Thursday, 28 March 2024
  1.  Home/
  2. Hamid Mir/
  3. Molana Ka Asal Agenda?

Molana Ka Asal Agenda?

یاد ہے نہ وہ کیا دعوے کرتے تھے؟ جی ہاں وہ بڑی رعونت کے ساتھ یہ کہتے تھے کہ فکر نہ کریں مولانا فضل الرحمٰن اسلام آباد کی طرف مارچ کی جرأت نہیں کریں گے۔ جب ان سے پوچھا جاتا تھا کہ مولانا کو کون روکے گا؟ وہ جواب میں بڑی شاطرانہ مسکراہٹ کے ساتھ فرماتے تھے کہ ان سے وہی لوگ بات کررہے ہیں جن کو بات کرنے کا سلیقہ آتا ہے لیکن شاید مولانا کے ساتھ سلیقے سے بات ہی نہیں کی گئی اور مولانا نے 27 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کردیا۔ اس مارچ کے آغاز سے ایک دن قبل جمعیت علماء اسلام(ف) کے رہنما حافظ حمداللہ کی پاکستانی شہریت منسوخ کردی گئی اور مفتی کفایت اللہ کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا گیا۔ یہ بھی مولانا فضل الرحمٰن کو مارچ سے روکنے کا ایک طریقہ تھا لیکن وہ 27اکتوبر کو کراچی سے روانہ ہوگئے۔ سکھر اور ملتان سے ہوتے ہوئے وہ لاہور پہنچے تو کہا جانے لگا کہ وہ اسلام آباد میں ایک جلسہ کریں گے اور اپنے گھر چلے جائیں گے۔ اسلام آباد تو وہ پہنچ گئے ہیں اور اب اس شہرِ اقتدار کے سفارت کار ہم سے پوچھ رہے ہیں کہ مولانا کو راستے میں کسی نے روکا کیوں نہیں؟ ابھی تھوڑی دیر پہلے میں نے ایک سفارت کار کو بتایا کہ اگر مولانا کو روکا جاتا تو وہ وطنِ عزیز کی ایک درجن سے زائد اہم شاہراہوں کو بند کر دیتے اور پورے ملک میں افراتفری پھیل جاتی اس لئے انہیں روکنے کی کوشش نہیں ہوئی۔ پوچھا گیا کہ آخر وہ چاہتے کیا ہیں؟ میں نے بتایا کہ بظاہر تو وہ عمران خان کا استعفیٰ لینے آئے ہیں لیکن ان کا اصل ایجنڈا کچھ اور ہے۔ ان کا ایجنڈا سمجھنے کے لئے تھوڑا پیچھے جانا پڑے گا۔ یہ ان دنوں کی بات ہے جب نواز شریف وزیراعظم تھے اور انہوں نے جنرل پرویز مشرف کے ٹرائل کا فیصلہ کیا۔ ٹرائل شروع کرنے سے قبل انہوں نے آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن سمیت اہم سیاستدانوں کو اعتماد میں لیا۔ نواز شریف کے وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان اس ٹرائل کے خلاف تھے۔ انہوں نے ایف آئی اے کے ذریعے آصف زرداری کے خلاف تحقیقات شروع کردیں۔ اب زرداری صاحب کو پیغامات ملنے لگے کہ آپ نواز شریف کا ساتھ چھوڑ دیں لیکن زرداری نے یہ پیغام نظر انداز کئے۔ جب ان پر دبائو بڑھا تو انہوں نے دبائو کم کرنے کے لئے اینٹ سے اینٹ بجانے والی تقریر کردی۔ اس تقریر سے اگلے دن ان کی نواز شریف کے ساتھ ملاقات طے تھی۔ نواز شریف نے یہ ملاقات منسوخ کردی۔ مولانا نے دونوں کے درمیان پل بننے کی کوشش کی لیکن زرداری صاحب کا دماغ الٹ چکا تھا۔ وہ علاج کے لئے بیرونِ ملک چلے گئے، انہیں پیغام بھیجا گیا کہ واپس مت آنا ورنہ برا انجام ہوگا۔ زرداری صاحب نے اپنے مختلف رابطے استعمال کئے اور جنرل راحیل شریف کو نیوٹرل کردیا۔ راحیل شریف کے ساتھ خاموش مفاہمت کے بعد وہ پاکستان واپس آگئے اور انہوں نے نواز شریف سے انتقام کی پالیسی پر عملدرآمد شروع کردیا۔ مولانا نے انہیں بہت روکا لیکن وہ نہیں رکے۔ پھر پاناما اسیکنڈل آگیا۔ نواز شریف مئی 2016 میں علاج کے لئے بیرون ملک گئے تو انہیں کہا گیا واپس مت آنا انجام برا ہوگا۔ وہ واپس آگئے اور عدالت نے انہیں نااہل کردیا۔ اب مولانا فضل الرحمٰن کو احساس ہونے لگا کہ ان کے ساتھ بھی کچھ ہونے والا ہے۔ وہ زرداری اور نواز شریف کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی کوشش کرتے رہے اور ان کوششوں کی وجہ سے پرائم ٹارگٹ بن گئے۔ عمران خان ان سے شدید نفرت کرنے لگے حالانکہ 2002 میں عمران خان نے مولانا کو وزیراعظم کا ووٹ دیا تھا۔ 2018 کے انتخابات قریب آئے تو مولانا کے بارے میں عجیب عجیب باتیں گردش کرنے لگیں کبھی کہا گیا کہ وہ ایک مغربی ملک کے خفیہ ادارے سے پائونڈ لیتے ہیں، کبھی کہا گیا کہ ان کا دہشت گرد تنظیموں سے رابطہ ہے۔ جون 2018 میں مولانا فضل الرحمٰن نے ایک نشست میں بتایا کہ عمران خان کو پاکستان کا وزیراعظم بنانے کا فیصلہ ہو چکا ہے، مجھ پر دبائو ہے کہ میں اس کی حمایت کروں لیکن میں نے انکار کردیا ہے، انتخابات سے پہلے لوگوں کی سیاسی وفاداریاں تبدیل کرائی جائیں گی، میڈیا پر پابندیاں لگائی جائیں گی، نہ سیاست بچے گی نہ صحافت، اس لئے مل کر اپنی بقا کی جنگ لڑنا ہوگی۔ اس بقا کی جنگ کے لئے جون 2018 کے وسط میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مولانا کے علاوہ پرویز رشید، فرحت اللہ بابر، شبلی فراز، بزرگ صحافی ایم ضیاء الدین، افضل بٹ، منیزے جہانگیر، مطیع اللہ جان اور میں نے گفتگو کی اور سیاست و صحافت کو بچانے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل بنانے پر اتفاق کیا لیکن ہمیشہ کی طرح نہ اہلِ صحافت متحد ہوئے اور نہ اہلِ سیاست۔ انتخابات والے دن ہمیں بدترین سنسر شپ کا سامنا تھا۔ رات گیارہ بجے مولانا کا فون آیا، انہوں نے کہا کہ مجھے ہروایا جارہا ہے، عمران خان کو لایا جارہا ہے لیکن تم دیکھنا میں عمران کو وہ سبق سکھائوں گا کہ دنیا دیکھے گی۔ انتخابات کے بعد انہوں نے ایک سال تک تیاری کی اور جولائی کے آخر میں اسلام آباد کی طرف مارچ اور دھرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔ انہیں روکنے کی بہت کوشش ہوئی، وہ نہ رکے تو آصف زرداری کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش ہوئی۔ زرداری صاحب نے ماضی کے دھوکوں کو سامنے رکھتے ہوئے انکار کردیا۔ اب نواز شریف صاحب سے گزارش کی جارہی ہے کہ آپ بیرون ملک چلے جائیں لیکن وہ ابھی تک بیرون ملک جانے کے لئے تیار نہیں۔ مولانا کہتے تھے کہ کوئی میرے ساتھ آئے نہ آئے میں اسلام آباد آئوں گا اور عمران خان کو رلائوں گا۔ آپ ان سے اختلاف کرسکتے ہیں لیکن ان کا اصل ایجنڈا عمران خان کو رلانا ہے اور اس سوچ کو شکست دینا ہے جو سیاستدانوں کو قومی مفاد کے نام پر استعمال کرکے ردی کی ٹوکری یا جیل میں پھینک دیتی ہے کیونکہ ان سیاستدانوں نے آئین پامال کرنے والے جنرل پرویز مشرف کے ٹرائل کی گستاخی کی تھی، اگر اس سوچ نے اپنی شکست تسلیم کرلی تو پھر مولانا مذاکرات پر آمادہ ہوجائیں گے لیکن یہ مذاکرات عمران کے بغیر ہوں گے۔

About Hamid Mir

Hamid Mir

Hamid Mir is a Pakistani journalist, news anchor, terrorism expert, and security analyst. He currently hosts the political talk show Capital Talk on Geo TV and also writes columns for Urdu, Hindi, Bengali, and English newspapers. He was twice banned from Pakistani television by the Pervez Musharraf government in 2007, and by the Zardari administration in June 2008. He has also received the Hilal-i-Imtiaz, Pakistan's second highest civil award.