پاک بھارت کشیدگی کم ہوئی مگر جنگ کا خطرہ تاحال موجود ہے۔ پاکستان جہاں بار بار امن کی بات کرتا ہے اور تمام مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے چاہتا ہے، وہاں مودی کا جنگی جنون سمجھ سے باہر ہے۔ ڈیڑھ ارب کی آبادی کو جنگ میں جھونکنا شاید مودی کے لیے کوئی بڑی بات نہیں، اسے کوئی سمجھانے والا بھی نہیں کہ جنگیں آسان نہیں ہوتیں، جنگ میں پہلی گولی ہم اپنی مرضی سے چلاتے ہیں مگر آخری گولی کون چلاتا ہے، یہ فیصلہ ہمارے اختیار میں نہیں ہوتا۔
جنگ کا انجام اور اس میں ہونی والی تباہی کا خمیازہ قوموں کو صدیوں بھگتنا پڑتا ہے۔ دنیا بھر میں ہزیمت اٹھانے کے بعد اب بھارت عالمی سفارت کاری کے ذریعے اپنے گناہوں اور غلطیوں پر پردہ ڈالنا چاہتا ہے۔ دنیا بھر میں مودی کے جنگی جنون کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، یہ تنقیداور مودی کا جنگی جنون، بھارت کی ڈیڑھ ارب کی آبادی کے لئے شدید خطرے کا باعث ہے۔
ٹرمپ کی ثالثی میں مذاکرات کی میز سجنے جا رہی ہے، اس میز میں دو بنیادی نکات زیر بحث آئیں گے اور اس بحث سے نتیجہ کیا نکلتا ہے، یہ سوچنے کی ضرورت ہے۔ عالمی ماہرین کے مطابق ان دونوں نکات کا حل مشکل ہی نہیں، ناممکن بھی لگ رہا ہے اور اس کی وجہ مودی کی شدت پسند پالیسی اور انتہا پسند سوچ ہے۔ مذاکرات سے قبل ہی دنیا بھارت کی شکست کے بعد اس بات کو تسلیم کر رہی ہے کہ مودی ہی تمام مسائل کی جڑ ہے۔ بھارت یا مودی اس خطے میں اپنی بادشاہت اور حکمرانی قائم کرنا چاہتا تھا، اس گھمنڈ میں اس نے سات مئی کو پاکستان پر حملہ کی غلطی کی اور بالاخر یہ غلطی اسے لے ڈوبی۔ دو نکاتی ایجنڈا کیا ہے، مسئلہ کشمیر کا مستقل بنیادوں پر حل اور سندھ طاس معاہدے کی بحالی۔
اس خطے میں کشیدگی کی سب سے بڑی اور بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے۔ جو 78 برسوں سے حل طلب ہے، اس مسئلے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان دو بڑی جنگیں ہو چکیں، ایک 1948ء اور دوسری 1965ئ۔ 1947ء میں ہندوستان کی تقسیم اور قیامِ پاکستان کے کچھ ماہ بعد ہی پاکستان اور بھارت نے کشمیر کے مسئلے پر اپنی پہلی جنگ لڑی، یہ جنگ 1948ء میں ختم ہوئی اور اس میں ہزارو ں جانیں گئیں۔ 1965ء میں پاکستان اور بھارت کے درمیان دوسری جنگ لڑی گئی اور اس میں بھی ہزاروں لوگ ہلاک ہوئے۔
جنوری 1966ء میں امریکہ اور سوویت یونین کی ثالثی میں تاشقند مذاکرات کے بعد دونوں ملک جنگ میں حاصل کی گئیں زمینیں واپس کریں اور دونوں ملک اپنی فوجیں بھی واپس بلائیں۔ ان دو جنگوں کے علاوہ کارگل وار بھی اگرچہ ایک محدود پیمانے پر ہوئی تھی مگر ایشو وہاں بھی کشمیر ہی تھا، یہاں بھی امریکہ ثالثی میں جنگ ختم ہوئی۔ ان تین جنگوں کے بعد بھی ہم نے نہ تاریخ سے کچھ سیکھا اور نہ ہی جنگوں میں ہونے والی تباہی سے۔ کہ آج ایک مرتبہ پھر دونوں ایٹمی طاقتیں آمنے سامنے ہیں اور بنیادی مسئلہ آج بھی کشمیر ہی ہے۔
ان 78 برسوں میں بھارت کی ہمیشہ کوشش رہی کہ وہ کشمیر کو بین الاقوامی مسئلہ بننے سے روکے جب کہ پاکستان نے ہمیشہ اسے عالمی ثالثوں کی نگرانی میں حل کرنے کا تقاضا کیا، ہم آج بھی یہ کہتے ہیں کہ اقوامِ متحدہ کی قرار دوں کے مطابق اس مسئلے کا حل نکلنا چاہیے سو بھارت اسے مقامی مسئلہ سمجھ کر دبانا چاہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ 2019ء میں بھارت نے اپنے آئین میں ترمیم کرکے یک طرفہ طور پر آرٹیکل 370 کو ختم کر دیا جو مکمل طور پر غیرقانونی تھا، یہ آرٹیکل کی کشمیر کی خود مختاری اور خصوصی حیثیت کی بنیاد تھا۔
اس آرٹیکل کو ختم کرکے بھارت نے یہ پیغام دیا کہ کشمیر بھی ہماری دیگر ریاستوں کی طرح ہی کی ایک ریاست ہے، اس کے علاوہ اس کی کوئی الگ سے حیثیت نہیں ہے۔ اس وقت جب یہ معاملہ امریکہ کے پاس پہنچا تھا تو اس نے کہا تھا کہ بھارت کا اندرونی معاملہ ہے اور امریکہ خطے میں امن چاہتا ہے۔ کل تک امریکہ جسے بھارت کا اندرونی مسئلہ کہتا تھا، آج ٹرمپ کے ٹویٹ نے صورت حال یکسر تبدیل کر دی ہے، ٹویٹ سے یہ بات تو واضح ہوگئی کہ کشمیر بھارت کا اندرونی مسئلہ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی ایشو ہے اور اسے عالمی ثالثوں کی موجودگی میں ہی حل ہونا چاہیے۔
کشمیر کی طرح سندھ طاس معاہدہ بھی اہم ہے کیوں کہ اس کی ثالثی ورلڈ بینک نے کی تھی، بھارت ایک طویل عرصے سے اس کوشش میں تھا کہ اس معاہدے کو ختم کیا جائے یا پھر اس میں ردوبدل کی جائے، اس معاہدے میں تبدیلی یا اس خاتمہ پاکستان پر سیدھا حملہ تھا، بھارت نے پانی بند کیا اور یوں ایک بڑی جنگ کا خطرہ بڑھ دیا۔ ان دو بنیادی نکات کے ساتھ یہ مسئلہ اب امریکہ کی ثالثی میں مذاکرات کی میز پر رکھا جائے گا اور یہ دونوں نکات خطے میں کشیدگی کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کے لیے بہت ضروری ہیں۔
حالیہ سیز فائز کے بعد یہ توقع کی جا رہی تھی کہ بھارت مذاکرات تک کسی بھی طرح کی غیر قانونی حرکت نہیں کرے گا، ڈی جی ایم اوز کے درمیان رابطے بھی جاری ہیں مگر بھارتی آبی جارحیت میں کوئی فرق نہیں آیا۔ رائٹرز REUTERS کے مطابق پاکستان کا پانی روکنے کے لیے بھارت نے دریائے چناب پر نئے آبی منصوبوں پر غور کرنا شروع کر دیا ہے، مودی نے چناب، جہلم اور سندھ پر منصوبوں کو جلدی مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اگرچہ یہ تینوں دریا پاکستان کے لیے مختص ہیں۔ چناب پر رنبیر نہر کی لمبائی کی توسیع کا منصوبہ بھی ہے جسے 60 کلومیٹر سے بڑھا 120 کلو میٹر کیا جائے گا۔