Thursday, 26 November 2026
  1.  Home
  2. Guest
  3. Ali Raza Ahmed
  4. Kund Hum Jins Baham Ganj Parwaz

Kund Hum Jins Baham Ganj Parwaz

میں ابھی استاد محترم عطاء الحق قاسمی کے کالم" گنج ہائے گراں مایہ"کے سنسنی خیز مزاح سے تفریح لے رہا تھا کہ اچانک میرے بچپن کا دوست اقبال انبالوی غصے سے "بال پیلا" ہو کر میرے پاس آیا یوں محسوس ہوا کہ اس کا اپنا بال اس کی آنکھ میں آ گیا ہے۔ اس نے اپنی وِگ (wig) کو میرے سر کی طرف یوں پھینکا جیسے کوئی ایرانی ڈرون اپنے ٹارگٹ کی طرف آتا ہے اور یہ اڑتی ہوئی ایسے میرے قریب" لینڈ" کی جیسے اس میں کوئی انڈین پائلٹ بیٹھا ہو۔ مجھے اس میں سے کوئی بارود نمابو بھی محسوس ہوئی لگ رہا تھا اس کی وِگ کو بھی بالوں کے ساتھ اڑنے کا تجربہ ہو چکا ہے سن رسیدہ ہونے کی وجہ سے وِگ کے اپنے کچھ بال بھی آگے پیچھے کھسک چکے تھے۔ آج کل" اَن بالوی" کے سر پر" اِک بال" نہیں مگر نزدیک سے یہ "متر پردیش" کا "وِگیانک" اور دور سے بالکا دکھائی دیتا ہے۔ کہنے لگا کہ قاسمی صاحب نے گنج ہائے کے ساتھ" وِگ ہائے گراں مایہ"کا ذکر کیوں نہیں کیا حالانکہ اب یہ وگ میرا اٹوٹ انگ بن چکی ہے جو اسی کالم کے عنوان کا اردو ترجمہ ہے۔

بغیر وگ کے جب میری نظر انبالوی پر پڑی تومجھے یہ کوئی "حیوانیت سوز" واقعے کا کردار لگا اور پھر میرے سامنے چائنا کا نہیں ایمازون کا گنجا رونما تھا۔ اس کے سر کا زیر و بم مجھے علی عظمت کے سر کے "نقش کالعدم" پر چلتا محسوس ہوا۔ میرا دوست وقار مجروح اقبال انبالوی کو بچن سے ہی بالا اَن بالوی کہتا ہے حالانکہ جوانی میں وہ بھی بالڈ (Bald) تھا۔ انبالوی کے مطابق وقار کی کالی زبان کی وجہ سے اسے یہ دن دیکھنا پڑے ہیں ورنہ اس کا سر جعدمو اور گھنا تھا مگر وقار کے مطابق یہ بذات خود "بال خورا" ہے اس کے بال ایف اے کے دوران اس کی بھنویں بھی ساتھ لے اڑے تھے اور وہ اپنے پانچ بال چھوڑ کر بھاگ گئی تھی۔۔

انبالوی فوری گویا ہوا مجھے زندگی میں صرف میرے بالوں نے دھوکہ دیا ہے ورنہ میرا جسم ایسا ہے کہ ہر قسم کی نک ٹائی مجھے پوری آ جاتی ہے۔ کہتا ہے میرا پہلا بال شاید جمعرات کو جھڑا تھا اس کے بعد ایسی جھڑی لگی کہ جو آج تک نہ رک سکی ہے۔ گنجے پن کی اس بیماری نے اسے پریشانی میں مبتلا کر دیا تھاچنانچہ گمشدہ بالوں کی "بال یابی" کے لئے یہ ادھر ادھر "سرگرداں" ہوا۔ اسے کسی ہومیوپیتھک کی انتھک محنت کام آئی نہ کسی حکیم کی حکمت عملی اورنہ ہی اتنی رقم تھی کہ یہ اپنے سر کو ڈھنگ سے "ڈھانپ" سکے۔ ہومیو پیتھ نے تو یہ بھی پوچھ لیا کہ اسے رات کو سونے سے پہلے پہنیں گے یا بعد میں؟ کیونکہ پوٹینسی کا مسئلہ ہے رات پہن کر سونا ہے تو کھوپڑی کے لئے دور کی کوڑی لانا پڑے گی۔

قبل ازیں اسے اپنے بالوں کی جھڑنے کی اتنی پرواہ نہ تھی لیکن جب اس نے محسوس کیا کہ اب کنگھی سر پر یوں بے راہ روی سے چلتی ہے جیسے اس کے کتے فیل ہو گئے ہوں اور یہاں پر یہ اپنے دانت کھٹے محسوس بھی کرتی تھی۔ کنگھی بالوں کی پیمائش کا بیرو میٹر ہے پہلے یہ بال سنوارتی ہے پھر بالوں کی پیشانی سے گدُی تک "سرگم شماری" کرتی ہے۔ ہر دفعہ کنگھی کے دانتوں میں دو چار بال پھنسے دیکھ کر اسے یوں لگتا تھا جیسے سر سے کسی شئے کی نقل مکانی کا پلان بنا ہو۔ یہ اپنی بیوی کا بھی لٹ بردار ہے۔ ایک دن اس کی بیگم نے پوچھا: "آپ کنگھی کرتے اتنی دیر کیوں لگاتے ہیں؟" کہنے لگا: "یہ بال سنوارنے کی نہیں ان سے آخری ملاقاتوں کی گھڑی ہے۔ پھر یوں سمجھ لیں اس نے کاٹھ کے گھوڑے بیچ کر وِگ کا جب انتظام کرنے کا سوچا تب اسے یہ رینٹ پر ملنا مشکل دکھائی دیا بہرحال اس وقت اس کے لب پر یہ تھا ؎

اپنے سر اک بلا تو لینی تھی
وِگ نے یہ "زلف" اپنے سر لی ہے

انبالوی اسے سر پر رکھتے ہی آنکھیں بھی سر پر رکھ لیتا ہے اور ساتھ کہتا ہے؎

زلفِ دراز مانگ کے لائے تھے چار دن
کچھ دُوبدُو میں کٹ گئے کچھ ہسپتال میں

چنانچہ "بالِ دیگر" انبالوی نے حصولِ وگ کی کوششیں شروع کیں اس نے گنجی بار کے رہنے والے وِگ ڈیزائنر کمال سے رابطہ کیا کیونکہ یہ وگ ساز بھی بچپن ہی سے "بے بال" تھا اور اس لئے اسے گنجے پن کا وسیع تجربہ بھی ہے۔ کمال جیسی بھی وِگ بنائے لیکن ہوتی یہ "کمال" کی ہے کیونکہ یہ کسی گنج پر بال جتنی "گنج جائش" بھی نہیں چھوڑتا اور اب یہ وگ بنانے والا برانڈڈ نام بن چکا ہے جس کا کوئیname "البدل" نہیں ہے۔ یہ کہتا ہے وگ لگا کر اس کی باگیں کبھی ڈھیلی نہ چھوڑیں پھر اس کے بعد کوئی اس کا بال بیکا نہیں کر سکے گا اور نہ آپ کی "سرزنش"۔

کمال کہنے لگا جب بھی کوئی انبالوی کی طرح کا "لابال" میرے پاس سراسر اپنی مرض کی "مرضانگی" دکھانے آتا ہے تو وہ اپنی گنج کا رنج بھول جاتا ہے۔ میں نے اپنی وگ میں خود کار "بال لیدگی" کا سسٹم ڈال رکھا ہے اگر کسی کا سر پاسپورٹ سائز کا نہ ہو تو اس میں پیکنگ رکھ کر بڑا چھوٹا کرنے کے لئے ایڈجسمنٹ بھی موجود ہے۔ بعض اوقات لوگ میرے گاہک کو کہہ دیتے ہیں کہ اس کے سر میں بھس بھرا ہے حالانکہ اس بھس سے وگ کنندہ کو دھچکا لگتا ہے نہ میرے کاروبار کو۔۔

چنانچہ لڑائی میں بھی یہ سر کا بھرکس نکلنے سے بچاتی ہے۔ کسی کا پیسہ بولتا ہے او ر کسی کا اخلاق مگر میری صرف وگ بولتی ہے بلکہ سر پر سوار ہوتے ہی یہ گنگناتی ہے

ساڈی عجب کہانی ایں
بھُل کے پرانے دُکھڑے

نویں دنیا وسانی ایں

میری بنائی وگ کم خرچ "بالا نشیں" ہے اگر نہیں یقین تو بالے کا سر ملاحظہ فرمالیں۔ اس وِگ کے بال کبھی نہیں گرتے بشرط رونگٹے کھڑے کرنے سے خود کو بچائیں "وِگرنہ" اس غلطی سے یہ زمیں بوس بھی ہو سکتی ہے میری وگ رشتوں کو جوڑتی ہے بلکہ یہ ایک دوسرے کا ہم زلف بھی بناتی ہے۔ یہ سر کو ایسا تالا لگاتی ہے کہ اصلی بال کھینچنے والوں کی پہنچ سے دور ہو جاتے ہیں اس کے بالوں کی چمک سے ایسے لگتا ہے کہ جیسے یہ ہفتے میں ایک کپی تیل بھی پی جاتی ہوگی۔ کمال کی یہ وِگ بالوں کی کیئر ٹیکر ہے۔۔