تاریخ کے اوراق میں بعض اوقات ایک معمولی بات پورے عہد کی داستان اپنے اندر سموئے ہوتی ہے۔ کسی پرانے محل میں پڑا ہوا ایک صندوق، کسی شاہی خاندان کا زیور، کسی بادشاہ کی مہر یا کسی کتاب کا قدیم نسخہ اپنے اندر کئی نسلوں کی کہانیاں، تہذیبوں کے عروج و زوال اور انسانی زندگی کی بے ثباتی کے نقوش محفوظ رکھتا ہے۔ برصغیر کی مسلم ریاستوں کی تاریخ میں بھوپال کو ایک منفرد مقام حاصل رہا ہے۔ یہ ہندوستان کی ان ریاستوں میں شامل تھی جہاں ایک طویل عرصے تک خواتین نے حکمرانی کی۔
بھوپال کی بیگمات نے نہ صرف سیاسی معاملات چلائے بلکہ تعلیم، تعمیرات، تہذیب، سماجی بہبود اور علمی سرگرمیوں میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ ان حکمران خواتین کے دور میں ریاست نے ایک مخصوص تہذیبی شناخت حاصل کی۔ اس ریاست کے آخری حکمران نواب حمید اللہ خان تھے۔ ان کی تین بیٹیاں تھیں، جن میں عابدہ سلطان، ساجدہ سلطان اور رابعہ سلطان کے نام نمایاں ہیں۔ ان کا کوئی بیٹا نہیں تھا۔ بڑی صاحبزادی عابدہ سلطان کو ریاست کی متوقع جانشین سمجھا جاتا تھا، لیکن تقسیمِ ہند کے بعد 1950ء میں انہوں نے پاکستان ہجرت کرنے کا فیصلہ کیا۔ وہ پاکستان آگئیں اور بعد ازاں پاکستان کی سفارتی خدمات سے بھی وابستہ رہیں۔
عابدہ سلطان کی ہجرت کے بعد ریاست بھوپال کی جانشینی کا معاملہ تبدیل ہوگیا۔ نواب حمید اللہ خان کی وفات 1960ء میں ہوئی تو بھارتی حکومت نے ان کی دوسری صاحبزادی ساجدہ سلطان کو جانشین تسلیم کرلیا۔ یوں ساجدہ سلطان بھوپال کی بیگم بن گئیں۔ 1971ء میں بھارت میں شاہی مراعات اور حکمرانوں کے سرکاری القابات ختم ہونے تک ان کی یہ حیثیت برقرار رہی۔ یہ وہی ساجدہ سلطان تھیں جن کا تعلق آگے چل کر ہندوستان کے معروف پٹودی خاندان سے قائم ہوا۔ ان کی شادی ریاست پٹودی کے نواب افتخار علی خان پٹودی سے ہوئی، جو ہندوستانی کرکٹ کے ممتاز کھلاڑی بھی تھے۔ اس شادی کے نتیجے میں بھوپال اور پٹودی کے دو شاہی خاندان ایک دوسرے سے منسلک ہوگئے۔ ساجدہ سلطان کے صاحبزادے منصور علی خان پٹودی ہندوستانی کرکٹ کے معروف کپتان بنے۔ ان کی شادی معروف اداکارہ شرمیلا ٹیگور سے ہوئی اور ان کے ہاں سیف علی خان پیدا ہوئے۔ اس طرح ساجدہ سلطان، سیف علی خان کی دادی اور نواب حمید اللہ خان، ان کے پردادا ہوئے۔
ہم نے ان دو شاہی خاندانوں کی رشتے داری کواس لیے واضح کیا ہے کہ آج کل ریاست بھوپال کے اسی شاہی خاندان کا ایک قیمتی ہار سوشل میڈیا پرموضوع بحث بنا ہوا ہے۔ لوگ حیران ہیں کہ ریاست بھوپال کے شاہی خاندان کا یہ ہار پٹودی خاندان اور پھر سیف علی خان کے خاندان تک کیسے پہنچا۔ یہ اس طرح ممکن ہوا کہ ساجدہ سلطان جب بھوپال سے بیاہ کر پٹودی گئیں تو ان کے ساتھ شاہی خاندان کے زیورات اور دیگر قیمتی اشیا بھی آئیں۔ انہی خاندانی نوادرات میں تیس قیراط کا زمرد کا یہ ہار بھی شامل تھاجو آج کل موضوع بحث بنا ہوا ہے۔
اب ذرا اس پورے معاملے کو ایک وسیع تاریخی تناظر میں دیکھیے۔ ایک طرف وہ ریاست بھوپال ہے جہاں کبھی شاہی خزانے سے علمی کتابیں شائع ہوتی تھیں، اہل علم کی سرپرستی کی جاتی تھی اور ایک باقاعدہ تہذیبی و علمی ماحول موجود تھا۔ دوسری طرف اسی ریاست کا ایک شاہی زیور کئی نسلوں کا سفر طے کرکے آج ایک فلمی اداکارہ کے گلے کا ہار بنا ہوا ہے۔ یہ تاریخ کا سبق ہے کہ کسی زمانے میں ریاست بھوپال کے خزانوں سے علم کی اشاعت ہوتی تھی، کتابیں چھپتی تھیں اور اہل علم مستفید ہوتے تھے۔ پھر وقت نے کروٹ بدلی، ریاستیں ختم ہوگئیں، شاہی القابات ماضی کا حصہ بن گئے اور اس خاندان کے اثاثے رقاصاؤں کے گلوں کا ہار بن گئے۔
یہ صرف بھوپال یا پٹودی خاندان کا المیہ نہیں بلکہ برصغیر کے بے شمار خاندانوں کی تاریخ اس سے ملتی جلتی ہے۔ برصغیر سے ہٹ کر دیکھیں تو دنیا کی تاریخ میں ایسے ہزاروں واقعات بکھرے پڑے ہیں کہ بڑے بڑے بادشاہوں نے اپنی زندگی میں سلطنتیں قائم کیں، وسیع علاقے فتح کیے، خزانے جمع کیے، محلات بنائے اور اپنی شان و شوکت کے ایسے نقوش چھوڑے جنہیں آج بھی دیکھنے کے لیے لوگ دور دراز سے آتے ہیں۔ لیکن جب موت آئی تو کوئی بادشاہ اپنا محل ساتھ لے جاسکا، نہ خزانہ، نہ تاج، نہ تخت اور نہ ہی وہ زیورات جن پر اسے کبھی فخر ہوا کرتا تھا۔
یہی معاملہ نواب حمید اللہ خان اور ریاست بھوپال کے حکمرانوں کے ساتھ ہوا۔ ان کے عہد کی شان و شوکت آج صرف تاریخی عمارتوں، خاندانی نوادرات، کتابوں اور بکھرے ہوئے اثاثوں کی صورت میں باقی ہے لیکن ان کا اپنا نام و نشان تک مٹ چکا ہے۔ ان کی زندگی ختم ہوگئی، ان کی ریاست کا سیاسی وجود ختم ہوگیااوران کے شاہی القابات ختم ہوگئے۔ کتنے ہی علمی ذخائر ایسے تھے جو کسی عالم یا نواب کے پاس موجود تھے لیکن بعدمیں آنے والی نسلوں نے ان کی اہمیت کو نہ سمجھا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ وہ ذخائر منتشر ہوگئے یاحالیہ واقعے کی طرح رقاصاؤں کے گلے کا ہار بن گئے۔
قرآن مجید بار بار انسان کو دنیا کی عارضی حیثیت یاد دلاتا ہے۔ سورۃحدید میں دنیا کی زندگی کو کھیل، تماشا، زینت، باہمی فخر اور مال و اولاد میں ایک دوسرے سے بڑھنے کی کوشش قرار دیا گیا ہے۔ ریاست بھوپال کے شاہی خاندان کا المیہ ہمیں بتاتا ہے کہ دنیا کی کوئی دولت، کوئی سلطنت اور کوئی خاندانی شان مستقل نہیں ہوتی۔ انسان کا اصل سرمایہ وہ نیک اعمال اور مفید کام ہیں جو اس کے بعد بھی لوگوں کو فائدہ پہنچاتے رہیں۔
دوسرا یہ کہ وراثت صرف مال و دولت کی منتقلی کا نام نہیں بلکہ ایک ذمہ داری بھی ہے۔ جو چیز جس مقصد کے لیے اہمیت رکھتی ہے، اس کی حفاظت اسی احساس کے ساتھ ہونی چاہیے۔ مذہبی نوادرات کا احترام، علمی ذخائر کی حفاظت اور تاریخی اثاثوں کی نگہداشت ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ تیسرا یہ کہ انسان کو اپنی زندگی میں یہ طے کرنا چاہیے کہ وہ آنے والی نسلوں کے لیے کیا چھوڑ کر جارہا ہے۔ صرف دولت، زیورات اور جائیداد یا علم، کردار، ادارے، کتابیں اور خدمتِ خلق کی روایت؟
ہم اکثر اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے دولت جمع کرتے ہیں، جائیداد بناتے ہیں اور قیمتی اشیا محفوظ کرتے ہیں۔ لیکن کیا ہم ان کے لیے علم و شعور کا کوئی سرمایہ بھی چھوڑتے ہیں؟ کیا ہم انہیں یہ سکھاتے ہیں کہ دولت کا صحیح استعمال کیا ہے؟ کیا ہم ان کے اندر اسلاف کی علمی اور اخلاقی میراث کو آگے بڑھانے کا جذبہ بھی پیدا کرتے ہیں۔