Monday, 16 November 2026
  1.  Home
  2. 92 News
  3. Aaghar Nadeem Sahar
  4. Tabdeeli Ki Dastak

Tabdeeli Ki Dastak

پاکستان کا سیاسی منظر نامہ کسی لمحے بھی بدل سکتا ہے، ایسا لگ رہا ہے جیسے تبدیلی دروازے پر دستک دے رہی ہے، مالک مکان کسی وقت بھی دروازہ کھول سکتا ہے اور جوں ہی دروازہ کھلے گا، گھر کے اندر موجود سیاسی اور غیر سیاسی افراد اپنا بوریا بستر گول کر لیں گے، گھر چھوڑنے والے افراد کو کہیں اور ایڈجسٹ کیا جائے گا یا پھر انھیں چھٹیاں انجوائے کرنے کسی دوسرے ملک بھیجا جائے گا، یہ فیصلہ تاحال نہیں ہوا۔ پاکستان کی سیاست کے بارے راقم کی ہمیشہ یہ رائے رہی ہے کہ یہاں "گڈ بک" سے" بیڈ بک" تک جانے میں چند لمحے لگتے ہیں یا شاید چند لمحے سے بھی کم کا وقت، یہی وجہ ہے کہ ہمارے بہت سے سیاسی و غیر سیاسی افراد ہمہ وقت اپنی سی وی ہاتھ میں پکڑے، انٹرویو دینے والوں کی قطار میں کھڑے رہتے ہیں، کبھی کبھی تو معاملہ سجاد بلوچ کے اس شعر جیسا ہو جاتا ہے:

میں ایک عمر کھڑا منتظر رہا اور پھر
مجھے کسی نے کہا تم غلط قطار میں ہو

خیر یہ میں کن باتوں میں پڑ گیا، میں کون سا کوئی نجومی ہوں جو یہ بتا سکوں کہ حالات کب بدلیں گے، " بیڈ بک" والے" گڈ بک" تک کب پہنچے گے، میں تو انتہائی پچھلی صف میں کھڑا ایک ادنیٰ سا پاکستانی ہوں، میرا صرف اتنا کام ہے کہ سیاسی و سماجی صورت حال کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی رائے دیتا ہوں، اس رائے سے میرے قاری کو شدید اختلاف بھی ہو سکتا ہے اور اتفاق بھی، دونوں صورتوں میں سرسلیم خم۔ مجھے دھرتی ماں سے محبت، اپنی ذات سے بھی زیادہ ہے۔ یہ وطن عزیز ایسی صورت حال سے دوچار کیسے ہوا، یہ خیال بھی بار بار کئی سوالوں کو جنم دیتا ہے مگر ہر سوال کاغذ پر اتارنے کے لیے نہیں ہوتا، بعض سوالات کے جوابات نہیں ہوتے۔

حکومت اس وقت عجب موڑ پر کھڑی ہے، ایک طرف سے بے شمار چیلنجز ہیں جن سے نمٹنا ازحد ضروری ہے اور دوسری جانب ان کی آپس کی جنگ۔ حکومت نے یہ سمجھا تھا کہ عوام ہماری سیاسی کارکردگی اور "غیر سیاسی" اکٹھ کے بعد عمران خان کو بھول جائے گی مگر ایسا نہ ہوسکا۔ سب ایک ہی بات پوچھ رہے ہیں، کیا حالات بدل رہے ہیں، کیا کوئی بڑی پریس کانفرنس یا بڑی تبدیلی آ رہی ہے، یہ سوالات اور چہ مگوئیاں، کس حد تک درست ہیں، یہ فیصلہ وقت پہ چھوڑتے ہیں، ہاں ایک چیز جو واضح اشارہ ہو سکتا ہے، وہ ہے عمران خان کے لیے نرمی۔ آپ اسے برف پگھلنا بھی کہہ سکتے ہیں اور سسٹم میں کوئی بڑی تبدیلی بھی۔ اگر یہ تبدیلی آتی ہے تو پی ٹی آئی کے سامنے تین شرائط بہت واضح رکھی گئی ہوں گی، جیسے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل، دہشت گردی کی جنگ میں ریاست کی حمایت اور ٹھائیسویں ترمیم یعنی نئے صوبوں پر حمایت۔

جہاں تک نئے صوبوں کا معاملہ ہے، شہباز شریف کی خاموشی، نواز شریف اور مریم نواز کا انکاراور پیپلزپارٹی کا غصہ، اس سب کے باوجود نئے صوبے اور انتظامی یونٹس بن رہے ہیں اور جو بھی سیاسی پارٹی یا صوبہ اس میں تانگ اڑائے گا، وہ خیبر پختونخواہ کا حشر دیکھ لے، یہ سبق آموز کہانی دہرائی بھی جا سکتی ہے۔ میں ذاتی طور پر نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کی مکمل حمایت کرتا ہوں اور اس کی سب سے بنیادی وجہ میرے عوام ہیں۔ غربت، بے روزگاری، تنگ دستی اور معاشی استحصال کی ماری اس قوم کو اسی صورت ریلیف مل سکتا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس اور صوبوں سے وسائل تقسیم ہوں، ایگزیکٹو پاور بھی تقسیم ہوتاکہ ریلیف نچلے طبقے تک پہنچے۔ پنجاب جو سب سے بڑا صوبہ ہے، اس پر ایک عرصے سے یہ الزام لگ رہا ہے کہ وہ پورے ملک کے وسائل کھا رہا ہے، کیا اس الزام کو ختم نہیں ہونا چاہیے، سندھ کتنی دہائیوں سے ایک ہی پارٹی کے پاس ہے، کیا ان کا محاسبہ نہیں ہونا چاہیے۔ اگر سیاسی جماعتوں کا مقصد ریلیف ہی دینا ہے تو نئے انتظامی یونٹس اور نئے صوبوں پر اعتراض کیسا، نئے یونٹس سے نظام میں بہت بہتری آ ئے گی۔

تعلیم، صحت اور انصاف جیسے اہم ترین شعبے جنھیں سیاست دانوں نے اپنی انا، اپنے تعصب اور نفرت کی نذر کر دیا، ان شعبوں میں اصلاحات کی اشد ضرورت ہے، کوئی ایسا ایگزیکٹو ہو جو ان تینوں شعبوں پر پوری تن دہی سے کام کرے۔ آج پاکستانی عوام منہ دیکھ رہے ہیں مگر ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ سیاست دان انا کی جنگ سے باہر نکلیں توکچھ سوچیں، انھیں اپنی شہ خرچیوں اور اپنے سرکاری دوروں سے فرصت ملے تو یہ عوام سے ملیں، ان سے پوچھیں کہ ان کے مسائل کیا ہیں۔

ہماری فورسز دہشت گردی کی جنگ لڑ رہی ہیں جب کہ ہمارے سیاست دان کرسی کی، جنھیں کرسی مل چکی، وہ اگلی کئی دہائیوں کی تیاری کر رہے ہیں، جو ریٹائر ہیں، وہ اپنے بچوں کا مستقبل تابناک بنانے میں مصروف ہیں، جو کرسی سے باہر ہیں، وہ کرسی چھیننے میں مصروف ہیں، اب تو یوں لگتا ہے کہ ایوانوں کے معزز نمائندوں کا بنیادی مسئلہ صرف کرسی ہے، عوام جائیں جہنم میں۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ سیاسی ایوانوں کے دروازوں پر ایک بڑی تبدیلی دستک دے رہی ہے، اگر سیاست دانوں نے اپنی ترجیحات نہ بدلیں تو انھیں "بدل" دیا جائے گا اوریہ تو آپ جانتے ہیں کہ پاکستان میں کچھ بھی بدلنا زیادہ مشکل نہیں ہے۔

میں اس بات کا کئی بار اظہار کر چکا ہوں کہ پاکستان جب تک ایک بڑے چارٹر آف ڈیموکریسی سے نہیں گزرے گا، یہ سیاست تبدیل ہوگی اور نہ ہی سیاست دانوں کا رویہ، ہمارے سیاست دان یہ کیوں نہیں سوچتے کہ یہ "معزز ایوان" اور یہ "مقدس قانون"عوام کے لیے معزز اور مقدس کیوں نہیں رہے، عوام کا اعتماد کیسے ٹوٹا اور کس نے توڑا، ایک بار بھی کسی سیاست دان نے یہ سوچنے کی زحمت کی؟

ہم اس بات پر بحث کر رہے ہیں کہ نئے انتظامی یونٹس یا نئے صوبے کیوں بن رہے ہیں، ہم یہ کیوں نہیں سوچتے کہ جتنے زیادہ صوبے اور انتظامی یونٹس ہوں گے، اس کا فائدہ عوام کو ہی پہنچے گا۔ جہاں تک معاملہ ہے عمران خان سے کسی ڈیل کا تو یہ بات عیاں ہے کہ حالات ایک سے نہیں رہیں گے اور اب تو یوں لگ رہا ہے بہت جلد کچھ بڑا ہونے والا ہے، وفاق یا بھی صوبے، کسی بڑی تبدیلی سے گزر سکتے ہیں لہٰذا اقتدار پر قابض حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے ہوں گے، انھیں ذاتی انا اور مفاد سے نکل کر بڑے کینوس میں سوچنا ہوگا ورنہ تبدیلی تو آ کر رہے۔