Wednesday, 11 March 2026
  1.  Home
  2. Express
  3. Zulfiqar Ahmed Cheema
  4. Musalihat Na Sikha Mujhe Jabr e Na Rava Se Mujhe

Musalihat Na Sikha Mujhe Jabr e Na Rava Se Mujhe

اِس وقت آدھی دنیا جنگ کی لپیٹ میں آ چکی ہے، دنیا بھرکی ایوی ایشن اور ٹورازم انڈسٹری برباد ہوچکی، اسرائیل، امریکا اور مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کو کھربوں ڈالر کا نقصان ہوچکا، سیاحت اور شاپنگ کے عالمی مراکز ویران ہوچکے اور ہر ملک کی معیشت لڑکھڑا رہی ہے، کیا دنیا کے طاقتور ترین شخص کا ہدف یہی تھا کہ دنیا کا نقشہ ایسا ہوجائے۔ نہیں وہ ایسا نہیں چاہتا تھا۔

اگر سُپر پاور کی ہر خواہش پوری ہوتی تو آج ویت نام پر امریکی پرچم لہرا رہا ہوتا، افغانستان پر اس کا قبضہ ہوتا، کیوبا اس کی ریاست ہوتا اور ایران پر امریکا اور اسرائیل کا کوئی کٹھ پُتلی حکومت کررہا ہوتا۔ مگر ایسا نہیں ہے، حقیقت یہ ہے کہ سُپر پاور سے بڑی سپریم پاور بھی موجود ہے کہ پورے کرۂ ارض کا کنٹرول جس کے قبضۂ قدرت میں ہے اور اس جہانِ رنگ و بو میں بالآخر وہی ہوتا ہے جو اُس سپریم پاور کو منظور ہوتا ہے۔ یہ درست ہے کہ اسرائیل اور امریکا نے ایران کی رہائشی آبادی پر وحشیانہ بمباری کرکے ہزاروں بے گناہ شہریوں کو ہلاک کردیا ہے، سیکڑوں معصوم طالبات کو بھی خاک وخون میں نہلا دیا ہے، ایران کے راہبر سیّد علی خامینائی سمیت صفحۂ اوّل کے سول اور عسکری لیڈروں کو شہید کردیا ہے، مگر وہ اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

اس لیے کہ نہ ایران میں حکومت کی گرفت کمزور ہوئی ہے، نہ وہاں پھوٹ ڈالی جاسکی ہے اور نہ ہی کوئی کٹھ پتلی مسلّط کیا جا سکا ہے۔ ایرانی قوم نے آہنی عزم واستقلال کا مظاہرہ کرتے ہوئے قرونِ اولیٰ کے مسلمانوں کی یاد تازہ کردی ہے۔ اکیسویں صدی کے چنگیز خان اور ہٹلر نہیں جانتے تھے کہ ایران وینزویلا نہیں ہے، اُن کا سامنا بدرو حنین کے ان سرفروشوں کی اولاد سے ہے جو اپنے سے دس گنا بڑی سپر پاور کو پیغام بھیجتے تھے کہ "یاد رکھو تمہارا مقابلہ اسلام کے ان جانثاروں سے ہے جنھیں موت اتنی ہی عزیز ہے جتنی تمہیں زندگی۔ " نیتن اور ٹرمپ نہیں جانتے تھے کہ اُن کا پالا شہدائے کربلا کے وارثوں سے پڑا ہے جن کے لیے شہادت زندگی سے بڑا اعزاز ہے اور جن کا بچہ بچہ اب بھی پکار رہا ہے کہ

مصالحت نہ سکھا جبرِ ناروا سے مجھے
میں سر بکف ہوں، لڑا دے کسی بلا سے مجھے

اہلِ ایران کی بہادری اور ثابت قدمی کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے مگر ان کی ناکامیاں بھی نظر انداز نہیں کی جاسکتیں۔ ان کی اپنی صفوں کے اندر دشمنوں کے آلۂ کار گھسے رہے اور وہ اپنے راہبر اور عسکری کمانڈروں اور ایٹمی سائنسدانوں کی حفاظت کرنے میں ناکام رہے۔ انھیں اس کمی پر قابو پانا ہوگا اور security lapses کے خطرناک شگافوں کو بھرنا ہوگا۔

کھربوں ڈالر کے خطرناک ترین بم اور میزائل گرانے کے باوجود آج کی زمینی صورتحال یہ ہے کہ ایران کی حکومت چل رہی ہے، وہاں روز مرہ زندگی رواں دواں ہے اور عوام کی اکثریت کی ہمدردیاں شہید راہبر اور ان کی فیمیلی اور ان کی حکومت کے ساتھ ہیں۔ اگر اس وقت ایرانیوں کے دل میں کسی کے لیے سب سے زیادہ نفرت ہے تو وہ اسرائیل اور امریکا ہے۔ ایران میں بغاوت کے کوئی آثار نہیں اور سابق شاہ کے بیٹے کوکسی کی حمایت حاصل نہیں۔ امریکی صدر نے طاقت کے گھمنڈ، تکبّر اور پوری دنیا کے وسائل کا مالک بننے کے جنون میں، جمہوریّت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق جیسے اعلیٰ تصوّرات اور ملکوں کی جغرافیائی سرحدوں کے تقدّس کو روند ڈالا ہے اوروہ اکیسویں صدی میں بھی Might is Right کے صدیوں پرانے نظریئے کی تلوار اُٹھاکر دوسرے ملکوں پر چڑھ دوڑا ہے۔ افسوس ہے کہ کوئی ملک اس کو روکنے والا نہیں ہے۔ روس اور چین بھی حملہ آور کو سامنے آکر روکنے سے گریزاں ہیں۔ یورپی ممالک تماشہ دیکھ رہے ہیں مگر اسے روکنے کی جرات نہیں کرپائے۔ اقوامِ متحدہ تو اس کی باندی ہے، وہ انسانی حقوق کی بدترین پامالی پر معمولی سی قرارداد پاس نہیں کرسکی۔

ایران میں سکول کی معصوم طالبات کے بہیمانہ قتل پر ہمارے ملک کی این جی اوز یا دین بیزار لبرلز میں سے کسی نے اس کی مذمّت کرنے کی بھی زحمت نہیں کی۔ اسرائیل اور امریکا کی ننگی جارحیّت نے ہمارے ملک کے نام نہاد سوڈو لبرلز کا کردار بھی بالکل بے نقاب کردیا ہے۔ انھوں نے اسرائیل اور امریکا کے بلا جواز حملے کے نتیجے میں ایک خودمختار ملک کے سیاسی اور روحانی قائد سیّد علی خامینائی کے وحشیانہ قتل پر چپ سادھ رکھی ہے، یعنی ان کے نزدیک کسی ملک کے انسانی حقوق اور جغرافیائی سرحدوں کے تقدس کی کوئی اہمیّت نہیں۔

اس جنگ میں پاکستان کا کردار انتہائی نازک، حسّاس اور ہم ہے، اس کا کردار ایک Tight Rope پر چلنے کے مترادف ہے، ان حالات میں پاکستان کو جرات مندانہ مگر دانش مندانہ کردار ادا کرنا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ایران ہمارا بھائی بھی ہے اور ہمسایہ بھی، اس لیے اس پر امریکا اور اسرائیل کا حملہ ہمیں کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہونا چاہیئے۔

ایران کے خلاف جارحیت پر پاکستان نے اس کی مزمت کی ہے۔ ادھر ہم یہ بات بھی فراموش نہیں کرسکتے کہ ہمارے ملک میں چالیس ارب ڈالر کا زرِ مبادلہ (جو ہماری لائف لائن ہے) ہمارے وہ اوورسیز پاکستانی بھیجتے ہیں جو خلیجی ممالک میں محنت مزدوری کررہے ہیں، ان میں سے نوّے فیصد سعودی عرب اور یو اے ای میں ہیں۔ اگر کوئی ملک (چاہے ایران ہی کیوں نہ ہو) اگر ان ممالک پر حملہ کرتا ہے تو اس صورت میں بھی ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔ کوئی بڑا ملک ہو یا چھوٹا، سب سے پہلے وہ اپنا مفاد دیکھتا ہے، جس طرح ماضی میں ایران نے اپنے ملک کا مفاد دیکھتے ہوئے کئی بار پاکستان کے مقابلے میں بھارت کا ساتھ دیا (امید ہے کہ اب بھارت کے گھناؤنے کردار نے ایران کی آنکھیں کھول دی ہوں گی اور انھیں اپنے دوست اور دشمن کی پہچان ہوگئی ہوگی) اسی طرح پاکستان کی حکومت کو فیصلہ کرتے وقت پاکستان کا مفاد پیشِ نظر رکھنا ہوگا۔ ابھی تک ملنے والے شواہد سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ پاکستان کی سول اور عسکری قیادت نے دانش مندی کا مظاہرہ کیا ہے، سعودی عرب اور ایران کے درمیان غلط فہمی دور کرانے میں پاکستان کا مصالحانہ کردار قابلِ تحسین ہے۔ ان کی کوششوں سے ایران کے صدر نے معذرت کرلی اور سعودی عرب سمیت بہت سے عرب ممالک نے جنگ میں اسرائیل اور امریکا کا اتحادی بننے سے انکار کردیا ہے۔

بھارتی دفاعی تجزیہ کار پراوین ساہنی نے اپنے وی لاگ میں حالیہ جنگ کا تجزیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ "یہ کوئی محدود فوجی آپریشن نہیں بلکہ بقا کی جنگ ہے۔ جب کسی ریاست کے سامنے وجود کا سوال کھڑا ہو جائے تو اس کی جنگ کی تعریف بدل جاتی ہے۔ ایران کے لیے امریکا یا اسرائیل کو مکمل طور پر شکست دینا ضروری نہیں، اسے صرف اپنے نظام اور اپنی خودمختاری کو برقرار رکھنا ہے۔ اگر ریاست باقی رہتی ہے تو وہی اس کی فتح ہے۔ یہی وہ ذہنیت ہے جو طویل جنگوں میں فیصلہ کن ثابت ہوتی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ایران نے کمانڈ اینڈ کنٹرول کو دانستہ طور پر غیر مرکزی بنایا ہے۔ اگر قیادت کو نشانہ بنایا جائے تب بھی نچلی سطح کے کمانڈر متحدہ کوشش کے ساتھ جنگ جاری رکھ سکتے ہیں۔ یہ ماڈل روایتی"یونیٹی آف کمانڈ"سے مختلف ہے۔ اس میں نظام کسی ایک شخصیت پر کھڑا نہیں ہوتا بلکہ ایک نظریاتی اور قومی ڈھانچے پر قائم ہوتا ہے۔ ساہنی کے مطابق یہی وجہ ہے کہ قیادت کو ہدف بنانے سے جنگ ختم نہیں ہوگی۔

وہ کہتے ہیں کہ جنگ اب صرف ٹینکوں اور لڑاکا طیاروں کی نہیں رہی بلکہ سگنل، ڈیٹا اور خلا کی ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق ایران نے امریکی جی پی ایس پر انحصار کم کرکے چینی سسٹم کو اختیار کیا ہے۔ اس سے میزائل اور ڈرون ہدف تک زیادہ درستگی سے پہنچ سکتے ہیں اور جیمنگ کے باوجود مواصلات برقرار رہتے ہیں۔ اصل ہتھیار اب "سگنل"ہے۔ اگر آپ دشمن کے ریڈار کو دھوکہ دے سکیں، اس کے دفاعی نظام کو غلط شناخت پر مجبور کر دیں، تو بغیر روایتی فضائی برتری کے بھی نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ "

ایرانی میزائلوں نے اسرائیل میں وہ تباہی مچائی ہے جس کا کوئی تصوّر بھی نہیں کر سکتا تھا۔ صاف نظر آرہا ہے کہ فرسٹرٹیڈ اور مایوس ٹرمپ اب فیس سیونگ کی تلاش میں ہے۔ اس ضمن میں اسلامی ممالک خصوصاً پاکستان، سعودی عرب، ترکی، انڈونیشیا اور مصر کو بڑا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انھیں چاہیے کہ روس اور چین کو ساتھ ملاکر ٹرمپ کو جنگ بندی پر مجبورکریں۔ ایسا نہ ہوا تو پھر دنیا کو ایٹمی جنگ کی ہولناکیوں سے کوئی نہیں بچا سکے گا۔