ہے لیکن شہری یہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ جب سسٹم اتنا جدید ہے تو پھر سڑکوں پر بدانتظامی اتنی پرانی کیوں ہے؟ کیا جدید ٹیکنالوجی کا سارا کمال صرف شہری کے گھر چالان پہنچانے تک محدود رہ گیا ہے؟
لیکن اصل کمال تو ان کیمروں کی مستقل مزاجی کا ہے۔ شہر بھر کے سسٹم بیٹھ جائیں۔ بینکوں کے نظام جواب دے جائیں۔ انٹرنیٹ بند ہو جائے، مگر مجال ہے کہ ان کیمروں کا سسٹم کبھی بیٹھے۔ یہ تو اپنا روزانہ کا چالان کوٹہ پورا کرکے ہی سانس لیتے ہیں۔ گویا شہر کا ہر نظام معطل ہو سکتا ہے، مگر چالان کا نظام ہر حال میں رواں دواں رہنا چاہئے۔
اب سوال یہ ہے کہ کیا ٹریفک قوانین صرف چند مخصوص شہریوں کے لئے ہیں؟ کیا ان کیمروں کا مقصد ٹریفک کو منظم کرنا اور شہریوں کی حفاظت کرنا ہے یا صرف زیادہ سے زیادہ چالان بھیج کر کارکردگی دکھانا؟
حکومت اور متعلقہ اداروں سے گزارش ہے کہ شہریوں کو قانون سکھانے سے پہلے ذرا ان کیمروں کو بھی قانون سکھا دیجیے۔ انہیں یہ سمجھانے کی ضرورت ہے کہ قانون کا مقصد شکار تلاش کرنا نہیں، خلاف ورزی کی نشاندہی کرنا ہے۔ انصاف کا تقاضا ہے کہ قانون سب کے لئے برابر ہو، نہ کہ جس پر کیمرے کی نظر پڑ جائے، وہی مجرم ٹھہرے۔ ورنہ ایسا نہ ہو کہ کل کو کیمرے خود ہی عدالت لگا کر فیصلے بھی کرنے لگیں اور شہری صرف اپنے بے گناہ ہونے کا ثبوت لے کر کیمروں کے حضور پیش ہوتے رہیں۔
اٹھاؤ کیمرا تصویر کھینچ لو ان کی اُداس لوگ کہاں روز مسکراتے ہیں (ملک زادہ جاوید)
آخر میں ایک ہی گزارش ہے۔ سرکار! کیمرے ضرور لگائیے۔ مگر انہیں صرف چالان کاٹنے کی نہیں، انصاف کرنے کی تربیت بھی دیجیے۔
اور کہاوت یہ بنے گی۔ "کیمرے رے کیمرے، تیری کون سی کل سیدھی"۔
کبھی ادھر بھی نظر گھما لیا کرو۔ جہاں قانون واقعی پامال ہو رہا ہوتا ہے۔ آخر تمہاری آنکھ میں صرف عام شہری ہی کیوں آتا ہے؟ قانون تو سب کے لئے ایک ہے۔ یا تمہارے لئے بھی کوئی الگ قانون نامہ جاری ہوا ہے۔