Thursday, 09 May 2024
  1.  Home/
  2. Syed Badar Saeed/
  3. Property Investment

Property Investment

پراپرٹی انویسٹمنٹ کے حوالے سے سب سے اہم یہ ہے کہ آپ کہاں اور کس وقت انویسٹمنٹ کر رہے ہیں۔ میں اس سے قبل کسی سوسائٹی کو پرکھنے اور انویسٹمنٹ سے قبل چند اہم پوائنٹس چیک کرنے پر لکھ چکا ہوں۔ یہ ایسا شعبہ ہے جس میں عموما لوگ آتے ہیں اور بس سیل پرچیز شروع کر دیتے ہیں، حالانکہ دنیا بھر میں پراپرٹی بزنس باقاعدی ایک سبجیکٹ ہے اور کئی ممالک میں تو اس بزنس میں آنے سے پہلے دو سال اور چار سال کی ڈگری لینی پڑتی ہے، پھر لائسنس ملتا ہے۔ پاکستان میں بدقسمتی سے ابھی اتنی سہولت نہیں ہوئی۔

میں نے اپنے اور اپنے بھائیوں کے لیے جتنی بھی انویسٹمنٹ کی وہ "ڈاون ٹائم" میں کی اور ساری انویسٹمنٹ قسطوں والے پلاٹ پر کی۔ ہم مڈل کلاسیوں کو یہ سہولت ہے کہ کچھ ایڈوانس دے کر باقی رقم 3 یا پانچ سال کی قسطوں میں ادا کر دی جائے۔ میں نے دیکھا ہے کہ عام طور پر لوگ ایڈورٹائزنگ، بڑے بل بورڈ، اشتہارات اور پھر بھیڑ چال کو دیکھتے ہوئے انویسٹمنٹ کرتے ہیں۔ یہ بےوقوفی ہے۔ اکثر لوگ بتاتے ہیں فلاں جگہ سب کر رہے ہیں اس لیے میں نے بھی وہیں انویسٹمنٹ کرنی ہے یا پلاٹ بک کروانا ہے۔ کئی لوگوں نے بتایا کہ فلاں سوسائٹی آج کل بہت چل رہی ہے۔ میں نے پوچھا کہ چلنے کا کیا مطلب ہے تو جواب ملا سب وہیں پلاٹ بک کروا رہے ہیں۔

میں ایسے دوستوں کو سمجھاتا ہوں کہ وہ سب بھی آپ کے جیسے ہی ہیں جو پہلی بار پلاٹ بک کروا رہے ہیں۔ اشتہارات یا مارکیٹنگ کا مطلب سوسائٹی کا چلنا قطعا نہیں ہوتا۔ اگر 100 بندہ لٹے گا تو کیا ضروری ہے کہ آپ بھی وہیں جا کر لٹ جائیں؟ ہم سبزی لینے جائیں تو پوری جانچ کرتے ہیں۔ دو چار سو کا پھل لینے جائیں تو ایک ایک دانہ چیک کرکے شاپنگ بیگ میں رکھتے ہیں سوٹ لینے جائیں تو کوشش ہوتی ہے کہ جو خوش لباس دوست ہو اسے ساتھ لے جائیں جس کا تجربہ ہو لیکن جہاں عمر بھر کی کمائی لگانی ہو وہاں اشتہارات، لوگوں کی بھیڑ چال یا پھر ایسے دوست، چاچا جی، انکل، ماموں وغیرہ سے مشورہ کرتے ہیں جنہیں خود بھی پراپرٹی بزنس کا علم نہیں ہوتا اور انہوں نے خود بھی یا تو کوئی پلاٹ بک ہی نہیں کروایا ہوتا یا ان کی بھاگ دوڑ ایک پلٹبک کروانے تک ہوتی ہے اور وہ ایک پلاٹ بھی انہوں نے کسی جانچ کے بنا بس بھیڑ چال کو دیکھتے ہوئے بک کروایا ہوتا ہے۔

عام طور پر لوگ اس وقت پلاٹ بک کرواتے ہیں جب ریٹ بڑھ جائیں یا زیادہ ریٹ چل رہا ہو۔ تب بتاتے ہیں فلاں سوسائٹی میں ریٹ اتنا بڑھ گیا ہے، ابھی پلاٹ بک کروا لیں، فائل لے لیں کیونکہ وہاں آجکل ریٹ بڑھ رہا ہے حالانکہ یہ بکنگ ریٹ بڑھنے سے پہلے کروانی چاہیے، ریٹ بڑھنے کے بعد آج کل ریٹ بڑھ رہا ہے والی بات عجیب ہے۔ اب آپ کو وقت گزارنا ہوگا۔

میں نے اپنے لیے جب بھی انویسٹمنٹ کی توآف سیزن میں کی۔ مثال کے طور پر آج کل عید کی وجہ سے آف سیزن ہے۔ لوگ قربانی کا جانور لے رہے ہیں۔ زیادہ تر کی سوچ ہے کہ عید کے بعد پلاٹ بک کروائیں گے۔ یہ اپروچ درست نہیں۔ آف سیزن کے بعد ریٹ بڑھ جاتے ہیں کیونکہ پراپرٹی مافیا اپنا آف سیزن بھی آپ سے پورا کرتا ہے۔ تاجروں اور دکانداروں کا عید سیزن لگ چکا ہوتا ہے۔ اچانک سے پراپرٹی بزنس میں پیسے آنے لگتے ہیں۔ اس وقت کون آپ کو سستا پلاٹ دے گا؟

اگر آپ اگلے ایک دو ماہ میں قسطوں پر پلاٹ لینے کا سوچ رہے ہیں تو کوشش کرکے ان دو چار دنوں میں اپنا بلاٹ بک کروائیں۔ اگلے دو ماہ میں ریٹ بڑھ جائیں گے۔ آپ نوٹ کریں ہر سال سوسائٹیز انہی دنوں ریٹ بڑھاتی ہیں۔ کوئی نئی ڈیل، نیا بلاک، نیا اعلان اور پھر نیا ریٹ۔ بیلٹنگ، پوزیشن یہ سب بھی عموما اس وقت ہوتا ہے کیونکہ سوسائٹیز مالکان پیسے اکٹھے کر رہے ہوتے ہیں اور سیزن لگنے کی وجہ سے انویسٹر کی جیب سے پیسے یعنی بڑی رقمیں نکل آتی ہیں۔ اس لیے کوشش کریں آف سیزن میں انویسٹمنٹ کریں تاکہ جو ریٹ بڑھے اس کا بھی آپ کو فائدہ ہو۔